Home » تلخ و تُرش

تلخ و تُرش

by زبان خلق
0 comment

اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی

٭لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے میں کل 102 حلقوں کے لئے 60 فیصد سے زیادہ ووٹنگ ہوئی، لوک سبھا کی کل 543 سیٹوں کے لیے سات مرحلوں میں کرائے جانے والے انتخابات کے پہلے مرحلے میں 21 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 102 سیٹوں پر سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ووٹنگ ہوئی۔ ان سیٹوں پر کل 16.63 کروڑ ووٹروں کو کل 1625 امیدواروں میں سے انتخاب کرنا تھا۔۔۔ یو این آئی اردو

یعنی بقول اقبال بندوں کو گننے کا کام ایک بار پھر شروع ہوگیا۔ ووٹنگ پرنسٹیچ کو دیکھ کر نہیں لگتا کہ ان سیٹوں سے  کوئی انقلابی تبدیلی نمودار ہوگی، دیکھتے ہیں! اگلے مراحل میں کیا ہوتا ہے!!

 

٭سماج وادی پارٹی (ایس پی) اور کانگریس پر نشانہ لگاتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہزاروں برسوں سے چلی آرہی عقیدہ اور عقیدت کو انڈیا اتحاد صرف ووٹ بینک کے لیے مسترد کر رہا ہے۔۔۔ یو این آئی اردو

اور جو ازل سے چلی آرہی انسانیت اور بھائی چارگی ہے جسے آپ نے اپنا ووٹ بینک بنانے کے چکر میں کچل کر دیکھ دیا اس کا کیا! اس پر بھی کوئی جملہ ہوجائے صاحب!!

 

٭ کفن میں لپٹی بھتیجی کو گلے لگا کر روتی فلسطینی خاتون کی تصویر کو سال کا بہترین پریس فوٹو قرار دیا گیا ہے۔ روئٹرز کے فوٹوگرافر محمد سالم نے یہ تصویر خان یونس کے ناصر ہسپتال میں اتاری تھی۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

ظلم پر ہوتی آہ و زاری سے حظ اٹھانے کی یہ حرکت انسانیت کے تابوت میں لگنے والی آخری کیل بھی ہوسکتی ہے۔ اللہ رحم کرے!

 

٭ وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے آج ایک بار پھر کانگریس اور سی پی آئی ایم کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگال میں کانگریس اور سی پی آئی ایم ’’انڈیا ‘‘ اتحاد نہیں ہے بلکہ یہ دونوں پارٹیاں اس وقت بی جے پی کی ایجنٹ ہیں۔۔۔ یو این آئی اردو

کون کس کا ایجنٹ ہے یہ تو وقت بتائے گا دیدی! لیکن آپ کی اس چومکھی لڑائی کا فائدہ تو صاف بی جے پی کو ہی ہورہا ہے۔

 کوئی سمجھاؤ کہ ہم سمجھائے کیا

 

٭دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ای ڈی پر الزام لگایا کہ وہ ڈاکٹر کے ذریعہ تیار کردہ ڈائیٹ چارٹ کو غلط طریقے سے پیش کر رہا ہے، اور ایجنسی کے شوگر کی سطح کو جان بوجھ کر بڑھانے کے الزامات کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف ضمانت حاصل کرنے کے لیے "فالج” کا خطرہ مول نہیں لے سکتے۔۔۔ آئی اے این ایس

عقل لگتی بات ہے۔ ای ڈی کو چاہئے کہ وہ سیاست دانوں کے چکر میں الجھ کر اتنی بھی نیچے نہ گرے کہ بنیادی اخلاقیات ہی بھول جائے۔ بقول داغ

مرا دشمن بظاہر چار دن کو دوست ہے تیرا

کسی کا ہو رہے یہ ہر کسی سے ہو نہیں سکتا

 

٭ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطینی اتھارٹی کومکمل ریاست کا درجہ دینے کی قرارداد امریکہ نے ویٹوکردی۔برطانیہ اورسوٹئیزر لینڈ غیرحاضر رہے اور باقی ماندہ 12اراکین نے اس کی حمایت کی۔2012 میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نےفلسطینیوں کو رکنیت کے بغیر ایک ڈیفیکٹومبصر کا درجہ دیاتھا۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

انکل سام کی منافقت کھل کر ایک بار پھر عیاں ہوگئی۔ وہ اس قضیے کو شاید ہی کبھی ختم کرنے دے، کیونکہ یہ اس کی ایک ایسی لائف لائن ہے جس کا متبادل اُسے ابھی تک ملا نہیں ہے،سمجھا کرو!

 

٭تمل ناڈو ، ریاستی بی جے پی کے سربراہ اور کوئمبتور لوک سبھا حلقہ کے امیدوار کے اناملائی کا کہنا ہے کہ "ہم نے ووٹروں کی فہرست میں سے ایک بڑی تعداد میں ووٹروں کے نام غائب ہونے کی شکایات دیکھی ہیں۔ یہ بہت سی جگہوں پر ہوا ہے۔ ہم ان جگہوں پر دوبارہ پولنگ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ووٹروں کی ایک بڑی تعداد کے نام غائب تھے ہمیں شک ہے کہ اس میں کوئی سیاسی مداخلت تھی کیونکہ ووٹروں کی فہرست سے بڑی تعداد میں بی جے پی کے کارکنوں کے نام غائب تھے۔۔۔ اے این آئی

ناچ نہ جانے آنگن ٹیڑھا! انتخابات کے فوری بعد ایسی شکایات کا مطلب گویا اپنی ہار تسلیم کر لینا ہے!!

 

٭ایلون مسک نے تصدیق کی کہ وہ ٹیسلا کے سہ ماہی کے اہم نتائج کے درمیان اس ماہ ہندوستان کا دورہ نہیں کریں گے اور ممکنہ طور پر اس سال کے آخر میں اپنے سرمایہ کاری کے منصوبوں کا اعلان کرنے کے لیے ملک کا دورہ کریں گے۔۔۔ آئی اے این ایس

ہائے افسوس! صاحب کا پورا پلان چوپٹ ہوگیا! انتخابات کے موسم میں ایلون مسک کی آمد مرجھاتے ہوئے کنول میں تھوڑی بہت تازگی تو لا ہی سکتی تھی!!

 

٭ غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی جاری، شہدا کی تعداد 33 ہزار 729 ہوگئی، اب تک 76 ہزار 371 فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔۔۔ ترکیہ اردو

قریب ہے یارو روز محشر چھپے گا کشتوں کا خون کیوں کر

جو چپ رہے گی زبان خنجر لہو پکارے گا آستیں کا

 

٭ یہ بی جے پی والے کہتے رہے ہیں کہ وہ اتنی یا اتنی سیٹیں حاصل کریں گے، میں یہ واضح کر دوں، وہ (بی جے پی) 150 سے زیادہ سیٹیں حاصل نہیں کر پائیں گے۔ یہاں تک کہ 150 سے ایک سیٹ بھی زیادہ نہیں۔۔۔ بھاگلپور میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے رہنما راہول گاندھی

حزب اختلاف کا ایک ذمہ دار رہنما ہوتے ہوئے اتنا بھی نہ کہیں تو اور کیا کہیں! راہل بابا دیالو ہیں جو اتنی سیٹیں دے رہےہیں ورنہ صاحب تو ایک دور میں کانگریس مکت بھارت کی بات کرتے تھے!

 

٭ وزیر اعظم نریندرمودی کی قیادت قوم میں اس طرح چمک رہی ہے جیسے اس زمین پر سورج چمکتا ہے،اعتماد کا مترادف ‘مودی گارنٹی’ ہے، وزیر اعظم مودی نے 25 کروڑ لوگوں کو غریبی سے باہر کیا ہے، وزیر اعظم مودی کو اس ملک کی ترقی کے لیے وزیر اعظم بننا چاہیے یہ الیکشن ملک کی ترقی کے لیے ہے۔۔۔ ناندیڑ، وجے سنکلپ سبھا سے خطاب کرتے ہوئے، مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے

پیر خود نہیں اڑتے، مرید اڑاتے ہیں! اس کی ایک سچی مثال۔  لگتا ہے شندے جی آج کل صاحب کی بھگتی کا اعلٰی مقام اپنے نام کرنے کی جستجو میں بہت زور لگا رہے ہیں۔

 

٭ ایرانی پاسداران انقلاب کے جوہری تحفظ کے سربراہ جنرل حق طلب نے کہا ہے اگر اسرائیل ہمارے جوہری مراکز اور تنصیبات پر حملہ کرنا چاہتا ہے تو اسرائیلی جوہری تنصیبات کو جدید ہتھیاروں سے نشانہ بنایا جائے گا۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

یعنی چھیڑ چھاڑ شروع ہوچکی ہے۔ دیکھتے ہیں بات صرف باتوں تک رہتی ہے یا آگے بھی بڑھتی ہے بقول غالب

چھیڑ خوباں سے چلی جائے اسد

گر نہیں وصل تو حسرت ہی سہی

 

٭ بھوپال میں مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی موہن یادو کی موجودگی میں کانگریس کے کئی لیڈر اور کیڈر بی جے پی میں شامل ہو گئے۔۔۔ اے این آئی

کچھ تو خاک کو اپنی خمیر کی طرف لوٹنے کی ہوس اور کچھ اصولوں پر مفاد کو ترجیح دینے کا رجحان انتخابات کے موسم ایسے ہی گل کھلاتے ہیں ، سجھا کرو!!

 

٭ نئے ہندوستان میں قوانین جمہوری عمل کو نظرانداز کرتے ہوئے منظور کیے جاتے ہیں اور لوگوں پر نافذ کیے جاتے ہیں:۔۔۔ کانگریس رہنما پرینکا گاندھی

یہ بھی بہت ہے کہ قوانین منظور ہوکر نافذ ہوتے ہیں، اگر بغیر منظوری کے بھی نافذ ہوجائے تو کوئی کیا بگاڑ لےگا محترمہ!؟

 

٭ دبئی میں ریکارڈ توڑ سیلاب ، کئی عمارات میں بجلی اور پانی کی ترسیل منقطع اور لوگوں کو خوراک تک رسائی ممکن نہیں۔۔۔ العربیہ اردو

قدرت سے کھلواڑ کرکے اونچی اونچی عمارات بنوالینا ترقی کا معیار نہیں ہے۔ مصائب کے وقت بنیادی عوامی سہولتوں کی فراہمی اور ان کی مسلسل حفاظت ہی اصلی ترقی ہے۔ ہائے افسوس عرب دنیا اس محاذ میں  بھی ناکام ہوگئی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

You may also like

Leave a Comment