اسانغنی مشتاق رفیقی۔ وانم باڑی
٭ جموں کشمیر:گزشتہ دو مرحلوں میں بھاری ووٹنگ نے جموں کشمیر کے لوگوں کا مزاج ظاہر کر دیا ہے۔ دونوں مرحلوں میں بی جے پی کے حق میں زبردست ووٹنگ ہوئی ہے، بی جے پی کی پہلی حکومت یہاں مکمل اکثریت کے ساتھ بنے گی۔۔۔ وزیر اعظم نریندر مودی
صاحب! اتنی خوش فہمی! دیکھنا کہیں ایسا نہ ہو کہ
وائے خوش فہمی کہ پرواز یقیں سے بھی گئے
آسماں چھونے کی خواہش میں زمیں سے بھی گئے
٭ سپریم کورٹ نے رضاکارانہ اساتذہ کی بھرتی سے متعلق کلکتہ ہائی کورٹ کے حکم کو آج مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ صرف چند خطوط کی بنیاد پر بغیر کوئی وجہ بتائے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) سے انکوائری کرانے کا حکم دینے کے اختیار کا استعمال نہیں کر سکتا۔۔۔ یو این آئی اردو
یعنی آخر کار جب بات برداشت سے باہر ہوگئی تو بڑے بھائی نے چھوٹے بھائی کے کان اینٹھ ہی لیے، بہت خوب!
٭ حزب اللہ پر اسرائیلی حملوں کے بعد ایران کی جانب سے’تحمل کا مظاہرہ‘ ایک نپا تلا فیصلہ یا سوچ میں تبدیلی؟۔۔۔ بی بی سی اردو
نہ نپا تلا فیصلہ ہے نہ سوچ میں تبدیلی، بلکہ ہوا کا رخ اور اپنی زمینی پکڑ کا صحیح اندازہ کر کے اپنی اوقات میں رہنے کی ایک عیارانہ چال ہے! سمجھا کرو!!
٭ لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے میزورم قانون ساز اسمبلی میں منعقدہ سی پی اے انڈیا ریجن زون-3 کے 21 ویں کانفرنس کا افتتاح کیا اور کانفرنس کے مرکزی موضوع ’’جمہوریت، شفافیت، جوابدہی اور جمہوریت کے نتائج‘‘ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ قانون سازی اور شفافیت جمہوریت کو مضبوط کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔۔۔ یو این آئی اردو
اتنی نہ بڑھا پاکیٔ داماں کی حکایت
دامن کو ذرا دیکھ ذرا بند قبا دیکھ
٭ جب انگریزوں نے ہندوستان پر قبضہ کیا تو انہوں نے عقیدے کی بنیاد پر ہندوستان کو ہندوؤں اور مسلمانوں میں تقسیم کردیا، یہ افسوسناک ہے کہ آج کی سیاسی قیادت ہندوستان کو ایک بار پھر ہندوؤں، مسلمانوں، عیسائیوں اور سکھوں کے خطوط پر تقسیم کرنا چاہتی ہے۔ ہندوستان ہمیشہ سیکولر رہا ہے، مجھے یقین ہے کہ ہندوستان کے لوگ ہندوستان کے سیکولر تانے بانے کو کمزور کرنے کی ایسی کسی بھی کوشش کو مسترد کر دیں گے۔۔۔ بی جے ڈی لیڈر کالیکیش نارائن سنگھ دیو
سنتے تھے کرسی کھو جانے کا غم انسان کو پاگل کردیتا ہے لیکن کسی کسی کو گیانی بھی بنا دیتا ہے آج پتہ چلا۔ اسے کہتے ہیں ایک ٹھوکر میں خدا یاد آجانا!!
٭ اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے وائس آف امریکہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر افغانستان دہشتگردوں کی جنت بنا رہا تو دنیا اسے تسلیم نہیں کرے گی۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
لو وہ بھی کہتے ہیں کہ یہ بے ننگ و نام ہے
یہ جانتا اگر تو لٹاتا نہ گھر کو میں
٭ پردھان منتری سنگرہالیہ میں ڈاکٹر اشون فرنانڈیز کی تحریر کردہ کتاب ”مودی ڈائیلاگ“ کا اجراءعمل میں آیا، بی جے پی کے قومی ترجمان ڈاکٹر سدھانشو ترویدی نے اس کتاب کو لانچ کرتے ہوئے کہا کہ ”مودی ڈائیلاگ“ لیڈر شپ کے کمیونی کیشن اور عوام سے رابطے کا ایک انوکھا امتزاج ہے یہ کتاب وزیر اعظم نریندر مودی کے اختراعی کمیونی کیشن حکمت عملی کے جوہر کواپنے اندر بسائے ہوئے ہے۔۔۔ یو این آئی اردو
یعنی صاحب کی جملہ گری پر اب کتابیں بھی شائع ہونی لگیں! مبارک ہو!! تاریخ صاحب کو اور کسی نام سے یاد رکھے نہ رکھے، جملہ گر کے نام سے ضرور یاد رکھے گی! کیا سمجھے!!
٭ جس دن ہم (مہا وکاس اگھاڑی) حکومت بنائیں گے (مہاراشٹر میں)، مودی حکومت (مرکز میں) کا تختہ الٹ دیا جائے گا۔ انہیں اقتدار کا لالچ ہے، لیکن مہاراشٹر کے لوگ انہیں منہ توڑ جواب دیں گے۔۔۔ مہاراشٹر کانگریس کے صدر نانا پٹولے
نیتا جی! اتنی لمبی لمبی مت ہانکئے کہ آپ کا آدھا سچ کہیں پورا جھوٹ نہ سمجھ لیا جائے۔ پہلے اپنی صفیں درست کرکے زمین پر اپنی گرفت مضبوط کیجئے پھر دیکھتے ہیں آپ کیا کرسکتے ہیں!!
٭ سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر فلسطینی ریاست کے قیام کے بارے میں دباؤ ڈالنے کے لیے ایک "بین الاقوامی اتحاد” کا اعلان کیا ہے۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
آج کی تاریخ کا سب سے بڑا لطیفہ!! ہائے ہائے!!
دل کے پھپولے جل اٹھے سینے کے داغ سے
اس گھر کو آگ لگ گئی گھر کے چراغ سے
٭ یہ کیسا سیکولرازم ہے؟ ہم کس طرح کے سیکولر ملک میں رہ رہے ہیں؟ میں ہر ایک سے پوچھتا ہوں۔ اگر کوئی پوچھے کہ میرا مذہب کیا ہے؟ میں ایک بار پھر دہراتا ہوں: اپنے گھر کی چہار دیواری کے اندر، میں بائبل پڑھتا ہوں، لیکن جب میں باہر جاتا ہوں، میں ایک ہندو ہوں، میں ایک مسلمان ہوں، میں ایک سکھ بھی ہوں، میں ان کے مذہب پر عمل کرتا ہوں اور ان کا احترام کرتا ہوں۔ میں ایک ہندوستانی ہوں اگر کوئی پوچھے کہ میرا مذہب کیا ہے، اگر آپ اس پر کوئی اعلان کرنا چاہتے ہیں تو آگے بڑھیں ۔۔۔ وجے واڑہ، آندھرا پردیش: سابق وزیر اعلیٰ اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر، وائی ایس جگن موہن ریڈی
اچھا! اب سابق سی ایم کو سیکولرازم یا د آرہا ہے! یعنی بقول مومن
چل دئیے سوئے حرم کوئے بتاں سے مومنؔ
جب دیا رنج بتوں نے تو خدا یاد آیا
٭ مجھے آر ایس ایس کے ان کارکنوں پر ترس آتا ہے جنہوں نے اپنی پوری زندگی تنظیم کے لیے وقف کر دی، لیکن انہیں انتخابی ٹکٹ نہیں ملتے ۔ دوسری طرف کانگریس اور دیگر پارٹیوں سے بی جے پی میں آنے والوں کو ٹکٹ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے (بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت) کئی ریاستی حکومتوں کو بھی گرا دیا ہے۔ مارچ 2016 سے مارچ 2024 تک پی ایم مودی نے کم از کم 15 بار 13 ریاستی حکومتوں کو گرانے کی کوشش کی ہے۔ وہ ان میں سے 10 حکومتوں کو گرانے میں کامیاب رہے۔۔۔ دہلی اسمبلی میں عآپ کے سربراہ اروند کیجریوال
مفلر انکل! جنگ اور سیاست میں سب چلتا ہے، عآپ بھی کوئی دودھ کے دھلے ہوئے نہیں ہیں، مرکز میں بی جے پی سرکار بنانے میں آپ کا رول لوگ بھول سکتے ہیں لیکن تاریخ کبھی نہیں بھولے گی، یاد رہے!!
٭چاند زمین سے 384,400 کلو میٹر دور ہے لیکن جرمنی میں اس سیارے کی ہو بہو نقل تیار کر لی گئی ہے، جہاں خلا باز چاند پر جانے سے قبل وہاں درپیش مختلف حالات سے متعلق تربیتی کورس کر سکیں گے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو
ایک وہ ہیں جوچاند پر جانے سے پہلے تربیتی کورس کے لئے نقلی چاند بنا رہے ہیں اور ایک ہم ہیں ، جنہیں سیاستدانوں کی مہربانی سے، آج بھی چاند میں روٹیاں نظر آتی ہیں!
٭میں نے تقریباً پورے ہریانہ کا دورہ کیا ہے اور پتہ چلا ہے کہ کانگریس پارٹی کو بڑے پیمانے پر عوامی حمایت مل رہی ہے اور 36 برادریوں نے فیصلہ کیا ہے کہ اس بار وہ ہریانہ میں کانگریس کی حکومت بنائیں گے ۔۔۔ ہریانہ کے سابق وزیر اعلی اور کانگریس لیڈر بھوپندر سنگھ ہڈا
ممکن ہے ایسا ہی ہو، لیکن نتیا جی! آج کل جس درجے کی سیاست ہورہی ہے اس میں ہوا بدلتے دیر نہیں لگتی، اس لئے ذرا سنبھل کر !!
٭ کرناٹک کے بنگلور میں ایک خصوصی عدالت نے پولیس کو مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن اور دیگر کے خلاف بھتہ خوری کے الزام میں ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے۔۔۔ یو این آئی اردو
اسے کہتے ہیں جیسے کو تیسا!!
٭امریکہ کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے مطابق امریکی تاریخ میں گزشتہ سال خودکشیوں کی شرح سب سے زیادہ رہی۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق سال 2023 میں 49,300 سے زیادہ لوگوں نے اپنی جانیں لے لیں۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو
انکل سام کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، انہیں گھر کی فکر کم دنیا پر اپنی چودھراہٹ قائم رکھنے کی فکر زیادہ رہتی ہے۔