اسانغنی مشتاق رفیقی۔ وانم باڑی
٭ لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف اور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مسٹر ملکارجن کھڑگے کو کانگریسی صدر کے طور پر ان کی دو سالہ مدت پوری ہونے پر مبارکباد دی اس موقع پر مسٹر گاندھی اور پارٹی کے دیگر کئی سینئر لیڈروں کی موجودگی میں مسٹر کھڑگے نے اپنی میعاد کار کے دو سال مکمل ہونے پر دو کیک بھی کاٹے ۔۔۔ یو این آئی اردو
واقعی مسٹر ملکارجن کھڑگے قابل مبارکباد ہیں جو آج کے حالات میں گاندھی فیملی سے باہر کے ہوتے ہوئے بھی کانگریس کی دو سال سے صدارت کرر ہے ہیں۔ سچ میں طوفانوں میں گھری ایک شکستہ کشتی کی جس میں کئی سوراخ بھی ہوچکے ہوں ناخدائی کرنا دل گُردے کا کام ہے!
٭ کانگریس کا اصلی چہرہ مہاراشٹر میں سب کے سامنے ہے اور لوگ جانتے ہیں کہ وہ ریزرویشن کے خلاف ہے۔ مہاراشٹر کے لوگ انہیں آنے والے اسمبلی انتخابات میں مناسب جواب دیں گے۔۔۔ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات 2024 پر یونین منسٹر آف اسٹیٹس فار سول ایوی ایشن اینڈ کوآپریشن مرلیدھر موہول
بے شک لوگ جواب تو ضرور دیں گے بس دیکھتے رہئیے!
یہ جو پبلک ہے سب جانتی ہے! یہ پبلک ہے!
٭ اسرائیلی فوج کی طرف سے ایران میں مختلف فوجی تنصیبات کو فضائی حملوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے ان حملوں کو رواں ماہ کے آغاز میں ایران کی طرف سے اسرائیل کی جانب داغے گئے بیلسٹک میزائلوں کا جواب قرار دیا ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو
یعنی ایک بڑی جنگ کا آغاز ہوا چاہتا ہے،افسوس! مگر بقول ساحر
ہم امن چاہتے ہیں مگر ظلم کے خلاف
گر جنگ لازمی ہے تو پھر جنگ ہی سہی
٭خزانہ اور کارپوریٹ امور کی مرکزی وزیر نرملا سیتا رمن نے عالمی بینک کو وسیع تر شراکت کو فروغ دینے، متوسط آمدنی والے ممالک کو مزید قرض لینے کی ترغیب دینے اور ترقی کے اثرات کو گہرا کرنے کے لئے زیادہ مسابقتی قیمتوں کے تعین ماڈل کے ساتھ زیادہ کفایتی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔۔۔ یو این آئی اردو
اسے کہتے ہیں دوسروں کو نصیحت خود میاں فضیحت! محترمہ! کبھی اپنے دائرہء اقتدار میں بھی وسیع تر شراکت،متوسط آمدنی والوں کو مزید قرض کی سہولت، ترقی کے اثرات کو گہرا کرنے کے اقدامات پر عملی قدم اٹھائیں تو کتنا اچھا رہے گا!!
٭کسی بھی کمیونٹی کے لیے اتحاد ضروری ہے۔ آج بہت سے مذہبی اور جماعتوں کے لوگ اسے اپنے تجربے سے سمجھ رہے ہیں اور اس کا خیرمقدم بھی کر رہے ہیں۔ ہندوؤں کو متحد رہنا چاہئے، معاشرے میں ہندو اتحاد ضروری ہے،ہندوؤں کو ذات پات اور نظریات کی بنیاد پر تقسیم کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں، ہمیں اس سے چوکنا رہنا چاہئے ۔۔۔ متھرا، اتر پردیش سے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے جنرل سکریٹری دتاتریہ ہوسابلے
حیرت ہے! جو ہر اعتبار سے بٹے ہوئے ہیں وہ جڑنے کی کوشش میں سنجیدگی سے مصروف ہیں اور ایک ہم ہیں کہ اتحاد کی ایک مضبوط رسی رکھتے ہوئے بھی لخت لخت ہیں ، اللہ رحم کرے ہم پر!
٭ سابق وزیر اعظم عمران خان کے حامی پانچ نومبر کو ہونے والے امریکی انتخابات میں ٹرمپ کی فتح پر انحصار کر رہے ہیں کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس میں واپسی سے ان کے لیڈر کی مشکلات میں بھی کمی آسکتی ہے اور ٹرمپ پاکستانی فوج پر دباؤ ڈال سکتے ہیں کہ وہ عمران خان کے ساتھ اپنے رویے میں تبدیلی لائے۔ لوگوں کا یہ خیال ہے کہ ٹرمپ عمران خان کے حامی ہیں کیونکہ انہوں نے عمران خان کو وائٹ ہاؤس مدعو کیا اور بعد میں اپنی ایک تقریر میں خان کی تعریف بھی کی۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو
یعنی یہ جو کہا جاتا ہے کہ نام نہاد مملکتِ خداداد میں انکل سام کے حکم کے بغیر پتہ بھی نہیں کھڑکتا وہ سو فیصد سچ ہے۔
٭جموں و کشمیر کے حالیہ اسمبلی انتخابات میں شکست کا جائزہ لینے کے چند روز بعد پی ڈی پی نے پارٹی کے مکمل ڈھانچے کو فوری طور پر تحلیل کر دیا ہے۔۔ یو این ائی اردو
صاحب کی پارٹی سے مفاہمت کا انجام! کشمیر سے کنیا کماری تک کچھ اس انجام سے دوچار ہوچکے ہیں کچھ مستقبل قریب میں ہوں گے۔ سمجھنے والوں کے لیے اس میں بڑی نشانیاں ہیں!
٭ گجرات اے ٹی ایس نے آج ایک جاسوسی کا مقدمہ درج کیا ہے، ہمیں اطلاع ملی ہے کہ پنکج کوٹیا نامی شخص حساس معلومات کو پوربندر سے پاکستان منتقل کر رہا تھا۔وہ ریا نامی پاکستانی خاتون سے رابطے میں تھا۔ وہ کوسٹ گارڈ کے جہازوں اور ان کی نقل و حرکت سے متعلق حساس معلومات منتقل کرتا تھا۔ اس نے 11 مختلف بینک اکاؤنٹس سے کل 26,000 روپے وصول کئے۔ یہ حکومت ہند کے خلاف جنگ کا معاملہ ہے اور بی این ایس کی دفعہ 61 اور 148 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ ہنی ٹریپ کا معاملہ نہیں ہے، وہ یہ کام مالی فائدے کے لیے کر رہا تھا۔ اس نے یہ بھی بتایا کہ ریا ایک پاکستانی ایجنٹ ہے اور پاکستان نیوی میں کام کرتی ہے۔ اسے معلوم تھا کہ وہ پاکستانی نیوی کے ایک افسر کو یہ معلومات دے رہا تھا۔۔۔ پاکستان کے لیے جاسوسی کے الزام میں پوربندر سے ایک ملزم کی گرفتاری پر، گجرات اے ٹی ایس کے ایس پی کے سدھارتھ
ذرا سوچ کر دیکھئے اگر ملزم اقلیتی فرقے کا فرد ہوتا تو یہ بات کتنی بڑی خبر بنتی، مگر یہاں تو معاملہ الٹا پڑ گیا بقول مومن
میں الزام اس کو دیتا تھا قصور اپنا نکل آیا
٭ روسی صدر ولادیمیر پوٹن کا کہنا ہے کہ اگر واشنگٹن تعلقات میں بہتری کا خواہاں ہے تو روس بھی کھلے دل سے تیار ہے۔ پوٹن نے برکس کے تین روزہ سربراہی اجلاس کے اختتام پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں یہ بات کہی، انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ انتخابات کے بعد روس اور امریکہ کے تعلقات کیسے آگے بڑھیں گے اس کا انحصار امریکہ پر ہو گا۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو
کچھ نہیں ہونے والا بس بیان بازی اور خانہ پری ہوگی اور یہ دہائیوں سے چلتا آرہا ہے، نہ سائبیریا کےسفید ریچھ کے تیور بدلے ہیں اور نہ انکل سام کا لہجہ،
سیفؔ انداز بیاں رنگ بدل دیتا ہے
ورنہ دنیا میں کوئی بات نئی بات نہیں
٭دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے کہا ہے کہ دہلی کی طرح پڑوسی ریاستوں میں بھی پٹاخوں پر مکمل پابندی لگنی چاہئے تاکہ اس سے ہونے والی آلودگی کو روکا جاسکے۔۔۔ یو این آئی اردو
فضائی آلودگی کے خوف سے ظاہری پٹاخوں پر پابندی کی مانگ کرنے والے نفرت و تعصب کے پٹاخوں سے پھیلنے والی باطنی آلودگی اور اس پر پابندی کی بات کب کریں گے!!
٭کانگریس نے مودی حکومت پر آئینی اداروں کو تباہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نہ صرف اقرباء پروری اور بدعنوانی میں اضافہ ہوا ہے بلکہ اس سے سیبی جیسے اداروں میں بھی بے ضابطگی ہوئی ہے، جس سے معیشت کو گہری چوٹ پہنچ رہی ہے۔۔۔ یو این آئی اردو
کانگریس کا کام ہے بحیثیت حزب اختلاف الزام لگانا ، وہ لگا رہی ہے! بی جے پہ کام ہے سرکار میں رہنے کے لئےکچھ بھی کر گذرنا، وہ کر گذر رہی ہے! عوام کا کام ہے ان دونوں کو لڑتے ہوئے دیکھ کر دل بہلا لینا، تاکہ بھوک اور غربت کا احساس نہ ستائے تو وہ دل بہلا لینے میں لگی ہے! اور کیا! باقی سب چنگا سی !
٭ بنگلہ دیش: شیخ حسینہ کی پارٹی کے اسٹوڈنٹ ونگ پر پابندی عائد: بنگلہ دیش حکومت نے معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ کی جماعت کے طلبہ ونگ پر پابندی عائد کر دی، اس نے چھاتر لیگ پر مظاہرین پر پرتشدد حملوں میں ملوث ہونے کا الزام لگایا ہے ۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو
جیسی کرنی ویسی بھرنی، سچ ہے کانٹے بونے والوں کی راہ میں پھول نہیں کانٹے ہی اُگتے ہیں!!
٭ انہوں نے (بی جے پی) مجھے کیوں جیل میں ڈالا؟ میں کسی قسم کی کرپشن میں ملوث نہیں ہوں۔ اگر کجریوال کرپٹ ہے تو اس دنیا میں کوئی ایماندار نہیں ہے۔ انہوں نے مجھے جیل میں ڈال دیا کیونکہ میں نے آپ کے لیے کام کیا۔ اگر میں آپ کے لیے کام نہ کرتا تو وہ مجھے کبھی جیل میں نہ ڈالتے۔۔۔ جہانگیر پوری، دہلی میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عآپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال
فسانے اپنی محبت کے سچ ہیں، پر کچھ کچھ
بڑھا بھی دیتے ہیں ہم زیب داستاں کے لئے
٭ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان کے اینیمیشن سے تیار مواد کو پوری دنیا میں پسند کیا جا رہا ہے اور ہندوستان اینیمیشن کی دنیا میں ایک نیا انقلاب برپا کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔۔۔ یو این آئی اردو
صاحب جی!ہندوستان نے صرف اینیمیشن کی دنیا میں ایک نیا انقلاب برپا نہیں کیا بلکہ میڈیا کی دنیا میں گودی میڈیا کے ذریعے بھی ایک بڑا انقلاب برپا کیا ہے۔ اس کا بھی کبھی تذکرہ کر دیا کریں نا!!
٭ پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مزید ایک ارب ڈالر کے حصول کے لیے رجوع کیا ہے۔ پاکستان نے آئی ایم ایف سے درخواست کی ہے کہ کلائمیٹ فنڈنگ سہولت کے تحت ایک ارب ڈالر جاری کیے جائیں تاکہ ملک میں درپیش موسمیاتی خطرات کو کم کیا جائے۔ یہ ایک ارب ڈالر کی رقم اس سات ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج سے الگ ہے جو حال ہی میں پاکستان کے لیے منظور کیا گیا تھا۔۔۔ ؤائس آف امریکہ اردو
کتنی عجیب بات ہے! جس ملک کا پور پور قرض میں ڈوبتا جارہا ہے وہاں کی اکثریت آج بھی مسلک مسلک فرقہ فرقہ کھیل رہی ہے! پتہ نہیں کب ان کی عقل ٹھکانے لگے گی اور وہ آئی ایم ایف سے نہیں متحد ہو کر اللہ سے رجوع کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔