Home » تلخ و تُرش

تلخ و تُرش

by زبان خلق
0 comment

اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی

 

٭سابق وزیرِ اعظم منموہن سنگھ کی موت پر وزیرِاعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان اپنے سب سے ممتاز رہنما ڈاکٹر منموہن سنگھ جی کے کھو جانے پر سوگوار ہے، بطور وزیرِ اعظم انہوں نے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے وسیع کوششیں کیں۔ حزبِ اختلاف کے رہنما راہل گاندھی نے کہا کہ منموہن سنگھ جی نے بے پناہ حکمت اور دیانتداری کے ساتھ ہندوستان کی قیادت کی، ان کی عاجزی اور معاشیات کی گہری سمجھ نے قوم کو متاثر کیا۔ ان کے علاوہ بھی ملک اور دنیا بھر کے رہنماؤں نے اور ان کے چاہنے والوں نے سابق وزیرِ اعظم منموہن سنگھ کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔۔۔ ایجنسیز

موت اس کی ہے کرے جس کا زمانہ افسوس

یوں تو دنیا میں سبھی آئے ہیں مرنے کے لیے

 

٭ کانگریس نے کہا ہے کہ مہاتما گاندھی نے 100 سال پہلے بیلگام اجلاس میں انڈین نیشنل کانگریس کے صدر کی حیثیت سے جن خیالات کا اظہار کیا تھا، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اسی جگہ منعقد ہونے والے اجلاس میں، باپو کے اصولوں کی حفاظت کا عہد لیا جائے گا کانگریس کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے ٹویٹ کیا کہ کانگریس مہاتما گاندھی کے نظریات پر عمل کرے گی اور ان کے اصولوں پر ہو نے والے حملوں کا منہ توڑ جواب دے گی۔۔۔ یو این آئی اردو

اگر کانگریس مہاتما گاندھی کے نظریات پر پورے خلوص سے کاربند رہتی تو آج اس کی جو درگت ہورہی ہے وہ کبھی نہ ہوتی، خیر دیرآید درَست آیَد کے بموجب اگر اب بھی کانگریس بغیر سیاست کئے خلوص کے ساتھ اپنی اصل کی طرف لوٹ آئے تو بہت کچھ ہوسکتا ہے!!!

 

٭امریکہ میں اس سال بے گھر افراد کی شرح میں 18.1 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا ہے جس کی کئی وجوہات میں مناسب قیمت پر رہائش کی عدم دستیابی بھی شامل ہے،وفاقی حکام کے مطابق بے گھر افراد میں رواں سال ڈرامائی اضافے کے پیچھے تباہ کن قدرتی آفات اور ملک کے کئی حصوں میں بہت سے تارکین وطن کی آمد بھی ہے ۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

اسے کہتے ہیں چراغ تلے اندھیرا !! یا انکل سام دنیا بھر میں جو کرتے پھر رہے ہیں اس کا مکافات عمل بھی ہوسکتا ہے!!

 

٭ اڈانی گروپ نے کئی جگہوں پر بڑی شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں جن کے بارے میں ہم نے  کبھی سوچا بھی نہیں تھا، میرے لیے یہ(دھاروای پراجکٹ) ان میں سے ایک ہے، یہ وہ کام ہے جسے میں پورا کرنا چاہتا ہوں، میں 62 سال کا ہوں، اور 5 سے 10 سال کے بعد میں ریٹائرڈ ہو جاؤں گا ، اس سے پہلے میں اسے مکمل کرنا چاہتا ہوں تاکہ دس لاکھ لوگ اسے اگلے 50 سال تک یاد رکھیں ۔۔۔ دھاراوی پراجکٹ پر اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی

یہ فتنہ آدمی کی خانہ ویرانی کو کیا کم ہے

ہوئے تم دوست جس کے دشمن اس کا آسماں کیوں ہو

 

٭ دہلی میں کانگریس کے لیڈروں کے کچھ بیانات سے ناراض عام آدمی پارٹی (عآپ) نے کانگریس پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی دہلی یونٹ کے ساتھ ملی بھگت کا الزام لگاتے ہوئے کانگریسی لیڈر اجے ماکن کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا، عآپ کے رہنماؤں نے کہا کہ وہ کانگریس کو آل انڈیا اپوزیشن اتحاد انڈیا سے نکالنے کے مطالبے کو اٹھانے پر بھی غور کر رہے ہیں۔۔۔ یو این آئی اردو

لگتا ہے بلیوں کی اس لڑائی میں بندر کے دونوں ہاتھوں میں لڈو آنے والے ہے!!

 

٭ نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ صدر ایردوان اسمارٹ آدمی ہیں ، انہوں نے خون بہائے بغیر شام پر غیر دوستانہ قبضہ کیا ہے۔۔۔ ترکیہ اردو

ولی را وَلی می شَناسَد

 

٭ہمارا ماننا ہےکہ عام آدمی پارٹی اور کانگریس اتحادی ہیں، ایک دوسرے کی مدد کر رہے ہیں، اور ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ دونوں بدعنوان ہیں۔ کانگریس نے 15 سال تک دہلی کو لوٹا، اور اروند کیجریوال 12 سال اقتدار میں ہیں، دہلی کے لوگ ان کی لوٹ مار اور بدعنوانی سے تنگ آچکے ہیں اور انہوں نے یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ وزیرِ اعظم کی قیادت میں دہلی میں ڈبل انجن والی حکومت بنے گی ۔۔۔ بی جے پی کے ریاستی صدر وریندرا سچدیوا

نہ صرف  بلّی کے خواب میں چِھیچھڑے والی بات ہوئی بلکہ چھاج بولے تو بولے چھلنی بھی بولی جس میں سَتَّر چھید والی کہاوت بھی یہاں فٹ بیٹھتی نظر آرہی ہے۔

 

٭ بہار کے پورنیہ سے رکن پارلیمنٹ پپو یادو نے الزام لگایا ہے کہ ریاستی حکومت بے لگام ہو گئی ہے مسٹر پپو یادو گردنی باغ کے احتجاجی مقام پر پہنچے اور بہار پبلک سروس کمیشن (بی پی ایس سی) کے امتحان دینے والوں سے  اور احتجاجی مقام پر پولس کے لاٹھی چارج میں زخمی ہونے والے طلباء سے بات چیت کی اور واقعہ کی جانکاری حاصل کی ۔۔۔ یو این آئی اردو

بہار میں طلباء کا یہ احتجاج جس کے بڑے چرچے ہورہے ہیں کیا وہاں کی سیاست میں ہلچل مچاسکتا ہے؟ اس کا جواب تو آنے والا وقت ہی دے گا لیکن اتنا تو طے ہے کہ وہاں کے حزبِ اختلاف کو سرکار کو گھیرنے کا ایک نیا جاندار مدعا  مل گیا ہے!!

 

٭ناسا کے خلائی جہاز نے430,000 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سورج کے انتہائی قریب پہنچ کر تاریخ رقم کر دی، پارکر سولر پروب‘ کو سنہ 2018 میں لانچ کیا گیا تھا اور اس کے بعد سے یہ ہمارے نظام شمسی کے مرکز کی جانب بڑھ رہا ہے، یہ پہلے ہی سورج کے پاس سے 21 مرتبہ گزر چکا ہے اور ہر چکر میں یہ اس کے مزید قریب تر ہوتا جا رہا ہے۔ تاہم اب اس نے سورج کے انتہائی قریب  پہنچنے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے، یہ مشن سورج کی سطح سے 3.8 ملین میل (6.2 ملین کلومیٹر) کے فاصلے پر موجود ہے ۔۔۔ بی بی سی اردو

اور اس نے تمھاری خاطر رات اور دن اور سورج اور چاند کو مسخر کردیا اور ستارے اس کے حکم کے ساتھ مسخر ہیں۔ بے شک اس میں ان لوگوں کے لیے یقیناً بہت سی نشانیاں ہیں جو سمجھتے ہیں، آیت-12 سورة النحل

 

٭راہل گاندھی کا شکایت کرنا اب معمول بن گیا ہے۔ وہ روتے رہتے ہیں اور اپنی کوتاہیوں کو چھپانے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہیں اپنی پارٹی کے اندر موجود خامیوں کو دور کرنے پر توجہ دینی چاہیے ۔۔۔۔ بی جے پی ایم پی انوراگ ٹھاکر

لگتا ہے حکمران جماعت راہل فوبیا کا شکار ہوتی جارہی ہے! وہ بولیں تو بھی غلط! نہ بولیں تو بھی غلط!! ایسے میں بیچارے راہل کریں بھی  تو کیا کریں؟!

 

٭بی جے پی تمل ناڈو کے صدر کے انامالائی نے انا یونیورسٹی کی ایک طالبہ کے ساتھ جنسی زیادتی کے معاملے کو سنبھالنے میں پولیس اور ریاستی حکومت کی ‘بے حسی’ کی مذمت کرنے کے لیے کوئمبتور میں اپنی رہائش گاہ کے باہر خود کو کوڑے مارے ۔۔۔ پی ٹی آئی

کچھ بھی کرکے خبروں میں بنے رہنے کی ایک کامیاب سعی! مگر کیا اناملائی جی کو عوام کی توجہ حاصل ہوگی؟ بقول شاعر

وہ تازہ دم ہیں نئے شعبدے دکھاتے ہوئے

عوام تھکنے لگے تالیاں بجاتے ہوئے

 

٭ افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کے مشن، یوناما نے افغانستان میں ان پاکستانی فضائی حملوں کی چھان بین کا مطالبہ کیا ہے جن کے بارے میں طالبان حکومت نے کہا ہے کہ ان میں عام شہریوں سمیت 46 لوگ ہلاک ہوئے تھے ۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

اسی افغانستان پر جب انکل سام نے برسات کی طرح بم برسائے تھے تو اس وقت اقوام متحدہ کے مشن نے ایسا کوئی مطالبہ کیوں نہیں کیا؟ سب سیاست ہے!! کیا سمجھے!!

 

٭ہم سمجھتے ہیں کہ بھارت جوڑو یاترا نے کانگریس کو ‘سنجیونی’ دی اور یہ کانگریس کی سیاست میں ایک اہم موڑ تھا۔ پھر بھارت جوڑو نیائے یاترا ہوئی اور اب 26 جنوری 2025 کو ہم ایک سال طویل ‘سمودھان بچاؤ راشٹریہ پد یاترا شروع کریں گے ۔۔۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی  میٹنگ کے بعد کانگریس لیڈر جے رام رمیش

جس طریقے سے کانگریس نئے نئے یوجنائیں بنا کر آگے بڑھ رہی اس  سے لگتا ہے کہ اور کچھ ہو نہ ہو کانگریس کے اچھے دن بہت جلد آنے والے ہیں۔

 

٭ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی آخری رسومات کے لیے ایک الگ جگہ مختص نہ کرنے پر بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس کے درمیان سیاسی تنازعہ بڑھ گیا ہے کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ ہندوستان کے پہلے سکھ وزیرِ اعظم کی جان بوجھ کر توہین کی جا رہی ہے ۔۔۔ یو این آئی اردو

افسوس!  وطن عزیز میں سیاست رذالت کی اتنہا کو چھو رہی ہے! خدا رحم کرے!! بقول شاعر

 حکمران ہو گئے کمینے لوگ

خاک میں مل گئے نگینے لوگ

 

٭چین نے نئی طرز کا جنگی بحری جہاز ’سیچوان‘ لانچ کر دیا، سیچوان‘ اپ گریڈ ایک ایسے وقت پر کیا گیا ہے، جب محققین نے یہ بھی دریافت کیا کہ یہ ملک ایٹمی طاقت سے چلنے والے طیارہ بردار بحری جہازوں کی تیاری پر بھی کام کر رہا ہے تاکہ چینی بحریہ کو ان بحری جہازوں میں ایندھن بھرنے کے لیے کسی بحری اڈے کی ضرورت نہ پڑے اور وہ دور دراز علاقوں میں بھی تعینات کیے جا سکیں ۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

ڈریگن کی ترقی قابل رشک ہے اور دوسری طرف  ہم ہیں کہ گڑے مردے کھودنے میں لگے ہوئے ہیں دیکھنا اگر  معاملات ایسے ہی چلتے رہے تو وہ آسمانوں میں اڑتے پھریں گے اور ہم اپنے ہی کھودے ہوئے  گڑھوں میں دفن ہوجائیں گے؟ خدا ہمیں سہی سمجھ دے!!

………………………………………………

You may also like

Leave a Comment