اسانغنی مشتاق رفیقی۔ وانم باڑی
٭ وزیر اعظم نریندر مودی مہاراشٹر میں پردھان منتری کسان سمان ندھی (پی ایم-کسان) اسکیم کی 18 ویں قسط جاری کریں گے، جس سے 9.4 کروڑ سے زیادہ کسانوں کو 20,000 کروڑ روپے سے زیادہ کا فائدہ ملے گا زراعت اور کسان بہبود کی مرکزی وزارت نے آج یہاں کہا کہ پی ایم-کسان اسکیم کے ساتھ ساتھ مہاراشٹر حکومت کی نمو شیتکاری مہاسمان ندھی اسکیم کی پانچویں قسط بھی ریاست کے واشم میں تقسیم کی جائے گی۔۔۔ یو این آئی اردو
مفت کی ریوڑیاں لگیں بٹنے
کچھ پتہ تو کرو چناؤ ہے کیا
٭ جموں کشمیر اور ہریانہ کے اسمبلی انتخابات مکمل ہونے کے بعد کانگریس نے اب دہلی، جھارکھنڈ اور مہاراشٹر کے اسمبلی انتخابات کی تیاری شروع کردی ہے اور اس سلسلے میں آج ان تینوں ریاستوں کے لیے کمیونیکیشن کوآرڈینیٹر مقرر کیے گئے ہیں کانگریس کے کمیونیکیشن اینڈ پبلسٹی ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیڑا نے یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی طرف سے تینوں ریاستوں کے مختلف علاقوں کے لیے مقرر کردہ کوآرڈینیٹر ریاستی محکمہ مواصلات کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ پارٹی کی انتخابی مہم کا کام آسانی سے چل سکے۔۔۔ یو این آئی اردو
لگتا ہے کانگریس نے اب کی بار آر یا پار کا تہیہ کر ہی لیا ہے۔ دیکھتے ہیں اس کی یہ دھماچوکڑی کیا رنگ لاتی ہے۔
٭بھارت نے پاکستان کی میزبانی میں رواں ماہ ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان بھارتی وزارتِ خارجہ کے مطابق وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر 15 اور 16 اکتوبر کو ایس سی او سمٹ میں بھارتی وفد کی قیادت کریں گے۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
یعنی ایک اردو شاعر ندا فاضلی کے سجھاؤ پر عمل ہورہا ہے! خوب!
دشمنی لاکھ سہی ختم نہ کیجے رشتہ
دل ملے یا نہ ملے ہاتھ ملاتے رہئے
٭ ہریانہ کے بی جے پی لیڈر اشوک تنور نے کانگریس کے سینئر مبصر برائے ہریانہ اسمبلی انتخابات اجے ماکن کی موجودگی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔۔۔ اے این آئی
کچھ لوگ ہوا کا رخ بھانپ کر اپنی راہ بدلنے میں ماہر ہوتےہیں، لگتا ہے یہ نیتا جی بھی انہیں میں سے ایک ہیں۔
٭ ہم جھارکھنڈ میں بہت منظم انداز میں اسکیموں کو نافذ کر رہے ہیں تاکہ آنے والے وقت میں چیزیں رانچی میں ایک کنٹرولڈ انداز میں آگے بڑھیں جس سے ہر کسی کو سکون اور راحت ملے ۔۔۔ جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین
یہاں ہر کسی سے مراد وزیر اعلیٰ اوران کی پارٹی کے لوگ ہیں! عوام کسی مغالطے میں نہ رہیں!!
٭ مشرق وسطیٰ کے تنازعات میں امریکہ اسرائیل کا مستقل حامی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ کسی ممکنہ جنگ میں بھی واشنگٹن اسرائیل کا ساتھ دے سکتا ہے اور یہ معاملہ امریکی انتخابات کے نتائج کو متاثر کر سکتا ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو
یاد رہے کہ امریکہ اور اسرائیل دو الگ الگ مملکتیں ضرور ہیں لیکن اصل میں ایک ہی ہیں اور جہاں تک امریکی انتخابات کی بات ہے اس میں جیت اسی کی ہوگی جو اپنے آپ کوزیادہ اسرائیل کا طرفدار ثابت کرے گا!!
٭ دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اور عآپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے آج اپنے خاندان کے ساتھ وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ خالی کر دی۔۔۔ اے این آئی
یعنی بالآخر مفلر انکل کو شیش محل چھوڑنا ہی پڑا بقول غالب
نکلنا خلد سے آدم کا سنتے آئے ہیں لیکن
بہت بے آبرو ہو کر ترے کوچے سے ہم نکلے
٭ تمل ناڈو کے نائب وزیر اعلیٰ ادھیانیدھی اسٹالن نے ریاستی حکومت کے عہدیداروں کے ذریعہ شمال مشرقی مانسونی بارش کی تیاریوں کے سلسلے میں چنئی ایزیلگام میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ آفس کا معائنہ کیا۔۔۔ اے این آئی
اسے کہتےہیں سیلاب آنے سے پہلے باڑ باندھنا! اچھے جارہے ہو!! لگے رہو منا بھائی!!
٭ جھارکھنڈ کے مغربی سنگھ بھوم ضلعے سے تعلق رکھنے والی، شاعرہ اور سماجی کارکن اکتالیس سالہ قبائلی مصنفہ جسنتا کیرکیٹا نے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے امریکہ کا روم ٹو ریڈ ینگ آتھر ایوارڈ لینے سے انکار کر دیا ہے۔ بچوں کے لیے ان کے شعری مجموعہ’جرہل’ کو ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو
یعنی وطن عزیز میں انسانیت ابھی زندہ ہے!بقول علامہ
نہیں ہے نا اُمید اقبالؔ اپنی کشتِ ویراں سے
ذرا نم ہو تو یہ مٹّی بہت زرخیز ہے ساقی
٭سپریم کورٹ نے تروملا تروپتی دیوستھانم (ٹی ٹی ڈی) میں لڈو تیار کرنے کے لئے استعمال ہونے والے گھی میں جانوروں کی چربی کی مبینہ ملاوٹ کی جانچ کے لئے ایک آزاد خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی تشکیل کیلٸے ہدایت دیتے ہوئے جسٹس بی آر گوائی اور کے وی وشواناتھن کی بنچ نے کہا کہ ایس آئی ٹی میں سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) اور آندھرا پردیش پولیس کے دو دو افسران اور مرکزی حکومت کے ادارے فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈ اتھارٹی آف انڈیا (ایف ایس ایس اے آئی) کا ایک سینئر افسر کو شامل کیا جائے گا۔۔۔ یو این آئی اردو
ملاوٹ کی جانچ کے لئے ایک ملی جلی ٹیم کی تشکیل! بہت خوب!! امید ہے کہ نتیجہ ملا جلا نہیں خالص آئے گا!!
٭ ایک طویل عرصے سے، چاہے وہ فائلوں میں ہو یا سرکاری خطوط میں، ہم اردو اور فارسی کے الفاظ استعمال کر رہے ہیں۔ تاہم، ہمارے نوجوان اب سنسکرت یا ہندی یا انگریزی کو تیسری زبان کے طور پر اختیار کرتے ہیں، اور اردو کا استعمال تقریباً ختم ہو چکا ہے۔ اسی لیے میں نے ڈی جی پولیس کو ایک خط لکھا ہے کہ ہم اپنے سرکاری کام میں ہندی کا استعمال کرتے ہیں – جو ہماری قومی زبان ہے۔۔۔ راجستھان کے وزیر داخلہ جواہر سنگھ بیدم
منتری جی! پہلے اپنے نام سے اردو کے الفاظ نکال دیں پھر سرکاری کام میں اردو کا رواج ختم کرنے کی بات کریں!!
٭بل گیٹس برسوں تک دنیا کے امیر ترین شخصیات میں پہلے اور دوسرے نمبر پر رہے۔ لیکن اب صورتِ حال تبدیل ہو گئی ہے۔ اگر صرف امریکہ کے 400 امیر ترین افراد کی فوربز فہرست کی بات کی جائے تو بل گیٹس اس میں بھی نویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ فوربز کی دنیا کے امیر ترین افراد کی ریئل ٹائم لسٹ کے مطابق الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے مالک ایلون مسک اس فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں اور ان کے اثاثوں کی مالیت 263 ارب ڈالر سے زائد ہے۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ٹیکنالوجی کمپنی اوریکل کے شریک بانی لیری ایلیسن 204 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے ساتھ دوسرے جب کہ ایمیزون کے مالک جیف بیزوس تیسرے نمبر پر ہیں اور ان کے اثاثوں کی مالیت 202 ارب ڈالر سے زائد ہے۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
دانا لوگ سچ کہتے ہیں کہ دولت شہرت اور حکومت کبھی کسی ایک کی ہو کر نہیں رہتی! یہ بازاری عورتوں کی طرح یار بدلتے رہتی ہے!!
٭بہار کے مظفر پور میں پولیس اور سیلاب متاثرین کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی۔ ریاستی حکومت کی طرف سے راحت اور مدد کی کمی پر احتجاج کرتے ہوئے، سیلاب متاثرین نے مظفر پور- سیتامڑھی روڈ کو بلاک کر دیا، جس کی وجہ سے پولیس اہلکاروں کے ساتھ جھگڑا ہوا۔ پولیس کی جانب سے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا گیا جس کے بعد دونوں فریقین میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔۔۔ پی ٹی آئی
لیکن گودی میڈیا میں تو ڈھول پیٹا جارہا ہے کہ ڈبل انجن سرکار سیلاب متاثرین کی راحت کاری میں شب و روز جٹی ہوئی ہے باز آبادکاری کا کام مسلسل جاری ہے!! پتہ نہیں سچ کیا ہے اور جھوٹ کون پروس رہا ہے!!
٭کچھ دنوں کے بعد، بی جے پی اور اس کے لیڈر یہ دعویٰ کرنا شروع کر دیں گے کہ ہندوستان نے 2014 میں آزادی حاصل کی تھی۔ اب وہ مانتے ہیں کہ اٹل بہاری واجپائی کی حکومت نے بھی ہمارے فوجیوں اور مجاہدین آزادی کا احترام نہیں کیا، اور ملک میں جو بھی اچھا ہوا ہے، یہ 2014 کے بعد ہی ہوا۔۔۔ کانگریس لیڈر ہریش سنگھ راوت
اس میں غلط کیا ہے، وطن عزیزکی سیاست میں 2014 کے بعد ہی دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی نکھر کر سامنے آیا، چہروں سے مکھوٹے اترے، کیا اس سے بہتر کوئی بات ہوسکتی ہے۔ یہ اور بات ہے کہ عوام کو ابھی تک اس کا ادراک نہیں ہے!! سمجھا کریں!!
٭بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے کہا ہے کہ طلبہ نے ‘ری سیٹ’ کا بٹن دبا دیا ہے۔ ماضی پیچھے رہ گیا ہے۔ اب ہم نئے انداز میں ملک کی تعمیرِ نو کریں گے اور اس کا مطلب ہے کہ ہم اصلاحات کریں گے۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
یعنی بقول فیض
دربار وطن میں جب اک دن سب جانے والے جائیں گے
کچھ اپنی سزا کو پہنچیں گے، کچھ اپنی جزا لے جائیں گے
اب ٹوٹ گریں گی زنجیریں اب زندانوں کی خیر نہیں
جو دریا جھوم کے اٹھے ہیں تنکوں سے نہ ٹالے جائیں گے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔