Home » تلخ و تُرش

تلخ و تُرش

by زبان خلق
0 comment

اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی

٭ کانگریس پارٹی اس مشکل راستے کو سمجھ رہی ہے کہ غیر حقیقی وعدے کرنا آسان ہے لیکن ان کو صحیح طریقے سے نافذ کرنا مشکل یا ناممکن ہے۔ انتخابی مہم میں  وہ لوگوں سے ایسے وعدے کرتے ہیں کہ جنہیں وہ جانتے ہیں  وہ کبھی پورا نہیں کر پائیں گے۔ اب وہ عوام کے سامنے بری طرح بے نقاب ہو چکے ہیں ! ۔۔۔ وزیر اعظم نریندر مودی

بے شک! بے شک! صاحب نے بجا کہا! ہر اکاؤنٹ میں پندرہ لاکھ، دو کروڑ نوکریاں، کسانوں کا ڈبل انکم، گزشتہ گیارہ سال سے کانگریس ہی تو ایسے وعدے کرکے عوام کے درمیان بے نقاب ہوچکی ہے !!!!!

 

٭کانگریسی لیڈر روی راجہ مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور ممبئی بی جے پی صدر آشیش شیلر کی موجودگی میں بی جے پی میں شامل ہوئے ۔۔۔ آئی اے این ایس

کیا راجہ کیا پرجا! انتخابات کے موسم میں ایک پڑاؤ سے دوسرے پڑاؤ کی طرف ان سب کا آنا جانا لگا رہتا ہے! اس میں تعجب کی بات کیا ہے!!

 

٭ امریکی انتخابات: یورپی یونین کے لوگ کملا ہیرس کے حق میں ہیں، یورپی یونین کی اکثریتی آبادی کا خیال ہے کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ دوبارہ صدر بنتے ہیں تو یورپ کی سلامتی و آزاد تجارت خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ یورپی سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ وہ ہر طرح کے چیلنج کے لیے تیار ہیں۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

یورپی یونین کے علاوہ دنیا کے دیگر خطوں کے لئے امریکی صدر کے کردار میں کوئی بھی رہے کچھ بھی فرق نہیں پڑنے والا کیونکہ وہاں کہانی اور اسکرپٹ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوتی بس کردار بدلتے رہتے ہیں۔

 

٭اُردو دنیا میں یہ خبر انتہائی رنج وغم کے ساتھ سنی جائے گی کہ معروف کارپوریٹ کمیٹی سہارا انڈیا کے تحت سہارا انڈیا ماس میڈیا نے اُردو اخبار روزنامہ راشٹریہ سہارا کی ممبئی سمیت کئی شہروں میں اپنی اشاعت بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔۔۔ یو این آئی اردو

جب خود اردو والے اردو اخبار کو بوسیدہ سمجھتے ہوں جو ردی میں جانے کے قابل بھی نہیں ہے تو کاروباری لوگ کیوں اس میں اپنا سرمایہ اور وقت ضائع کریں گے!! سمجھا کریں!!

 

٭ اروند کیجریوال اور اے اے پی لیڈر دہلی میں فضائی آلودگی کے معاملے پر لوگوں کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں۔ فضائی آلودگی کے بہانے ہندو تہواروں کے موقع پر پٹاخوں پر پابندی لگا کر وہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ دہلی میں فضائی آلودگی پٹاخوں کی وجہ سے بہت زیادہ ہے، یہ بالکل غلط ہے۔۔۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ پروین کھنڈیلوال

کیا غلط ہے کیا صحیح ہے اس کا تو پتہ نہیں لیکن فضائی آلودگی جیسے گمبھیر مسئلے پر بھی مذہبی سیاست کرکے عوام کے مذہبی جذبات سے کھیلنا ایسا پاپ ہے کہ جس کا خمیازہ کئی نسلوں کو بھگتنا پڑ سکتا ہے۔ کاش عوام یہ بات سمجھ لیں۔

 

٭ بھارت چین سرحدی کشیدگی کے خاتمے کے لیے روس نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ امریکہ سے بڑھتے اختلافات کی وجہ سے روس امریکہ مخالف لابی تیار کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس کے بھارت اور چین دونوں سے دوستانہ تعلقات ہیں۔ اس لیے اسے دونوں ملکوں کے درمیان سمجھوتہ کرانے میں کامیابی ملی ہے۔۔۔ عالمی امور کے سینئر تجزیہ کار پشپ رنجن

سچ ہے آج کی تاریخ میں انکل سام کے بغیر دنیا کی کوئی بھی کہانی مکمل نہیں ہوتی، کسی کو اس کی مخالفت شیر و شکر کردیتی ہے تو کوئی اس کی موافقت میں جانی دشمن بن جاتا ہے۔

 

٭ کلیانہ کرناٹک پرتیکا راجیہ ہورتا سمیتی کے کارکنوں کو جب وہ کالابوراگی میں کلیانہ کرناٹک خطے کے لیے علیحدہ ریاست کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کر رہے تھے حراست میں لے لیا گیا ۔۔۔ اے این آئی

سینچا تھا جسے زہر سے، نفرت سے، لہو سے

اب تم کو مبارک ہو وہی پیڑ جواں ہے

 

٭جہاں تک مجھے معلوم ہے، وقف ترمیمی بل کی ہر ریاست میں مخالفت ہو رہی ہے، وقف اراضی کا استعمال مسلمانوں کی ترقی کے لیے کیا جاتا ہے۔ کئی جگہوں پر وقف اراضی پر قبضہ کیا جا سکتا ہے، اور اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ اس میں ترمیم کا بل لایا جائے، بی جے ڈی بل کی مخالفت کرے گی ۔۔۔ بھوبنیشور، اوڈیشہ، بی جے ڈی کے رکن پارلیمنٹ مجیب اللہ خان

ہار اچھے اچھوں کی عقل ٹھکانے لگا دیتی ہے، بے جے ڈی  اس کی ایک مثال ہے۔ جب تک حکومت میں رہی مرکزی حکومت کی حاشیہ برداری کرتی رہی اور اب اس کو مسلمانوں اور ان کی ترقی کی فکر ستارہی ہے یعنی

چل دئیے سوئے حرم کوئے بتاں سے مومنؔ

جب دیا رنج بتوں نے تو خدا یاد آیا

 

٭ جرمن صدر نے یونان میں نازی دور کے جرائم پر معافی مانگ لی، جرمن صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر نے دوسری عالمی جنگ کے دوران نازی فوجیوں کے ہاتھوں مسمار کردہ ایک یونانی گاؤں کا دورہ کیا۔ تاہم جرمن صدر نے نازیوں کے قبضے کے حوالے سے زر تلافی کی ادائیگی کے یونانی مطالبات مسترد کر دیے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

سستی شہرت کی خاطر نازی دور کے جرائم پر معافی مانگنے والے یہ نام نہاد اعلیٰ ظرف  سربراہان کیا ان کی سرپرستی میں وسط ایشیاء کے ممالک خاص کر فلسطین پر ہونے والے مظالم پر بھی کبھی معافی مانگیں گے۔؟!

 

٭ گووردھن پوجا کے لیے سی ایم موہن یادو کی طرف سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔ انہیں بھی مبارک ہو، اور ساتھ ہی دیوالی کی بھی مبارکباد ۔ مدھیہ پردیش ملک میں گائے کی اموات میں پہلے نمبر پر ہے۔ گائے سڑکوں پر گھومتی ہیں، اور روزانہ حادثات ہوتے ہیں جن میں لگ بھگ 100 گائے مر رہی ہیں ۔۔۔ کانگریس کے ریاستی صدر جیتو پٹواری

کانگریسی نیتا نے بی جے پی سرکار کی اچھی چٹکی لی ہے بقول شاعر

الجھا ہے پائوں یار کا زلفِ دراز میں

لو آپ اپنے دام میں صیاد آ گیا

 

٭ میں سمجھتا ہوں کہ وزیرِ اعظم  کی معلومات ناقص ہیں اور  وہ وزیرِ خزانہ سے بریفنگ نہیں لیتے بلکہ معلومات کے لیے سوشل میڈیا اور ٹی وی پر انحصار کرتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ وہ بھول گئے ہیں کہ قومی شماریاتی تخمینوں نے کرناٹک کی شرح نمو %4 پر پیش کی تھی، جسے بعد میں %13.1 کر دیا گیا۔ اس اعداد و شمار پر کس کی نگرانی میں نظر ثانی کیا گیا؟ وزیر اعظم کی نگرانی میں؟ ۔۔۔ کانگریس کی ضمانتوں سے متعلق وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ٹویٹ پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریس لیڈر پرینک کھڑگے

صاحب کی کوئی بات کبھی ناقص نہیں ہوتی! یہ کانگریسی نیتا صاحب کو بدنام کرنے کے لئے کچھ نہ کچھ بولتے رہتے ہیں!سچ وہی ہے جو صاحب کی زبان سے نکلے ان کے سوا سب جھوٹ بولتے ہیں سمجھا کریں!!

 

٭ اسرائیل کے سابق وزیر اعظم اور حزب اختلاف کے اہم رہنما یائر لیپڈ نے بجٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے اسرائیل میں ہر گھرانےکے اخراجات میں 5 ہزار 330 ڈالر سالانہ کا اضافہ ہو جائے گا۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

ابتدائے عشق ہے روتا ہے کیا

آگے آگے دیکھیے ہو تا ہے کیا

 

٭ ہم یونین ٹیریٹری کی حیثیت کو قبول نہیں کرنا چاہتے۔ ریاست کا درجہ پارلیمنٹ میں اور سپریم کورٹ کے سامنے بھی ایک وعدہ ہے ۔۔۔ جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دینے کو لے کر نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ

بیچارے فاروق عبداللہ!! یہ کیسے نیتا ہیں جو یہ بھی نہیں جانتے کہ سیاست میں وعدے توڑنے کے لئے  ہی کئے جاتے ہیں! چاہے وہ وعدہ قانون کی شکل میں ہی کیوں نہ ہو!!

 

٭ ہم ہریانہ میں نہیں جیت سکے، جہاں ہمیں جیتنے کی پوری امید تھی۔ یہ ہمارے لیے یقیناً ایک جھٹکا تھا۔ ہمیں مہاراشٹر اور جھارکھنڈ میں پورا بھروسہ ہے۔ مہارشٹرا میں شیو سینا ٹوٹ گئی، واشنگ مشین کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے این سی پی کو توڑا گیا، لیکن کانگریس نہیں ٹوٹی۔  ہمیں پورا یقین ہے کہ مہاراشٹر کے لوگ ایم وی اے کو دوبارہ قبول کریں گے اور جے ایم ایم، آئی این سی و دیگر کا انڈیا اتحاد جھارکھنڈ میں کامیاب ہوگا ۔۔۔ مہاراشٹر اور جھارکھنڈ میں آنے والے اسمبلی انتخابات کے بارے میں، کانگریس کے جنرل سکریٹری انچارج کمیونیکیشن، جے رام رمیش

پھر بھی ذرا سنبھل کر نیتا جی  کیونکہ

ہشیار یار جانی، یہ دشت ہے ٹھگوں کا

یہاں ٹک نگاہ چوکی اور مال دوستوں کا

 

٭ اسپین میں حال ہی میں آنے والے بد ترین سیلاب سے 158 افراد ہلاک ہوگئے  جب کہ کئی لاپتہ ہیں۔ سیلاب سے ویلینسا شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ سیلابی ریلے میں درجنوں گاڑیاں بہہ گئیں جب کہ سڑکوں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

انسانوں نے فطرت کے ساتھ جو کھلواڑ کیا ہے اس کے نتائج  دنیا  بھر میں ہر جگہ سامنے آرہے ہیں، اس کے باوجود انسان ان سے سبق لینے کے لئے تیار نہیں ہے

کن نیندوں اب تو سوتی ہے اے چشمِ گریہ ناک

مژگاں تو کھول شہر کو سیلاب لے گیا

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

You may also like

Leave a Comment