اسانغنی مشتاق رفیقی۔ وانم باڑی
٭ مہاگما، جھارکھنڈ: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی کے ہیلی کاپٹر کو ابتدائی طور پر اے ٹی سی سے کلیئرنس نہ ملنے کی وجہ سے مہاگما سے ٹیک آف کرنے سے روک دیا گیا۔ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے بعد ہیلی کاپٹر کو اڑان بھرنے کی اجازت مل گئی۔۔۔ آئی اے این ایس
کبھی زبان کترنے کی کوشش، کبھی پر کترنے کی کوشش، پھر بھی یہ راہل نامی پرندہ اُڑتا ہی جارہا ہے! بیچارہ صیاد! اب کرے تو کیا کرے!!
٭ مہاراشٹر کے ہنگولی اسمبلی حلقہ میں میری انتخابی مہم کے دوران، الیکشن کمیشن کے اہلکاروں نے میرے ہیلی کاپٹر کا معائنہ کیا۔ بی جے پی منصفانہ انتخابات اور صحت مند انتخابی نظام پر یقین رکھتی ہے اور معزز الیکشن کمیشن کے بنائے گئے تمام اصولوں پر عمل کرتی ہے۔ ہم سب کو ایک صحت مند انتخابی نظام میں حصہ ڈالنا چاہیے اور ہندوستان کو دنیا کی سب سے مضبوط جمہوریت کے طور پر برقرار رکھنے کے لیے اپنے فرائض ادا کرنے ہوں گے ۔۔۔ مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ
ہم کو معلوم ہے جنت کی حقیقت لیکن
دل کے خوش رکھنے کو غالبؔ یہ خیال اچھا ہے
٭ کانگریسی صدر ملکارجن کھڑگے اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے جھانسی کے میڈیکل کالج میں آگ لگنے سے نوزائیدہ بچوں کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور متاثرین کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے کانگریسی لیڈروں نے اسے میڈیکل کالج انتظامیہ کی جانب سے سنگین لاپرواہی قرار دیا اور کہا کہ واقعہ کی تحقیقات ہونی چاہئے اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے۔۔۔ یو این آئی اردو
افسوس! جب ذہانتیں ماضی پرستی کے جنون میں مستقبل کی حفاظت سے لاپرواہ ہوجائیں تو ایسے حادثات نا گزیر ہو جاتے ہیں
اس میں بچوں کی جلی لاشوں کی تصویریں ہیں
دیکھنا ہاتھ سے اخبار نہ گرنے پائے
٭ کانگریسی قائد اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے نندوربار میں انتخابی ریلی میں کہا کہ قبائلی ہندوستان کے اصل مالک ہیں لیکن انہیں ہی حکومت میں ان کا حصہ نہیں مل رہا ہے انہیں یہ شرکت آئین کے ذریعے ہی ملے گی راہل گاندھی نندوربار میں مہاوکاس اگھاڑی کے امیدواروں کی حمایت میں منعقدہ ایک میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔۔۔ یو این آئی اردو
کانگریس کو پانچ دہائیاں حکومت کا مزہ لوٹتے وقت جو گیان نہ ملا وہ حکومت سے بن باس کے دور میں مل گیا، دیر آید درست آید، اگر راہل نے سچ میں قبائلیوں کی اقتدار میں شرکت کو یقینی بنا دیا تو یہ ایک انقلابی تبدیلی ہوگی،
اب ڈراما دِکھائے گا کیا سِین
پردہ اُٹھنے کی منتظر ہے نگاہ
٭آج جھوٹ، فریب اور دھوکہ ہے، شادی ہوتی ہے اور دو دن کے اندر دلہن کو واپس بھیج دیا جاتا ہے، ہمارے زمانے میں کہا جاتا تھا کہ جب شادی ہوتی ہے تو بیٹی جنازے پر ہی لوٹے گی۔ ایک وہ بھی دن تھے، لیکن اب یہ کہنا مشکل ہے، ہم اپنے قرآن سے دور ہو گئے ہیں۔۔۔ جموں کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ
زندگی بھر مطلب کی سیاست کرتے کرتے اب اچانک یہ اللہ اللہ!! لگتا ہے کہیں کچھ زیادہ ہی گڑ بڑ ہے!!
عمر تو ساری کٹی عشق بتاں میں مومنؔ
آخری وقت میں کیا خاک مسلماں ہوں گے
٭ تقریباً ایک تہائی پاکستانی خواتین ذیابیطس کا شکار، گزشتہ تین دہائیوں کے دوران عالمی آبادی میں ذیابیطس کے شکار بالغ افراد کی شرح دوگنی ہو گئی ہے جبکہ پاکستانی خواتین میں یہ تناسب حیران کن طور پر کئی گنا زیادہ تیزی سے بڑھا ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو
گھروں تک محدود کردی گئی خواتین میں ‘شک’ کر کی بیماری پھیلنا ناگزیر ہے، اس میں حیرانی کی کیا بات ہے۔
٭وزیر اعظم نریندر مودی نے ‘راجکمار رام’ کو ‘بھگوان رام’ بنانے کا کریڈٹ قبائلی برادری کو دیتے ہوئے ملک کی سابقہ حکومتوں پر قبائلیوں کو نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جنہیں کوئی نہیں پوچھتا ، انہیں مودی پوجتا ہے ۔۔۔ یو این آئی اردو
کرسی کے لئے صاحب سچ میں کچھ بھی کہہ اور کر سکتے ہیں سنبھل کر یارو!!
کرتے ہیں غلط یار سے اظہارِ وفا ہم
ثابت جو ہوا عشقِ کجا یارِ کجا ہم
٭ اگر پولس الیکشن کے دوران ایمانداری سے کام کرتی ہے اور الیکشن منصفانہ طور پر کرائے جاتے ہیں، تو بی جے پی تمام 9 سیٹوں سے ہار جائے گی، میں آپ کو بتا رہا ہوں، اگر الیکشن ایمانداری سے ہوئے تو بی جے پی تمام 9 سیٹوں سے ہارے گی ۔۔۔ اتر پردیش ضمنی انتخابات پر کانگریس کے ایم پی عمران مسعود
انتخابات، بی جے پی اور ایمانداری!!!!؟ لگتا ہے نیتا جی سٹھیا گئے ہیں!
٭باکسنگ لیجنڈ مائیک ٹائسن 78 مُکے پڑنے پر نوجوان یوٹیوبر جیک پال سے باآسانی ہار گئے ۔۔۔ بی بی سی اردو
ہر کَمالے را زَوال !
٭ بی جے پی برٹش سامراجی نظریہ کی نسل سے ہے، انہیں سے اس نے تقسیم کرو اور حکومت کرو کا گُر سیکھا ہے ۔۔۔ بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے سماج وادی نیتا اکھلیش یادو
بی جے پی نے جو سیکھا اس پر وہ مستقل مزاجی کے ساتھ عمل پیرا ہے مگر نیتا جی! آپ نے اپنے سیاسی پرکھوں سے جو سیکھا کیا اس پر ثابت قدم ہیں؟!
٭ہر دو ماہ بعد کوئی نہ کوئی الیکشن ہو رہا ہے، لاکھوں کروڑوں روپے آپ خرچ کر رہے ہیں لیکن انہوں نے اس کی فکر نہیں کی۔ ہمارے وزیرِ اعظم مودی کو اس کی فکر تھی، اب لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات ایک ساتھ ہوں گے اور گرام، نگر اور ضلع پنچایت کے انتخابات بھی ایک ساتھ ہوں گے، اس سے پیسے کی بچت ہوگی ۔۔۔ وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ
جو حکومت دو ریاستوں کے انتخابات بھی ایک وقت میں اور ایک ساتھ نہیں کرا سکی ہے وہ ملک بھرکے انتخابات ایک ساتھ اور ایک ہی وقت میں کرائے گی! اور اس بات کو ہم سچ بھی مان لیں!!
یہ سمجھ کے مانا ہے سچ تمہاری باتوں کو
اتنے خوبصورت لب جھوٹ کیسے بولیں گے
٭سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ اور لبنان میں فوری جنگ بندی اور اسرائیل کو ’برادر ملک ایران‘ پر حملے سے روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے کوششیں تیز کرنے کا عندیہ بھی دیا۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
سعودی عرب نے اسرائیل کو برادرِ ملک ایران پر حملے سے روکنے کی بات کہی، تعجب ہے! یا تو انکل سام کے سیاسی ستارے گردش میں آچکے ہی یا دنیا پر سے اس کے سیاسی اقتدار کا سورج قریب الغروب ہے۔
٭او بی سی کو پہلے ہی کاٹ دیا گیا ہے۔ ان کے ریزرویشن کاٹ دیے گئے ہیں۔ یہ سب بی جے پی نے کیا ہے ، ان کا نعرہ صرف کاٹنے کے لیے ہے اور اب وہ لوگوں سے کہہ رہے ہیں کہ ہم آپ کو کاٹ رہے ہیں عوام کو سمجھنا چاہیے اور انہیں اقتدار سے ہٹانا چاہیے ۔۔۔ بٹوگے تو کٹوگے، کے نعرے پر، ونچیت بہوجن اگھاڑی (وی بی اے) کے صدر پرکاش امبیڈکر
کس نے کیا کیا؟ کون کسے کاٹ رہا ہے؟ کون بانٹ رہا ہے؟ اس کا پورا گیان پبلک کو ہے؟ دیکھتے ہیں وہ کیا جواب دیتی ہے انتظار کریں 23 نومبر 2024 تک!!
٭پہلے مرحلے میں ایک بہت ہی مثبت نتیجہ سامنے آیا ہے، لوگ سمجھ گئے ہیں کہ بی جے پی نے کس طرح زہر پھیلایا ہے اور ملک ایسی چیزوں سے نہیں چلے گا۔ لوگ نفرت کے بیانیے کو مسترد کر رہے ہیں، وہ تعلیم یافتہ ہیں ۔۔۔ جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات پر کانگریس لیڈر راجیش ٹھاکر
نیتا جی! آپ کے منہ میں گھی شکر! کاش سچ میں ایسا ہی ہو!
٭سری لنکا کے عام انتخابات میں بائیں بازو کی جماعتوں کے اتحاد نیشنل پیپلز پاور (این پی پی) نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر لی ہے۔ مارکس نظریات رکھنے والے صدر دسانائیکے کے اتحاد ‘این پی پی’ نے 225 رکنی پارلیمان میں 159 نشستیں حاصل کی ہیں۔ یہ سری لنکا کی تاریخ میں سب سے بڑی انتخابی کامیابی ہے۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
سری لنکا کے عوام کو سلام! انہوں نے نفرت کی سیاست کو ٹھکرا کر دیرسے ہی سہی بر وقت فیصلہ لے کر ملک کو ڈوبنے سے بچا لیا! کاش وطنِ عزیز کے لوگ بھی اس سے پہلے کہ بہت دیر ہوجائے یہ بات سمجھ لیں!!
……………………………….