Home » تلخ و تُرش

تلخ و تُرش

by زبان خلق

اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی

 

٭ قومی ووٹرز ڈے ہماری متحرک جمہوریت کو منانے اور ہر شہری کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا اختیار دینے کے بارے میں ہے۔ یہ قوم کے مستقبل کی تشکیل میں شرکت کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ ہم اس سلسلے میں ای سی آئی اور اس کی  مثالی کوششوں کی تعریف کرتے ہیں ۔۔۔ وزیر اعظم نریندرمودی

زیادہ خوش فہمی میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے!! یہ ہاتھی کے دکھانے والے دانت ہیں، کھانے کے دانت تو اور ہیں! سمجھا کریں!!

 

٭ بہار میں الیکشن  کے اعلان کےساتھ ہی لوگ ہر دو دن بعد آتے رہیں گے۔ ان لوگوں کو بہار کی ترقی کی کوئی پرواہ نہیں ہے، انہیں صرف الیکشن اور اقتدار میں رہنے کی فکر ہے۔ انتخابات کے دوران بڑے بڑے وعدے کیے جائیں گے، لیکن اس کے بعد کچھ نہیں بدلے گا، وہ یہاں کام کرنے کے لیے نہیں صرف جھوٹی یقین دہانیوں کے لیے آتے ہیں ۔۔۔ وزیر اعظم مودی کے آنے والے بہار کے دورے پر آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو

جس طرح سیاست دانوں کو صرف الیکشن اور اقتدار کی فکر رہتی ہے اسی طرح آج کل عوام کے ایک بڑے حصے کی سوچ میں اپنی ذات اور مذہب کا جادو سر چڑھ کر بولتا ہے، ایسے میں ترقی کی پرواہ کون کرے گا یادو جی!!

 

٭ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں واقع ‘جبلِ نور القرآن’ سے 120 قدیم اور نایاب قرآنی نسخے چوری ہو گئے ہیں ۔چوری شدہ نسخوں میں 600 سے 700 سال پرانے بعض ہاتھ سے تحریر کردہ نسخے بھی شامل ہیں ۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

لگتا ہے نام نہاد سلطنتِ خداداد کا آوے کا آوا ہی بگڑا ہوا ہے، نہ یہاں اب انسان محفوظ ہے اور نہ ایمان نہ قرآن! اللہ رحم کرے!!

 

٭ انہوں نے (اروند کیجریوال) وعدہ کیا تھا کہ اگر اے اے پی نے حکومت بنائی تو وہ ایک دلت نائب وزیرِ اعلیٰ کا تقرر کریں گے۔ 10 سال ہو چکے ہیں، اور دہلی کے لوگ اب بھی ایک دلت نائب وزیرِ اعلیٰ کا انتظار کر رہے ہیں ۔۔۔ مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ

شاہ جی! مفلر انکل بھی سب سیاست دانوں کی طرح ایک سیاست دان ہی ہیں بس!! بقول شاعر

صرف بھاشن ہیں میرے سب وعدے

جیت کر سب میں بھول جاتا ہوں

 

٭ مجھے یونین بجٹ سے کوئی امید نہیں ہے۔ ہم نے ‘موڈینومکس’ کے 11 سال دیکھے ہیں اور اس کا کیا نتیجہ نکلا ہے؟ اس کے نتیجے میں روپیہ سب سے کمزور ہوا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ ٹیکس فارمولوں نے متوسط طبقے اور کاروباری طبقے کو تباہ کر دیا ہے۔  روزگار نہیں ہے ، زرعی پیداوار اور  ایف ڈی آئی اپنی کم ترین سطح پر ہیں۔ لوگ ملک سے پیسہ باہر لے جا رہے ہیں۔ صرف جنوری کے مہینے میں بیرونی ممالک کی جانب سے 9 بلین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری نکالی گئی ہے ۔۔۔ مرکزی بجٹ پر کرناٹک کے وزیر پرینک کھرگے

کھرگے جی! یہ کیا مایوسی کی باتیں پھیلانے لگے ہو! کیا صاحب اور ان کی پارٹی کے لوگ جھوٹے ہیں جو یہ دعویٰ کرر ہے ہیں کہ ان کی وجہ سے بھارت امرت کال میں پرویش کرچکا ہے؟!

 

٭ روسی حکومت کے مطابق صدر پوٹن اپنے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن وہ پہلے واشنگٹن کی طرف سے اس سلسلے میں اشارے کا انتظار کر رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے بھی صحافیوں کو بتایا تھا کہ وہ بہت جلد پوٹن سے ملاقات کریں گے ۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

ایک منجھے ہوئے سخت گیر عیار سیاست داں اور سرمایہ پرست کاروباری جنونی اگر ملیں گے تو کیا گل کھلائیں گے، اور فائدے میں کون زیادہ رہے گا! یہ ایپی سوڈ یقیناً دیکھنے  لائق ہوگا!! انتظار کریں!!!

 

٭جب جموں و کشمیر کے میر واعظ فاروق کو میٹنگ میں بلایا گیا تو اپوزیشن لیڈروں نے میٹنگ روکنے کے لیے بدتمیزی شروع کردی،جے پی سی کو سرمائی اجلاس تک رپورٹ پیش کرنی تھی، اب ہم نے کل بجٹ اجلاس کی رپورٹ پیش کرنے کے لیے میٹنگ کی تھی۔ اس سے پہلے ٹی ایم سی کے رکن پارلیمنٹ کلیان بنرجی نے بھی میٹنگ کے دوران بوتلیں پھینکیں۔ ان میٹنگس کو روک کر رپورٹ میں تاخیر کرنا ان کی سوچی سمجھی حکمت عملی ہے۔ کل کی میٹنگ میں گواہوں کو جرح کے لیے بلایا گیا تھا لیکن ان کے جھگڑے اور لڑائی کی وجہ سے میٹنگ شروع بھی نہ ہو سکی ۔۔۔ جے پی سی کی میٹنگ پر، وقف (ترمیمی) بل 2024 جے پی سی کے چیئرمین، اور بی جے پی کے ایم پی، جگدمبیکا پال

وہ تازہ دم ہیں نئے شعبدے دکھاتے ہوئے

عوام تھکنے لگے تالیاں بجاتے ہوئے

 

٭ آپ-دا پارٹی نے دہلی کے لوگوں کو بہت مشکل میں ڈال دیا ہے۔ دہلی بہت بدل گئی ہے، ہر طرف کچرے کے ڈھیر ہیں، دہلی کی سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں۔ بدعنوانی کے معاملے پر الیکشن جیتنے والے شخص نے بدعنوانی کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے۔ اروند کیجریوال کئی گھوٹالوں میں ملوث ہیں۔ عآپ ایک کٹر بے ایمان پارٹی ہے ۔۔۔  بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا

نیتا جی! آپ جہاں جہاں سرکار میں ہیں وہاں وہاں کے حزب اختلاف بھی آپ پر ایسے ہی الزامات دھرتے ہیں! اس پر آپ کیا کہنا چاہیں گے!!

 

٭ امریکی ریاست سیئیٹل کے ایک وفاقی جج نے والدین کی امیگریشن کی حیثیت سے قطع نظر پیدائشی حق شہریت کی آئینی ضمانت کو ختم کرنے کے ٹرمپ کے حکم کو عارضی طور پر روک دیا ہے۔ امریکی ڈسٹرکٹ جج جان کوفینور نے فیصلہ سنایا کہ صدر کی جانب سے امریکہ میں پیدا ہونے والے بچوں کو امریکی شہریت دینے سے انکار کرنے کی کوشش "پوری طرح سے غیر آئینی” ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

صدر کو بھی معلوم تھا کہ ان کے آرڈیننس کا حشر ایسا ہی ہوگا پر وہ تو اپنے بھگتوں کو خوش کرنا چاہتے تھے سو انہوں نے کردیا! اب اس حکم کے ساتھ کیا کرنا ہے وہ قانون جانے اور قانون کے رکھوالے جانیں، انہیں اس سے کوئی مطلب نہیں!! سمجھے!!

 

٭ آندھرا پردیش کانگریس کے صدر وائی ایس شرمیلا ریڈی نے آندھرا پردیش کے عوام سے ٹی ڈی پی کے ذریعہ کئے گئے "سپر سکس”  یعنی مفت بس کی سواری، تین مفت سلنڈر، 20 لاکھ نوکریاں، اور بے روزگار نوجوانوں کو 3000 روپے کا وظیفہ  جیسے وعدوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کرنے کے لئے ‘تھالی باجو’ احتجاج کیا ۔۔۔ اے این آئی

بقول بھگتوں کے صاحب نے تھالی بجا کر کرونا بھگائی تھی  شاید اس سے متاثر ہو کر محترمہ نے یہ طریقہ اختیار کیا ہو! مگر یہاں کرونا کون ہے؟!

 

٭دہلی میں، عام آدمی پارٹی بھاری اکثریت کے ساتھ حکومت بنانے کے لیے تیار ہے، اور 60 سے زیادہ سیٹیں عام آدمی پارٹی جیتے گی ۔۔۔ عآپ  کے راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ

ساون کے اَندھے کو ہَرا ہی ہَرا سوجْھتا ہے

 

٭ دنیا سے جذام کی بیماری ختم کیوں نہیں ہو رہی؟ تمام تر سائنسی ترقی کے باوجود آج بھی سالانہ تقریباً دو لاکھ افراد جذام کی بیماری میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ یورپ میں اس بیماری کو شکست دی جا چکی ہے لیکن دنیا کے متعدد غریب ممالک میں یہ اب بھی زندگیوں کو تباہ کر رہی ہے۔ دنیا بھر میں اس انفیکشن کی وجہ سے عمر بھر کے لیے معذور ہونے والے افراد کی تعداد تقریباً 30 لاکھ بنتی ہے ۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

یہ بات یقیناً افسوسناک ہے کہ غریب ممالک میں اس بیماری پر قابو نہیں پایا جاسکا مگر یہ کہنا کہ یورپ نے اس بیماری کو شکست دے دی غلط ہے۔ بھلے سے انہوں نے ظاہری جذام سے خلاصی پالی ہو لیکن  ان کے یہاں ابھی بھی ذہنی جذام کے مریض بڑی تعداد میں پائے جاتے ہیں! کیا سمجھے!!

 

٭ اروند کیجریوال نے سیاست میں اپنے کیریئر کی شروعات ‘انڈیا اگینسٹ کرپشن’ کے بینر تلے کی تھی۔ اس وقت انا ہزارے سب سے آگے تھے، وہ لوک پال کے لیے لڑے اور یو پی اے حکومت نے لوک پال بنایا۔ لیکن اروند کیجریوال، جو لوک پال کی مدد سے بدعنوانی کو ختم کرنا چاہتے تھے اب اس کے بارے میں کچھ نہیں کر رہے ہیں۔ عآپ کے ساتھ ہمارا معاہدہ نظریاتی اور بی جے پی آر ایس ایس کے خلاف تھا اور یہ قومی سطح پر تھا۔ لیکن علاقائی سطح پر ہر پارٹی کو انفرادی طور پر الیکشن لڑنے کا حق حاصل ہے۔ انہیں ایماندار اور بے ایمان کی بات نہیں کرنی چاہئے کیونکہ سب جانتے ہیں کہ دوسرا شخص کہاں کھڑا ہے ۔۔۔  کانگریس نیتا دگ وجے سنگھ

اس کا مطلب ہے پردے کے پیچھے کچھ ہوچکا ہے یا ہورہا ہے یا ہونے والا ہے!! اور شاید یہی سیاست ہے!

سمجھنے ہی نہیں دیتی سیاست ہم کو سچائی

کبھی چہرہ نہیں ملتا کبھی درپن نہیں ملتا

 

٭ جموں و کشمیر کے وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ کو اب مقبول مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ‘ایکس’ پر ایک سرکاری ہینڈل مل گیا ہے یہ اعلان وزیرِ اعلیٰ کے دفتر نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ کے ذریعے کیا۔ انہوں نے پوسٹ میں کہا ‘ ہمیں یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ جموں و کشمیر کے وزیرِ اعلیٰ کا دفتر اب باضابطہ طور پر ‘ایکس’ پر ہے’ پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ جموں و کشمیر خطے کی تشکیل کرتے ہوئے کلیدی اقدامات، پالیسیوں اور پیشرفت کے بارے میں اپ ڈیٹس کے لیے ہمارے ساتھ جڑے رہیں۔۔۔ یو این آئی اردو

یعنی بقول شاعر

تری نسبت سے شہرت کی بلندی پر پہنچنا ہے

ذرا آنچل کو سرکانا،مجھے اک شعر کہنا ہے

 

٭ فرانس کی ایک عدالت نے معزول شامی صدر بشارالاسد کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیا ہے ، ان پر جنگی جرائم میں مبینہ طور پر ملوث ہونے بالخصوص عام شہریوں پر جان بوجھ کر حملہ کرنے کے ا‍لزامات ہیں فرانسیسی عدلیہ نے، مجموعی طور پر شامی حکام کے لیے چودہ وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

جب اقتدار ہاتھ سے چلی جاتی ہے تو دنیا کیسے  کیسے رنگ بدلتی ہے!! افسوس!! اِنَّ فِیۡ ذٰلِکَ لَاٰیٰتٍ لِّقَوۡمٍ یَّعۡقِلُوۡنَ۔ (یقناً اس میں عقلمند لوگوں کے لئے کئی ایک نشانیاں موجود ہیں۔)

…………………………..

You may also like

Leave a Comment