Home » تلخ و تُرش

تلخ و تُرش

by زبان خلق
0 comment

اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی

٭پنجاب میں وزیرِ اعلیٰ بھگونت مان کی قیادت والی عام آدمی پارٹی کی حکومت کے تین سال مکمل ہونے پر بھارتیہ جنتا پارٹی ریاست بھر میں 150 سے زیادہ مقامات پر تین سال، نہ ترقی نہ انصاف کے نعرے کے ساتھ احتجاج کرے گی ۔۔۔ یواین آئی اردو

انہیں چاہئے کہ کبھی اپنے گریبان میں بھی منہ ڈال کر دیکھ لیا کریں۔ چند ایک جگہ تو ترقی اور انصاف تو دور کی بات بنیادی سہولتیں تک دستیاب نہیں ہیں!!

 

٭ ناگپور، مہاراشٹر: اورنگ زیب کے مقبرے سے متعلق رام داس اٹھاولے کے بیان پر مہاراشٹر اقلیتی کمیشن کے چیئرمین پیارے خان کا کہنا ہے کہ "ہمارے ملک کا ایک اصول ہے کہ کسی کو بھی کسی تاریخی محل کو تبدیل کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ یہ ہمارے ملک کا قانون ہے ۔۔۔ آئی اے این ایس

ہم کو معلوم ہے جنت کی حقیقت لیکن

دل کے خوش رکھنے کو غالبؔ یہ خیال اچھا ہے

 

٭امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے کو بتایا کہ گرین لینڈ پر امریکی کنٹرول بین الاقوامی سلامتی کے لیے ضروری ہے، وائٹ ہاؤس میں روٹے کے ساتھ بات چیت کے دوران، ٹرمپ نے آرکٹک جزیرے کی اسٹریٹیجک اہمیت پر ایک بار پھر زور دیا ۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

گرین لینڈ پر امریکی کنٹرول بین الاقوامی سلامتی کے لیے نہیں وہاں کی معدنیات کے حوالے سے انکل سام کی بقا کے لئے بے حد ضروری ہے ! سمجھا کریں!!

 

٭ یہ ہندوستانی حکومت کا فرض ہے کہ وہ تمام ریاستوں کو ساتھ لے کر چلے، لہٰذا اگر وہ اپنی ذمہ داریوں کو صحیح طریقے سے ادا کرنے میں ناکام رہے تو اس طرح کے واقعات ضرور رونما ہوں گے، یہ مرکزی حکومت کے لیے ایک انتباہ ہے، انہیں ان واقعات کے بارے میں سوچنا چاہیے ۔۔۔ تمل ناڈو حکومت کی جانب سے تمل ناڈو کے بجٹ 2025-26 میں روپیہ کی علامت (₹) کی جگہ تمل ‘ رو’ کے نشان کو استعمال کرنے پر، کرناٹک کے وزیر ایشور کھنڈرے

بات تو صحیح ہے مگر مرکزی حکومت اس کو سنجیدگی سے لے گی بھی ایسا لگتا نہیں ہے!روپیہ ہندی میں لکھو یا تمل میں آ تو اسی کے جیب میں رہا ہے نا!! کیا سمجھے!!

 

٭وہ خود کو مسلمانوں کی آواز کے طور پر پیش کرتے ہیں اور ان کی حمایت کرتے ہیں، جب کہ بی جے پی ہندوؤں کی بات کرتی رہتی ہے،ان کے درمیان باہمی مفاہمت ہے جس سے بی جے پی کو فائدہ ہوتا رہتا ہے۔ یہ ان کی حکمت عملی اور پالیسی ہے ۔۔۔ اسدالدین اویسی کے بیان پر کانگریس لیڈر وجے وڈیٹیوار

بڑی دور کی کوڑی لائے ہیں نیتا جی! انہیں نمسکار کریں!!

 

٭دنیا کے ترقی یافتہ ملکوں کے گروپ جی سیون نے روس پر زور دیا ہے کہ وہ یوکرین کے خلاف لڑائی میں جنگ بندی کی امریکی تجویز کو مںظور کرے یا پھر ان کی جانب سے مزید پابندیوں کے لیے تیار ہو جائے۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

لومڑیوں کا گروہ سائبیریائی ریچھ کو گھیرنے کی کوشش کررہا ہے۔ کیا ریچھ ان عیار لومڑیوں کی دھمکیوں سے ڈر جائے گا؟! ایسا لگتا تو نہیں مگر مستقبل کا کس کو پتہ ہے! یہ دنیا ہے یہاں کبھی بھی کچھ بھی ہوسکتا ہے۔

 

٭یہ بہت بدقسمتی کی بات ہے۔ گرڈیہ میں ہندو تہوار ہولی کے دوران جس طرح سے فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا ہوئی، وہ شرمناک ہے۔ ہیمنت حکومت کے دور میں ایسا کیوں ہوتا ہے، جہاں ہر بار ایسے واقعات ہوتے ہیں ۔۔۔ رانچی، جھارکھنڈ: گرڈیہ کے واقعے پر بی جے پی لیڈر پرتول شاہدیو

نیتا جی ایسے فرمار ہے ہیں جیسے ڈبل انجن سرکاروں والی ریاستوں میں سب کچھ امن سے گذر گیا! لگے رہو نیتا جی! بہت آگے جاؤگے!!

 

٭اگر کوئی ہندی کی مخالفت کرتا ہے تو وہ بھی سیاسی طور پر محرک ہے، اور جو لوگ ہندی کو مسلط کرنے یا اسے زبردستی نافذ کرنے کی بات کرتے ہیں وہ بھی سیاست میں مصروف ہیں ۔۔۔ زبان کی سیاست پر کانگریس لیڈر راشد علوی

اور آپ کیا کر رہے ہیں نیتا جی! یہ آگ تو آپ کی پارٹی کی ہی لگائی ہوئی ہے! اب بجھانے کا کوئی حل بھی سجھائیے! کیا صرف بیان بازی ہی کرتے رہیں گے؟!

 

٭ناسا نے ایک نئی دور بین کو خلا میں بھیج دیا ہے جس کےبارے میں کہا گیا ہے کہ اس دور بین سے پورے آسمان کا وسیع ترمشاہدہ کیا جاسکےگا جو اس سے پہلےممکن نہیں تھا۔ اس دوربین سے اربوں کہکشاؤں کا جائزہ لیاجائےگا جس سے کائنات کےآغاز کے بارے میں جاننے میں مدد ملےگی۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

ڈھونڈنے والا ستاروں کی گزرگاہوں کا

اپنے افکار کی دنيا ميں سفر کر نہ سکا

اپني حکمت کے خم و پيچ ميں الجھا ايسا

آج تک فيصلہ نفع و ضرر کر نہ سکا

جس نے سورج کی شعاعوں کو گرفتار کيا

زندگی کی شب تاريک سحر کر نہ سکا!

 

٭کرناٹک حکومت خوشامدی کی سیاست کر رہی ہے، اور وہ ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان تفرقہ پیدا کرنا چاہتی ہے۔ ٹینڈر ہمیشہ ایک عمل کے ذریعے فراہم کیے جانے چاہئیں، لیکن ان کا فیصلہ بدقسمتی ہے۔ کانگریس جہاں بھی اقتدار میں ہے، وہ ہمیشہ (معاشرے میں) تناؤ پیدا کرنے کی کوشش کرتی ہے ۔۔۔ کرناٹک کابینہ کی طرف سے مسلم ٹھیکیداروں کے لیے 4 فیصد کوٹہ کے لیے کے ٹی پی پی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری پر، بی جے پی کے قومی ترجمان سید شاہنواز حسین

چھاج بولے تو بولے چھلنی بھی بولی جس میں سَتَّر چھید

 

٭ میں نے کبھی سمبھاجی مہاراج، چھترپتی شیواجی مہاراج یا ملک کے کسی دوسرے عظیم آدمی کے خلاف کوئی نازیبا الفاظ نہیں بولے،لیکن کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جو اس طرح کے بیانات دے رہے ہیں، اور یہ موبائل فون پر دستیاب ہے، حکومت کو ایسی چیزوں کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں ۔۔۔ مہاراشٹرا ممبئی:سماج وادی پارٹی کے ایم ایل اے ابو اعظمی

میں سچ کہوں گا مگر پھر بھی ہار جاؤں گا

وہ جھوٹ بولے گا اور لا جواب کر دے گا

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

You may also like

Leave a Comment