کڈپہ (راست) 19 دسمبر 2024: گورنمنٹ کالج برائے ذکور (خود مختار) میں نیاک کے دو روزہ دورے کا بحسن و خوبی اختتام ہوا۔ یو جی سی کے ماتحت خودمختار ادارہ‘ نیشنل اسسمنٹ اینڈ ایکریڈیٹیشن کونسل (نیاک) بنگلور کی جانب سے 18 اور 19 دسمبر 2024ء گورنمنٹ آرٹس کالج‘ کڈپہ میں چوتھے دورکی گریڈنگ کے لیے نیاک پیر ٹیم کا دورہ خوشگوار اور کامیاب رہا۔ سہ نفری پیر ٹیم نے کالج کے تمام شعبہ جات کا دورہ کیا اور کالج کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ طلبہ و طالبات سے گفتگو کی‘ ابنائے قدیم‘ اولیائے طلبہ اور تدریسی و غیر تدریسی عملہ سے تبادلہ خیال کیا اور کالج کی ہمہ جہتی ترقی کے لیے مشورے طلب کیے۔ بڑی جاں فشانی اور باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد تفصیلی رپورٹ مرتب کی۔
راجستھان یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر راجیو جین‘ ٹیم کے چئیرمن تھے جب کہ الہ آباد یونیورسٹی کے پروفیسر مدھوریندرا کمار نے ممبرسکریٹری اور ڈاکٹر رمیش کمبھر‘ پرنسپل ویویکانند کالج‘ کولہاپورنے ممبر کو آرڈی نیٹر کی حیثیت سے کالج کا دورہ کیا۔
پیر ٹیم کے صدر‘ ممبر سکریٹری اور کو آرڈی نیٹر صاحبان نے شعبہ اردوکے اساتذہ اور طلبہ سے تبادلہ خیال کیا۔ معائنے کے بعد‘ صدر شعبۂ اردو‘ ڈاکٹر سید وصی اللہ بختیاری عمری اور استاذ شعبہ اردو ڈاکٹر اقبال خسرو قادری کی ادبی و تدریسی خدمات کی ستائش کی۔ اس اہم دورے کی تیاریوں میں کالج کے پرنسپل ڈاکٹر رویندرناتھ نے بڑی ہمت افزائی کی اور تمام ضروری وسائل مہیا کیے۔ استاذ شعبہ تاریخ جناب غیاث شارب نے بھرپور تعاون دیا۔ سابق استاذ شعبۂ اردو جناب انور ہادی جنیدی اور محقق و ناقد ڈاکٹر ظہیر دانش عمری کا مخلصانہ تعاون حاصل رہا۔ شعبۂ اردو کے طلبہ و طالبات کی سعادت مندی اور فرماں برداری کی وجہ سے کئی اہم کام بروقت انجام دیے جاسکے۔
گورنمنٹ آرٹس کالج‘ کڈپہ میں نیاک NAAC پیر ٹیم کا دورہ
previous post