Home » چنئی میں تملناڈو اردو لٹریری ایسوسی ایشن کی جانب‌ سے مرحوم حیات مدراسی صاحب کی پچیسویں برسی کے موقع پر اعزازی نشست اور مشاعرہ

چنئی میں تملناڈو اردو لٹریری ایسوسی ایشن کی جانب‌ سے مرحوم حیات مدراسی صاحب کی پچیسویں برسی کے موقع پر اعزازی نشست اور مشاعرہ

by زبان خلق
0 comment

(زبان خلق) تملناڈو اردو لٹریری ایسوسی ایشن کی جانب‌ سے  مرحوم حیات مدراسی صاحب کی پچیسویں برسی کے موقع پر بتاریخ 8 ستمبر 2024 بروز اتوار شام کے چھ بجے بیت المال کنویشن ہال ٹریپلیکن چنئی میں ایک اعزازی نشست اور مشاعرہ کا انعقاد عمل میں آیا۔

شاہد مدراسی اور ان کے رفقاء کی جانب سے سجائی گئی حیات مدراسی سے منسوب اس خوبصورت تاریخی محفل کی سرپرستی عزیز الشعراء  جناب حسن فیاض صاحب نے اور صدارت، کنوینر میاسی اردو اکیڈمی جناب محمد روح اللہ روحی صاحب نے فرمائی۔ ٹمل ناڈو ریاستی اردو اکیڈمی کے وائس چیرمین ڈاکٹر محمد نعیم الرحمٰن صاحب، ڈاکٹر اعجاز حسین صاحب  بطور مہمانان خصوصی شریک رہے۔ ڈاکٹر طیب خرادی صاحب،پروفیسر شعبہ اردو نیو کالج چنئی نے نظامت کے فرائض بحسن و خوبی انجام دئے۔طالب علم محمد عفان کی تلاوت کلام پاک سے مجلس کا  آغاز ہوا اور مرحوم  حیات مدراسی صاحب کے قابل فرزند جناب فضل الرحمٰن فیض نے آئے ہوئے مہمانوں کا استقبال کیا۔ عزیز الشعراء  جناب حسن فیاض صاحب نے اپنی ایک خوبصورت نعت ترنم سے پیش کر کے سماں باندھ دیا،  معززمہمانان نے مرحوم حیات مدراسی کے تعلق سے اپنے گراں قدر تاثرات پیش کئے۔

ریاست ٹمل ناڈو کے معروف محقق اور نقاد ڈاکٹر حیات افتخار صاحب، سابق صدر شعبہء اردو قائد ملت کالج چنئی   اور جناب الطاف احمد صاحب میر مدرس بانگی حیات باشاہ اسکول آمبور کو اردو زبان کی ترقی و ترویج میں ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے  حیات مدراسی مموریل ایوراڈ سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ کالج اور اسکول کے طلبہ و طالبات میں حیات مدراسی کی غزلوں پر غزل سرائی کے مقابلے منعقد کر کے ان میں اول دوم اور سوم منتخب ہونے والے طلبہ و طالبات کو نقد انعامات و سند اور مقابلے میں شریک تمام طالب علموں کو اسناد سے نوازا گیا۔

ڈاکٹر حیات افتخار صاحب کی جانب سے افتخار اردو اعزاز، کیسہء زر کے ساتھ چنئی کے معروف شاعر سید اسلم صدالعامری کی خدمت میں پیش کیا گیا۔

اعزازی نشست کے فوراً بعد مشاعرے کا آغاز ہوا۔ مشاعرے کی صدارت ریاست ٹمل ناڈو میں اردوحلقے  سے وابستہ ایک معتبر شخصیت جدید لہجوں کے معروف شاعر جناب محمد حنیف کاتب صاحب نے فرمائی۔ نظامت ڈاکٹر غیاث احمد اور شاہد مدراسی کے ذمہ رہی۔

دو ماہی افسانہ نما کے مدیر، وسیلہ اردو ٹی وی (یو ٹیوب) کے روح رواں، اردو شعر و ادب سے وابستہ ایک فعال اور معتبر شخصیت جناب محمود شاہد صاحب کڈپہ، اور ٹمل نادو اردو تحقیقی مرکز، وانم باڑی کے چیرمین ڈاکٹر جی امتیاز باشاہ صاحب بطور مہمانان خصوصی اس شعری نشست میں شریک رہے۔

شہر کڈپہ سے خلیل خان خلیل، ترپاتور سے انور ترپاتوری، وانم باڑی سے اسانغنی مشتاق رفیقی اور امتیاز احمد امتیازی، چنئی سے استاد منا شوکت علی، ڈاکٹر جیوتی حبیبہ، ماہر مدراسی، ایوب مدراسی، سراج شانا، سجاد رفعت، فضل الرحمٰن فیض اور شاہد مدراسی کے علاوہ صدر مشاعرہ حنیف کاتب  اور مہمان خصوصی محمود شاہد  نے اپنے کلام سے محفل مشاعرے کو رونق بخشی اور سامعین سے بھر پور داد حاصل کی ۔ رات کے دس بج کر بیس منٹ پرمرحوم حیات مدراسی کے چھوٹے فرزند جناب محمد فاروق صاحب کی جذباتی ہدیہء تشکر کے ساتھ یہ اعزازی اور شعری نشست اختتام کو پہنچی۔

 

You may also like

Leave a Comment