Home » تلخ و تُرش

تلخ و تُرش

by زبان خلق
0 comment

 

اسانغنی مشتاق رفیقی, وانم باڑی

٭ہمیں (سماج وادی پارٹی) کبھی بھی مہا وکاس اگھاڑی کی رابطہ میٹنگ کے لیے نہیں بلایا گیا۔ ہم لوک سبھا انتخابات کی طرح ہم آہنگی چاہتے تھے، لیکن کانگریس، شیوسینا (یو بی ٹی) اور این سی پی (ایس پی) سیٹوں کی تقسیم پر ایک دوسرے سے لڑتے رہے۔ اسی لیے ہم (مہا وکاس اگھاڑی) ہار گئے (مہاراشٹر اسمبلی انتخابات)۔۔۔ سماج وادی پارٹی یونٹ مہاراشٹر کے سربراہ ابو عاصم اعظمی

بات کڑوی ہے  مگر یہی حقیقت ہے، کاش بٹو گے تو کٹو گے اور ایک ہیں تو سیف ہیں جیسے نعروں پر مہا وکاس اگھاڑی انتخابات کے خاتمے تک ہی  سہی چپکے سے عمل کرلیتی تو اس کی یہ درگت نہ بنتی۔

 

٭منی پور کانگریس اور انڈیا اتحاد کے لیڈروں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو منی پور کا دورہ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ منی پور تقریباً ڈیڑھ سال سے جل رہا ہے، لاکھوں لوگ تشدد کا شکار ہو چکے ہیں لیکن کوئی ان کی دیکھ بھال نہیں کر رہا ، اس لیے وزیراعظم وہاں جائیں اور اگر وقت نہیں ہے تو اس معاملے پر وہ آل پارٹی اجلاس بلائیں۔ منی پور کانگریس کے صدر اور ممبر اسمبلی کے میگھ چندر سنگھ اور منی پور میں انڈیا اتحاد سے وابستہ 10 سیاسی جماعتوں کے کنوینر کھیترامیوم شانتا کی قیادت میں ریاستی وفد نے آج یہاں مسٹر مودی کو ایک میمورنڈم پیش کیا۔۔۔ یو این آئی اردو

کیا زمانہ آگیا ہے جو لوگ ڈھنگ سے ایک ریاستی انتخابات نہیں لڑ سکتے وہ صاحب کو مشورہ دینے چلے ہیں! نیتاجی! اپنے اتحاد کی فکر کیجئیے صاحب جانتے ہیں کہ کب کہاں اور کیسے جانا ہے اور دیس کیسے چلانا ہے، کیا سمجھے!!

 

٭ہم نادان تھے جو ان پر اعتبار کر بیٹھے، یوکرین کو جوہری ہتھیار تلف کرنے پر پچھتاوا، تیس برس پہلے 5 دسمبر 1994 کو ہنگری کے دارالحکومت بداپسٹ کے ایک تقریب میں یوکرین، بیلاروس اور قزاقستان نے اپنے جوہری ہتھیار ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ بدلے میں انہیں امریکہ، برطانیہ، فرانس، چین اور روس کی جانب سے سکیورٹی کی ضمانتیں دی گئیں تھیں ۔۔۔ بی بی سی اردو

سیاست اور جنگ میں اعتبار کی غلطی کا انجام ہمیشہ درد ناک ہی ہوتا ہے

اب پچھتائے کیا ہوت جب چڑیاں چگ گئیں کھیت

 

٭ مہاراشٹر کانگریس کے سربراہ نانا پٹولے نے کہا ہے کہ اگر انہیں نئے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کی حلف برداری تقریب میں مدعو کیا جاتا تو وہ اس تقریب میں ضرور شرکت کرتے۔۔۔ یو این آئی اردو

یعنی انہوں نے کھٹکھٹا دیاہے! بس وزیر اعلیٰ کی جانب سے دروازہ کھولنے کی دیری ہے اور پھر بس! دیکھتے رہئے مہارشٹرا کی سیاست کا مہا ناٹک!!

 

٭کچھ روس کے ساتھ کھڑے ہیں، کچھ یوکرین کے ساتھ، کچھ اسرائیل کے ساتھ، کچھ لبنان یا دوسرے ممالک کے ساتھ، لیکن جو امن اور اتحاد کے ساتھ کھڑا ہے وہ ہمارے قابل احترام وزیرِ اعظم نریندر مودی ہیں ۔۔۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو

پیراں نمی پرند مریداں می پرانند

وگرنہ من ھمان خاکم کہ ھستم

پیر نہیں اڑتے (انہیں) مرید اڑاتے ہیں

وگرنہ میں تو وہی مٹی ہوں جو ہوں

 

٭ ورلڈ بینک کی ایک تازہ ترین رپورٹ کے مطابق پاکستان کا کُل بیرونی قرضہ 130 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے جو اس کی اوسط سالانہ برآمدات سے 352 فی صد زیادہ ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ قرضے میں ڈوبی پاکستانی معیشت کے لیے یہ صورتِ حال تشویش ناک ہے۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

قرض کی پیتے تھے مے لیکن سمجھتے تھے کہ ہاں

رنگ لاوے گی ہماری فاقہ مستی ایک دن

 

٭مرکزی وزیر اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے ٹی بی مکت بھارت ابھیان کے تحت 100 روزہ ٹی بی مٹاؤ پروگرام کا افتتاح کیا۔۔۔۔ یو این آئی اردو

منتری جی! بھارت کو جتنا خطرہ آج کے دور میں فرقہ پرستی سے ہے اتنا شاید ہی کسی بیماری سے ہو؟ اس کو مٹانے کے لئے اور اس سے بھارت کو مکت کرانے کے لئے بھی کبھی کوئی پروگرام چلائے!!

 

٭پچھلے 10 سالوں میں، ہم نے دہلی میں بی جے پی کو ہمیشہ شکست دی ہے۔ اور ہم (آئندہ دہلی اسمبلی) انتخابات میں بھی زبردست اکثریت سے جیتیں گے۔ ہم نے پچھلے تین (اسمبلی) الیکشن اکیلے لڑے تھے اور ہم اس بار بھی اکیلے ہی لڑیں گے ۔۔۔ عآپ ایم پی سنجے سنگھ

سیاست میں کوئی ہمیشگی نہیں ہوتی، عآپ کو چاہئے کہ وہ دن میں خواب دیکھنا چھوڑ کر زمین پر اپنی گرفت مضبوط کرے ورنہ سارے دعوے ہوا بن کر ہوا ہوجائیں گے۔

 

٭ افغانستان میں برسرِ اقتدار طالبان حکام نے خواتین کے میڈیکل اسکولوں میں داخلے پر بھی مبینہ طور پر پابندی عائد کردی ہے جس کے بعد خواتین کے لیے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا آخری دستیاب موقع بھی ختم ہو گیا ہے، انسانی حقوق کے حامیوں اور غیر ملکی سفارت کاروں نے اس ہدایت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان کی لگائی گئی پابندی کی وجہ سے پہلے ہی مرد ڈاکٹر خواتین کا علاج نہیں کر سکتے۔ اس ہدایت سے لاکھوں خواتین صحت کی دیکھ بھال کی ضروری خدمات کے ساتھ ساتھ دائیوں، خواتین نرسوں اور ہیلتھ ورکرز سے محروم ہو جائیں گی ۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

دیکھا جو کھا کے تیر کمیں گاہ کی طرف

اپنے ہی دوستوں سے ملاقات ہو گئی

 

٭ وادیء کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری واقع ہونے کے باوجود بھی ٹھٹھرتی سردیوں کا راج جاری ہے جس سے اہلیان وادی کو گوناں گوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔۔۔ یو این آئی اردو

پتہ نہیں کیوں کشمیر میں موسم اور سیاست کا مزاج ایک جیسا رہتا ہے، انتخابات کے ذریعے بہتری واقع ہونے کے باوجود یونین پردیس ہونے کی وجہ سے مرکزی راج جاری ہے جس سے اہلیانِ وادی کو واقعی گوناں گوں مشکلات کا سامنا ہے ۔۔۔

 

٭بھیم راؤ امبیڈکر کے بعد نتیش کمار دوسرے لیڈر ہیں جنہوں نے لوگوں کے لیے نچلی سطح پر کام کیا ہے۔ آج مہادلت اور دلت برادریوں کے لوگ مکھیا (گاؤں کے سربراہ) اور پنچایت ممبر بن رہے ہیں۔ نتیش کمار” وہ لیڈر ہیں جو بہار کی ترقی کرا رہے ہیں، اور ہم لوگوں کے درمیان جا رہے ہیں تاکہ ان کے کاموں کے بارے میں انہیں  آگاہ کریں ۔۔۔ بہار کے وزیر مہیشور ہزاری

اتنی نہ بڑھا پاکیٔ داماں کی حکایت

دامن کو ذرا دیکھ ذرا بند قبا دیکھ

 

٭ روس میں بچوں کے بغیر زندگی کی ترویج و تشہیر اب قابلِ سزا جرم، روس میں آبادی میں کمی کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے اور اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے حکومت نے ایک نیا قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک نئے قانون کے تحت روس میں اگر کوئی شخص بچوں کے بغیر زندگی گزارنے کی ترغیب دے گا، تو اس پر چار لاکھ روبل (تقریباً چار ہزار یورو) تک کا جرمانہ عائد کیا جا سکے گا اس کے علاوہ یہی خلاف ورزی اگر کسی کاروباری ادارے کی طرف سے کی جائے گی تو اس پر پانچ ملین روبل تک کا جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

قوانینِ قدرت سے کھلواڑ کا انجام! یہ تو ابتداء ہے، ابھی بہت کچھ جھیلنا باقی ہے!!

 

٭اس بار ہم 100 فیصد جیتیں گے کیونکہ دہلی اب زیادہ آلودگی، پانی کی آلودگی، تباہ شدہ گلیوں، گڑھوں کو برداشت نہیں کر سکتا۔ ہم اسے مزید برداشت نہیں کریں گے، ہم تبدیلی لائیں گے ۔۔۔ اسمبلی انتخابات کے لیے دہلی بی جے پی کے نعرے ‘اب نہیں سہیں گے، بدلکر رہیں گے’ پر، بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ منوج تیواری

جب پورا انتظامیہ، الیکشن کمیشن اور ای وی ایم ساتھ میں ہو تو لہجے میں اتنی خود اعتمادی کا جھلکنا لازمی ہے، سمجھا کریں!!

 

٭دنیا کی بیرونی طاقتیں جو ہندوستان کی معیشت سے حسد کرتی ہیں اور اسے کمزور کرنا چاہتی ہیں، اگر کانگریس پارٹی کو وہاں سے فنڈنگ مل رہی ہے تو انہیں (کانگریس) پہلے اس کا جواب دینا چاہیے۔ اڈانی، امبانی یا ہندوستان کے صنعت کار آج ملک کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں ۔۔۔ اتر پردیش، بی جے پی کے ایم پی جگدمبیکا پال

وہ جھوٹ بول رہا تھا بڑے سلیقے سے

میں اعتبار نہ کرتا تو اور کیا کرتا

 

٭ امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر ان کے عہدہ سنبھالنے تک غزہ میں اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا نہ کیا گیا تو اس کے انتہائی سخت نتائج ہوں گے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

نوے فیصد تباہ حال شہر کو انتہائی سخت نتائج کی دھمکی!! حیرت ہے!! اب وہاں بچا ہی کیا ہے جس سے وہ گھبرائیں گے!!

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

You may also like

Leave a Comment