اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی
٭میں نے لال قلعہ سے کہا تھا کہ وکست بھارت کی تشکیل چار ستونوں پر مبنی ہوگی – غریب، کسان، نوجوان اور خواتین کی طاقت۔ یہ چاروں ستون این ڈی اے حکومت کی پالیسیوں کا مرکز ہیں۔ ہم خاص طور پر کسانوں کے مفادات کو بڑی ترجیح دیتے ہوئے کام کر رہے ہیں تاکہ کسانوں کی ترقی ہو اور ان پر کوئی بوجھ نہ پڑے ۔۔۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی
جادو ہے یا طلسم تمہاری زبان میں
تم جھوٹ کہہ رہے تھے مجھے اعتبار تھا
٭ کانگریس ورکنگ کمیٹی نے جموں و کشمیر کے پہلگام میں 22 اپریل کو ہوئے وحشیانہ دہشت گرد حملے میں جاں بحق ہونے والے 26 افراد کے خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کیا اور ایک قرارداد منظور کی جس میں کہا گیا کہ یہی وقت ہے کہ قوم ایک متحدہ عزم کا مظاہرہ کرے اور پاکستان کو سبق سکھائے ۔۔۔ آئی اے این ایس
بیچارے صاحب! پہلگام مسئلے میں کانگریس کو گھیرنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہورہی ہے۔ اِدھر کسی کانگریسی کی کوئی بات کو توڑ موڑ کر ہوا بنانے کی کوشش جونہی شروع ہوتی ہے ادھر سے ایک مضبوط بیانیہ نکل آتا ہے اور سب ٹائیں ٹائیں فش ہوجاتا ہے! ہیہات ہیہات!!
٭امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے امید ظاہر کی ہے کہ انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں حالیہ حملے کے بعد انڈیا کے ردعمل سے بڑے پیمانے پر کوئی علاقائی تنازعہ پیدا نہی ہو گا اور ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ پاکستان جس حد تک ذمہ دار ہے انڈیا کے ساتھ تعاون کرے گا تاکہ پاکستانی سرزمین پر سرگرم دہشت گردوں کا سراغ لگایا جائے اور ان سے نمٹا جائے ۔۔۔ بی بی سی اردو
انکل سام کی بین بین پگڈنڈی پکڑنے کی ایک کامیاب کوشش، ایسا لگتا ہے کہ اس میں اس کا کوئی بڑا مفاد پوشیدہ ہے ورنہ بندر بلیوں کی لڑائی سے فائدہ اٹھانے کی کوشش نہ کرے یہ ممکن ہی نہیں!!
٭آزادیءِصحافت کے عالمی دن کے موقع پر کانگریس پارٹی ہر نڈر صحافی کے ساتھ کھڑی ہے جو ڈرانے دھمکانے اور سچائی کو دبانے کے خلاف ہے، پریس فریڈم انڈیکس میں ہندوستان کی گرتی ہوئی رینک (180 ممالک میں 161 واں نمبر) بی جے پی دورِ حکومت میں آزادیءِ اظہار کی خطرناک حد تک گرنے کی عکاسی کرتی ہے ۔۔۔ انڈین نیشنل کانگریس
بات تو سچ ہے مگر بات ہے رسوائی کی
٭ایک انسداد منشیات پروگرام”نشے سے دور، جیو بھرپور” کا انعقاد چنڈی گڑھ میں کیا گیا جس کے تحت چنڈی گڑھ انتظامیہ کی پیدل یاترا ترنگا گراؤنڈ تک پہنچی۔ اس موقع پر پنجاب کے گورنر گلاب چند کٹاریا، ہریانہ کے گورنر بندارو دتاتریہ، پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان اور ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نایاب سنگھ سینی سمیت کئی دیگر رہنما موجود تھے ۔۔۔ آئی اے این ایس
قابل تعریف اقدام، کاش فاشزم جو منشیات سے زیادہ خطرناک ہے اس کو ختم کرنے کے لئے بھی "فاشزم سے دور جیو پھر پور” جیسی تحریک کوئی شروع کرے تو کتنا اچھا ہوتا!!
٭حماس 7 اکتوبر 2023ء کو اپنی شروع کردہ جنگ کا واحد ذمہ دار ہے۔ سلامتی کونسل غزہ میں فلسطینیوں کو حماس کے جبر سے آزاد کرانے کے لیے اس پر دباؤ ڈالے۔ حماس کو تحفظ دینے سے اسرائیل کی سلامتی کمزور ہو گی اور فلسطینیوں کی زندگی میں کوئی بہتری نہیں آئے گی ۔۔۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکی سفیر ڈوروتھی شیا۔
کیا نکتہ نکالا ہے محترمہ نے!
خرد کا نام جنوں رکھ دیا، جنوں کا خرد
جو چاہے آپ کا حسنِ کرشمہ ساز کرے
٭کانگریس پارٹی کافی عرصے سے اس مردم شماری کا مطالبہ کر رہی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما ان کی حکومت اور وزراء نے مسلسل اس کی مخالفت کی ہے، اس کا مذاق اڑایا ہے اور یہاں تک کہ کانگریسی لیڈروں کو شہری نکسل کا نام دیا ہے ۔۔۔ مرکزی کابینہ کی جانب سے ذات پات کی مردم شماری کی منظوری پر کانگریس لیڈر سچن پائلٹ۔
یعنی بالآخر کانگریس نے اونٹ کو پہاڑ کے نیچے لا ہی دیا مگر اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ کب تک وہاں کھڑا رہتا ہے اور کب حزبِ اختلاف کو دولتی مار کر آگے بڑھ جاتا ہے۔
٭آج ہماری تین انجنوں والی حکومت کی دہلی کے تاجروں سے ملاقات ہوئی۔ ہم تاجروں کا درد سننا چاہتے تھے۔ گزشتہ دس برسوں میں دہلی حکومت نے تاجروں کے لیے کوئی تعمیری کام نہیں کیا، تاجر ناراض تھے۔ اب میونسپل کارپوریشن میں بھی ہماری حکومت آگئی ہے۔ آج ہم نے تاجروں سے پوچھا: آپ کو کیا چاہیے؟ ۔۔۔ دہلی کارپوریشن کے میئر راجہ اقبال۔
واہ واہ تین انجنوں والی حکومت! اور وہ بھی چراغ کے جن کی طرح پوچھ رہی ہے کہ آپ کو کیا چاہئے!! دیکھنا کہیں کوئی یوں نہ فرمائش کر دے کہ ہمیں تو بس عآپ چاہئے!!!
٭ میں نے اسرائیلی وزیرِاعظم بن یامین نتین یاہو سے تجارت اور ایران سمیت متعدد موضوعات پر بات کی ہے۔ یہ بات چیت بہت اچھی رہی اور ہر مسئلے پر ہمارا موقف یکساں ہے۔۔۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ۔
سننے والو غور نہ کرنا ورنہ ہمیں ٹھکرا دو گے
ہم اندر سے سخت کمینے باہر سے دیوانے ہیں
٭آج میں فخر سے کہہ رہا ہوں کہ صحیح وقت میں قوم کے لیے صحیح رہنما ملے ہیں اور وہ ہیں نریندر مودی جی۔ بہت مضبوط لیڈر، متوازن لیڈر، لوگ ان کی قیادت کو قبول کر رہے ہیں۔ یہ نریندر مودی جی کی عظمت ہے۔ مجھے یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے، ٹیکنالوجی کا مطلب صرف نریندر مودی جی ہے۔ کوئی دوسرا سیاستدان ٹیکنالوجی کو نہیں سمجھ سکتا، صرف مودی جی ٹیکنالوجی کو سمجھ رہے ہیں ۔۔۔ آندھرا پردیش کے چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو۔
بے شک بے شک! جسے آپ جیسا بھگت مل جائے وہ ٹیکنا لوجی کیا ہر قسم کی لوجی سمجھ سکتا ہے! مگر آپ بھی خوب ہیں! آپ کی اس سیاسی کرونا لوجی کا تو کوئی جواب ہی نہیں نائڈوجی!!
٭جلد ہی بننے والی اینٹی کمیونل ٹاسک فورس ماضی کے فرقہ وارانہ فسادات کی تحقیقات کرے گی۔ آئندہ کے لیے پولیس اشتعال انگیز بیانات دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ چاہے کوئی کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو پولیس کارروائی کرے گی۔ اگر وہ سیاسی رہنما بھی ہوں تو بھی ان کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔۔۔ منگلورو، کرناٹک،سُہاس شیٹی قتل کیس کے حوالے سے ریاستِ کرناٹکا کے وزیرِ داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشورا
میں اس کے وعدے کا اب بھی یقین کرتا ہوں
ہزار بار جسے آزما لیا میں نے
٭اپنی انتظامیہ کے اقدامات کی قانونی حیثیت کو چیلنج کرنے والے تقریباً 200 مقدمات کا سامنا کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے اتحادیوں نے ججوں کو ‘ٹیڑھے’، ‘متضاد’ اور ‘بدمعاش’ قرار دیا ہے ۔۔۔ ریوٹرس۔
وہ خواب تھے ہی چنبیلیوں سے سو سب نے حاکم کی کر لی بیعت
پھر اک چنبیلی کی اوٹ میں سے جو سانپ نکلے تو لوگ سمجھے