Home » تلخ و تُرش

تلخ و تُرش

by زبان خلق
0 comment

اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی
٭ ہمارے لوک سبھا اور راجیہ سبھا ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ سی ڈبلیو سی کے ممبران 150 شہروں میں پریس کانفرنس کریں گے، ان کانفرنسوں میں ہم امت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کریں گے اور اس بات کا پردہ فاش کریں گے کہ کس طرح بی جے پی اور آر ایس ایس کا نظریہ ہمیشہ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر اور آئین کے خلاف رہا ہے، اسے عوام کی توجہ میں لایا جائے گا اور ملک بھر میں کانگریسی لیڈر اور کارکنان ضلع ہیڈکوارٹرس پر ’’بابا صاحب سمان یاترا‘‘ کا اہتمام کریں گے اور امیت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے صدر کو میمورنڈم پیش کریں گے ۔۔۔ کانگریس لیڈر پون کھیرا
لگتا ہے اب کی بار کانگریس شاہ جی کو گھیرنے کی پوری تیاری کے ساتھ میدان میں کود رہی ہے اگر اس بیچ بی جےپی بوکھلا کر راہل بابا کے خلاف کوئی بڑا قدم اٹھالے تو کانگریس کی چاندی ہی چاندی ہے!!!

٭ کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو ایک خط لکھ کر کہا ہے کہ انہیں پارلیمنٹ کے گیٹ پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اراکین پارلیمنٹ نے دھکا دیکر زخمی کیا اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی کے ساتھ دھکا مکی کی اس لئے اس واقعہ کی تحقیقات کی جانی چاہئے ۔۔۔ یو این آئی اردو
کھڑگے جی کو پتہ ہے ان کے خط سے کچھ نہیں ہونے والا مگر کیا کریں حزب اختلاف میں ہونے کی وجہ سےکچھ نہ کچھ لکھتے رہنا بھی ان کی مجبوری ہے بقول شاعر

بس اک شوق ہے لکھنے کا روز لکھتے ہیں
ہمیں پتہ ہے وہ ہر خط پڑھا نہیں کرتے

٭ ایک سینئر امریکی سفارت کار نے شام کے نئے رہنما احمد الشرع کو بتایا ہے کہ واشنگٹن ان کی گرفتاری پر مقرر انعام ختم کر رہا ہے، جس کا ایک سبب ان کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے وعدے ہیں اور دوسرے ان کے مثبت پیغامات کا خیرمقدم کرنا ہے۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
انکل سام کی جانب سے اتنی بڑی بھلائی! ضرور دال میں کچھ کالا ہے!! اور یہ بھی ممکن ہے کہ پورے کا پورا دال ہی کالا ہو!!!

٭راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکڑ نے اراکین پارلیمنٹ سے عوام کے اعتماد اور توقعات کا احترام کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دنیا ہماری جمہوریت کو دیکھتی ہے، پھر بھی ہم اپنے طرز عمل سے اپنے شہریوں کو مایوس کرتے ہیں۔۔۔ یو این آئی اردو
دھنکڑ جی دنیا اگر دیکھتی ہے تو دیکھا کرے ہمیں کیا! ہم تو وہی کریں گے جس سے ہمیں سیاسی فائدہ ملے اور ویسے بھی بقول شاعر

غالب برا نہ مان جو پبلک برا کہے
ایسا بھی کوئی ہے کہ سب اچھا کہیں جسے

٭یہ سب ایک ہتھکنڈہ ہے، مجھے نہیں لگتا کہ راہل گاندھی یا ہم میں سے کوئی خوفزدہ ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ مرکزی وزیر داخلہ کو استعفیٰ دینا چاہئے کیونکہ انہوں نے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی توہین کی ہے۔۔۔ کانگریس ایم پی اور لوک سبھا میں لیڈر آف اپوزیشن راہول گاندھی کے خلاف درج ایف آئی آر پر شیو سینا (یو بی ٹی) کے رہنما آدتیہ ٹھاکرے
سیاست میں ایف آئی آر کا ہتھکنڈہ بہت پرانا ہوچکا ہے، پتہ نہیں بی جے پی کیوں اب بھی اسی پر اڑی ہوئی ہے! یا تو وہ بوکھلائی ہوئی ہے یا اس کو کچھ اور سوجھا ہی نہیں جارہا ہے!! ہائے ہائے!!

٭ ہمارا نظام شمسی اس کائنات کے اربوں ایسے نظاموں میں سے صرف ایک ہے۔ 4000 سے زیادہ ایسے پلینٹری سسٹمز دریافت کیے جا چکے ہیں لیکن ہمارے سولار سسٹم جیسا کوئی بھی نہیں ۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو
وَ اِنْ تَعُدُّوْا نِعْمَتَ اللّٰہِ لَا تُحْصُوْھَاط اِنَّ الْاِنْسَانَ لَظَلُوْمٌ کَفَّارٌ۔ سورۃ ابراہیم ۔34
ترجمہ: اور اگر تم اللہ کی نعمتوں کو شمار کرنا چاہو تو شمار نہ کر سکو گے بیشک انسان بڑا ہی ظالم بڑا ہی ناشکر گزار ہے۔

٭ہم اس سیشن میں بہت امید کے ساتھ آئے تھے کہ ہم لوگوں کے مسائل کو اٹھائیں گے،جب ایوان کام نہیں کرتا ہے تو بہت مایوسی ہوتی ہے،اتنا اہم وقت اور ملک کا پیسہ ضائع ہوتا ہے۔ حکمران جماعت خود نہیں چاہتی کہ ایوان کام کرے ۔۔۔ جے ایم ایم کے ایم پی مہوا ماجی
بھارت میں آج کل جس قسم کی سیاست چل رہی اس میں ایوان کی اہمیت ہی گھٹتی جارہی ہے، حکمران جماعت اور حزب اختلاف کوئی بھی اس بات پر سنجیدہ نہیں ہے، پتہ نہیں حالات کب سدھریں گے

دل ناامید تو نہیں ناکام ہی تو ہے
لمبی ہے غم کی شام مگر شام ہی تو ہے

٭ہم پچھلے بہار سمٹ میں آئے تھے اور اس بار بھی آئے ہیں۔ بہار میں تبدیلی دیکھی جا سکتی ہے،امن و امان سے لے کر کاروبار کرنے میں آسانی تک سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے۔ اڈانی گروپ یہاں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کر رہا ہے، یہاں بہت سے مواقع ہیں اور حکومت بھی معاون ہے ۔۔۔ بہار بزنس کنیکٹ 2024 میں شرکت کے بعد، پرناو اڈانی، منیجنگ ڈائریکٹر (ایگرو، آئل اینڈ گیس)، اڈانی گروپ
اڈانی جی کی نظر کرم بہار پر پڑگئی ہے یعنی بِہار میں بَہار آنے ہی والی ہے، مبارک ہو مبارک ہو!! دیکھنا اب بہت جلد بہار ملک کا نمبر ون اسٹیٹ ہوجائے گا!!

٭ ہزاروں یہودیوں کی اسرائیل سے نقل مکانی، برین ڈرین کا خدشہ بڑھ رہا ہے، سات اکتوبر کے بعد سے ہزاروں یہودی اسرائیل کو غیر محفوظ خیال کرتے ہوئے تیزی سے ملک سے جارہے ہیں، حماس کے حملے نے تحفظ کے کسی بھی احساس کو کچل دیاہے، حکومت کے اعداد و شمار پر مبنی تخمینےکے مطابق رواں سال کے پہلے سات مہینوں کے دوران 40,600 افراد طویل عرصے کے لیے ملک سے چلے گئے، یہ تعداد 2023 کی اسی مدت کے مقابلے میں 59 فیصد زیادہ ہے ۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
جس قوم پر خدا کا غضب مسلط ہو اور جن پر ذلت و مسکنت ڈال دی گئی ہو وہ لاکھ وسائل کے باوجود خوف اور بے یقینی کا شکار ہو کر اسی طرح بھٹکتی رہے گی۔ اس میں سمجھنے والوں کے لئے بڑی نشانیاں ہیں۔

٭ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ روزگار مانگنے والے نہیں، بلکہ روزگار دینے والے بنیں۔۔۔ یو این آئی اردو
واہ کیا جملہ عنایت کیا ہے، صاحب کے اس ہونہار شاگرد نے تو جملہ بنانے میں اپنے استاد کو بھی مات دے دی ہے، خوب!!

٭ وزیر اعظم مودی کو اپنے ملک کے مزدوروں کے بارے میں بھی سوچنا چاہئے۔ ان کے پاس تشدد سے متاثرہ منی پور جانے کا وقت نہیں ہے لیکن وہ کویت جا رہے ہیں۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ ان کے اس دورے سے کیا فائدہ ہوتا ہے ۔۔۔ وزیر اعظم مودی کے کویت دورے پر آر جے ڈی لیڈر مرتیونجے تیواری
مزدوروں اور منی پور پر سوچنے کے لئے تو حزب اختلاف موجود ہے نا! صاحب کو اپنے متروں کی فکر کرنے دیں، اب دیکھنا وہ کویت سے بھی ان کے لئے کوئی بڑا فائدہ کراکر ہی لوٹیں گے! سمجھا کریں!!

٭ ترک صدر ایردوآن نے کہا ہے کہ ترکی طویل خانہ جنگی سے تباہ حال ہمسایہ ملک شام میں ریاستی ڈھانچے کی تعمیر نو اور نئے آئین کی تشکیل میں نئی دمشقی حکومت کی مدد کرے گا اور انقرہ اس حوالے سے دمشق کے ساتھ رابطوں میں ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو
یورپ کا مرد بیمار نئی توانائیوں کے ساتھ نئی صف بندیوں میں کامیاب ہوتا نظر آرہا ہے! کیا وہ اپنے اس نپے تلے چال کے ساتھ علاقے میں اپنی کھوئی ہوئی شان واپس لاسکتا ہے؟ یہ تو وقت ہی بتائے گا!!

٭ میں اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہوں کہ دلت برادری کا کوئی بھی فرد اعلیٰ تعلیم سے محروم نہ رہے، اس کے لیے میں ڈاکٹر امبیڈکر اسکالرشپ کا اعلان کر رہا ہوں، اب دلت برادری سے تعلق رکھنے والا کوئی بھی طالب علم جو دنیا کی اعلیٰ یونیورسٹیوں میں پڑھنا چاہتا ہے، داخلے کے بعد ان کے اخراجات دہلی حکومت برداشت کرے گی، یہ اسکالرشپ دلت برادری کے سرکاری ملازمین پر بھی لاگو ہوگی، ہم ڈاکٹر امبیڈکر اسکالرشپ کا اعلان کرتے ہوئے،بی جے پی نیتا اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو جواب دے رہے ہیں جنہوں نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی بے عزتی کی ۔۔۔ عآپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال
دوسروں کی لگائی آگ پر اپنی روٹی سینکنے کی کامیاب سیاست! مفلر انکل اس کام میں کافی ماہر ہوچکے ہیں! اب دیکھنا یہ ہے کہ اس کا فائدہ انہیں انتخابات میں ملتا ہے یا نہیں!!

٭ امبیڈکر پر امت شاہ کے تبصرے کے خلاف مایاوتی نے 24 دسمبر کو ملک گیر مظاہرے کی کال دی ہے ۔۔۔ اے این آئی
شاید "باسی کڑھائی میں ابال آنا” ایسے ہی موقعے پر کہا جاتا ہو گا۔

٭روس کے صدر پوٹن کے ساتھی سمجھے جانے والے سابق شامی صدر بشار الاسد کی حکومت کے زوال کے بعد اپنے پہلے عوامی تبصروں میں، پوٹن نے ان دعووں کو مسترد کر دیا کہ شامی صدر کا تختہ الٹنا روس کی شکست کا مظہر تھا۔ ایک صحافی کے سوال کے جواب میں پوٹن نے کہا، شام میں جو کچھ ہو رہا ہے اسے آپ روس کی شکست کے طور پر پیش کرنا چاہتے ہیں۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ایسا نہیں ہے۔ ہم نے اپنے مقاصد حاصل کر لیے ہیں۔ پوٹن نے کہا کہ وہ ابھی تک اسد سے نہیں ملے، جو سقوط دمشق کے بعد فرار ہو کر ماسکو پہنچ گئے تھے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو
یعنی عالمی سیاست کے شطرنج میں شہ مات سے بچنے کے لئے کبھی کبھی کچھ مہرے جان بوجھ کر بھی پِٹانے پڑتے ہیں، اور روس نے شام میں وہی کچھ کیا ہے، پوتن سچ کہہ رہے ہیں! سمجھا کریں!!

………………………….

You may also like

Leave a Comment