(زبانِ خلق) لمفاٹ، تنظیم برائے اقلیتی زبانیں ٹمل ناڈو، کی ایک ہنگامی نشست ، ریاست میں دسویں جماعت میں اقلیتی زبانوں کے امتحانات کے مسئلےپر، بروز اتوار 20 اکتوبر 2024 بوقت صبح 11 بجے تنظیم کے چیئرمین جناب سی ایم کے ریڈی صاحب کے مکان، کیلپاک، چنئی میں منعقد ہوئی۔
اس خصوصی ہنگامی میٹنگ میں ریاست میں دسویں جماعت کے امتحانات میں اقلیتی زبانوں کو اختیاری اضافی پرچے کے طور پر شامل کئے جانے سے پیدا شدہ صورتحال پر اور آج کی تاریخ تک ہمارے بہت سے اسکولوں کو ٹمل اساتذہ نہ دئے جانے پر، جس کی وجہ سے مارچ اپریل 2025 کے دسویں جماعت کے امتحانات میں ٹمل زبان کا پرچہ لکھنے میں طلباء کو ہورہی پریشانی پر غورو خوص کیا گیا۔
چیئرمین لمفاٹ جناب سی ایم کے ریڈی صاحب کی صدارت میں منعقد اس میٹنگ میں مسئلے کی سنگینی اور وقت کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے اس مسئلہ کے عدالتی تدارکی امکانات تلاش کرنے کے لیے قانونی ماہرین سے مشورہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس ہنگامی نشست میں اردو زبان کی نمائندگی کرتے ہوئے اومیت( تنظیم برائے مسلم تعلیمی ادارے ریاست ٹمل ناڈو) کی جانب سے جناب محمد حنیف کاتب صاحب، جناب محمد فضل صاحب اور مجلس تحفظ اردوٹمل ناڈو کی جانب سے ڈاکٹر جی امتیاز باشاہ صاحب شریک رہے۔ ان کے علاوہ دوسری اقلیتی زبانوں کے نمائندے بھی شریک رہے۔