Home » تلخ و تُرش

تلخ و تُرش

by زبان خلق
0 comment

اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی

٭ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے دہلی ایکسائز پالیسی سے منسلک منی لانڈرنگ کیس میں جاری تحقیقات میں دہلی کے وزیر کیلاش گہلوت کو آج پوچھ گچھ کے لیے سمن جاری کیا ہے۔۔۔ اے این آئی
لگتا ہے صاحب کی حکومت نے عآپ کو چاروں خانے چت کرنے کا حتمی ارادہ کر لیا ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ اس سیاسی دنگل سے کون جیت کر نکلتا ہے اور جو جیتے گا وہی سکندر کہلائے گا!

٭کسی دن اگر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت بدلتی ہے، تو یقینی طور پر جمہوریت کو ختم کرنے والے لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ‘ اور ایسی کارروائی کی جائے گی کہ کسی کو دوبارہ ایسا کرنے کی ہمت نہیں ہوگی۔۔۔ کانگریس رہنما راہل گاندھی
راہل بابا! لہجے میں ہی نہیں آپ کی بات میں بھی گرج ہے، لیکن پہلے اپنے پیروں کے نیچے زمین مضبوط کیجئے، کہیں ایسا نہ ہو کہ اس چکر میں آپ پر ہی کوئی کاروائی ہوجائے!

٭ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے غزہ میں جنگ بندی پر بات چیت کے نئے مرحلے کی منظوری دے دی۔ انہوں نے یہ منظوری اس کے ایک دن بعد دی ہے جب دنیا کی اعلیٰ ترین عدالت نے اسرائیل کو مایوس شہریوں تک امداد پہنچانے کو یقینی بنانے کا حکم دیا۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
یہ درحقیقت انکل سام کی اقوام متحدہ میں جنگ بندی ووٹنگ سے غیر حاضری کا نتیجہ ہے۔ ورنہ اسرائیل اور کسی کی بات مان لے! ہو ہی نہیں سکتا!!

٭وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا، مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارامن اور مرکزی وزراء: ایس جے شنکر، اسمرتی ایرانی اور نتن گڈکری کو کرناٹک میں لوک سبھا انتخابات کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مہم چلانے والے 40 اسٹار پرچارکوں میں شامل کیا گیا ہے۔۔۔ آئی اے این ایس
یعنی بی جے پی نے کرناٹکا میں اپنی پوری قوت جھونک دی ہے، اب یہ وہاں کی کانگریس سرکار کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان مرکزی رہنماؤں کی شایان شان استقبال کرے اور انہیں جیت دلائے، ورنہ ای ڈی تو ہے ہی، کیا سمجھے!!

٭لوک سبھا انتخابات 2024:ہم پوری طرح تیار ہیں، اور ہم اپنی پوری طاقت سے الیکشن لڑیں گے۔ میں نے بار بار کہا ہے کہ بہار میں لوک سبھا انتخابات کے نتائج حیران کن ہوں گے۔۔۔ بہار کے سابق نائب وزیر اعلی اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو
یادو جی! دیکھنا نتائج کو حیران کن بنانے کے چکر میں کہیں آپ خود حیران ہوکر نہ کھڑے رہ جائیں، آپ کا مقابلہ صاحب سے ہے کسی ایرے غیرے نتھو خیرے سے نہیں۔

٭ روسی صدر پوٹن نے نیٹو کے کسی رکن ملک پر حملے کے امکان پر طنز کرتے ہوئے ایسی سوچ کو لغو قرار دیالیکن کہا کہ کسی بھی مغربی ملک کاوہ ہوائی اڈہ جہاں یوکرین بھیجے جانے والے امریکی ساختہ ایف سولہ لڑاکا طیارے کھڑے ہوں گے روسی افواج کا ایک جائزہدف ہو گا۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
جدید دور کی جنگوں میں دھمکی بھی ایک اہم ہتھیار ہے اور پوتن اس کا استعمال کرنا اچھی طرح جانتے ہیں۔ سمجھا کریں!

٭محکمہ انکم ٹیکس نے مالی سال 18- 2017سے21 -2020 کے لیے کانگریس پارٹی کو 1700 کروڑ روپے کا نیا نوٹس بھیجا ہے ذرائع کے مطابق اس رقم میں جرمانہ اور سود شامل ہے، محکمہ انکم ٹیکس کے نوٹس نے لوک سبھا انتخابات 2024 کے درمیان کانگریس کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے کانگریس نے دہلی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں 2017-2021 کے لیے محکمہ انکم ٹیکس کے جرمانے کی دوبارہ جانچ کا مطالبہ کیا گیا تھا، لیکن عدالت نے کانگریس کی عرضی کو مسترد کر دیا۔۔۔ یو این آئی اردو

یہ احتساب عجب ہے کہ محتسب ہی نہیں
رکاب تھامنے والے حساب مانگتے ہیں

٭مودی جی اکیلے مقابلہ کرکے دوڑ میں پہلے نمبر پر آنا چاہتے ہیں اور اسی وجہ سے وہ اپوزیشن کی تمام مضبوط آوازوں کو جیل بھیج رہے ہیں۔۔۔عآپ کی قومی ترجمان پرینکا ککڑ
کیونکہ وہ جانتے ہیں اگر اب اپوزیشن کو انہوں نے جیل کی ہوا نہ کھلائی تو وہ جیت کر انہیں جیل کی ہوا کھلا دیں گے!!

٭ غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں قرارداد کی منظوری کے بعد امریکہ اور اسرائیل کے سفارتی تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو
ایسا کچھ نہیں سب دکھاوا ہے،ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اورہیں! بھروسہ نہ آئے تو العربیہ اردو کی یہ خبر دیکھ لیں: امریکہ نے اسرائیل کو اربوں ڈالر مالیت کے بم اور جنگی طیارے بھیجنے کا عندیہ دے دیا۔

٭آئی ٹی نوٹس اور بینک کھاتوں کو منجمد کرنے پر کانگریس کارکنان نے لکھنؤ میں بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔۔۔ پی ٹی آئی
یعنی اتر پردیش میں کانگریس ابھی باقی ہی نہیں احتجاج کرنے کی طاقت بھی رکھتی ہے! حیرت ہے!! دیکھنا خبر کسی دوسرے شہر کی تو نہیں؟

٭ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے مودی حکومت پر ملک کے عام شہریوں کو بھاری قرضوں میں ڈبونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جب ملک کے لوگوں کا بھلا نہیں ہورہا ہے تو ان پرقرض کیوں تھوپا جارہا ہے۔۔۔ یو این آئی اردو
جن کا بھلا ہونا ہے ان کا تو ہو رہا ہے، اگر عام شہریوں کا نہیں ہورہا ہے تو اس میں صاحب کی حکومت کا کیا قصور!اور ویسے بھی جب عام شہری ہی اس بات پر راضی ہیں تو آپ کو کیوں درد ہورہا ہے محترمہ!!

٭ مبصرین کا کہنا ہے کہ امریکی قیادت میں جاری 20 سالہ طویل جنگ کے خاتمے کے بعد بھی افغان طالبان تاحال جنگجو گروپ کا مزاج ہی رکھتے ہیں۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
عادتیں اگر مزاج بن جائیں تو آسانی سے نہیں چھوٹتیں، انہیں ہما شما نہیں قدرت وقت کی چکی میں پیس کر چھڑاتی ہے۔

٭ امریکہ، جرمنی کے بعد اب اقوام متحدہ کا دہلی کے وزیر اعلیٰ کیجریوال کی گرفتاری پر ردعمل: اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گٹیرس کے ترجمان، سٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ ”ہم اس چیز کی بہت امید کرتے ہیں کہ ہندوستان میں، کسی بھی ملک کی طرح انتخابات میں سیاسی اور شہری سمیت ہر ایک کے حقوق کا تحفظ کیا جائے، ہر کوئی آزاد اور منصفانہ ماحول میں ووٹ ڈالنے کے قابل ہو۔” کیجریوال کی گرفتاری اور کانگریس پارٹی کے بینک اکاؤنٹس کو منجمد کرنے کے تناظر میں ہندوستان میں ”سیاسی بدامنی” سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے دوجارک نے یہ تبصرہ کیا۔۔۔ انڈین ایکسپریس
مفلر انکل تو بڑی اونچی چیز نکلے! چانکیہ جی تو سمجھے تھے کہ انہیں ان کے ہی مفلر کا پھندا بنا کر آسانی سے لٹکا دیں گے مگر ایسا لگتا ہے کہ وہ گلے کی ہڈی بنتے جارہے ہیں!!خدا خیر کرے!!!

٭بی جے پی ‘واشنگ مشین’ میں بی جے پی برانڈ کا صابن استعمال ہوتا ہے، لوگوں پر واضح ہے کہ اپوزیشن کو چن چن کر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ جو لوگ بی جے پی سے خوفزدہ ہیں وہ کلین چٹ حاصل کرنے کے لیے بی جے پی کی ‘واشنگ مشین’ میں داخل ہو رہے ہیں۔۔۔ ٹی ایم سی لیڈر ریتابرت بنرجی
ایسا شروعات سے ہی ہورہا تھا، لگتا ہے ٹی ایم سی رہنما کو دیر سے اس کی سمجھ آئی ہے۔ بقول شاعر

لوگوں کو لوٹنے میں بے باک ہو گئے
دھوئے گئے ہم اتنے بس پاک ہو گئے

٭ یمن جنگ کے اثرات: 45 لاکھ بچے تعلیم سے محروم، ایک تازہ رپورٹ کے مطابق یمن کے بچوں کی تعلیم اور ان کے مستقبل پر فوری توجہ نہ دی گئی تو جنگ سے تباہ حال اس ملک کی اک پوری نسل کا دنیا سے پیچھے رہ جانے کا خطرہ ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو
اور ادھر عرب دنیا میوزک کانسرٹ سجانے، نئے شہر بسانے اور’بابر بہ عیش کوش کہ عالم دوبارہ نیست‘ کا نعرہ لگانے میں لگی ہوئی ہے۔ خدا رحم کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

 

You may also like

Leave a Comment