Home » تلخ و تُرش

تلخ و تُرش

by زبان خلق
0 comment

اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی

٭ وقف ترمیمی بل کو راجیہ سبھا میں پیش کئے جانے کو بدقسمت فعل قرار دیتے ہوئے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے کہا کہ یہ بل صرف مسلمانوں کا مسئلہ نہیں بلکہ آئین کی خلاف ورزی کا مسئلہ ہے اور مسلم پرسنل لاء بورڈ وقف ترمیمی بل کے خلاف قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ملک گیر مہم چلائے گا،ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وقف کے بارے میں بہت سی باتیں سامنے آئی ہیں جن میں کچھ اچھی ہیں لیکن جھوٹی باتیں زیادہ پھیلائی گئی ہیں جیسا کہ جس زمیں پر وقف بورڈ ہاتھ رکھ دیتا ہے وہ اسی کی ہوجاتی ہے جب کہ ایسا بالکل نہیں ہے۔۔۔ یو این آئی اردو

مولانا محترم! جو کچھ بھی کرنا ہے سوچ سمجھ کر ٹھوس لائحہ عمل بنا کر کرنا ہوگا، ورنہ یہ بھی اس سے پہلے چلائے گئے مہمات  کی طرح وقت اور وسائل کا ذیاں ہی ثابت ہوگا۔

 

٭لوک سبھا میں اپوزیشن رہنما راہل گاندھی نے کہا ہے کہ منی پور میں بگڑتے ہوئے حالات کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی ذمہ دار ہیں اور وہ اس ذمہ داری سے بچ نہیں سکتے اسی لیے تاخیر سے ہی سہی، لیکن انہوں نے منی پور میں صدر راج نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے مسٹر گاندھی نے ایک بیان میں کہا کہ منی پور میں صدر راج کا نفاذ اس بات کا اعتراف ہے کہ مسٹر مودی نے آخر کار تسلیم کر لیا کہ 20 ماہ میں منی پور میں جو حالات بگڑے ہیں، ان کے لیے وہ خود ذمہ دار ہیں ۔۔۔ یو این آئی اردو

اسے کہتے ہیں آپداؤں میں اوسر تلاش کرنا! صاحب کو ان ہی کی چھڑی سے ہانکنے کی کامیاب کوشش!! لگے رہو راہل بابا!!

 

٭ اردن کے شاہ عبداللہ کے ساتھ ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ نے غزہ کے باشندوں کو ہمسایہ ممالک (مصر اور اردن) میں بسانے کا منصوبہ دہرایا ہے، امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ کے فلسطینوں کو قبول کرنے سے انکار کرنے کی صورت میں مصر کے ساتھ اردن کی مالی امداد روکنے کا اعلان کیا ہے، شاہ عبداللہ کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کا ’غزہ منصوبہ‘ اردن اور اسرائیلی تعلقات میں کشیدگی کا سبب بن سکتا ہے ۔۔۔ بی بی سی اردو

جس تیزی سے ٹرمپ اوٹ پٹانگ، دھونس و دھمکی  سے پُر سیاسی فیصلے لے رہے ہیں اس سے ایک نیا محاورہ، اکیسویں صدی میں سیاسی غنڈہ گردی کا دوسرا نام ڈونالڈ ٹرمپ!! بن سکتا ہے! کیا سمجھے!!

 

٭ وزیراعظم نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیرف اور تجارت کے حوالے سے کافی تعمیری بات چیت ہوئی اور دونوں رہنما باہمی طور پر فائدے مند تجارتی معاہدے پر کام کرنے کیلئے  متفق ہوئے امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں وزیراعظم مودی کا بہت گرمجوشی سے استقبال کیا ۔۔۔ یو این آئی اردو

ولی را وَلی می شَناسَد

 

٭ بجٹ اجلاس کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد لوک سبھا کی کارروائی 10 مارچ تک کے لئے ملتوی کر دی گئی، اسپیکر اوم برلا نے ایوان کو ملتوی کرنے سے پہلے کہا کہ بجٹ اجلاس کے پہلے مرحلے کے دوران اچھے ماحول میں بحث ہوئی ایوان کی کارکردگی 112 فیصد رہی  انہوں نے کہا کہ ایوان میں صدر جمہوریہ کے خطبے پر 17 گھنٹے 23 منٹ تک بامعنی بحث ہوئی اور 173 اراکین نے اس میں حصہ لیا مسٹر برلا نے کہا کہ اسی طرح بجٹ پر 16 گھنٹے 13 منٹ تک بحث ہوئی اور اس دوران 170 اراکین نے بحث میں سرگرمی سے حصہ لیا۔۔۔ یو این آئی اردو

یعنی نشستن، گفتن، برخاستن کی ایک اور شاندار مشق! خوب!!

 

٭ یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے ٹرمپ اور پوٹن مذاکرات پر رضامند، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے ولادیمیر پوٹن سے فون پر طویل بات کی اور روسی صدر نے یوکرین میں جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات شروع کرنے پر اتفاق کا اظہار  کیا۔ بات چیت کے لیے وہ سعودی عرب میں روسی صدر سے ملاقات کریں گے۔ کریملن نے کہا کہ صدر پوٹن اور امریکی صدر ٹرمپ کے درمیان بات چیت تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ "ایک ساتھ کام کرنے کا وقت آ گیا ہے” اور پوٹن نے ٹرمپ کو ماسکو آنے کی دعوت دی ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

یعنی بہت جلد انکل سام اور سائبیریا کا ریچھ سعودی عرب کے صحرا میں خیمہ لگا کر کنگ سلمان کے دف پر  دھھمال ڈالنے والے ہیں!

 زمین چمن گل کھلاتی ہے کیا کیا

بدلتا ہے رنگ آسماں کیسے کیسے

٭حکومت نے وقف ترمیمی بل پر قائم مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کی رپورٹ کو اپوزیشن کے ذريعے  غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دینے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں لگتا ہے کہ رپورٹ میں ان کا کوئی نقطہء نظر نہیں ہے تو وہ کمیٹی کے چیئرمین سے اپیل کر سکتی ہے ۔۔۔ یو این آئی اردو

غیر قانونی اور غیر آئینی بل کو اگر غیر قانونی اور غیر آئینی نہ کہیں تو اور کیا کہیں! جہاں تک  جے پی سی کے چیرمین سے اپیل کی بات ہے

تھا ارادہ تری فریاد کریں حاکم سے

وہ بھی اے شوخ ترا چاہنے والا نکلا

 

٭سب سے پہلے، ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے اور ہماری ثقافت ‘واسودھائیو کٹمبکم’ ہے،ہم دنیا کے ساتھ ایک خاندان کی طرح برتاؤ کرتے ہیں، اور میں ہر ہندوستانی کو ایک جیسا سمجھتا ہوں، دوسری بات یہ ہے کہ ایسے ذاتی معاملات کے لئے دو ممالک کے رہنما نہ ملتے ہیں نہ بیٹھتے ہیں اور نہ ہی بات کرتے ہیں ۔۔۔ امریکہ میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ ایک پرس کانفرنس میں صنعتکار گوتم اڈانی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم نریندر مودی

بالآخر اونٹ پہاڑ کے نیچے آہی گیا! صاحب کی دکھتی رگ کو چھیڑنے والوں نے چھیڑ ہی دیا! پر صاحب کا جواب ؟! بقول شاعر

جواب آیا مری قسمت سے لیکن لاجواب آیا

 

٭ اقوام متحدہ کے محکمہ برائے انسانی حقوق کی تازہ رپورٹ ميں بنگلہ ديش کی سابق حکومت پر سنگين الزامات عائد کئے گئے ہيں۔ پچھلے سال حکومت مخالف مظاہروں ميں قريب 1,400 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اقوام متحدہ کے کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر سے جاری کردہ بيان ميں کہا گيا ہے کہ حکومت مخالف مظاہرين اور ان کے حاميوں پر پرتشدد حملے کی باقاعدہ پاليسی کے شواہد ملے ہيں۔ جنيوا سے جاری کردہ رپورٹ ميں يہ خدشہ ظاہر کيا گيا ہے کہ ايسے اقدامات انسانيت کے خلاف جرائم کے زمرے ميں آسکتے ہيں اور ان کی اس ضمن ميں تفتيش لازمی ہے ۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

قریب ہے یار روز محشر چھپے گا کشتوں کا قتل کیوں کر

جو چپ رہے گی زبان خنجر لہو پکارے گا آستیں کا

 

٭کانگریس اور عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے درمیان اتحاد کی "مضبوط ضرورت” کی وکالت کرتے ہوئے، نوبل انعام یافتہ پروفیسر امرتیہ سین نے کہا کہ دونوں پارٹیوں کو دہلی کے انتخابات باہمی طور پر طے شدہ وعدوں کے ساتھ مل کر لڑنا چاہئے تھا۔ سین نے یہ بھی کہا کہ اگر ہندوستان میں سیکولرازم کو زندہ رکھنا ہے تو نہ صرف متحد ہونا ہوگا بلکہ ان چیزوں پر بھی معاہدہ کرنا ہوگا جنہوں نے ہندوستان کو تکثیریت کی ایک بہترین مثال بنایا ہے ۔۔۔ پی ٹی آئی

موذن مرحبا بر وقت بولا

تری آواز مکے اور مدینے

 

٭آنے والوں کی اعداد و شمار ساٹھ کروڑ ہوں گے، لیکن اتنے بڑے اعداد و شمار کے بعد بھی حکومت یہاں جانیں گنوانے والوں اور بھگڈر میں مرنے والوں کی فہرست مہیا کرنے میں ناکام کیوں ہے؟ ۔۔۔ مہا کمبھ بھگدڑ کے لیے اتر پردیش کی ڈبل انجن سرکار کو کٹہرے میں کھڑا کرتے اور مرنے والوں کی تعداد میں دھوکہ دہی کا الزام لگاتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو

سوال میں دم ہے! اور جواب؟! اسے کہتے ہیں، گھر کا بھیدی لَنکا ڈھائے!!

 

٭پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ انہیں کسی کا کوئی خط نہیں ملا اور اگر ملا بھی تو وہ نہیں پڑھیں گے۔ واضح رہے کہ جیل میں قید پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ جنرل عاصم منیر کو دو مرتبہ کھلا خط لکھ چکے ہیں۔ اس خط کے متن کو عمران خان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی شیئر کیا گیا ہے ۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

خان صاحب  جنرل کے مزاج سے واقف ہیں پر کیا کریں

بس اک شوق ہے لکھنے کا روز لکھتے ہیں

ہمیں پتہ ہے وہ ہر خط پڑھا نہیں کرتے

 

٭مہا کمبھ کے دوران اکیلے پریاگراج نے جی ڈی پی کی شرح نمو میں 3 لاکھ کروڑ روپے کی مدد کی۔ سیاحت ایک ایسا شعبہ ہے جہاں 49 فیصد سرمایہ کاری روزگار پیدا کرنے کے لیے خرچ کی جاتی ہے۔ یہاں ٹیکسی ڈرائیوروں، رکشہ ڈرائیوروں، اور بہت کچھ کے لیے روزگار کے بہت سے مواقع پیدا ہوئے، ہمارے ملک کی اقتصادی ترقی براہ راست انفراسٹرکچر سے جڑی ہوئی ہے ۔۔۔ لکھنؤ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئےمرکزی وزیر نتن گڈکری

اگر ایسا ہے تو کیوں نہ ترقی کے لیے تعلیم ٹکنالوجی وغیرہ کے تمام پراجکٹس پر تالہ لگا کر صرف مذہبی سیاحت کو فروغ دیا جائے! اس سے ایک تو سیاسی فائدہ بھی حاصل ہوگا اور جی ڈی پی کی شرح نمو بھی بڑھے گی! کیا سمجھے!!

 

٭وزیر اعظم نریندر مودی نے اقتدار سنبھالتے ہی ملک میں کھیلوں کے تئیں ماحول بدل دیا ہے اور ملک میں کھیلوں کیلئے مہیا سہولیات میں بے مثال اضافہ ہوا ہے ۔۔۔  مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ

صاحب نے بے شک کھیل کے تئیں ماحول بدل دیا ہے، بقول شاعر

جو کھیل جانتے ہیں ان کے اور ہیں انداز

بڑے سکون بڑی سادگی سے کھیلتے ہیں

 

٭کیلیفورنیا ہمیں فروخت کر دیں’، ڈنمارک کے شہریوں کی ٹرمپ سے اپیل، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ڈنمارک میں ایک خود مختار جزیرے گرین لینڈ کو خریدنے کے منصوبے کے جواب میں ڈنمارک کے شہریوں نے انہیں "کیلیفورنیا ” فروخت کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

اسے کہتے ہیں جیسے کو تیسا جواب! کیا کہنے خوب!!

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

You may also like

Leave a Comment