وانم باڑی،8 جون(امین)مذہبی آہنگی اور بھائی چارگی کا ایک شاندار نمونہ پیش کرتے ہوئے ضلع ترپاتور کے شہر وانم باڑی میں تنظیم تاجرانِ شہرِوانم باڑی کی جانب سے حج پر جانے والے تاجروں کے اعزاز میں ایک خصوصی اعزازی نشست فیڈریشن آف تمل ناڈو مرچنٹس ایسوسی ایشن کے ضلعی سکریٹری کے بی ایس ماتیسورن کے دفتری احاطے میں منعقد کی گئی۔
اس نشست کی صدارت ضلع سکریٹری کے بی ایس ماتیسورن نے کی۔ وی کمارگورو، جی سیلوامنی، کے وینکٹیشن، ونود سریدھرن، سری نواسن اور اے پدمنابھن وغیرہم نے شہہ نشین کو رونق بخشی۔
سید شہاب الدین نے آئے ہوئے مہمانوں اور حاضرین کااستقبال کیا۔ اس موقع پر حج کے مبارک سفر پر جانے والے تاجران منا باشاہ، محمد ذیشان، مقیط احمد، محمدعاصم اور شفیع اللہ صاحبان کی شال پوشی کی گئی اور خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا۔ تنظیم تاجرانِ شہرِوانم باڑی کے عہدیدار اور تجار اس نشست میں شریک رہے۔ ایس ارون کمار کے شکریے کےساتھ یہ خصوصی دعائیہ نشست برخاست ہوئی۔