Home » تلخ و تُرش

تلخ و تُرش

by زبان خلق

اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی

٭میں نے ملک کو وکست بھارت کے لئے چار ستونوں غریب، کسان، نوجوان اور ناری شکتی کو مضبوط کرنے کی گارنٹی دی تھی۔ کل جو بجٹ پیش کیا گیا وہ مودی کی ان ضمانتوں کو پورا کرنے کا ثبوت ہے۔ پچھلے سالوں میں ہم نے غریبوں کو مفت کھانا مفت صحت اور مستقل رہائش فراہم کئے ہیں، آپ نے کل کے بجٹ کی کوریج ٹی وی پر دیکھی ہوگی اور آج تمام اخبارات بھرے پڑے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ بجٹ عوام کے لیے ہے، ایک ایسا بجٹ جو شہریوں کی امنگوں کی عکاسی کرتا ہے۔۔۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی

کیونکہ صاحب نے کہا ہے اس لئے بقول راحت اندوری

ہم اپنے شہر میں محفوظ بھی ہیں خوش بھی ہیں

یہ سچ نہیں ہے مگر اعتبا ر کرنا ہے

 

٭وزیر اعظم نریندر مودی نے یہ کہتے ہوئے کہ جھاڑو کے تنکے بکھر رہے ہیں اور عآپ نے دہلی کے 11 سال برباد کیے، لوگوں سے بی جے پی کو ووٹ دینے کی اپیل کی ۔۔۔ اے این آئی

صاحب جی جھاڑو کےتنکے اگر بکھر بھی جائیں تو انہیں جوڑ کر پھر سے جھاڑو بنایا جاسکتا ہے لیکن کنول اگر بکھر جائے، سوکھ جائے یا سڑ جائے تو اسے پھر سے اپنے اصل پر واپس لانا ناممکن ہے! یاد رہے!!

 

٭ کینیڈا کا امریکہ کے خلاف جوابی 25 فیصد محصولات عائد کرنے کا اعلان چین اور میکسیکو بھی ناراض ، وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ صدر ٹرمپ نے چین کینیڈا اور میکسیکو سے درآمدات پر 25 فیصد اور چین سے درآمدات پر 10 فیصد اضافی ٹیرف لاگو کرنے کے حکم نامے پر دستخط کر دیے ہیں۔ جبکہ تینوں ممالک نے اس اقدام پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹس ٹروڈو نے اعلان کیا ہے کہ کینیڈا 155 ارب ڈالر کی امریکی مصنوعات پر 25 فیصد محصولات عائد کر رہا ہے ۔۔۔ بی بی سی اردو

نپے تلے آہنگ پہ کب تک سنبھل سنبھل کر رقص کریں

کوئی دھن دیوانی کوئی حرکت مجنونانا بھی

 

٭دبئی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ دفاع عزت مآب حمدان بن محمد سے مل کر خوشی ہوئی۔ ہماری دوستی کے گہرے بندھنوں اور انہیں اپنے لوگوں کی بھلائی کے لیے آگے لے جانے پر گرمجوشی سے گفتگو  ہوئی ۔۔۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر

گھر میں مسلمانوں کو ہمیشہ حاشیے میں رکھنا مگر باہر عرب شیوخ کو سر آنکھوں پر بٹھانا اسے ہی تو کہتے ہیں

گڑ کھانا پر گُلگُلوں سے پرْہیز کَرنا

 

٭اپوزیشن کو اپنا کردار تعمیری انداز میں ادا کرنا چاہیے۔ ایوان کے اندر افراتفری پھیلانا اور غنڈہ گردی کا سہارا لینا غلط ہے ۔۔۔ راجستھان اسمبلی اجلاس کو لے کر بی جے پی کے ریاستی صدر مدن راٹھور

دوسروں کو نصیحت خود مِیاں فَضِیحَت

 

٭عرب وزرائے خارجہ کے مطابق وہ دو ریاستی حل کی بنیاد پر مشرقِ وسطیٰ میں منصفانہ اور جامع امن کے لیے ٹرمپ حکومت کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

میر کیا سادے ہیں بیمار ہوئے جس کے سبب

اسی عطار کے لڑکے سے دوا لیتے ہیں

 

٭سابق رکنِ پارلیمنٹ ادت راج کی قیادت میں کانگریس کارکنوں نے عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال کے گھر کے باہر احتجاج کیا اور پنجاب کے امرتسر میں بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمے کو توڑے جانے پر ان سے معافی کا مطالبہ کیا ۔۔۔ یو این آئی اردو

ایک طرف کانگریس مسلسل یلغار کر رہی ہے اور ایک طرف بی جےپی بڑے بڑے توپ برسا رہی ہے، بیچ میں بیچارے مفلر انکل جھاڑو کی ڈھال لئے اپنا بچاؤ کر رہے ہیں! اب کریں بھی تو کیا کریں! ہائے ہائے!!!

 

٭ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے عام آدمی پارٹی ( آپ ) اور کانگریس پر اس صدی کے پہلے 25 سال دہلی میں اقتدار میں رہ کر دارالحکومت کو برباد کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ اس بار دہلی اس سے مایوس ہے، یہی وجہ ہے کہ اسمبلی انتخابات میں شکست کے خوف سے حکمراں عآپ چاہتی ہے کہ کانگریس ان علاقوں میں جیت جائے جہاں اس کے امیدوار نہیں جیت سکے، تاکہ وہ پھر اکٹھے ہو کر حکومت بنا سکیں ۔۔۔ یو این آئی اردو

صاحب جی! دلی والے بہت سیانے ہیں وہ سب جانتے ہیں کہ کون کیا ہے اور کون کب کیا کرے گا بقول کیف بھوپالی

جناب کیفؔ یہ دلی ہے میرؔ و غالبؔ کی

یہاں کسی کی طرف داریاں نہیں چلتیں

 

٭ امریکی کمپنی ٹیسلا اور اس کے چینی حریف بی وائے ڈی نے سال 2024 کے چوتھے سہ ماہی میں مجموعی طور پر 3.5 ملین الیکٹرک گاڑیاں فروخت کیں ۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

یعنی بہت قریب میں پٹرول کی دولت اور اس پر کی جانے والی عیاشیاں سب خواب بننے والی ہیں!! زمانے کا یہ الٹ پھیر بھی خوب رہے گا!!

 

٭جب اتنے سالوں بعد ایودھیا میں رام للا کا قیام عمل میں آیا، تب بھی سماج وادی پارٹی (ایس پی) نے اس کی مخالفت کی تھی۔ پچھلے دو مہینوں میں ایس پی چیف کے تمام ٹویٹس مہا کمبھ کے خلاف ہیں جو اس صدی کا سب سے بڑا روحانی اور ثقافتی میلہ ہے،اب تک 34 کروڑ عقیدت مند تروینی سنگم میں مقدس ڈبکی لگا چکے ہیں ۔۔۔ ملکی پور میں ضمنی انتخاب سے قبل جلسہ عام سے خطاب کرتےہوئے یوپی کے سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ

اتنے سالوں سے حکومت میں رہنے کے باوجود بیچارے مکھیہ منتری جی کے پاس عوام کو دینے لئے سوائے دھرم کے کوئی اور چورن ہی نہیں ہے! افسوس صد افسوس !!!

 

٭ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو اپنے کام کی بنیاد پر الیکشن لڑنا چاہئے لیکن وہ دہلی کے لوگوں کو بیمار کرکے الیکشن لڑنا چاہتی ہے۔۔۔ یو این آئی اردو

مفلر انکل وہ دن لد گئے جب کام کی بنیاد پر الیکشن لڑے جاتے تھے اب یہ امرت کال ہے اس میں لوگوں کو ذہنی بیمار کر کے ہی الیکشن لڑا اور جیتا جاسکتا ہے! سمجھا کریں!!

 

٭ گیس، تیل اور نایاب وسائل سے مالا مال گرین لینڈ آج کل خبروں کی زینت بنا ہوا ہے۔ وجہ ہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اس جزیرے میں دلچسپی۔ یہاں کے قدرتی وسائل کے حصول کا لالچ البتہ اس جزیرے کا منفرد ماحول تباہ کر سکتا ہے ۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

سرمائے میں اضافہ کے لئے قدرتی وسائل کا استحصال ہی سرمایہ دار  اور سرمایہ پرستوں کا  پہلا اور آخری منشا ہوتا ہے اور اگر اس کی وجہ سے ساری دنیا فنا بھی ہوجائے تو اپنی بلا سے، سمجھا کرو!!

 

٭ہمیں عوام کی آواز پر توجہ دینے کا راستہ تلاش کرنا چاہیے ۔۔۔ مرکزی بجٹ 2025-26 پر ایک نجی میڈیا کو اپنے پہلے ویڈیو انٹرویو میں، مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رمن

یہ سارے لوگ تو شامل تھے لوٹنے میں مجھے

سنا ہے اب مری امداد کرنا چاہتے ہیں

 

٭بہار میں الیکشن ہیں (اسمبلی الیکشن 2025)۔ مودی حکومت کے تمام بجٹ انتخابات کے لیے ہوتے ہیں۔ یہ ایک انتخابی پیکیج ہے۔ یہ ملک کا بجٹ نہیں ہے ۔۔۔ بہار کے لیے خصوصی اعلانات پر شیو سینا (یو بی ٹی) کے رہنما سنجے راوت

بات تو سچ ہے مگر بات ہے رسوائی کی

 

٭ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ زندگی کا جنم زمین پر نہیں ہوا بلکہ یہ کہیں باہر سے آئی تھی اور پھلنے پھولنے کے لیے اسے یہاں ایک سازگار ماحول ملا۔ زمین پر زندگی کے لیے ایک سازگار ماحول تو موجود ہے لیکن سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہاں زندگی خلا سے آئی ہے ۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

تحقیق اپنی فطرت کی طرف رواں دواں ہے،  دیکھنا ایک دن ایسا بھی آئے گا جب باطل و الحاد کے پیغامبر خود حق کی گواہی دیں گے،  ان شاءاللہ!!

You may also like

Leave a Comment