Home » تلخ و تُرش

تلخ و تُرش

by زبان خلق
0 comment

اسانغنی مشتاق رفیقی۔ وانم باڑی

٭ بی جے پی امریکہ میں میرے ریمارکس کے بارے میں جھوٹ پھیلا رہی ہے۔ میں ہندوستان اور بیرون ملک کے ہر سکھ بھائی بہن سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا میں نے جو کچھ بھی کہا اس میں کچھ غلط ہے؟ کیا ہندوستان ایک ایسا ملک نہیں ہونا چاہیے جہاں ہر سکھ اور ہر ہندوستانی بغیر کسی خوف کے اپنے مذہب پر آزادی سے عمل کر سکے؟ہمیشہ کی طرح بی جے پی جھوٹ کا سہارا لے رہی ہے۔ وہ مجھے خاموش کرانے کے لیے بے چین ہے کیونکہ وہ سچ کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ لیکن میں ہمیشہ ان اقدار کے لیے بات کروں گا جو ہندوستان کی تعریف کرتی ہیں: تنوع، مساوات اور محبت میں ہمارا اتحاد ہے۔۔۔ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے رہنما اور کانگریسی رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی

راہل بابا! لگے رہئیے!! جیت ہمیشہ سچائی اور محبت  کی ہی ہوگی!

اگر خلاف ہیں، ہونے دو، جان تھوڑی ہے

یہ سب دھواں ہے، کوئی آسمان تھوڑی ہے

ہمارے منہ سے جو نکلے وہی صداقت ہے

ہمارے منہ میں تمہاری زبان تھوڑی ہے

 

٭ سپریم کورٹ نے مرکزی تفتیش بیورو (سی بی آئی) کی جانب سے مغربی بنگال کی تمام عدالتوں میں ‘مخالف ماحول’ سے متعلق تبصرے کو ‘توہین آمیز اور بدقسمتی’ قرار د دیتے ہوئے اسے پھٹکار لگائی ہے، اس کے بعد سی بی آئی نے اپنی عرضی واپس لے لی۔ جسٹس ابھے ایس اوکا اور پنکج متھل کی بنچ نے 2021 کے اسمبلی انتخابات کے بعد ریاست میں پھوٹ پڑے تشدد سے متعلق مقدمات کی منتقلی کی عرضی میں دی گئی دلیلوں پر ناراضگی ظاہر کی اور ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجو سے پوچھا کہ سی بی آئی کیسے یہ کہہ سکتی ہےکہ مغربی بنگال کی عدالتوں میں مخالفانہ ماحول ہے۔۔۔ یو این آئی اردو

یعنی ایجنسی نے اپنی اس حرکت کے لئے عدالت عظمیٰ کی پھٹکار ہی نہیں کھائی  بلکہ نا دانستگی میں یہ بھی ثابت کردیا کہ حزب اختلاف، حقیقی میڈیا اور عوام کی ایک بڑی اکثریت اس کے بارے میں جو کہتی ہے وہ حقیقت پر مبنی ہے۔

 

٭ لوک سبھا کی 48 سیٹوں میں سے ایک بھی سیٹ مسلمانوں کو نہیں دی گئی۔ ہم نے اس وقت شکایت نہیں کی کیونکہ سب سے اہم کام پی ایم مودی کو ہٹانا تھا۔ مسلمانوں نے بڑی تعداد میں ایم وی اے اور انڈیا بلاک (لوک سبھا الیکشن کے دوران) کو ووٹ دیا۔ آئندہ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں مسلمانوں کو 32 سیٹیں دی جانی چاہئیں، لیکن میں 32 نہیں مانگ رہا ہوں، میں 24 (ایم وی اے سے) مانگ رہا ہوں۔ یہ نہ صرف کانگریس بلکہ تمام ایم وی اے پارٹیوں سے مل کر آنا چاہیے۔۔۔ مہارشٹرا  کانگریس لیڈر حسین دلوائی

لیکن دلوائی جی! آج کے اس زہر بھرے ماحول میں کیا آپ اتنی سیٹیں جیت سکتے ہیں۔ ایسی جذباتی سیاست سے آپ کو وقتی فائدہ تو مل سکتا ہے لیکن اس کا راست فائدہ کس کو ہوگا یہ آپ ہی نہیں سب اچھی طرح جانتے ہیں! سمجھا کریں!!

 

٭ ڈونلڈ ٹرمپ نیٹو کو امریکہ کے لیے بوجھ سمجھتے ہیں جبکہ کملا ہیرس کا کہنا ہے کہ اس مغربی فوجی اتحاد کے لیے ان کی حمایت ’آہنی‘ ہے۔ لیکن دونوں ہی چاہتے ہیں کہ نیٹو کے ارکان اپنے دفاع پر زیادہ رقم خرچ کریں۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

یعنی دونوں کا لائحہ عمل الگ الگ سہی لیکن مقصد ایک ہی ہے کہ ان کے ملک کے ہتھیاروں کے سوداگروں کی تجوریاں کبھی خالی نہ ہوں!

 

٭ جب 2014 میں سوچھ بھارت مشن شروع کیا گیا تھا، اپوزیشن نے بہت سے الزامات لگائے تھے، لیکن آج دس سال بعد، ہم نتائج دیکھ سکتے ہیں۔ ہمارے ماحول کا مستقبل بہت اہم ہے۔۔۔ مہارشٹرا کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے

بے شک نیتا جی! ان دس سالوں میں  ماحول کتنا  صاف ستھرا ہوا ہے یہ الگ بحث ہے لیکن سیاسی ماحول آپ اور آپ کے حلیفوں کے حق میں بڑی حد تک ساز گار ہوچکا ہے اور ایک طرح سے آپ کا مستقبل بھی محفوظ ہوچکا ہے۔

 

٭ ویمن کمیشن کچھ نہیں کرے گا کیونکہ یہ بی جے پی کی خواتین ونگ کے لیے ایک نیا محاذ بن گیا ہے۔ خواتین ونگ کو ختم کر دیا گیا ہے، اور اب خواتین کمیشن ان کے نئے محاذ کے طور پر کام کر رہا ہے، وہ صرف غیر بی جے پی حکومت والی ریاستوں میں جرائم دیکھتا ہے۔۔۔ اوڈیشہ میں ایک خاتون کے ساتھ بدسلوکی پر کانگریس کی ترجمان سپریہ شرینتے

امرت کال میں ایسا ہی ہوتا ہے سپریہ جی! کیا پتہ اگر آئندہ آپ کی پارٹی حکومت میں آجائے تو وہاں بھی یہی روایت چل پڑے کیونکہ تقلید ہماری فطرت کا ایک حصہ جو ہے! کیا سمجھے!!

 

٭ تروملا لڈو کے گھی میں جانوروں کی چربی کا استعمال کیا گیا تھا۔ پچھلی حکومت کے دوران تروملا لڈو بنانے کے لیے خالص گھی کے بجائے جانوروں کی چربی والا گھی استعمال کیا جاتا تھا۔ اس معاملے میں تفتیش جاری ہے اور جو بھی اس کا قصوروار ہے اسے سزا ملے گی۔۔۔ آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیڈو

حد ہوگئی!! سرمایہ پرستوں نے بھگوان کے پرساد کو بھی نہیں بخشا! جب مذہب، اخلاقی حد بندیوں سے نکل کر صرف ایک جذباتی سیاسی نعرہ بن جائے تو ایسا ہی نتیجہ دیتا ہے۔

 

٭ امریکی صدر کے ترجمان نے کہا ہے کہ صدر بائیڈن کا خیال ہے کہ لبنان میں پیجر اور واکی ٹاکی دھماکوں کے بعد اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے باوجود کوئی سفارتی حل ہو سکتا ہے۔ لبنان میں کمیونی کیشن ڈیوائسز میں دھماکوں میں لگ بھگ 37 افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے تھے۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

انکل سام کی معصومیت کا جواب نہیں! خود ہی آگ لگاتے ہیں اور خود ہی اسے بجھانے کی بات بھی کرتے ہیں!! ایسی بد ترین منافقت شاید ہی دنیا نے کبھی دیکھی ہو!!

منسوب چراغوں سے ، طرفدار ہوا کے

تم لوگ منافق ہو، منافق بھی بَلا کے

 

٭ ہم جہاں بھی جا رہے ہیں، ہمیں اچھا ردعمل مل رہا ہے، ہمیں یقین ہے کہ بی ایس پی اور آئی این ایل ڈی کا اتحاد ہریانہ میں حکومت بنانے جا رہا ہے، اگر کوئی ایسی پارٹی ہے جس نے ریزرویشن کے معاملے پر عوام کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے اور ہمارے لوگوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے تو وہ کانگریس ہے۔ بی جے پی بھی ریزرویشن کے خلاف ہے۔ یہ دونوں پارٹیاں تحفظات کے لیے خطرہ ہیں۔‘‘۔۔۔ ہریانہ ریاستی انتخابات کے لئے اپنی پارٹی کا پرچار کرتے ہوئے بی ایس پی  نیشنل کوآرڈینیٹر آکاش آنند

خواب دیکھنے کا ہر ایک کو حق ہے لیکن اتنے زیادہ بھی نہ دیکھا کریں! اور رہی آپ کی کانگریس بی جے پی کی بظاہر ایک ساتھ مخالفت لیکن اندرون میں ایک کے ساتھ ملی بھگت، ایسی باتیں سیاسی صحت کے لئے بہت زیادہ نقصان دہ ہوتی ہیں نیتا جی! سمجھا کریں!!

 

٭عمر عبداللہ نے بی جے پی کو غیر مشروط حمایت کی پیشکش کی تھی اور وہ 2014 میں حکومت بنانا چاہتے تھے۔۔۔ بی جے پی کے دیویندر سنگھ رانا کا دعویٰ

اس خبر پر شاید ہی کسی کو حیرت ہو کیونکہ سیاست میں کون کب کس کے ساتھ ہے، کل کس کے ساتھ تھا اور آنے والے کل میں کس کے ساتھ ہوگا، اس کی پیش گوئی مشکل ہی نہیں ناممکن ہے!

 

٭یہ خود بی جے پی کے دور حکومت میں ہے کہ قبائلیوں کی آبادی ان علاقوں میں کم ہوئی ہے جن کا وہ ذکر کر رہے ہیں۔ جہاں تک دراندازوں کا تعلق ہے،بی ایس ایف ہمارے ملک کو دوسرے ممالک سے بچاتا ہے اور دراندازی کو ناکام بناتا ہے۔ یہ مرکز کی ذمہ داری ہے۔اگر وہ اس میں ناکام ہو رہے ہیں تو وہ اسے ریاست پر کیوں تھوپ رہے ہیں؟انہیں جھارکھنڈ کی ترقی کے کئی مواقع ملے لیکن انہوں نے اس کے بارے میں کیا کیا؟موقع ملنے پر وہ کام نہیں کرتے اور دوسروں کو کام نہیں کرنے دیتے۔۔۔ جھارکنڈ سے جے ایم ایم کے ایم پی مہوا ماجی

اپنی   خامیوں اور غلطیوں کا ذمہ دار دوسروں کو ٹہرا کر خود بھی کچھ اچھا نہ کرنا اور دوسروں کو بھی کچھ اچھا نہ کرنے دینا آج کی سیاست کاسب سے بڑا گر ہے اور اس گر میں تو سرکار کمال کو پہنچی ہوئی ہے! کوئی شک!!

 

٭ دوران سفر مسافر کے کھانے میں زندہ چوہا نکلنے پر جہاز کی ہنگامی لینڈنگ، یہ جہاز ناروے کے دارالحکومت اوسلو سے سپین کے شہر مالاگا کی جانب محو سفر تھا کہ اسے ڈنمارک کے شہر ’کوپن ہیگن‘ میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑا۔۔۔ بی بی سی اردو

اس کا مطلب ایک دم صاف ہے کہ اتنی ترقی کرنے کے باوجود انسان کو بعض جگہوں پر چوہے جیسی حقیر مخلوق سے بھی ڈرنا پڑتا ہے! سمجھنے والوں کے لئے اس واقعے میں بڑی عبرتیں پوشیدہ ہیں!!

 

٭ کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے پارٹی لیڈر کماری سیلجا کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہونے کی دعوت دینے پر آج بی جے پی پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں دوسرے لوگوں کے گھروں میں جھانکنے سے پہلے اپنا گھر دیکھنا چاہیے۔۔۔ یو این ائی اردو

کیا کریں کھرگے جی!عادتیں بدلی جاسکتی ہیں لیکن فطرت بدلی نہیں جاسکتی، سمجھا کریں!!

 

٭میں گزشتہ کئی سالوں سے سیاست کر رہا ہوں اور میں صرف سماجی خدمت کرتا ہوں۔ میں نے سیاست میں اپنے یقین کے ساتھ کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ لوک سبھا انتخابات کے دوران مختلف ذاتوں اور مذاہب کے لوگ مجھ سے ملنے آئے۔ میں نے کھل کر کہا کہ کوئی بھی شخص اپنی ذات یا مذہب سے بڑا نہیں ہوتا، ہمارے اولیاء کرام نے ہمیں سکھایا ہے کہ معاشرے سے ذات پات، اونچ نیچ کی بنیاد پر تمام تفریق کو ختم کرنا ہوگا اور سماجی اور معاشی مساوات ہونی چاہیے۔ اس لیے میں کسی کے دباؤ میں نہیں آتا، سب کی بھلائی ہونی چاہیے لیکن الیکشن کے دوران ذات پات کی بات نہیں کرنی چاہیے ۔۔۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری

جھوٹ بھی سچ کی طرح بولنا آتا ہے اسے

کوئی لکنت بھی کہیں پر نہیں آنے دیتا

 

٭ ہمارے پاس صرف ایک ’سنکلپ‘ ہے، یعنی آنے والے انتخابات میں ہم اروند کیجریوال کو واپس لائیں گے۔ اروند کیجریوال کا کہنا ہے کہ ہمیں دہلی کے لوگوں کو ان کے بھائی اور بیٹے کی طرح خدمت کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں لوگوں کے درمیان جانے کی ضرورت ہے اور گھر گھر اپنا (ترقیاتی) کام لے جانے کی ضرورت ہے۔۔۔ دہلی کے وزیر کے طور پر حلف لینے کے بعدعآپ ایم ایل اے کیلاش گہلوت

اچھا  سنکلپ ہے لیکن منتری جی! یاد رہے، بہت کٹھن ہے ڈگر پنگھٹ کی اور ہنوز دلی دور است۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

You may also like

Leave a Comment