Home » تلخ و تُرش

تلخ و تُرش

by زبان خلق
0 comment

اسانغنی مشتاق رفیقی۔ وانم باڑی
٭ امریکی حکام نے انڈین ارب پتی گوتم اڈانی پر 25 کروڑ ڈالر کی رشوت دینے اور امریکہ میں رقم چھپانے کا الزام لگایا ہے۔ اڈانی کو وزیر اعظم نریندر مودی کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا ہے، مگر کیا اس معاملے سے ہندوستان میں سیاست و معیشت متاثر ہو سکتی ہے؟۔۔۔ بی بی سی اردو

رتّی برابر بھی نہیں ہوگی، صاحب کچھ بھی کر جائیں گے پر اپنے قریبی ساتھی پر آنچ آنے نہیں دیں گے، کیونکہ یہ دوستانہ ہی ایسا ہے

بنے چاہے دشمن زمانہ ہمارا
سلامت رہے دوستانہ ہمارا

 

٭ مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے یہاں سینئر عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ میں دہلی میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ دارالحکومت کی امن و امان کی صورتحال میں کسی قسم کی لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی، ذرائع کے مطابق ہوم سکریٹری گووند موہن، انٹیلی جنس بیورو کے ڈائریکٹر تپن ڈیکا، دہلی پولس کمشنر سنجے اروڑہ اور کئی سینئر افسران نے میٹنگ میں حصہ لیا۔۔۔ یو این آئی اردو

شاہ جی! امن و امان کی صورتحال میں کسی قسم کی لاپروائی صرف دارالحکومت میں ہی نہیں ملک کے کسی بھی حصہ میں ناقابل برداشت ہے، دارالحکومت پر اس خصوصی مہربانی کی وجہ کہیں آنے والے دہلی اسمبلی انتخابات تو نہیں ہیں؟

 

٭ انٹرنیشنل کرمنل کورٹ (آئی سی سی) نے اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو سمیت سابق وزیرِ دفاع یوو گیلنٹ اور حماس کے ملٹری چیف محمد ضعب ابراہیم المصری المعروف محمد ضیف کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے، ان افراد کو انسانیت کے خلاف جرائم اور جنگی جرائم کے الزامات کا سامنا ہے، امریکی صدر جو بائیڈن نے اس پر اپنے ردِ عمل میں کہا ہے کہ عالمی فوجداری عدالت کی جانب سے اسرائیلی رہنما کے خلاف وارنٹ جاری کرنا اشتعال انگیز ہے۔ آئی سی سی چاہے جو دلیل دے لیکن اسرائیل اور حماس کا کوئی موازنہ نہیں ۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

رسی جل گئی پر بل نہیں گیا، الیکشن ہارنے کے باوجود صدر جو بائیڈن کا اسرائیلی حمایت میں بیان ایک ایسے اٹوٹ بندھن کا اظہار ہے جس کا ٹوٹنا ناممکنات میں سے ہے! کاش ایسا بیان فلسطین کی حمایت میں کوئی عرب حکمران برائے نام ہی سہی دیتا! کاش اے کاش!!

 

٭ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے شہریوں میں ‘قوم سب سے پہلے’ کا احساس پیدا کرنا ضروری ہے ۔۔۔ یو این ائی اردو

بے شک محترمہ! مگر شہریوں سے پہلے یہ احساس وطنِ عزیز کے حکمرانوں میں پیدا ہو اور وہ قوم کو اپنے دوستوں اور پریوار والوں پر ترجیح دیں تو ہندوستان کو جنت نشان بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

 

٭سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے لکھنؤ میں سماج وادی پارٹی کے آنجہانی سرپرست ملائم سنگھ یادو کے یومِ پیدائش پر ان کے مجسمے کی نقاب کشائی کی۔۔۔ اے این آئی

جس سربراہ کو آخری عمر خون کے آنسو رلایا آج اس کے مجسمے کی نقاب کشائی اور اس پر پھولوں کی مالا! واہ کیا سیاست ہے!!!

 

٭ کینیائی صدر ولیم روٹو نے اعلان کیا ہےکہ انہوں نے امریکہ میں اڈانی گروپ کے مالک گوتم اڈانی پر فرد جرم عائد ہونے کے بعد، بھارت کے اڈانی گروپ کو ملک کے مرکزی ہوائی اڈے کا کنٹرول دینے والے کاروباری معاہدے کو منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے۔ حکومت نے اڈانی کے ساتھ توانائی کے سودے بھی منسوخ کر دیے ہیں، معاہدے کے تحت اڈانی گروپ کو ایک اضافی رن وے اور ٹرمینل تعمیر کرنے کے عوض ہوائی اڈے کو 30 سال تک چلانے کے حقوق حاصل ہونے تھے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

لگتا ہے سوئیز ڈپلومیسی میں کوئی بڑی کمی رہ گئی ہے ورنہ کینیا کی اتنی اوقات کہ وہ صاحب کے مِتر کوآنکھیں دکھائے اور ڈیل رد کرے!!

 

٭وزیر اعظم نریندر مودی نے نائجیریا، برازیل اور گیانا کے اپنے پانچ روزہ دورے کے دوران 31 عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں ذرائع کے مطابق اپنے تین ملکوں کے غیر ملکی دورے کے دوران مسٹر مودی نے 31 دو طرفہ ملاقاتوں اور عالمی لیڈروں کے ساتھ غیر رسمی بات چیت میں حصہ لیا انہوں نے نائیجیریا میں ایک دو طرفہ میٹنگ کی، برازیل میں جی-20 سربراہی اجلاس کے موقع پر 10 دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔۔۔ یو این آئی اردو

یہ منظر بھی دیکھے ہم نے اس دنیا کے میلے میں
ٹوٹا پھوٹا ناچ رہا ہے اچھا خاصا ٹوٹ گیا

 

٭ سنبھل مسجد تنازعہ: "آئین اور قوانین کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ ہم اس کے خلاف ہیں۔ آئین میں عبادت گاہوں کا ایکٹ موجود ہے جس کا مقصد ایسے مقامات کے مذہبی کردار کو برقرار رکھنا ہے جیسا کہ یہ 15 اگست 1947 میں موجود تھا۔ تاہم اس معاملے میں نئے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں جو کہ غلط ہے۔ وہ مسجد پرانی ہے اور لوگ وہاں جا کر نماز پڑھتے ہیں۔۔۔ سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی ضیاء الرحمن برق

عوام کو الجھائے رکھنے کے لئے بس ایک چال ہے اور کچھ نہیں، مندر مسجد ، قانون، سب بہانے ہیں، پتہ نہیں عوام کی سمجھ میں کب یہ بات آئے گی؟!

 

٭ نیویارک کے ایک جج نے ڈونلڈ ٹرمپ کو 5 نومبر کے امریکی صدارتی انتخابات میں ان کی کامیابی کی روشنی میں، ان کے خاموش رہنے کے لئے پیسے دینے کے مجرمانہ مقدمے کو خارج کرنے کی اجازت دے دی، جس میں وہ اس سال کے شروع میں مجرم پائے گئے تھے۔۔۔ ریوٹرس

لگتا ہے ٹرمپ نے اپنے مِتر سے صلاح لینی شروع کردی ہے! ٹرمپ جی ! بہت اچھے جارہے رہو! لگے رہو!!

 

٭ماضی میں، نظام کو تباہ کر دیا گیا تھا، اور انتظامی مشینری کو غیر موثر کر دیا گیا تھا. پچھلے پانچ سالوں میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی (وائی ایس آر سی پی) کی طرف سے کی گئی تباہی اور بدعنوانی پر ہم پہلے ہی بات کر چکے ہیں۔ ان کے اقدامات سے آندھرا پردیش کی ساکھ اور برانڈ کو داغدار کیا گیا ہے۔ انہوں نے ایسی صورتحال پیدا کر دی ہے کہ اس مسئلے کو حل کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ آندھرا پردیش حکومت اس معاملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ ہم مزید معلومات اکٹھا کریں گے اور مناسب جواب دیں گے، ہمارے پاس امریکی عدالت میں داخل چارج شیٹ بھی ہے، مکمل مطالعہ کے بعد، ہم جلد ہی ضروری اقدامات کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔۔۔ آندھرا پردیش کے سی ایم این چندرا بابو نائیڈو

اسے کہتے ہیں کہیں پہ نگاہیں کہیں پہ نشانہ! چندرا بابو نائیڈو کی طرف سے بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے کی ایک کامیاب کوشش!!مرکز سے ایک بڑی گرانٹ اب طے ہے سمجھو!!

 

٭ گیانا میں صدر عرفان علی نے اپنی رہائش گاہ پر 7 سالن کا کھانا پیش کیا۔کنول کے پتوں پر پیش کیا جانے والا یہ کھانا گیانا میں بہت زیادہ ثقافتی اہمیت رکھتا ہے، جو ہماری دونوں قوموں کے درمیان گہرے اور پائیدار تعلقات کو اجاگر کرتا ہے۔ میں صدر عرفان علی اور گیانا کے عوام کا ایک بار پھر گرمجوشی اور مہمان نوازی کیلئے شکریہ ادا کرتا ہوں۔۔۔ وزیر اعظم نریندر مودی

صاف پیغام: کینیا نہیں تو کیا گیانا تو ہے! ویسے ایک بات اور سنا ہے منی پور میں بھی کھانا بہت اچھا بنتا ہےصاحب جی!!

 

٭ایلون مسک کا ٹرمپ پر اثر و رسوخ ’بڑی تشویش‘، انگیلا میرکل۔ سابق جرمن چانسلر نے اپنی یادداشتوں پر مبنی کتاب کی اشاعت سے قبل ارب پتیوں کے سیاست میں اثرورسوخ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ میرکل نے ٹرمپ کی جیت پر کھل کر اپنے غمزدہ ہونے کا بھی اظہار کیا ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

بات تو سچ ہے مگر بات ہے رسوائی کی! ویسے بھی صداقتوں کے مفکرین کو فرعون اور قارون کی اس جوڑی سے بھلائی کی امید کم ہی ہے!!

 

٭ مہاراشٹر کے انتخابی نتائج ہمارے توقعات کے برعکس ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم بہتر کر سکتے تھے۔ ساتھ ہی، ہمیں خوشی ہے کہ ہم نے جھارکھنڈ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ہم ریاست میں دوبارہ حکومت بنانے جا رہے ہیں۔ مہاراشٹر کے انتخابات مایوس کن رہے ہیں۔ مہاراشٹر میں ہماری مہم اچھی رہی لیکن شاید عوام کو ہم سے زیادہ امیدیں ہیں اور ہم ان کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔۔۔۔ مہاراشٹر کے انتخابی نتائج پر، کانگریس لیڈر سپریا شرینیت

اگر خلاف ہیں، ہونے دو، جان تھوڑی ہے
یہ سب دھواں ہے، کوئی آسمان تھوڑی ہے
جو آج صاحب مسند ہیں، کل نہیں ہوں گے
کرائے دار ہیں، ذاتی مکان تھوڑی ہے

 

٭ ان (سماج وادی پارٹی) کے پاس غنڈے اور مافیا ہیں، لیکن ہمارے پاس پولیس ہے، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔۔۔ سماج وادی پارٹی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں یوپی کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ

یعنی ان میں اور ہم میں بس ناموں کا فرق ہے اور کچھ نہیں! سممجھا کریں!!

 

٭ پشاور:خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں کے قافلے پر فائرنگ سے 40 سے زائد ہلاکتوں کے بعد علاقے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ کئی علاقوں میں کاروباری مراکز بند ہیں اور لوگ سراپا احتجاج ہیں۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے جب کہ واقعے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تدفین کا عمل بھی جاری ہے۔ سانحے کے بعد وفاقی اور صوبائی حکومتیں مقامی قبائل کے ساتھ مذاکرات میں مصروف ہیں۔ بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ اس واقعے کو صرف فرقہ واریت سے نہیں جوڑا جا سکتا۔ اس میں بیرونی عناصر بھی ملوث ہو سکتے ہیں۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

نام نہاد سلطنت خداداد کے حکمراں طبقہ نے جو کچھ بویا ہے یہ سب اسی کا فصل تو ہے

سینچا تھا جسے زہر سے، نفرت سے، لہو سے
اب تم کو مبارک ہو وہی پیڑ جواں ہے

……………………..

You may also like

Leave a Comment