Home » تلخ و تُرش

تلخ و تُرش

by زبان خلق
0 comment

اسانغںی مشتاق رفیقی، وانم باڑی

 

٭ وقف (ترمیمی) بل ایک ہتھیار ہے جس کا مقصد مسلمانوں کو پسماندہ کرنا اور ان کے ذاتی قوانین اور جائیداد کے حقوق کو غصب کرنا ہے۔ آر ایس ایس، بی جے پی اور ان کے حلیفوں کی طرف سے آئین پر یہ حملہ آج مسلمانوں پر ہے لیکن مستقبل میں دوسری برادریوں کو نشانہ بنانے کی ایک مثال قائم کرتا ہے۔ کانگریس پارٹی اس قانون سازی کی سختی سے مخالفت کرتی ہے کیونکہ یہ ہندوستان کے تصور پر حملہ کرتا ہے اور آرٹیکل 25 یعنی مذہب کی آزادی کے حق کی خلاف ورزی کرتا ہے۔۔۔ پارلیمنٹ میں حزبِ اختلاف کے رہنما اور کانگریس نیتا راہل گاندھی

وقف ترمیمی  بل سے ایک فائدہ یہ ضرور ہوا کہ اس نے حزب اختلاف کے رہنماؤں کو پارلیمنٹ میں اور پارلیمنٹ سے باہر مسلمانوں کے حق میں بولنے کا حوصلہ دے دیا ورنہ کل تک یہ مسلمانوں کا نام تک لینے سے گھبراتے تھے! راہل بابا لگےرہو!!

 

٭لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کہا ہے کہ قانون سازی کا مسودہ قانون کی بنیاد ہے قانون سازی میں وضاحت اور سادگی پر زور دیتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ چونکہ قوانین معاشرے اور لوگوں پر طویل عرصے تک اثر انداز ہوتے ہیں اس لیے قوانین کو واضح اور سادہ ہونے چاہئیں تاکہ عام لوگ ان کو سمجھ سکیں۔۔۔ یو این آئی اردو

کیا فرق پڑتا ہے اس سے کہ قوانین واضح اور سادہ ہوں، لوگوں کے سمجھ میں بھی آئیں کیونکہ بقول منور رانا

منصفِ وقت ہے تو اور میں مظلوم مگر

تیرا قانون مجھے پھر بھی سزا ہی دے گا

 

٭وزیرِ اعظم نریندر مودی نے تھائی لینڈ کے بنکاک میں بنگلہ دیشی چیف ایڈوائزر محمد یونس کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کی، بنگلہ دیش میں فوج کی حمایت یافتہ عبوری حکومت کے قیام کے بعد دونوں ممالک کے درمیان یہ پہلی اعلیٰ سطحی ملاقات تھی۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ ملاقات شروع کرنے سے قبل مصافحہ کیا، ہندوستان کی جانب سےبمسٹیک چوٹی کانفرنس کے دوران منعقدہ اس میٹنگ میں قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال، وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر، خارجہ سکریٹری وکرم مصری اور وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے شرکت کی۔۔۔ یو این آئی اردو

سیاست میں نہ کوئی سدا دوست رہتا ہے نہ سدا دشمن! بہت خوب صاحب!!ندا فاضلی نے شاید ایسے ہی موقعوں کے لئے کہا ہے

دشمنی لاکھ سہی ختم نہ کیجے رشتہ

دل ملے یا نہ ملے ہاتھ ملاتے رہیے

 

٭کئی دہائیوں سے وقف کا نظام شفافیت اور جوابدہی کی کمی کے مترادف تھا۔ اس سے خاص طور پر مسلم خواتین غریب مسلمانوں اور پسماندہ مسلمانوں کے مفادات کو نقصان پہنچا۔ پارلیمنٹ سے منظور ہونے والی قانون سازی شفافیت کو فروغ دے گی اور لوگوں کے حقوق کا بھی تحفظ کرے گی۔۔۔ وزیر اعظم نریندر مودی

تعجب ہے! صاحب کو لوگوں کے حقوق، مسلم خواتین، غریب اور پسماندہ مسلمانوں کے مفادات کی فکر بھی ہے!! ہائے ہائے !!!

دور تک پھیلا ہوا پانی ہی پانی ہر طرف

اب کے بادل نے بہت کی مہربانی ہر طرف

 

٭ مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے راجیہ سبھا کو بتایا کہ منی پور میں 13 نومبر سے تشدد کا ایک بھی واقعہ نہیں ہوا ہے اور اب دونوں برادریوں کے درمیان بات چیت جاری ہے اور جلد ہی دارالحکومت دہلی میں ایک حتمی میٹنگ ہونے والی ہے، اس کے ساتھ ہی ایوان نے منی پور میں صدر راج کے نفاذ سے متعلق آئینی قرارداد کو صوتی ووٹ سے منظوری دے دی ۔۔۔ یو این آئی اردو

پارلیمنٹ کے پوتر آنگن میں آدھی رات کو وقف ترمیمی بل نامی بیلے کو مہکا کر، من کی بات کہے بغیر من کو بہکا کر،  پاس کی گئی اس قرار داد اور اس پر شاہ جی کی راگنی نے پوری قوم کو مدہوش کرد یا ہے! اتنامد ہوش کر دیا ہے کہ بس!! کچھ نہ سمھجھے خدا کرے کوئی

 

٭ یوکرین اور روس دونوں کے ساتھ براہِ راست بات کے ذریعے امریکہ پائیدار امن کے لئے پر عزم ہے۔۔۔ اقوام متحدہ میں امریکہ کی نمائندہ سفیر ڈورتھی شیا

انکل سام اور امن کے لئے پُر عزم! مگر کیا کریں بقول شاعر

جادو ہے یا طلسم تمہاری زبان میں

تم جھوٹ کہہ رہے تھے مجھے اعتبار تھا

 

٭ بہار میں حکمراں جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے سینئر لیڈر قاسم انصاری نے وقف ترمیمی بل کو منظور کرنے کے لیے جے ڈی یو کی حمایت کے خلاف احتجاج میں آج پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔۔۔ یو این آئی اردو

اپنے عوام کی نبض پر ہاتھ کر کیا جانے والا ایک نیتا کا صحیح اور بر وقت فیصلہ !! کیا سمجھے !!!

 

٭گجرات میں یونیفارم سیول کوڈ کو لاگو کرنے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں سورت کے ضلع کلکٹر کی صدارت میں آج یو سی سی کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی۔ اجلاس میں مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی اور یو سی سی کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔۔۔ آئی اے این ایس

یہ لوگ پاؤں نہیں ذہن سے اپاہج ہیں

ادھر چلیں گے جدھر رہنما چلاتا ھے

 

٭ یہ کوئی پیچیدہ بات نہیں ہے۔ چین ہماری سلامتی اور خوشحالی کے لیے خطرہ ہے۔ ہم نے ہند۔الکاہل میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ ملاقات میں اتفاق کیا کہ خطے کو چین کی جابرانہ اور غیرشفاف پالیسیوں سے چھٹکارا ملنا چاہیے۔ اسی پر ہماری سلامتی کا دارومدار ہے۔۔۔ امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو

یعنی انکل سام سچ  مچ چینی ڈراگن سے ڈرا ہوا ہے! اگر ایسا ہے تو بقول گبر سنگھ جو ڈر گیا سمجھو مرگیا! کیا سمجھے!!

 

٭بی جے پی نے متحدہ اپوزیشن کو نظر انداز کرتے ہوئے گزشتہ آدھی رات کو مخالف اقلیتی وقف ترمیمی بل کے ذریعے دھاوا بول دیا، یہ ڈھٹائی کا مظاہرہ آئینی اقدار اور سیکولرازم کو مجروح کرتا ہے، تمل ناڈو اور ڈی ایم کے اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔۔۔ ڈی ایم کے رہنما اور ریاستِ ٹمل ناڈو کے  وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن

وقف ترمیمی بل سے ایک اور فائدہ! دوستوں، دشمنون اور منافقوں کے چہرے مکمل بے نقاب ہوگئے!! شکریہ صاحب!!

 

٭ آل انڈیا مسلم مجلسِ مشاورت نے لوک سبھا سے وقف ترمیمی بل 2024 کی منظوری پراظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی اور اس کی حلیف جماعتیں انصاف کے تقاضوں اور ملک کے آئین و قانون کی روح کو پامال کررہی ہیں۔۔۔ یو این آئی اردو

جو جس کے لئے بنی اور بنائی گئی ہے وہ، وہ نہیں تو اور کیا کرے گی! سمجھا کریں!!

 

٭امریکی صدر ڈونالڈ  ٹرمپ کے ٹیرف نے عالمی منڈیوں میں آگ کا طوفان برپا کر دیا ہے، جس نے راتوں رات امریکی سٹاک سے 2.4 ٹریلین ڈالر کا صفایا کر دیا ہے – یہ کووڈ وبائی امراض کی وجہ سے ہونے والی تباہیوں کے بعد ایک دن کا سب سے بڑا نقصان ہے۔۔۔ ریوٹرس

کچھ بھی ہو، ٹرمپ کا ٹیرف صاحب کی نوٹ بندی  سے بہتر ہے!اُدھر ٹرمپ کی ٹیرف نے اچھے اچھوں کو لائن حاضر کردیا ہے مگر صاحب کی نوٹ بندی نے تو بیچاری پبلک کو لائن میں لگا دیا تھا!!

 

٭ حکومت کی طرف سے شیئر کردہ اعداد و شمار کے مطابق ، مغل دور کا مقبرہ تاج محل پچھلے پانچ سالوں میں ٹکٹوں کی فروخت کے ذریعے سب سے زیادہ کمانے والا اے ایس آئی کی محفوظ یادگار ہے،مرکزی وزیرِ ثقافت گجیندر سنگھ شیخاوت نے راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں یہ ڈیٹا شیئر کیا۔۔۔ پی ٹی آئی

اپنی  انتہا کو پہنچی ہوئی نام نہاد  مغل دشمنی کے باوجود سرکار کا یہ اقرار ایک اعتبار سے اس کی مجبوری ہے! سمجھا کریں!!

 

٭ امریکی حکومت کی طرف سے عائد کردہ ٹیرف 26 فیصد ہے، جو قابل تصرف ہے، خاص طور پر اس بات پر غور کرتے ہوئے کہ ہمارے حریف اب نمایاں طور پر زیادہ ٹیرف کا سامنا کر رہے ہیں۔ یہ ہندوستانی برآمد کنندگان کے لیے ایک اہم موقع ہے؛ یہ ہندوستانی برآمد کنندگان کے لیے اعلیٰ پیداوار کے ساتھ ساتھ معیار کو بہتر بنانے کا وقت ہے۔ میں توقع کرتا ہوں کہ اس سال کی مانگ پچھلے سال کی سطح سے بڑھ جائے گی، اور اس سے فائدہ اٹھانے کے لیے ہمیں مستقل مزاجی، بروقت فراہمی اور اعلیٰ معیار پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے، لیکن یہ صرف اس صورت میں جب ہم عالمی توقعات کو پورا کرنے کے لیے تیار ہوں  ۔۔۔ امریکہ کی طرف سے بھارت پر نئی  ٹیرف کے اعلان پر فیڈریشن آف انڈین ایکسپورٹ آرگنائزیشن کے صدر، ایس سی رالہن

اسے کہتے ہیں منفی خبر سے مثبت پہلو نکالنا! اس میں سمجھنے والوں کے لئے بہت کچھ ہے اگر سمجھنا چاہیں تو!!

 

٭ اللہ اپنے غضب سے صہیونی اسرائیل کو غارت کرے ۔۔۔ صدر ایردوان کا استنبول کی چاملیجا مسجد میں نماز عیدالفطر کی ادائیگی کے بعد شہریوں سے خطاب

بیچارا یورپ کا مرد بیمار! مرد بن کر تو کچھ نہ کرسکا، اب بیوہ کمزور عورتوں کی طرح  بد دعاؤں پر اتر آیا ہے! ہائے افسوس!!

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

You may also like

Leave a Comment