Home » تلخ و تُرش

تلخ و تُرش

by زبان خلق
0 comment

اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی

٭ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے 18ویں پرواسی بھارتیہ دیوس (پی بی ڈی) کے مقام جنتا میدان سے خصوصی جدید ترین ٹورسٹ ٹرین پرواسی بھارتیہ ایکسپریس کے افتتاحی سفر کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا یہ خصوصی ٹورسٹ ٹرین خاص طور پر ہندوستانی تارکین وطن کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے مسٹر مودی نے اس موقع پر کہا کہ خصوصی ٹرین کو ہری جھنڈی دکھانا 1915 میں مہاتما گاندھی کی جنوبی افریقہ سے ہندوستان واپسی کی سالگرہ کے موقع پر ہے۔۔۔ یو این آئی اردو

صاحب کے ہاتھ میں ہری جھنڈی، زبان پر مہاتما گاندھی، کچھ عجیب لگ رہا ہے کیا؟! لیکن یاد رہے یہ کوئی بدلاؤ نہیں سیاسی منافقت ہے بس! اور کچھ نہیں!!

 

٭اگر ہم ہندوستان کو سپریم بنانا چاہتے ہیں، تو یہ منشیات سے پاک ہندوستان کے بغیر حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ یہ جنگ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو ایک متحد پلیٹ فارم پر مل کر لڑنی چاہیے۔ آج، ہم نے ضبط شدہ نشہ آور اشیاء کو جلانے کی شروعات کی ہے۔ اگلے 10 دنوں میں 1 لاکھ کلو گرام نشہ آور اشیاء کو تلف کر دیا جائے گا ۔۔۔ منشیات کی اسمگلنگ اور قومی سلامتی پر ایک علاقائی کانفرنس سے خطاب  کرتے  ہوئے مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ

شاہ جی! ہندوستان کو سپریم بنانے کے لئے صرف منشیات ہی نہیں کچھ اور نشوں کو بھی تلف کرنا ضروری ہے جو منشیات سے زیادہ خطرناک ہیں! کیا سمجھے!!

 

٭امریکہ کی ایک عدالت نے پورن اسٹار کو پیسوں کے عوض خاموش رہنے (ہش منی) کے کیس میں منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سزا سنا دی ہے۔ تاہم جج نے اُن پر کوئی تعزیر عائد نہیں کی جس کا مطلب ہے کہ ان کی یہ سزا علامتی ہو گی اور انہیں جیل یا کسی جرمانے کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

یعنی جرم ثابت ہوگیا، مجرم ٹھہرا دئے گئے مگر کوئی سزا نہیں! واہ رے منصفی!!

آپ ہی کی ہے عدالت آپ ہی منصف بھی ہیں

یہ تو کہیے آپ کے عیب و ہنر دیکھے گا کون

 

٭ کانگریسی صدر ملکارجن کھڑگے اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے گڈس اینڈ سرویس ٹیکس (جی ایس ٹی) کو عام لوگوں کے گھر برباد کرنے والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس میں بھاری رعایت دینے کے بجائے حکومت کو چاہیے کہ وہ ‘ٹیکس کی دہشت’ بند کرے اور عام لوگوں کی لوٹ مار بند کرے مسٹر کھڑگے نے کہا کہ ‘اسے ‘گبر سنگھ ٹیکس’ کہیں یا ‘گرہستی ستیانش ٹیکس’ یا ‘سیتارمن ٹیکس’ کہیں جسے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جی ایس ٹی کہتی ہے، ایک بات طے ہے کہ مودی حکومت نے اس کو نافذ کرکے غریب اور متوسط طبقے سے ان کی محنت کی کمائی لوٹنے کا ذریعہ بنا لیا ہے۔۔۔ یو این آئی اردو

لیکن کھڑگے جی! میڈم جی! اس کی بنیاد تو کانگریس نے ہی رکھی تھی نا! اب جب یہ تلوار بن کر آپ پر گر رہی ہےتو آپ کو غریب، متوسط طبقہ اور ان کی محنت کی کمائی کی فکر ہو رہی ہے! خوب!!

 

٭انڈیا اتحاد کو بچانا کانگریس پارٹی کی ذمہ داری ہے۔ کانگریس سب سے بڑی پارٹی ہے، یہ درست ہے کہ انڈیا اتحاد لوک سبھا کے انتخابات کے لیے بنایا گیا تھا اور انتخابات کے بعدانڈیا اتحاد کی ایک بھی میٹنگ نہیں ہوئی۔ کانگریس پارٹی ہی اس میٹنگ کو بلانے کی ذمہ دار تھی۔ ہم اب تک انڈیا اتحاد کے کنوینر کا اعلان نہیں کر سکے ہیں، اگر ہمیں کسی طاقت کے خلاف لڑنا ہے تو  ان تمام باتوں کو ذہن میں رکھنا چاہیے ۔۔۔ مہاراشٹر: شیو سینا یو بی ٹی کے ایم پی سنجے راوت

بات تو صحیح ہے مگر اتحاد کی ہر  پارٹی جب اپنے وقتی سیاسی مفادات کو ہی فوقیت دے رہی ہو تو ایسے میں بیچاری کانگریس کرے تو کیا کرے! آپ ہی بتائیے راوت جی!

 

٭ امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس اور اطراف میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ چار روز قبل لگنے والی آگ سے اب تک ہزاروں مکان جل چکے ہیں جب کہ کم از کم 11 افراد ہلاک ہوئے ہیں امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں اس وقت پانچ مختلف مقامات پر آگ لگی ہوئی ہے اور فائر فائٹرز اسے بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔خوف ناک آتش زدگی کے باعث اب تک ایک لاکھ اسی ہزار کے قریب افراد نقل مکانی کر چکے ہیں جب کہ دو لاکھ اور افراد کو علاقہ چھوڑنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

اسے کہتے ہیں قدرت کی لاٹھی! دوسروں کے گھروں کو جہنم بنانے چلے تھے! اب خود اپنے دوار کو نرک بنا بیٹھے!! اس میں سمجھنے والوں کے لئے بڑی نشانیاں ہیں!

 

٭ عام آدمی پارٹی (آپ) نے نئی دہلی سے بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے امیدوار پرویش ورما کے خلاف الیکشن کمیشن میں شکایت درج کی اور کہا ہے کہ اس اسمبلی حلقہ میں ووٹروں کے ناموں کو شامل کرنے اور ہٹانے میں دھاندلی ہو رہی ہے مسٹر کیجریوال کے ساتھ دہلی کی وزیرِ اعلیٰ آتشی، پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ بھگونت مان اور رکنِ پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے نئی دہلی اسمبلی میں بے ضابطگیوں کا الزام لگاتے ہوئے شکایت درج کرائی ہے۔۔۔ یو این آئی اردو

دھاندلی اور بے ضابطگی! اور وہ بھی بی جے پی!! سوال ہی نہیں پیدا ہوتا، اس جیسی ایماندار پارٹی تو بھارت کی تاریخ میں آج تک پید اہی نہیں ہوئی!! لگتا ہے مفلر انکل کو ہار کا ڈر پریشان کررہا ہے! کیا سمجھے!!

 

٭عہدے سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، میں وہی شخص ہوں جو کبھی فرش پر بیٹھا کرتا تھا۔۔۔ وزیرِ اعظم نریندرمودی

اتنی نہ بڑھا پاکیٔ داماں کی حکایت

 دامن کو ذرا دیکھ ذرا بند قبا دیکھ

 

٭اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ میں غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق مزید 70 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والے اس تنازع میں فلسطینیوں کی ہلاکتوں کی تعداد 46 ہزار سے آگے تجاوز کر گئی ہے۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

خدا کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں، وہ وقت یقیناً قریب ہے جب آستین کا لہو ہی نہیں ہاتھوں کے خنجر بھی ظالموں کے خلاف گواہی دیں گے اور انہیں بوند بوند کا حساب دینا پڑے گا!!

 

٭ راجستھان کانگریس کے سابق صدر اور سینئر لیڈر سچن پائلٹ نے گزشتہ ایک سال میں ریاستی حکومت کے فیصلوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے عوام میں غصہ ہے اور ایوان کے اندر ہم حکومت سے جواب طلب کریں گے ۔۔۔ یو این آئی اردو

اور آپ کر بھی کیا سکتے ہیں نیتا جی! ایوانوں میں شور اور ہنگامہ کرنے کے ، چاہے وہ ریاست میں ہو یا مرکز میں! لگتا ہے وی تمام سیاسی داؤ پیچ جن میں کانگریس کبھی طاق مانی جاتی تھی،ان پر اب بھاجپا کی اجارہ داری قائم ہوگئی ہے! افسوس!!

 

٭یہ نفرت انگیز تقریر ہے اور اس شخص کو گرفتار کیا جانا چاہیے، یہ شخص ہندوستان کے لیے خطرہ ہے کیونکہ یہ پہلی بار نہیں ہوا ہے کہ اس نے ایسا اشتعال انگیز فرقہ وارانہ بیان دیا ہو ، حقیقت یہ ہے کہ اس کا بطور وزیر جاری رہنا بی جے پی اور آر ایس ایس کی منافقت کا عکاس ہے۔وزیرِ اعظم آئین کی بات کرتے ہیں اور یہاں ان کے وزیر اس نفرت انگیز تقریر کے ذریعے آئین کی بنیادوں کو ہی تباہ کر رہے ہیں، جو ایسا کرتے ہیں انہیں ان کے عہدے سے ہٹایا جانا چاہیے ۔۔۔ مہاراشٹر کے وزیر نتیش رانے کے بیان پر، سی پی آئی-ایم کی رہنما، برندا کرات

برندا جی! یہ امرت کال ہے، اس میں ایسا ہی ہوتا ہے! عوام کوآپس میں الجھائے رکھنے کے لئے تاکہ وہ اپنے ساتھ ہونے والی بے ایمانیوں پر سوال نہ کھڑے کردیں! ایسے دو ایک  منہ پھٹ منتریوں کا ہونا ضروری ہے، سمجھا کریں!!

 

٭سری لنکا سے تعلق رکھنے والے ایک سخت گیر بدھ راہب گلاگوداتے گننسرا کو اسلام کی تضحیک اور مذہبی منافرت پھیلانے کے الزام میں نو ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ انھیں سابق سری لنکن صدر گوٹابیا راجاپکشے کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا ہے،2016 میں دیے گئے متنازع بیان پر گننسرا کو سزا سنائی گئی، اشتعال انگیزی اور توہین عدالت پر گننسرا کو چھ سال قید کی سزا ہوئی تھی مگر انھیں 2019 میں صدارتی معافی مل گئی تھی۔ لیکن اس بار انھیں کولمبو کی مجسٹریٹ عدالت نے نو ماہ قید کی سزا سنائی اور جیل بھیج دیا ۔۔۔ بی بی سی اردو

جب عدالتیں انصاف کرنے کی ٹھان لیں تو مجرم چاہے کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو انصاف ہوکر رہتا ہے! اسلاموفوبیا کےسخت دھوپ  میں بادِ نسیم کا ایک ہلکا سا جھونکا!!

 

٭جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ نینل کانفرنس نے ہمیشہ ریاستی عوام کی خوشحالی، فارغ البالی ، امن و سکون ، عزت و آبرو کی زندگی کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر کی انفرادیت، پہچان اور اجتماعیت خصوصاً بھائی چارہ کی مشعل کو فروزاں رکھا اور یہ جماعت آج بھی اپنے سنہری اصولوں پر قائم و دائم ہے ۔۔۔ یو این آئی اردو

کچھ اور کام اسے یاد ہی نہیں شاید

مگر وہ جھوٹ بہت شاندار بولتا ہے

 

٭ نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکڑ نے دانشوروں کی گروپ بازی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ادارے کو کمزور کرنا قومی مفاد میں نہیں ہے۔۔۔ یو این آئی اردو

بے شک نہیں ہے!! مگر کون ایسا کر رہا ہے محترم؟! کہیں آپ کا اشارہ!!!!

بھانپ ہی لیں گے اشارہ سر محفل جو کیا

تاڑنے والے قیامت کی نظر رکھتے ہیں

 

٭ڈونلڈ ٹرمپ کے علاقائی عزائم: پاناما کینال اور گرین لینڈ پر کنٹرول کی خواہش، ٹرمپ نے خلیج میکسیکو کا نام بدل کر خلیج امریکہ رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا اور میکسیکو اور کینیڈا پر اہم محصولات عائد کرنے کے اپنے وعدے کو دہرایا۔ انہوں نے خلیج کے بارے میں کہا کہ "یہ بہت سارے علاقے پر محیط ہے۔ ‘خلیج امریکہ’ کتنا خوبصورت نام ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

بات یہ ہے کہ آدمی پاگل

یا تو ہوتا ہے یا نہیں ہوتا

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

You may also like

Leave a Comment