اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی
٭ سابق کانگریسی صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت پیپر لیک کروا کر طلباء کے مستقبل کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے اور جب طلباء اس ناانصافی کے خلاف احتجاج کرتے ہیں تو ان کی آواز دبا دی جاتی ہے مسٹرگاندھی نے کہا کہ پہلے بہار میں مقابلہ جاتی امتحان دینے والے طلباء کی آواز دبانے کا کام ہوا، اور اب مدھیہ پردیش میں پیپر لیک کے خلاف آواز اٹھانے والے طلباء کو جیل میں ڈال دیا گیا ہے۔۔۔ یو این آئی اردو
یہ راہل بابا بہت بھولے ہیں انہیں اتنی بھی سمجھ نہیں ہے کہ اگر امتحان ہونے دیا جائے تو کامیاب ہونے والوں کو نوکری بھی دینی پڑے گی اور جوانوں کی بڑی تعداد روزگار سے جڑ جائے گی تو سڑکوں پر سیاست کرنے کے لئے افراد کہاں سے آئیں گے؟!! سمجھا کریں !!
٭ملک بھر کے کسانوں کی اطلاع کے لیے، میں آپ کو بتاتا چلوں کہ تین سال قبل مرکز نے کسانوں کی تحریک کی وجہ سے جو تین کالے قوانین واپس لیے تھے، ان کو پچھلے دروازے سے پھر سے نافذ کیا جا رہا ہے مرکزی حکومت انہیں "پالیسیوں” کا نام دے کر دوبارہ نافذ کرنے کی تیاری کر رہی ہے ۔۔۔ عام آدمی پارٹی (عآپ) کے کنوینر اروند کیجریوال
دہلی انتخابات کے پس منظر میں مرکزی سرکار کو گھیرنے کے لئے عام آدمی پارٹی (عآپ) کے کنوینر لگتا ہے بڑی دور کی کوڑی لائے ہیں! اگر یہ تیر نشانے پر لگ گیا تو مفلر انکل کی چاندی ہی چاندی ہے!!
٭پہلی بار 2024 میں سائنسدانوں نے تحقیق کے دوران مکھی کے سوئی کی نوک سے بھی چھوٹے دماغ میں موجود ایک لاکھ 30 ہزار خلیوں کی شکل، مقام اور حتیٰ کہ مکھی کے دماغ میں موجود پانچ کروڑ سے زیادہ ‘کنکشنز’ یعنی رابطوں کی غیر معمولی نشان دہی کی ہے،یہ کسی بھی بالغ کیڑے (حشرات) کے دماغ کا کیا گیا اب تک کا سب سے تفصیلی سائنسی جائزہ ہے جسے ماہرین نے انسانی دماغ کو سمجھنے کے عمل میں ایک بڑی پیش رفت قرار دیا ہے ۔۔۔ بی بی سی اردو
لوگو! ایک مثال بیان کی جا رہی ہے ، ذرا کان لگا کر سن لو! اللہ کے سوا جن جن کو تم پکارتے رہے ہو وہ ایک مکھی بھی پیدا نہیں کر سکتے گو سارے کے سارے ہی جمع ہو جائیں، بلکہ اگر مکھی ان سے کوئی چیز لے بھاگے تو یہ تو اسے بھی اس سے چھین نہیں سکتے، بڑا بزدل ہے طلب کرنے والا اور بڑا بزدل ہے وہ جس سے طلب کیا جا رہا ہے انہوں نے اللہ کے مرتبہ کے مطابق اس کی قدر جانی ہی نہیں۔ اللہ تعالیٰ بڑا ہی زور و قوت والا اور غالب و زبردست ہے ۔الحج: 73-74
٭ امیرِ جماعتِ اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے مرکز جماعت میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بجٹ 2025 – 26 کے لیے 16 جامع تجاویز پیش کیں انہوں نے کہا کہ مرکزی بجٹ 2025-26 ایک ایسے وقت میں پیش کیاجا رہا ہے جب ملک شدید مالی بحران کا سامنا کر رہا ہے’سی ایم آئی ای‘ ڈیٹا کے مطابق نوجوانوں میں بے روزگاری کا اوسط 45.4 کی سطح تک پہنچ چکا ہے جبکہ تقریباً 20 فیصد آبادی غربت میں زندگی گزار رہی ہے اور زرعی ’جی ڈی پی‘ کی شرح نمو محض 2.8 رہ گئی ہے۔۔۔ یو این آئی اردو
ستائش اور صلہ سے لاپرواہ ہوکر اپنا فرض ادا کر کے اتمام حجت قائم کرنے کی ایک لاجواب جراءت رندانہ قدم! لیکن کیا حکومت ان مشوروں کو قبول کرے گی؟!
اسباب غم عشق بہم کرتے رہیں گے
ویرانیءِ دوراں پہ کرم کرتے رہیں گے
اک طرز تغافل ہے سو وہ ان کو مبارک
َاک عرضِ تمنا ہے سو ہم کرتے رہیں گے
٭ وزیر اعظم نریندر مودی نے دہلی کی عام آدمی پارٹی (آپ) کی حکومت کو قومی راجدھانی کے لوگوں کے لئے بڑا ’’ آپ دا ‘‘ ( ڈیزاسٹر ) قرار دیتے ہوئے کہا کہ انا ہزارے کو آگے کر کے کٹر بے ایمان لوگوں نے کھلے عام گھوٹالے اور کرپشن کئے اور اس کا جشن بھی منایا، شمالی دہلی کے اشوک وہار میں رام لیلا میدان میں کچی بستیوں میں رہنے والے غریبوں کے لیے ‘سوابھیمان اپارٹمنٹ’ کا افتتاح کرنے کے بعد دہلی اسمبلی انتخابات سے قبل یہاں ایک جلسہءِ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے یہ طنز کیا ۔۔۔ یواین آئی اردو
اچھا طنز ہے؟ لیکن صاحب! اگر وہ آپ دا ہیں تو آپ جناب عالی؟ اور کہیں آپ دا میں اوسر تو نہیں تلاش کر رہے صاحب !!!؟
٭ امریکہ اسرائیل کو آٹھ ارب ڈالرز کے میزائل، بم فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، امریکی محکمہ خارجہ ۔۔۔ بی بی سی اردو
ایک طرف امن کے خواہاں ہونے کا دعویٰ ! اور دوسری طرف یہ نیک ارادے!! واہ کیا منافقت ہے!
منسوب چراغوں سے طرفدار ہوا کے
تم لوگ منافق ہو منافق بھی بلا کے
٭ آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ اور تیلگو دیشیم پارٹی کے سربراہ این چندرا بابو نائیڈو نے علماء کونسل آف انڈیا کی ڈائری کا اجرا کرتے ہوئے کہا کہ آندھرا پردیش میں تعلیم اور سماجی آہنگی میں علماء کونسل آف انڈیا کا کردار قابل ستائش ہے یہ بات انہوں نے آندھرا پردیش کے معروف عالم دین اور علماء کونسل آف انڈیا کے صدر مفتی محمد فاروق القاسمی سے کہی انہوں نے مفتی فاروق قاسمی کے ساتھ ڈائری کا اجرا کرتے ہوئے کہا کہ سماج میں تعلیم کے ساتھ سماجی ہم آہنگی اور بھائی چارہ اور ایک دوسرے کی مدد کی سخت ضرورت ہے۔۔۔ یو این آئی اردو
تم تکلف کو بھی اخلاص سمجھتے ہو فراز
دوست ہوتا نہیں ہر ہاتھ ملانے والا
٭ عام آدمی پارٹی (عآپ ) نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام لگایا ہے کہ وہ دہلی میں برسوں سے رہنے والے پوروانچل کمیونٹی کے لوگوں کو بنگلہ دیشی اور روہنگیا کہہ کر ووٹ کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، آپ کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ نے کہا کہ بی جے پی کے ریاستی صدر وریندر سچدیوا اور مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان، جو پوری دنیا میں جھوٹ پھیلانے کے ماہر ہیں، یہ جھوٹ پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔۔۔ یو این آئی اردو
امرت کال میں جھوٹ کو جھوٹ نہیں فن اور کرسی تک پہنچنے کا ایک اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے! ایسے میں عآپ کا یہ شکوہ عبث ہے! سمجھا کریں!!
٭جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک سابق شامی صدر اسد کی معزولی کے بعد ملک میں باغیوں کی تشکیل کردہ عبوری حکومت کے ارکان سے ملاقات کرنے والی ہیں۔ اس دورے میں ان کے ساتھ فرانس کے وزیرِ خارجہ بھی شامل رہیں گے، جرمن وزیر خارجہ نے سوشل میڈیا ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا، "اسد کی حکمرانی کا دردناک باب ختم ہو چکا ہے۔ ایک نیا باب شروع ہوا ہے، لیکن ابھی تک لکھا نہیں گیا ہے، کیونکہ اس وقت شامیوں کے پاس اپنے ملک کی تقدیر دوبارہ اپنے ہاتھ میں لینے کا ایک اہم موقع ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو
چڑھتے سورج کی پوجا،ازل سے دنیا کا دستور ہے! شام میں یہی کچھ ہورہا ہے! اس میں سمجھنے والوں کو لئے بہت ساری نشانیاں ہیں!!
٭ وزیرِ اعظم نریندر مودی جی نے چادر پیش کی جو خواجہ معین الدین چشتی کے عرس پر اجمیر شریف درگاہ پر ان کی طرف سے چڑھائی جائے گی، یہ اشارہ ہندوستان کے بھرپور روحانی ورثے اور ہم آہنگی اور ہمدردی کے پائیدار پیغام کے لیے ان کے گہرے احترام کی عکاسی کرتا ہے ۔۔۔ پارلیمانی اوراقلیتی امور کے وزیر کرن ریجیجو
یاد رہے یہ ہاتھی کے دکھانے والے دانت ہیں! کھانے کے دانت انتخابات کے وقت ہی ظاہر ہوتے ہیں!! سمجھے!!
٭ بی جے پی کو سب سے پہلے سرحدی مسئلہ پر توجہ دینی چاہئے جو مرکزی وزارتِ داخلہ کے تحت بی ایس ایف کی ذمہ داری ہے۔ وہ مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں، اور بی ایس ایف اب سرحد کی حفاظت کرنے سے قاصر ہے۔ اس کے نتیجے میں بنگلہ دیش سے کچھ شرپسند بنگال، تریپورہ اور آسام میں داخل ہو رہے ہیں ۔۔۔ ٹی ایم سی لیڈر کنال گھوش
اسے کہتے ہیں عدو کو اس کے صف میں گھس کر مارنا! بی جے پی جس مسئلے کو اچھال کر بنگال آسام اور تریپورہ وغیرہ میں حزبِ اختلاف کو گھیرتی رہتی ہے اس کو آئینہ دکھانے کی کامیاب کوشش!! بہت خوب!!!
٭ امریکہ کے سرجن جنرل نے کہا ہے کہ شراب نوشی سے کینسر میں مبتلا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے شراب کی پیکنگ پر کینسر کے خطرے کا انتباہ درج کرنے کی تجویز پیش کی جیسا کہ سگریٹوں کے پیکٹ پر لکھا ہوتا ہے ۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
بڑی دیر کردی مہرباں آتے آتے
اے ایمان والو! بیشک شراب اور جُوا اور (عبادت کے لئے) نصب کئے گئے بُت اور (قسمت معلوم کرنے کے لئے) فال کے تیر (سب) ناپاک شیطانی کام ہیں۔ سو تم ان سے (کلیتاً) پرہیز کرو تاکہ تم فلاح پا جاؤ۔ الْمَآئِدَة9:5
٭ جو شخص جمہوریت اور سیکولرازم پر یقین نہیں رکھتا تھا، اس کا نام ایک تعلیمی ادارے کو دیا جائے گا۔ وزیرِاعظم اس ملک کو کیا پیغام دینے جا رہے ہیں؟ یہ سب ہندوتوادی طاقتوں کو خوش کرنے کی کوششیں ہیں، اگر وزیرِ اعظم مودی اور ان کی حکومت تعلیم کے تئیں مخلص ہے تو انہیں تعلیم کے لیے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کرنا چاہیے ۔۔۔ سی پی آئی کی قومی سکریٹری اینی راجہ، وزیرِ اعظم مودی کے ویر ساورکر کالج کا افتتاح کرنے پر۔
بات تو صحیح ہے پر کیا کریں بقول شاعر
نیرنگیءِ سیاستِ دوراں تو دیکھئے
منزل انھیں ملی جو شریکِ سفر نہ تھے
٭پہلی ایف آئی آر درج ہونے کے باوجود ہم یہاں بے خوف بیٹھے رہے اور ہم اب بھی یہیں بیٹھے ہیں۔ آپ انتظامیہ سے پوچھیں کہ وہ دوسری ایف آئی آر کیوں درج کر رہے ہیں، وہ پہلی ایف آئی آر کی بنیاد پر ہی ہمیں گرفتار کر سکتے ہیں۔ کیا (یہاں احتجاج کرنا) غیر قانونی ہے؟کسان کئی مہینوں سے احتجاج کر رہے ہیں اور دہلی کا گھیراؤ کر رہے ہیں۔ انہیں اجازت کس نے دی؟ کس نے کہا کہ عوامی مقام پر پرامن طریقے سے بیٹھنے کے لیے اجازت ضروری ہے ۔۔۔ بی پی ایس سی امتحان پیپر لیک کے تنازعہ پر پٹنہ کے گاندھی میدان میں بھوک ہڑتال پر بیٹھے جن سوراج کے سربراہ پرشانت کشور
پرشانت کشور کا پیپر لیک مسئلے کو لے کر بہار کا اروند کیجروال بننے کی کوشش کیا کامیاب ہوگی؟! یہ تو وقت ہی بتائے گا ، مگر ان کی یہ بھوک ہڑتال ان کا قد ضرور اونچا کردے گی۔ لگے رہو منا بھائی!!
٭روس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکہ کے فراہم کردہ اور یوکرین کی طرف سے فائر کیے گئے آٹھ اے ٹی اے سی ایم ایس میزائل بیلگورود کے سرحدی علاقے میں مار گرائے ہیں۔ ساتھ ہی ماسکو نے یوکرین کو سخت جوابی کارروائی کی دھمکی بھی دی ہے ۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو
انکل سام اور سائبیریائی ریچھ کی اس لڑائی میں بیچارا یوکرین بری طرح سے پس رہا ہے! پتہ نہیں اس کا انجام کیا ہوگا!!
……………………………………………………………