اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی
٭ 2024 کے انتخابات کے بعد، پی ایم مودی نے ہمارے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے، بہت دھوم دھام سے ایمپلائمنٹ لنکڈ انسنٹیو اسکیم کا اعلان کیا تھا۔ اس اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے تقریباً ایک سال ہو گیا ہے اور حکومت نے اس کی وضاحت تک نہیں کی ہے اور اس کے لیے مختص کردہ 10,000 کروڑ روپے واپس کر دیے ہیں۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ وزیرِ اعظم بے روزگاری کے بارے میں کتنے سنجیدہ ہیں ۔۔۔ کانگریس اور لوک سبھا میں حزبِ اختلاف کے رہنما راہل گاندھی
بیچارے راہل بابا! شاید نہیں جانتے کے صاحب کے سارے وعدے بقول شاعر
صرف بھاشن ہیں میرے سب وعدے
جیت کر سب میں بھول جاتا ہوں
٭ مغربی بنگال میں وقف ایکٹ کے خلاف زبردست احتجاج جاری ہے لیکن ریاستی حکومت حالات سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے۔ بنگال میں امن و امان کی صورت حال تباہ ہوگئی ہے، جس سے ریاست میں ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ تین لوگوں کی جانیں چلی گئی ہیں اور یہ ریاستی حکومت کی ناکامی ہے۔مرکز کو بھی یہ نوٹ کرنا چاہئے کہ وقف ایکٹ نے ملک میں ایک کشیدہ صورتحال پیدا کر دی ہے ۔۔۔ سی پی آئی (ایم) کے رہنما حنان ملا
یہ امرت کال کی سیاست بھی عجیب سیاست ہے، ہر کوئی اپنے مطلب کی ہانک رہا ہے اور بس اپنے فائدے کی کر رہا ہے، کسی کو اصل مسئلہ یعنی ملک میں امن و مان بنائے رکھنے کی فکر ہی نہیں ہے۔
٭مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے 2026 کے تمل ناڈو اسمبلی انتخابات کے لئے بی جے پی اور اے آئی اے ڈی ایم کے کے درمیان اتحاد کا باضابطہ اعلان کیا، انہوں نے مزید کہا کہ اے آئی اے ڈی ایم کے جنرل سکریٹری ایڈاپاڈی کے پلانی سوامی (ای پی ایس) اس کی قیادت کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دونوں جماعتوں کا کامن منیمم پروگرام ہوگا۔۔۔ ایجنسیز
سب ای ڈی کی مہربانی ہے، اور جہاں تک کامن منیمم پروگرام کی بات ہے ای ڈی کے ہوتے ہوئے شاید ہی اس کی کوئی ضرورت محسوس ہو۔سمجھا کریں!!
٭ امریکہ کے خصوصی صدارتی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات کی ، جس میں "انتہائی مثبت اور تعمیری” بات چیت ہوئی۔ یہ اطلاع وہائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں دی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ "خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے ڈاکٹر عباس عراقچی کو اس بات پر زور دیا کہ انہیں صدر (ڈونالڈ) ٹرمپ کی طرف سے ہدایات ملی ہیں کہ اگر یہ ممکن ہو تو ہمارے دونوں ممالک کے اختلافات کو بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کریں۔۔۔ یو این آئی اردو
اس سارے معاملے میں جو نظر آرہا ہے وہ وہ نہیں ہے اور جو ہورہا ہے اس کا کہیں بھی کبھی بھی ذکر نہیں ہوگا! کیا سمجھے؟!
٭ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے کہا کہ ای وی ایم مشینیں درستگی سے کام کرتی ہیں اور ان میں چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔۔۔ یو این آئی اردو
ہم کو معلوم ہے جنت کی حقیقت لیکن
دل کے خوش رکھنے کو غالبؔ یہ خیال اچھا ہے
٭ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ وقف بل اس وقت مسلمانوں کو نشانہ بناتا ہے لیکن یہ ایک ایسا نظیر قائم کرتا ہے جس کی بنیاد پر دیگر اقلیتوں کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے، زیادہ دیر نہیں لگی کہ آر ایس ایس نے اپنی توجہ عیسائی برادری کی طرف موڑ لی۔ ہمارا آئین ہی وہ واحد ڈھال ہے جو ایسے حملوں سے ہماری قوم کو بچاتا ہے اور اسے بچانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے ۔۔۔ کانگریس اور لوک سبھا میں حزبِ اختلاف کے رہنما راہل گاندھی
بات تو سو فیصد درست ہے مگر قوم سمجھے تب ہی کچھ ہوسکتا ہے، قوم تو بھاجپا کے پلائے ہوئے اکثریت پرستی کے نشے میں مست ہے! اُسے نہ اپنی فکر ہے نہ آئین کی! ایسے میں کیا کریں راہل بابا!!
٭نتیش(کمار) اور (چندرابابو) نائیڈو کے چہروں سے نقاب اتر گئے ہیں۔ یہ سب جعلی سیکولر ہیں۔ یہ سب آر ایس ایس میں شامل ہو چکے ہیں۔ انہیں سبق سکھانا ضروری ہے، بھارت کا سیکولر ڈھانچہ خطرے میں ہے، سیکولر طبقہ جس میں مسلمان اور غیر مسلم دونوں شامل ہیں انہیں اس کے خلاف اٹھنا ہوگا، اس وقت مسلمان نشانہ ہیں لیکن اگلا نشانہ دلت ہوں گے ۔۔۔ شیعہ عالم دین مولانا سید کلبِ جواد
بے شک بھارت کا سیکولر ڈھانچا خطرے میں ہے اور ہمیں اس کو بچانے کے لئے اٹھ کھڑا ہونا ہے!مگر متحد ہوکر اور مضبوط لیڈرشپ کے سہارے ہی یہ ممکن ہے! اب سوال یہ ہے کہ اتحاد اور مضبوط لیڈر شپ کا خواب کیسے ممکن ہوگا؟!
٭جرمنی کی نئی مخلوط حکومت نے غیر قانونی مہاجرین کے خلاف سخت موقف کی ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔ قدامت پسند جماعت سی ڈی یو، سوشل ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر بارڈر کنٹرول سخت کرنے اور پناہ کے متلاشیوں کو واپس اسی ملک بھیجنے کے عمل میں تیزی لانے کا ارادہ رکھتی ہے جہاں سے وہ پہلی بار جرمنی میں داخل ہوئے تھے ۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو
یعنی اب بہت سارے بدھو جو اپنی آنکھوں میں یورپ کی حیسن زندگی کا خواب سجا کر گھر سے بھاگے تھے لوٹ کے گھر کو واپس آئیں گے!!
٭ میں نے پہلے بھی کہا ہے اور اب بھی، بی جے پی کا نظریہ وہی ہے جو قدیم حملہ آوروں کا تھا۔ عورتوں، کسانوں، چھترپتی سنبھاجی نگر اور پونے کی صورتحال کو دیکھیں، ایسا لگتا ہے جیسے مغل راج چل رہا ہے ۔۔۔ شیو سینا (یو بی ٹی) کے رہنما آدتیہ ٹھاکرے
اسے کہتے ہیں ایک تیر سے دو شکار کرنا! مغل راج اور بی جے پی راج کو ایک جیسا بتا کر اچھے اچھوں کی بولتی بند کر دی چھوٹے ٹھاکور نے! خوب!!
٭ ہمارا مقصد ہے کہ مانسون سے پہلے دہلی کو گڑھے سے پاک کر دیا جائے۔ نئی ٹیکنالوجی دستیاب ہونے سے اگر کسی گڑھے میں پانی جمع ہو تب بھی اسے ٹھیک کیا جا سکتا ہے۔ ہم اس پر کام کر رہے ہیں اور جلد ہی آپ کو دہلی میں کوئی گڑھا نظر نہیں آئے گا ۔۔۔ ریاست دہلی کے وزیر پرویش ورما
منتری جی دہلی کے ان گڑھوں کو امید ہے آپ ضرور ٹھیک کردیں گے مگر نفرت کے ان گڑھوں کو کون پاٹے گا جن کی بنیاد پر آپ راج سنگھاسن تک پہنچے ہیں؟!
٭نوجوان ملک کا مستقبل ہیں۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے ملک کے لیے آئین بنایا اور استحصال زدہ لوگوں کے لیے جنگ لڑی۔ آئین کے ذریعے انھوں نے ایسے لوگوں کو حقوق فراہم کیے ۔ ایسے تقریب سے نوجوانوں کو آئین کا احترام کرنے اور ‘وکست بھارت’ کے ویژن کو پورا کرنے کی ترغیب دینی چاہیے ۔۔۔ پٹنہ، بہار میں ‘جے بھیم پد یاترا’ سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر منسکھ منڈاویہ
لگتا ہے راہل بابا کا تیر نشانے میں جا کر بیٹھا ہے! اب ہر کوئی آئین اور خالق آئین کی بات کر رہا ہے! لگے رہو راہل بابا!!
٭ امریکہ اور چین کے درمیان محصولات کی جنگ جاری ہے۔ بیجنگ بھی ہار ماننے کو تیار نہیں، چین نے امریکی مصنوعات پر ٹیرف 125 فیصد تک بڑھا دیا ہے چین کی جانب سے امریکہ پر نئے ٹیرف کے بعد یورپی سٹاک مارکیٹوں میں مندی کا رجحان ۔۔۔۔ بی بی سی اردو
انکل سام اور چینی ڈراگن کی اس لڑائی میں نہ ہار کسی کی ہوگی نہ جیت مگر دنیا کی ایک بڑی آبادی اس چکر میں پس کر رہ جائے گی! افسوس!!
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔