اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی
٭یہ ایک تاریخی جیت ہے۔ یہ عوام کے اعتماد کی جیت ہے اور غریبوں کے لیے پی ایم مودی کی مسلسل کوششوں کا ثبوت ہے۔ یہ پی ایم مودی کے ویژن کی جیت ہے۔ یہ شکست ڈرامے، جھوٹ اور ٹوٹے ہوئے وعدوں کی ہےدہلی کے عوام نے ‘شیش محل’ ڈکٹیٹر اور کرپشن کے شہنشاہ اروند کیجریوال کو آئینہ دکھا دیا ہے ۔۔۔ دہلی اسمبلی انتخابات میں شاندار جیت پر بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ترون چُگ
جب پروپگنڈے کا جادو سر چڑ کر بولنے لگتا ہے تو ایسا ہی ہوتا ہے، عوام کا کیا ہے وہ تو بقول شاعر
یہ لوگ پاؤں نہیں ذہن سے اپاہج ہیں
ادھر چلیں گے جدھر رہنما چلاتا ھے
٭کانگریس کے سابق صدر اورایوان زیریں- لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں ووٹر لسٹ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا الزام لگاتے ہوئے الیکشن کمیشن سے مہاراشٹر میں ہونے والے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے ووٹروں کی تفصیلی فہرست مانگی ہے اور کہا ہے کہ اگر فہرست دستیاب نہیں کرائی گئی تو اس معاملہ کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا جمعہ کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر گاندھی نے کہا کہ مہاراشٹر کی ووٹر لسٹ میں بڑے پیمانے پر تضادات پائے گئے ہیں، اس لیے کانگریس اور ریاست کی تین اہم اپوزیشن جماعتوں نے مہاراشٹر کے انتخابات کے لیے ووٹروں کی متفقہ اور حتمی فہرست(یونیفائیڈ ووٹر لسٹ) کا مطالبہ کیا ہے، جس پر لوک سبھا اور اسمبلی میں ووٹنگ ہوئی تھی۔۔۔ یو این آئی اردو
بیچارا راہل! جب آوے کا آوا ہی بگڑ چکا ہو، فسطائیت کی سونامی میں صداقت کا سمندر کھو گیا ہو تو کوئی کتنا بھی چلا لے کچھ نہیں ہونے والا! ہائے افسوس!
٭امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیرِ اعظم بینجمن نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہا کہ امریکہ غزہ کاانتظام سنبھال لے گا اور ہم اس پر کام بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ غزہ کی ترقی چاہتے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ غزہ بہت ہی خوب صورت علاقہ ہے جسے تعمیر کرنا اور وہاں ہزاروں ملازمتیں پیدا کرنا بہت ہی شان دار ہو گا۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
ستم ظریف زمانے کی ہائے نیرنگی
یزیدِ وقت مدینہ سنوارنے نکلا
٭ ریزرو بینک آف انڈیا کی مانیٹری پالیسی کمیٹی نے تقریباً پانچ سالوں میں پہلی بار ریپو ریٹ میں 25 بیسس پوائنٹس کی کمی کرنے اور مانیٹری موقف کو ’غیر جانبدار‘ رکھنے کا فیصلہ کیا، جس سے ہوم لون، کار لون اور دیگر قرضوں کے سستے ہونے کی امیدیں بڑھ گئی ہیں۔۔۔ یو این آئی اردو
یعنی عوام کو ایک اور لالی پپ! قرض سستے کرکے سود کی پیداوار میں اضافہ کیا گیا ہے! لوگوں میں قوت خرید بڑھانے کے لئے کوئی اسکیم وضع نہیں کی گئی ہے! کیا نیتی ہے ، خوب!!
٭ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ ہو سکتا ہے وہ (غیر قانونی ہندوستانی تارکین وطن) مناسب دستاویزات کے بغیر وہاں گئے ہوں، لیکن کیا یہ انسانوں کے ساتھ سلوک کرنے کا طریقہ ہے؟ یہ قابل مذمت ہے۔ گھنٹوں تک ان کی ٹانگوں میں زنجیریں ڈالی گئیں اور ان پر تشدد کیا گیا۔ کوئی مہذب حکومت ایسا نہیں کر سکتی، لیکن ٹرمپ حکومت نے ایسا کیا ہے ۔۔۔ امریکہ سے غیر قانونی ہندوستانی تارکین وطن کی ملک بدری پر سی پی آئی کے جنرل سکریٹری ڈی راجہ
سرمایہ پرست معاشرہ اور اس کا مقتدر طبقہ چاہے کتنا بھی مہذب کیوں نہ اپنے آپ کو باور کرائیں ان کی فطرت گھٹیا نفرت و تعصب سے پر ہوتی ہے اور جیسے ہی موقع ملتا ہے یہ صفات رذیلہ چھلک جاتی ہیں۔ سمجھا کریں!!
٭امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے ہیں جس کے ذریعے بین الاقوامی فوجداری عدالت پر امریکہ اور اسرائیل کے خلاف ناجائز اور بے بنیاد اقدامات کا الزام لگاتے ہوئے ادارے پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ یہ اقدام ان افراد پر مالی اور ویزا پابندیاں عائد کرتا ہے جو امریکی شہریوں یا امریکی اتحادیوں اور ان کے اہل خانہ کے بارے میں آئی سی سی کو تحقیقات میں مدد کرتے ہیں۔۔۔ بی بی سی نیوز اردو
الٹا چور کتوال ڈانٹے!!
٭ راشٹریہ جنتا دل کے منوج کمار جھا نے راجیہ سبھا میں ملک میں بڑھتی ہوئی آمدنی میں عدم مساوات پر تشویش کا اظہار کیا اور اس معاملے پر حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا مسٹر جھا نے ایوان میں زیرو آور کے دوران "چیئرمین کی اجازت سے اٹھائے گئے معاملات” کے تحت کہا کہ متوسط اور نچلے طبقے کی آمدنی مسلسل کم ہو رہی ہے۔۔۔ یو این آئی اردو
نیتا جی! مقتدر طبقہ چاہتا بھی یہی ہے تاکہ متوسط اور نچلے اپنے مسائل میں الجھے رہیں،اگر ان کا پیٹ بھر گیا تو یہ سوال کھڑی کرنے لگیں گے! سمجھا کریں!!
٭ ایک چیز آپ کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اس حکومت کی بنیادی توجہ ہمیشہ ترقی پر ہے، تاہم، اس بار، ترقی پر سمجھوتہ کیے بغیر، عام آدمی کی کھپت پر خاص توجہ دی گئی ہے، خاص طور پر اس بات کو یقینی بنانے میں کہ زیادہ پیسہ ان کے ہاتھ میں رہے تاکہ معیشت میں مزید حرکت ہو۔ ریپو ریٹ میں کمی اور اس سمت میں ایک اور اہم قدم ہے ۔۔۔ بی جے پی ایم پی وویک ٹھاکر
جھوٹ بھی سچ کی طرح بولنا آتا ہے اسے
کوئی لکنت بھی کہیں پر نہیں آنے دیتا
٭پاکستان میں حال ہی میں باہمی سیاسی اختلافات کے باوجود قومی اسمبلی کے منتخب ارکان میں اپنی تنخواہیں بڑھا کر تقریباﹰ تین گنا کر دینے پر اتفاق ہو گیا، جبکہ عام شہری اب بھی مہنگائی اور ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں ۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو
اب اس پہ کیا کہیں!بس ندا فاضلی کا ایک شعر حاضر ہے تھوڑی ترمیم کے ساتھ
نیتا بھی سکوں سے ہے لیڈر بھی سکوں سے
انسان پریشان یہاں بھی ہے وہاں بھی
٭ آج، این ڈی اے کے تمام معزز ممبران پارلیمنٹ نے وزیر اعظم مودی سے ملاقات کی۔ بہار کے لیے ان کا آشیرواد ہمیشہ موجود ہے، اور آج کی میٹنگ سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وہ بہار کی ترقی اور ورثے کو کتنی اہمیت دیتے ہیں ۔۔۔ مرکزی وزیر نتیا نند رائے
انتخابات کے قریب ریاستوں پر صاحب کی کرپا ایسے ہی برپا ہوتی ہے!
دے رہے ہیں وہ روز آ شرواد
کچھ پتہ تو کرو چناؤ ہے کیا
٭ حکومت نے کہا ہے کہ صحت کی سہولیات کا فائدہ ملک میں دور دراز علاقوں میں بھی خواتین، بچے اور تمام ضرورت مند کو ملے اس کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں اور حاملہ خواتین کی دیکھ بھال کے لیے تمام ضروری قدم اٹھائے جارہے ہیں لوک سبھا میں ایک ضمنی سوال کے جواب میں صحت اور خاندانی بہبود کی وزیر مملکت انوپریہ پٹیل نے کہا کہ قومی صحت مشن کے تحت ملک میں چلائے جا رہے پروگراموں کے تحت دور دراز علاقوں میں خواتین اور بچوں کو بہت فائدہ ہو رہا ہے اور لوگوں کو صحت کے شعبے میں گھر بیٹھے سہولیات مل رہی ہیں۔۔۔ یو این آئی اردو
ہم کو معلوم ہے جنت کی حقیقت لیکن
دل کے خوش رکھنے کو غالبؔ یہ خیال اچھا ہے
٭ بنگلہ دیش میں سینکڑوں مظاہرین نے دارالحکومت ڈھاکہ میں ملک کے بانی شیخ مجیب الرحمان کے گھر کو نذرِ آتش کر دیا ہے۔ شیخ مجیب کو 1975 میں اسی گھر میں قتل کر دیا گیا تھا۔ بعدازاں اُن کی صاحب زادی شیخ حسینہ نے اسے میوزیم میں تبدیل کر دیا تھا۔ یہ حملہ ایک ایسے وقت ہوا ہے جب بھارت میں موجود شیخ حسینہ اپنے حامیوں سے آن لائن خطاب کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی تھیں۔ شیخ حسینہ گزشتہ برس اپنی حکومت کے خلاف ہونے والے احتجاج کے بعد ملک چھوڑ کر بھارت منتقل ہوگئی تھیں اور اس کے بعد سے ان کا قیام نئی دہلی میں ہے۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
ہائے ہائے !! بشیر بدر نے بجا فرمایا تھا
شہرت کی بلندی بھی پل بھر کا تماشا ہے
جس ڈال پہ بیٹھے ہو وہ ٹوٹ بھی سکتی ہے
٭ صاف پانی عوام کا حق ہے، لوگوں کو صاف پانی کی فراہمی میں دشواری پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے اور اس لیے مہاراشٹر حکومت ایک قانون لا رہی ہے جس کے تحت آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، ہم نے اس کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ میٹنگ کی ہے اور پھر قانون اور عدلیہ کی رائے بھی لی جائے گی اور پھر ہم بجٹ اجلاس کے بعد اس پر کام کریں گے، جی بی ایس وائرس سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، ہم صورتحال پر قابو پانے کے لیے کام کر رہے ہیں ۔۔۔ جی بی ایس وائرس کے پھیلنے پر، مہاراشٹر کے وزیر صحت، پرکاش ابیتکر
بے شک جی بی ایس وائرس سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے! آج یا کل اس پر قابو پالیا جائے گا پر فسطائیت اور اکثریت پرستی کا جو وائرس معاشرے کو مکمل اپنی گرفت میں لے چکا ہے اس کا علاج کب ہوگا منتری جی!
٭بی جے پی اور این ڈی اے، بی جے پی اور جے ڈی یو، یا ہماری کسی بھی اتحادی پارٹی کے درمیان کوئی الجھن نہیں ہے۔ ہم مضبوطی سے آگے بڑھ رہے ہیں، اور این ڈی اے سی ایم نتیش کی قیادت میں الیکشن لڑے گا۔۔۔ بہار: وزیر اشوک چودھری
اقتدار کی دوڑی ایسے ہی کمال کی ہوتی ہے وہ سب کو باندھ کے رکھتی ہے پر جب وہ توٹتی ہے تو اچھے اچھوں کی کس بل نکال دیتی ہے!! کیا سمجھے !!
٭یورپی کمیشن کی سربراہ ارزولا فان ڈیئر لائن نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ’امریکہ فرسٹ‘ پالیسیوں اور دیگر متحارب طاقتوں کے سامنے یورپی یونین کو عالمی سطح پر مزید حقیقت پسند ہونے کی ضرورت ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو
جو ہم پہ گزرے تھے رنج سارے جو خود پہ گزرے تو لوگ سمجھے
جب اپنی اپنی محبتوں کے عذاب جھیلے تو لوگ سمجھے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔