Home » تلخ و تُرش

تلخ و تُرش

by زبان خلق
0 comment

اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی

٭بی جے پی حکومت کی دلت مخالف ذہنیت کا ایک اور ثبوت دیکھیں، قومی کمیشن برائے درج فہرست ذات جو دلتوں کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے، اسے جان بوجھ کر نظر انداز کیا گیا ہے- اس کے دو اہم عہدے پچھلے ایک سال سے خالی پڑے ہیں۔ یہ کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے- اسے کمزور کرنا دلتوں کے آئینی اور سماجی حقوق پر سیدھا حملہ ہے۔ کمیشن نہیں تو حکومت میں دلتوں کی آواز کون سنے گا؟ ان کی شکایتوں پر کون کارروائی کرے گا؟ وزیر اعظم جی! کمیشن کے تمام عہدوں کو جلد از جلد پُر کیا جائے تاکہ یہ دلتوں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کی اپنی ذمہ داری کو مؤثر طریقے سے ادا کر سکے ۔۔۔ لوک سبھا میں حزبِ اختلاف کے رہنما راہل گاندھی

راہل بابا! کونسے عہدے کب تک خالی رکھنے ہیں اور کب ان پر اپنے طوطے بٹھانے ہیں یہ سب صاحب اچھی طرح جانتے ہیں! لگتا ہے اتنے برسوں بعد بھی صاحب کی چانکیہ نیتی آپ نے سمجھی ہی نہیں!ہائے ہائے!!

 

٭حضرت امیر خسرو نے ہندوستان کا موازنہ  جنت سے کیا تھا، ہمارا ہندوستان جنت کا وہ باغیچہ ہے جہاں تہذیب کا ہر رنگ پھلا پھولا ہے۔۔۔ جشنِ خسرو میں وزیر اعظم نریندر مودی

صاحب جی! آپ نے بجا فرمایا لیکن کیا کریں آج کل اس جنت میں فاشزم کا زہریلا سانپ داخل ہوچکا ہے، اس موذی سے چھٹکارے کا کوئی حل بتائیں تو مہربانی ہوگی۔

 

٭ امریکہ اور یوکرین کے صدور کے درمیان ملاقات میں گرما گرم بحث ہوئی جس دوران ٹرمپ نے زیلنسکی پر ’تیسری عالمی جنگ چھیڑنے‘ کا الزام لگایا۔ یہ تکرار نیٹو کے لیے بحران کا سبب بن سکتی ہے ۔۔۔ بی بی سی اردو

یعنی بھان متی کا کنبہ چوراہے پر آچکا ہے اور کسی بھی لمحہ پھوٹ سکتا ہے۔ دیکھنا کہیں ٹرمپ نیٹو کے گورباچیوف بننے کی کوشش تو نہیں کر رہے  ہیں!!

 

٭عالمی بینک نے کہا ہے کہ ہندوستان کو سال 2047 تک اعلیٰ آمدنی والے درجے تک پہنچنے کے اپنے خواہشات کو حاصل کرنے کے لیے اگلے 22 سالوں میں اوسطاً 7.8 فیصد کی ترقی کی ضرورت ہوگی۔۔۔ یو این آئی اردو

یعنی سوہنی  کو دریائے چناب پار کرنے کے لئے کچے گھڑوں کی ضرورت سمجھائی جارہی ہے! خوب!!

 

٭ وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کسی زبان کے خلاف نہیں ہیں، انہوں نے کبھی اردو زبان کی مخالفت نہیں کی، تاہم، اگر کسی کو جان بوجھ کر صرف ایک زبان پڑھنے پر مجبور کیا جاتا ہے، تو اس کی مخالفت ہونی چاہیے ۔۔۔ اترپردیش: بی جے پی کے ترجمان راکیش ترپاٹھی

ٹمل زبان  میں ایک کہاوت ہے: "مُژو پوسانی کائیے سوتھلے مرائیکرادھو”۔ مطلب،  ابلے چاول کے اندر ایک پورا کدو چھپانا’ ۔ بھاجپا کے ترجمان کا بیان اسی مد میں آتا ہے۔

 

٭پاکستان کے صوبہءِ خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی مسجد میں دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق ہلاک افراد میں جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ بھی شامل ہیں۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

یہ صبح شام دھماکے، قدم قدم لاشیں

تمھارے ملک میں کیوں خون اتنا سستا ہے

 

٭ ہندوستان کے نوجوان ہماری اولین ترجیح ہیں ۔۔۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی

کیونکہ وہی آسانی سےاندھ  بھگت بن سکتے ہیں! کیا سمجھے!!

 

٭ کیرالہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی کے تنظیمی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال کی موجودگی میں ریاستی کانگریسی لیڈروں کی میٹنگ ہوئی، جس میں اسمبلی انتخابات کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا مسٹر کھڑگے نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ کیرالہ کے سینئر لیڈروں کے ساتھ آج ایک میٹنگ ہوئی جس میں ریاست میں اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کی حکمتِ عملی اور دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔۔۔ یو این آئی اردو

لگ بھگ شمالی ہندوستان کے اکثر ریاستوں سے شہر بدر کئے جانے کے بعد بیچاری کانگریس جنوبی ریاستوں کو جیتنے کی حکمتِ عملی نہیں بنائے گی تو اور کیا کرےگی؟! سمجھا کریں!!

 

٭ اقوام متحدہ کی ایک نئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چینی پیشہ ورانہ تربیت اور تعلیمی مراکز کو نہ صرف سنکیانگ اور تبت میں جبری مشقت کےلیے استعمال کررہے ہیں بلکہ وہ اضافی دیہی کارکنوں کو بڑے پیمانے پرملک بھرکے سرکاری لیبرپروگراموں میں منتقل کررہے ہیں۔چین نے اس رپورٹ کو بے بنیاد قراردیا ہے ۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

انکل سام کی اقوام متحدہ نامی طوطے کے ذریعے چینی ڈریگن کو گھیرنے کی ایک ہوائی کوشش! لیکن، کیا ڈریگن ان بھپکیوں سے ڈر جائے گا؟؟!

 

٭دہلی کے لوگوں نے بی جے پی کو منتخب کرکے صحیح فیصلہ کیا۔ اب دہلی نہ صرف ہندوستان کی راجدھانی بلکہ عالمی دارالحکومت کے طور پر چمکے گی ۔۔۔ اتر پردیش کے نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ

بیچاری عام آدمی پارٹی! سنا ہے آج کل وہ ہر جگہ یہ شعر سناتے پھر رہی ہے

شریف زادوں سے دِلی کے مت ملا کر میر

کہ ہم غریب ہوئے ہیں اِن ہی کی دولت سے

 

٭ وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے سائنسدانوں سے لگن اور ایمانداری کے ساتھ کام کرنے اور ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ہو رہی تیز رفتار تبدیلیوں کو جاری منصوبوں میں شامل کرنے کی اپیل کی ہے مسٹر سنگھ نے حیدرآباد میں دیسی میزائل سسٹم کے ڈیزائن اور ترقی کے لیے ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) کے فلیگ شپ سینٹر ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام میزائل کمپلیکس کا دورہ کیا۔۔۔ یو این آئی اردو

کبھی اپنے ہم پیشہ نیتاؤں سے بھی لگن اور ایمانداری کےساتھ کام کرنے کی اپیل کریں منتری جی! یہ کیا کہ ہر وقت دوسروں کو ہی نصیحت دی جارہی ہے۔

 

٭ بنگلہ دیش کی سابقہ وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کی حکومت کا تختہ الٹنے والی طلبہ تحریک کے رہنما ناہد اسلام نے سیاست میں قدم رکھتے ہوئے نئی سیاسی جماعت جاتیا ناگورک پارٹی’ کے نام  سےجس کا انگریزی مخفف این سی پی یعنی نیشنل سٹیزن پارٹی ہے بنا لی ہے، طلبہ کی یہ نئی جماعت بنگلہ دیش میں رواں برس کے اختتام پر ممکنہ طور پر ہونے والے انتخابات میں حصہ لے گی۔ ناہد اسلام بنگلہ دیش میں گزشتہ برس کوٹہ سسٹم کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے روح رواں تھے۔ان کی قیادت میں شروع ہونے والی طلبہ تحریک وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کے اقتدار کے خاتمے کی وجہ بنی تھی۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

قیادت اور کرسی کا چسکا ایسا ہی ہوتا ہے۔ پہلے تحریک کی قیادت پھر عبوری حکومت میں مشیر کا عہدہ اور اب حکومت بنانے کی چاہ! کیا کرونولاجی ہے!خوب!!

 

٭بہار قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر اور راشٹریہ جنتادل کے سینئر لیڈر تیجسوی یادو نے الزام لگایا ہے کہ بہار کے وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت نے 20 برسوں میں دو نسلوں کی زندگیاں برباد کر دی ہیں ۔۔۔ یو این آئی اردو

ایسا بالکل نہیں ہے! اگر ثبوت چاہئے تو نتیش کمار کے فرزند نشانط کمار کو دیکھ لیں جو آج نتیش کمار کی گدی سنبھالنے کے لئے تیار ہوچکے ہیں۔

 

٭ این ڈی ایم سی نے ایک بہت ہی خوبصورت پھولوں کی نمائش شروع کیا ہے جس کا آج افتتاح کیا گیا، یہاں مختلف قسم کے پھول لگائے گئے اور ان کی نمائش کی گئی، میں نے کہا تھا کہ دہلی کو پھولوں کا شہر بنانا میرا خواب ہے، اور اب حکومت بدلنے کے بعد سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے،ہم اس خواب کو ضرور پورا کریں گے ۔۔۔ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ

خواب تو ضرور پورا ہوگا،ابھی تو شروعات ہے، خواب سمجھ میں آنے کے لئے ایک لمبا وقفہ چاہئے بقول شاعر

وہ خواب تھے ہی چنبیلیوں سے سو سب نے حاکم کی کر لی بیعت

پھر اک چنبیلی کی اوٹ میں سے جو سانپ نکلے تو لوگ سمجھے

٭ترکیہ کے خلاف مسلح جدوجہد کرنے اور آزاد کرد ریاست کا مطالبہ کرنے والے باغی گروپ پی کے کے نے جنگ بندی کرتے ہوئے ہتھیار ڈالنے کا اعلان کیا ہے۔ 25 برس سے زیرِ حراست گروپ کے رہنما عبداللہ اوجلان نے پارٹی تحلیل کرنے کا بھی اعلان کیا ہے ۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

سال 2025 کی سب سے اچھی خبر، یورپ کا مرد بیمار لگتا ہے توانا ہونے لگا ہے! ماشااللہ!!

 

………………………….

You may also like

Leave a Comment