Home » تلخ و تُرش

تلخ و تُرش

by زبان خلق
0 comment

اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی

٭وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ 21 ویں صدی کے ‘ترقی یافتہ ہندوستان’ کے لیے ملک کے ہر شعبے ہر بلندی میں اور زندگی کے ہر پہلو میں دن رات کام کرنے کے لیے بہترین قیادت کی ضرورت ہے جسے عالمی سوچ اور مقامی ترقی کے خیال پر کام کرنا چاہیے ۔۔۔ یو این آئی اردو

اور وہ قیادت تو صاحب اور ان کی پارٹی ہی دے سکتی ہے! کیا سمجھے!!

 

٭ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے ممبران اسمبلی نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کے دہلی کی خواتین کو ماہانہ 2500 روپے دینے کے وعدہ پر بات کرنے کے لئے وزیرِ اعلیٰ ریکھا گپتا سے ملاقات کا وقت مانگا ہے ۔۔۔ یو این آئی اردو

ابھی بھاجپا نے اقتدار کے مزے لئے ہی نہیں اور عآپ نے حزبِ اختلاف کا رول ادا کرنا شروع کردیا! کچھ تو صبر کریں !!

 

٭ماہرینِ فلکیات نے معلوم کائنات کا سب سے بڑا ڈھانچہ دریافت کر لیا،جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کی مدد سے علمِ فلکیات میں آئے روز نئی دریافتیں اور ہوشربا انکشافات ہوتے رہتے ہیں۔ یہ انکشافات ماہرینِ فلکیات کو معلوم کائنات کو مزید بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دیتے ہیں اور مزید تحقیق پر اکساتے ہیں۔ انہی میں سے ایک ” کیپو” کی دریافت بھی ہے، جسے معلوم کائنات کا سب سے بڑا ڈھانچہ قرار دیا گیا ہے ۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

ڈھونڈنے والا ستاروں کی گزرگاہوں کا

اپنے افکار کی دنيا ميں سفر کر نہ سکا

اپنی حکمت کے خم و پيچ ميں الجھا ايسا

آج تک فيصلہ نفع و ضرر کر نہ سکا

جس نے سورج کی شعاعوں کو گرفتار کيا

زندگی کی شب تاريک سحر کر نہ سکا

 

٭ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے مسلسل تیسرے دن ہندوستان کو ‘ووٹر ٹرن آؤٹ’ کے لیے مبینہ طور پر دیے گئے 21 ملین ڈالر کا معاملہ اٹھایا ہے مسٹر ٹرمپ کا یہ تازہ ترین بیان ایک رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 2022 میں 21 ملین ڈالر کی گرانٹ ہندوستان کے لیے نہیں بلکہ بنگلہ دیش کے لیے منظور کی گئی تھی صدر ٹرمپ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ "میرے دوست وزیرِ اعظم نریندر مودی اور ہندوستان میں’ووٹر ٹرن آؤٹ’ کے لیے 21 ملین ڈالر دیے ہیں، میں بھی ہندوستان میں ووٹنگ بڑھانا چاہتا ہوں ۔۔۔ یو این آئی اردو

دوست بن کر پیٹھ میں خنجر گھونپنا شاید اسی کو کہتے ہیں! اور ادھر بیچارے بھگت پریشان ہیں کہ ٹرمپ کے بیان کی تائید  کریں یا صاحب کو بدنامی سے بچائیں! نہ پائے رَفتَن ، نَہ جائے ماندَن جیسی بات ہوگئی ہے!!ہائے ہائے!!!

 

٭کچھ سیاسی جماعتیں اب بھی ہمارے ملک کو زبان کی بنیاد پر تقسیم کرنا چاہتی ہیں۔ مادری زبان ہر ایک کے لیے اہم ہے۔ مہاکوی بھارتی نے 10 سے زیادہ زبانوں کو جاننے کے بعد تمل کو سب سے بڑی زبان کہا ہے۔ اس لیے لوگوں کو مزید زبانوں کا مطالعہ کرنا چاہیے، این ای پی ایک ہندوستانی زبان کے مطالعہ پر زور دیتا ہے۔ یہ کوئی بھی زبان ہو سکتی ہے۔ تمل ناڈو میں، طلباء کسی بھی دوسری دراویڈین زبان کو بھی پڑھ سکتے ہیں۔ سیاسی جماعتیں غیر ضروری طور پر تنازعات کھڑی کر رہی ہیں ۔۔۔ تمل ناڈو میں قومی تعلیمی پالیسی  کے تحت 3 زبانوں کی پالیسی پر، ریاستی بی جے پی  صدر کے انامالائی

کسی پر انگلی اٹھانے سے پہلے خود کے گریبان میں منہ ڈال کر دیکھ لیا کریں، آپ کی پارٹی مذہب کے نام پر جو کھیل کھیل رہی ہے اور اگر وہی کوئی زبان اور ذات پات کی بنیاد پر کریے تو اس میں برا کیا ہے!

 

٭ امریکی ریاست مشی گن کے سب سے بڑے شہر  ڈیٹرائٹ میں اس ہفتے تقریباً سو سال پرانی پانی کی سپلائی لائن پھٹ گئی جس کے بعد شہر کا جنوب مغربی علاقہ زیر آب گیا۔  54 انچ  کی سپلائی لائن 1930 میں بچھائی گئی تھی۔ اس پائپ کے پھٹنے کے بعد گلیوں، فٹ پاتھوں اور یارڈز میں کئی فٹ پانی بھر گیا ، عملہ اور کنٹریکٹر مرمت میں  مصروف رہے۔ یہ واضح نہیں ہوا کہ پائپ کے پھٹنے کی وجہ کیا تھی ۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

ہر کمالے را زوال !! اس چھوٹے سے واقعے میں سمجھنے والوں کے بڑی نشانیاں ہیں!!!

 

٭ نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکڑ نے غیر قانونی تارکین وطن پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہندوستان میں لاکھوں لوگ رہ رہے ہیں جن کا یہاں رہنے کا کوئی حق نہیں بنتا ہے اور وہ صرف رہ ہی نہیں رہے ہیں بلکہ  روزی روٹی کے کاموں میں بھی شامل ہیں اور  یہاں اپنی روزی روٹی کما رہے ہیں۔۔۔ یو این آئی اردو

انکل سام کے ہاتھوں رسوا کر کے نکالےگئے غیر قانونی تارکینِ وطن کی خبر کو نمایاں ہونے سے چھپانے کے لئےرچی گئی ایک خوبصورت رچنا! واہ کیا سیاست ہے!!

 

٭اگر 10000 کروڑ روپے کی پیشکش کی جائے تو بھی ریاست ٹمل ناڈو میں قومی تعلیمی پالیسی( سہہ لسانی پالیسی) پر عمل درآمد نہیں کریں گے ۔۔۔ تمل ناڈو کے وزیرِ اعلیٰ اسٹالین

ہمارے منہ سے جو نکلے وہی صداقت ہے

ہمارے منہ میں تمہاری زبان تھوڑی ہے

 

٭ امریکی سینیٹ نے فیڈرل بیورو آف انوسٹیگیشن کے لیے نئے ڈائریکٹر کے طور پر کیش پٹیل کی نامزدگی کی توثیق کر دی ہے ۔ کیش پٹیل  ہندوستانی  نژاد امریکی ہیں اور ان کا پورا نام کشیپ پرمود ونود پٹیل ہے۔  پٹیل ایف بی آئی کے نہ صرف پہلے بھارتی بلکہ ایشیائی نژاد ڈائریکٹر بن گئے ہیں۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

ذرا نم ہو تو یہ مٹی بہت زرخیز ہے ساقی

 

٭ پی ڈی پی لیڈر اور پارٹی صدر محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی نے شراب اور منشیات کے پھیلاؤ کو سنجیدہ مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں شراب اور منشیات کی وبا آگ کی طرح پھیل رہی ہے۔۔۔ یو این آئی اردو

سیاسی نوواردوں کو سیاسی طور پر اپنے آپ کو نمایاں کرنے کے لئے ایسے مسئلوں پر بولنا ضروری ہوتا ہے، زیادہ خوش فہمی میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں! سمجھے!!

 

٭شیو سینا (یو بی ٹی) کے کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے پونے شہر کے سوارگیٹ علاقے میں کرناٹک نمبر پلیٹوں والی بسوں کو کالے کر دیے کیونکہ بیلگاوی میں ایک مراٹھی بولنے والے بس ڈرائیور کے ساتھ مبینہ طور پر کنڑ میں بات نہ کرنے پر حملہ کیا گیا ۔۔۔ اے این آئی

پڑے ہیں نفرت کے بیج دل میں برس رہا ہے لہو کا ساون

ہری بھری ہیں سروں کی فصلیں بدن پہ زخموں کے گل کھلے ہیں

 

٭ لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے کہا ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے طور پر ہندوستان نے اپنی متعدد تنوع کے باوجود کامیابی سے پارلیمانی جمہوریت کو اپنایا ہے انہوں نے کہا کہ ان 75 برسوں میں ملک نے بہت سے بحرانوں اور چیلنجز کا سامنا کیا ہے اور تمام چیلنجز کو بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے حل کیا  ہے۔۔۔ یو این آئی اردو

اتنی نہ بڑھا پاکیءِ داماں کی حکایت

 دامن کو ذرا دیکھ ذرا بند قبا دیکھ

 

٭ مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے بھوپال سے نئی دہلی جانے والی ایئر انڈیا کی فلائٹ میں اپنی الاٹ شدہ سیٹ ٹوٹی ہوئی اور دھنسی ہوئی پائی ،جس کے بارے میں انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ آج ان کا یہ بھرم ٹوٹا کہ ٹاٹا گروپ کے ہاتھ میں جانے کے بعد اس ایئر لائن کی سروس بہتر ہوگئی ہو گی۔۔۔ یو این آئی اردو

ایک بار ٹوٹی سیٹ ملی تو اتنی شکایت! ہائے ہائے!! منتری جی کے ساتھ مسئلہ ہمیشہ کرسی کا ہی ہوتا ہے ایسا کیوں؟!

 

٭جیسے جیسے بہار کے وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار کے بیٹے نشانت کمار کے سیاست میں آنے کی قیاس آرائیاں بڑھ رہی ہیں، پٹنہ جے ڈی یو میں نئے پوسٹرس سامنے آنے لگے ہیں، جے ڈی یو ورکر کہتے ہیں، "بہار کے لوگ چاہتے ہیں کہ نشانت کمار آگے بڑھیں۔ وہ ایک پڑھے لکھے انجینئر ہیں، نہ صرف نتیش کمار کے بیٹے بلکہ ہمارے لیے ایک بھائی کی طرح ہیں۔ چونکہ نتیش کمار کی صاف شبیہ ہے اور وہ ترقی کے لیے جانے جاتے ہیں، نشانت بھی اسی راستے پر چلیں گے۔ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔۔۔ آئی اے این ایس

لالو جی پر پریوار واد کے نام سے چلانے والے کیا نتیش کمار کے خلاف بھی چلائیں گے! شاید نہیں! کیونکہ جس سے فائدہ ملے اس کے عیب بھی ہنر لگتے ہیں! سمجھا کریں!!

 

٭ افغانستان کے حکمران طالبان کےسفارت کاروں نے اطلاع دی کہ پڑوسی ملک پاکستان اپنے علاقے سے لگ بھگ تیس لاکھ افغان پناہ گزینوں کو بڑے پیمانے پر تیزی سےوطن واپس بھیجنے کے ایک منصوبے پرعمل درآمد کررہا ہے۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

یعنی بالآخر، جن پہ تکیہ تھا وہی پتے ہوا دینے لگے، والی بات ہوگئی! ہہیہات ہیہات!!

……………………………………………………………………

You may also like

Leave a Comment