Home » تلخ و تُرش

تلخ و تُرش

by زبان خلق
0 comment

اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی

٭ لاس اینجلس میں سات جنوری کو بھڑکنے والی آگے کے فوراً بعد اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ نے متاثرہ افراد کی مدد شروع کردی۔ تنظیم نے ریلیف کام کے لیے 250,000 ڈالر مختص کیے ہیں۔ متاثرہ لوگوں کو گرم کپڑے، کمبل اور تازہ خوراک پہنچانے کے علاوہ اکنا کے مخفف سے موسوم تنظیم، ماہر ین نفسیات کی خدمات بھی فراہم کر رہی ہے جو لوگوں کو اس المناک صورت حال میں تسلی اور امید کا پیغام دے رہی ہیں۔اکنا ریلیف یو ایس اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالرؤف خان نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ان کی اسلامی فلاحی تنظیم تین ہزار خاندانوں کو امداد فراہم کرے گی۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

ہر کہ خدمت کرد او مخدوم شد

ہر کہ خود را دید او محروم شد

بد ترین تعصب اور اسلاموفوبیا کو زیر کرنے کا واحد ہتھیار بر وقت خدمت ہےجس کا بیڑا یہ فلاحی تنظیمیں اٹھا رہی ہیں! جزاک اللہ خیرا کثیرا

 

٭بی جے پی دہلی میں حکومت بنا رہی ہے کیونکہ جہاں جہاں بی جے پی کی حکومتیں ہیں، پی ایم مودی کی قیادت میں پہلی بار لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا گیا ہے۔ غریبوں کو مضبوط کیا گیا ہے، اور ان کے خدشات کو دور کیا گیا ہے ۔۔۔ آنے والے دہلی اسمبلی انتخابات کے بارے میں، ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نایاب سنگھ سینی

صاحب کی پارٹی میں صرف صاحب ہی پھینکنے میں ماہر نہیں اور بھی کئی اس فن میں مہارت رکھتے ہیں! پتہ نہیں یہ صلاحیت کسبی ہے یا وہبی!!

 

٭ امریکی اسکولوں میں طلبہ کے موبائل فون لانے پر پابندی عائد کرنے کے رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ دو برس کے دوران کم از کم آٹھ ریاستوں نے ایسی پابندیاں عائد کی ہیں جب کہ متعدد ریاستوں میں ایسی پابندیاں زیرِ غورہیں۔ زیادہ اسکرین ٹائم کے باعث بچوں کے نفسیات اور دماغی صحت پر پڑنے والے اثرات پر پائے جانے والے تحفظات کے باعث مختلف ریاستوں میں اسکولوں میں موبائل فون لانے پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں اس کے علاوہ اساتذہ کی یہ مسلسل شکایت بھی اس کے اسباب میں شامل ہے کہ موبائل فون ہونے کی صورت میں بچے پوری توجہ سے کلاس میں بیٹھتے نہیں اور ان کا دھیان بٹتا رہتا ہے ۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

یعنی بقول شاعر

جو ہم پہ گزرے تھے رنج سارے جو خود پہ گزرے تو لوگ سمجھے

 

٭ گلوبل وارمنگ کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے، ہمیں شمسی توانائی کو فروغ دینا جاری رکھنا چاہیے۔ ہندوستان کی  جی 20 صدارت کے دوران ہم نے ایک سبز مستقبل پر زور دیا ، ہندوستان میں ای وی اور شمسی توانائی کے ساتھ بڑے پیمانے پر اہم کام کیا جا رہا ہے ۔۔۔ بھارت موبلٹی گلوبل ایکسپو میں، وزیرِ اعظم نریندر مودی

"ہم نے ایک سبز مستقبل پر زور دیا” ، غیر اردای طور پر ادا کیا گیا سچا جملہ! کوئی لاکھ کوشش کرلے ایک نہ ایک دن ہر ایک کو اپنی  فطرت پر واپس آنا ہی ہے! کیا سمجھے!!

 

٭سپول اور بہار کے لیے 2025  بہت اہم ہے۔ اس سال متعدد ریل، سڑکیں اور پل شروع ہونے والے ہیں، ایم ایل اے بیجندر پرساد یادو، سپول کی ترقی کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں ۔۔۔ بی جے پی لیڈر سید شاہنواز حسین

چونکہ انتخابات قریب ہیں ایسے بیانات بہت سننے کو ملیں گے مگر ہوگا وہی جو ہوتا آیا ہے! سمجھا کریں!!

 

٭ اسرائیلی حکومت کی جانب سے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کی منظوری کے بعد عالمی ادارہ صحت نے امداد میں اضافے، طبی سہولیات سے لیس ہسپتالوں کے قیام اور مریضوں کو نکالنے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔۔۔ یو این آئی اردو

یہ عجیب ماجرا ہے کہ بروز عید قرباں

وہی ذبح بھی کرے ہے وہی لے ثواب الٹا

 

٭بی جے پی صدر جے پی نڈا نے اپنے منشور میں کئی ‘ریوڑیوں’ (مفتوں) کا اعلان کیا ہے۔ میرا سوال یہ ہے کہ  کیا انہوں نے اس کے لیے وزیرِ اعظم مودی کی منظوری لی ہے؟ کیونکہ وزیرِ اعظم مودی نے مفت خدمات پیش کرنے کیلئے  مجھ پر 100 سے زائد بار تنقید کی ہے اور اسے ‘فری کی ریوڑی’ قرار دیا ہے اور اب بی جے پی کے قومی صدر نے آج پہلے (دہلی کے لوگوں) سے وعدہ کیا ہے کہ وہ میری طرح ‘ریواڑی’ تقسیم کریں گے ۔۔۔ بی جے پی کے منشور کے اجراء پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے عآپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال

مفلر انکل!یہی سیاست ہے!عآپ کی چال پر عآپ ہی کے طرز پر چال چل کر عآپ کو چت کرنے کی کامیاب کوشش!اب دیکھنا یہ کہ پبلک کس کے جھانسے میں زیادہ  آتی ہے؟!

 

٭میں موہن بھاگوت سے پوچھنا چاہوں گا کہ پچھڑے اور دلتوں کو کب آزادی ملے گی اور کب آر ایس ایس کے پاس کوئی ایسا سربراہ ہوگا جو دلت یا آدیواسی ہو؟ بی جے پی اور آر ایس ایس نے ملک کی آزادی میں کوئی کردار ادا نہیں کیاہے اور اب وہ ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، آئین کے بجائے وہ اپنے ‘ناگپوریہ قانون’ کو نافذ کرنا چاہتے ہیں ۔۔۔ آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کے ‘حقیقی آزادی’ کے تبصرہ پرآر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو

اسے کہتے ہیں سو سنار کی اور ایک لوہار کی! لگے رہو یادو جی!

 

٭امریکی صدر جو بائیڈن کی ‘طبقہ امراء’ کے ہاتھ میں اقتدار کے خلاف تنبیہ، اپنے آخری خطاب میں صدر جو بائیڈن نے ان باتوں پر توجہ مرکوز کی، جو ان کی نظر میں امریکی جمہوریت کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔ اس میں طبقہ امراء کے ہاتھ میں اقتدار اور دولت مندوں کے ہاتھوں میں طاقت کا ارتکاز شامل ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

آخری وقت میں مسلماں ہونے کی کوشش!

ہائے اس زود پشیماں کا پشیماں ہونا

 

٭ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) نے دہلی اسمبلی انتخابات میں 70 میں سے 69 سیٹوں کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا، بی ایس پی نے یہاں جاری امیدواروں کی فہرست میں دہلی کے 69 اسمبلی حلقوں میں اپنے امیدواروں کا اعلان کیا ہے،  پارٹی نے بابر پور اسمبلی حلقے سے امیدوار کھڑا نہیں کیا ہے ۔۔۔ یواین آئی اردو

بانٹو اور جیتنے دو کی کامیاب حکمت عملی اور عآپ اور کانگریس کے حق میں "ہم تو ڈوبے ہیں صنَم تم کو بھی لے ڈوبیں گے” کا واضح اعلان!

 

٭آر بی آئی  کا کہنا ہے کہ 10 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے میں ہندوستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر یو ایس ڈالر8.714 بلین کی کمی سے یو ایس ڈالر625.871 بلین رہ گئی ہے۔۔۔ پی ٹی آئی

وطن عزیز میں جس قسم کی سیاست چل رہی ہے اس سے تو لگتا ہے، ابھی عشق کے امتحان اور بھی ہیں! ایشور بھلا کرے!!

 

٭راولپنڈی کی احتساب عدالت نے القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو 14 برس اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سات سال قید کی سزا سنائی  ہے۔ عدالت نے عمران خان کو دس لاکھ اور بشریٰ بی بی کو پانچ لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

تاریخ شاہد ہے نام نہاد سلطنت خداد داد میں ایسے سیاسی فیصلوں پر عمل کم ہی ہوا ہے، دیکھتے ہیں یہ فیصلہ کیسے اور کتنے عرصے میں مذاق بنتا ہے!!

 

٭سکھ تنظیموں نے فلم ‘ایمرجنسی’ کی نمائش پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔ ایس جی پی سی نے پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ بھگونت مان کو خط لکھ کر کنگنا رناوت کی فلم ‘ایمرجنسی’ کی ریلیز پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے، اورکہا ہے کہ یہ سکھوں کی شبیہ کو "داغدار” کرتی ہے اور تاریخ کو غلط طریقے سے پیش کرتی ہے ۔۔۔ پی ٹی آئی

سیاسی اور پروپگنڈا فلمیں معاشرے میں انتشار پیدا کرنے کے لئے ہی ریلز کی جاتی ہیں! سمجھا کریں!!

 

٭تیاریاں مکمل ہیں، تیاریاں جاری ہیں، اور ہم اچھی طرح سے لڑنے اور اپنے امیدواروں کو ایم ایل ایز کے طور پر منتخب کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں ۔۔۔ بہار کے  قانون ساز اسمبلی انتخابات 2025 کے بارے میں، اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی

یعنی ایک بار پھر نادان دوست! دانا دشمن کو جتانے کے لئے تیار ہوگیا ہے!! افسوس!!

 

٭ پاکستان کبھی بھی امریکہ کا ٹیکنیکل اتحادی نہیں رہا، وائٹ ہاؤس کے ایک اعلیٰ اہلکار نے واضح کیا کہ پاکستان کبھی بھی امریکہ کا تکنیکی اتحادی نہیں رہا کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان اتحاد کا کوئی معاہدہ موجود نہیں ہے ۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

ہائے ہائے! جن کی جی حضوری میں ایمان سے گئے تھے اب وہی کافر کا فتویٰ بھی دینے لگے ہیں!!

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

You may also like

Leave a Comment