Home » تلخ و تُرش

تلخ و تُرش

by زبان خلق
0 comment

اسانغنی مشتاق رفیقی۔ وانم باڑی

٭ ہماری توجہ قدرتی کاشتکاری پر مرکوز ہے۔ مادر فطرت کو بچانا ناگزیر ہو گیا ہے خاص طور پر ان مظالم کو دیکھتے ہوئے جو ہم فطرت کے ساتھ کر رہے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ قدرتی کاشتکاری اس کا ایک اچھا علاج ہے۔۔۔ نیشنل ایوارڈ یافتہ اساتذہ سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی

صاحب! فطرت اور جانوروں پر مظالم آپ کو نظر آتا ہے لیکن انسانوں پر بالخصوص عورتوں، پچھڑی ذاتوں اور اقلیتوں پر ہوتے مظالم پر آپ کی چپی آپ کی نیتی پر سوال کھڑا کر رہی ہے!!قدرتی کاشتکاری کی طرح کبھی قدرتی انصاف پر بھی توجہ دیجئے!!

 

٭ نفرت کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کر کے اقتدار کی سیڑھی پر چڑھنے والے پورے ملک میں خوف کا راج قائم کر رہے ہیں۔ ہجوم کی شکل میں چھپے نفرت انگیز عناصر قانون کی حکمرانی کو چیلنج کرتے ہوئے کھلے عام تشدد پھیلا رہے ہیں۔ ان شرپسندوں کو بی جے پی حکومت کی طرف سے فری ہینڈ مل گیا ہے، اسی وجہ سے انہیں یہ کرنے کی ہمت ملی ہے۔ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر حملے جاری ہیں اور حکومتی مشینری خاموش تماشائی بن کر دیکھ رہی ہے۔ ایسے انتشار پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کرکے قانون کی عملداری قائم کی جائے۔ ہندوستان کے فرقہ وارانہ اتحاد اور ہندوستانیوں کے حقوق پر کوئی بھی حملہ آئین پر حملہ ہے، جسے ہم ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ چاہے بی جے پی کتنی ہی کوشش کرے، ہم نفرت کے خلاف ہندوستان کو متحد کرنے کے لیے یہ تاریخی جنگ جیتیں گے۔۔۔ قائد حزب اختلاف راہل گاندھی

در آید درست آید، دیر سے ہی سہی قائد حزب اختلاف نے مسلمانوں کا نام لے کر ان پر ہو رہے مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے میں پہل تو کی ہے، بقول شاعر

 دیر لگی آنے میں تم کو شکر ہے پھر بھی آئے تو

آس نے دل کا ساتھ نہ چھوڑا ویسے ہم گھبرائے تو

 

٭ چینی صدر شی جن پنگ نے براعظم افریقہ میں انفراسٹرکچر سے متعلق مزید اقدامات کی حمایت اور کم از کم 10 لاکھ ملازمتیں پیدا کرنے کے وعدے کے ساتھ تقریباً 51 ارب ڈالر کی فنڈنگ کا وعدہ کیا ہے۔ یہ وعدے بیجنگ میں ‘چین افریقہ تعاون فورم‘ میں کیے گئے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

انکل سام اور ان کے یورپی حواریوں نے آج تک افریقہ کو اپنے ہتھیاروں  کا تجربہ گاہ سمجھا یا ڈمپنگ گراؤنڈ، اب دیکھتے ہیں چینی وہاں کیا گل کھلاتے ہیں۔ سچ میں انفرااسٹرکچر اور ملازمتیں کھڑا کرتے ہیں یا اپنے مطلب کے لئے بس انہیں الو بناتے ہیں یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا۔

 

٭ سپریم کورٹ نے کہا کہ وہ بہار میں تعلیمی اداروں اور سرکاری ملازمتوں میں پسماندہ طبقات، درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل (ایس سی/ ایس ٹی) کے لیے ریزرویشن کی حد 50 سے بڑھاکر 65 فیصد کرنے کے ریاستی حکومت کے فیصلے کو خارج کرنے والے پٹنہ ہائی کورٹ کے 20 جون کے فیصلے کے خلاف راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کی درخواست پر غور کرے گی چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس جے بی پاردی والا اور منوج مشرا کی بنچ نے آر جے ڈی کی عرضی پر نوٹس جاری کیا اور اس پر بہار حکومت کی طرف سے دائر ایک اور درخواست کے ساتھ سماعت کرنے کا فیصلہ کیا۔۔۔ یو این آئی اردو

یعنی ابھی انصاف کی امید باقی ہے بس کچھ دن انتظار کرنا ہے اور جہاں تک انصاف کا معاملہ ہےاس کے لئے تو ہم قیامت تک انتظار کرنے کے قائل ہیں بقول ساحر

 ہم انتظار کریں گے ترا قیامت تک

خدا کرے کہ قیامت ہو اور تو آئے

 

٭ جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ کا کہنا ہے کہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے درمیان قبل از انتخابات الائنس نے بی جے پی کی جموں وکشمیر میں بچھائی گئی بساط کو درہم و برہم کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ یہ الائنس کوئی عام الائنس نہیں ہے بلکہ یہ الائنس جموں وکشمیر کے لوگوں کے تشخصی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے کیا گیا ہے۔۔۔ یو این آئی اردو

ہائے ہائے!! اس پر کیا تبصرہ کریں، بس راحت اندوری کا یہ شعر سن لیں

یہ سارے لوگ تو شامل تھے لوٹنے میں مجھے

سنا ہے اب مری امداد کرنا چاہتے ہیں

 

٭ امریکی صدر جو بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن نے وفاقی ٹیکس کی ادائیگیوں سے متعلق کیس میں اعترافِ جرم کر لیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنے خاندان کو مزید کسی تکلیف اور شرمندگی میں نہیں ڈال سکتے۔ حال ہی میں انہیں گن کیس میں قصوروار قرار دیا گیا تھا۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

انکل سام کی حرکتیں باہر لاکھ بری سہی لیکن اندرون میں وہ اصولوں سے کم ہی سمجھوتہ کرتے ہیں ، ان کے نظام انصاف میں نہ رشوت چلتی ہے نہ سفارش، شاید یہی ہر محاذ پر ان کی کامیابی کی بڑی وجہ ہے!!

 

٭ ہریانہ اسمبلی انتخابات سے پہلے اولمپیئن پہلوان ونیش پھوگاٹ اور بجرنگ پونیا کانگریس میں شامل ہو گئے کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کے دوران دونوں پہلوانوں کو پارٹی کا پٹکا پہنا کر کانگریس کا رکن بنایا۔۔۔ یو این آئی اردو

یعنی اب ہریانہ الیکشن ، الیکشن کم دنگل زیادہ لگے گا، خوب تماشے دیکھنے کو ملیں گے!!

 

٭ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) لیڈر اور دہلی کے سابق وزیر راجندر پال گوتم کانگریس میں شامل ہو گئے مسٹر گوتم نے کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، ترجمان پون کھیڑا اور دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو کی موجودگی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی مسٹر وینوگوپال نے پارٹی میں مسٹر گوتم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا، "یہ ہمارے لئے فخر کا لمحہ ہے کہ مسٹر راجندر پال گوتم نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔۔۔ یو این آئی اردو

سدا ایک ہی رخ نہیں ناؤ چلتی

چلو تم ادھر کو ہوا ہو جدھر کی

کے طرز پر بھارتی سیاست میں الیکشن کے قریب یہ تو معمول کا آنا جانا ہے اچھنبے کی کوئی بات نہیں!!

 

٭ بنگلہ دیشی الیکشن کمیشن کے سربراہ اور ارکان مستعفی ہو گئے، چیف الیکشن کمشنر اور دیگر چار ارکان نے جنوری میں شیخ حسینہ کو فتح دلوانے والے متنازعہ انتخابات منعقد کرائے تھے۔ شیخ حسینہ کی اقتدار سے رخصتی کے بعد متعدد اعلیٰ سرکاری عہدیدار استعفے دے چکے ہیں۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

غلط اور ظلم  کا ساتھ دینے والوں  کا انجام ہمیشہ ذلت آمیز ہی ہوتا ہے اس میں سمجھنے والو ں کے لئے بڑی نشانیاں ہیں!!

 

٭پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے درمیان الائنس میں کوئی ایمانداری نہیں ہے کیونکہ یہ الائنس اصولوں کی بنیادوں پر استوار نہیں ہے انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ یہ الائنس سیٹ شیئرنگ کے لئے کیا گیا ہے موصوفہ سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا ۔۔۔ یو این آئی اردو

کچھ نہیں بس "انگور کھٹے ہیں” والی بات ہے۔

 

٭ہماری پارٹی میں، آئین کے مطابق، سب کو یکساں حقوق اور مواقع حاصل ہیں، کوئی بھی چھوٹا اور بڑا نہیں ہے۔ دوسری پارٹیوں میں، آپ صرف اس صورت میں سربراہ بن سکتے ہیں جب آپ کسی خاص خاندان یا مخصوص ذات سے ہوں لیکن یہاں بی جے پی میں پی ایم مودی جیسا شخص جو ایک عام خاندان سے آیا ہے وزیر اعظم بن سکتا ہے ۔۔۔  مرکزی وزیر اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا

اتنی نہ بڑھا پاکیٔ داماں کی حکایت

دامن کو ذرا دیکھ ذرا بند قبا دیکھ

 

٭ امریکی ریاست جارجیا کے ایک ہائی اسکول میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں چار ہلاکتیں ہوئیں۔ نائب صدر کاملا ہیرس گن وائلنس کے معاملے پر سخت ضوابط چاہتی ہیں جب کہ ان کے مدِ مقابل سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ بندوقوں پر پابندی ختم کرنے کا وعدہ کر چکے ہیں۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

سرمایہ درانہ نظام میں انسانی جان پر نفع و نقصان کو فوقیت حاصل ہوتی ہے، سابق صدر اسی سوچ کی نمائندگی کر رہے ہیں، اگر وہ جیت گئے تو ان کی جیت وہاں  سرمایہ دارانہ نظام کی مظبوط بنیادوں کی کھلی دلیل ہوگی۔

 

٭ کل ایس ٹی ایف بی ٹیم نے آئس کریم میں وہسکی ملا کر بچوں کو فروخت کرنے کا معاملہ پکڑا، یہ جوبلی ہلز روڈ پر ہوا۔ آئس کریم زیادہ تر بچے کھاتے ہیں۔ یہ ایک خطرناک رجحان ہے۔ اس سے پہلے ہم نے چاکلیٹ کو گانجے میں ملا کر بیچنے کا معاملہ  دیکھا، اب یہ آئس کریم کا معاملہ ہے۔ اس میں ہم نے 11.5 کلو گرام آئس کریم ضبط کیا ہے اور دو افراد  گرفتار کیے گیے ہیں۔ ہم کیس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔۔۔  ایس وائی قریشی، جوائنٹ کمشنر آف پرہیبیشن اینڈ ایکسائز، تلنگانہ

جہاں سیاستدان مذہبی شدت پسندی، ذات پات کی عصبیت کا نشہ مفت میں بانٹتے پھرتے ہیں وہاں آئسکریم میں شراب ملا کر بیچنے والوں پر کاروائی قابل داد ہے!! لیکن ان سیاستدانوں پر کاروائی کب ہوگی؟!

 ہم آہ بھی کرتے ہیں تو ہو جاتے ہیں بد نام

وہ قتل بھی کرتے ہیں تو چرچا نہیں ہوتا

 

٭ جب کسی قانون میں ترمیم کی جاتی ہے تو اس میں دو چیزیں شامل ہوتی ہیں۔ سب سے پہلے، ترمیم کی ضرورت کیوں ہے؟ دوسری، سابقہ قانون کو مضبوط کرنے کے لیے ترمیم لائی جاتی ہے۔ تاہم اس بل کے ذریعہ حکومت کی جانب سے پیش کی گئیں 40 ترامیم کا مقصد وقف بورڈ میں ترمیم کرنا نہیں ہے، وہ اسے مکمل طور پر تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ ہم ابھی تک اس بل کے پیچھے حکومت کی نیت سے واقف نہیں ہیں۔۔۔ وقف (ترمیمی) بل 2024 پر تلنگانہ وقف بورڈ کے صدر سید عظمت اللہ حسینی

ایسے بل لاکر حکومت کا مقصد عوام کو الجھائے رکھنا ہے تاکہ اصل مسئلوں کی طرف کسی کی توجہ نہ جائے بس!! سمجھا کریں!!

 

٭ غزہ کے خان یونس میں جاری پولیو ویکسین مہم کے دوران "ڈاکٹرز آف دی ورلڈ” نامی فرانسیسی این جی او نے بچوں کے لیے تفریحی پروگرام کا انعقاد کیا۔ اس مہم کا مقصد بچوں کو جنگ کے دوران سکون اور خوشی کے لمحات فراہم کرنا ہے۔۔۔ العربیہ اردو

ستم ظریفی کی بھی حد ہوگئی!! جنگ بھی خود بھڑکاتے ہیں اور دوران جنگ سکون اور خوشی کے لمحات میسر کرانے خود ہی جوکر بن کر آجاتے ہیں، وائے حیرت!!

پہلے رگ رگ سے مری خون نچوڑا اس نے

اب یہ کہتا ہے کہ رنگت ہی مری پیلی ہے

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

You may also like

Leave a Comment