Home » تلخ و ترش

تلخ و ترش

by زبان خلق
0 comment

اسانغنی مشتاق رفیقی۔ وانم باڑی

٭ کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر ہونا نہ صرف آئینی عہدہ کی ذمہ داری نبھانا ہے بلکہ یہ کروڑوں عوام کی آواز بننا بھی ہے مسٹر راہل گاندھی نے کہا،یہ صرف ایک آئینی عہدہ نہیں ہے،یہ کروڑوں ہندوستانیوں کی آوازہے، اپوزیشن لیڈر کے طور پر، میں غریبوں، پسماندوں اور مظلوموں کی حالت زار کو سننا اپنی اولین ذمہ داری سمجھتا ہوں۔۔۔ یو این آئی اردو

کاش! ملک کے وزیر اعظم اور ان کے کابینہ کے وزراء بھی ایسا ہی سمجھ لیں تو یہ ملک ایک بار پھر جنت نظیر بن سکتا ہے! کاش! اے کاش!!

 

٭ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ اقربا پروری اور ذات پرستی کی سیاست ہمہ جہت ترقی کے لیے مہلک ہے، اس لیے ملک کو ذات پرستی اور اقربا پروری کی زنجیروں سے جلد از جلد آزاد کرنے کی ضرورت ہے۔۔۔ یو این آئی اردو

یہ کام پہلے آپ اپنی پارٹی سے شروع کریں تو بہت اچھا رہے گا صاحب! کیونکہ اس کے بعد پارٹی میں ممکن ہے گنتی کے کچھ نفوس ہی بچ پائے۔

 

٭ترکیہ کی پارلیمنٹ اس وقت اکھاڑے کا منظر پیش کرنے لگی جب حکومت اور اپوزیشن اراکین آپس میں گتھم گتھا ہوگئے۔ اپوزیشن جماعت ورکرز پارٹی آف ترکی کے رکن نے قید میں موجود اپنے ساتھی کے بارے میں بحث کا آغاز کیا تو حکمران جماعت کے ایک قانون ساز نے انہیں مکے دے مارا۔اپوزیشن رکن نے حکمراں جماعت کے ارکان کو "دہشت گرد تنظیم” کہا تھا۔ اپوزشین رکن کو پڑنے والے مکے کے بعد اس لڑائی میں دونوں پارٹیوں کے اراکین شامل ہوگئے۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

بیچارا یورپ کا مرد بیمار! اپنا شاندارماضی قربان کرے یورپ سے جمہوریت کی بھیک لایا تھا، ایک صدی گزر گئی مگر آج تک وہ بھی ڈھنگ سے سنبھالی نہیں جارہی ہے۔ افسوس صد افسوس!!

 

٭ دہلی کے وزیر داخلہ کیلاش گہلوت نے عوام کو آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال ایک جدید آزادی پسند جنگجوہیں یہاں چھترسال اسٹیڈیم میں یوم آزادی کے موقع پر منعقدہ تقریب میں پرچم کشائی کے بعد مسٹر گہلوت نے کہا، ‘مسٹر کیجریوال ایک جدید آزادی پسند ہیں  یہ ہم سب کے لیے سوچنے کی بات ہے کہ کیا ہمیں 77 سال قبل آزادی اس لیے ملی تھی کہ ایک دن ایک منتخب وزیر اعلیٰ کو بغیر کسی جرم اور ثبوت کے جیل میں ڈال دیا جائے گا؟ ۔۔۔ یو این آئی اردو

بات تو سچ ہے مگر بات ہے رسوائی کی

 

٭ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ریاست میں حکومت کی بحالی کے سلسلے میں ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے آج کہا کہ ان کی حکومت نے دس لاکھ لوگوں کو نوکری اور دس لاکھ لوگوں کو روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اس سے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے اب ریاست میں 12 لاکھ لوگوں کو نوکریاں اور 34 لاکھ کو روزگار دیا جائے گا دارالحکومت پٹنہ میں تاریخی گاندھی میدان میں جمعرات کو 78ویں یوم آزادی کے موقع پر اٹھارویں بار پرچم لہرا کر بہار میں سب سے زیادہ بار پرچم لہرانے والے وزیر اعلیٰ ہونے کا ریکارڈ بنانے والے مسٹر کمارنے کہا، "ریاست کے نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں اور روزگار فراہم کرایا جارہا ہے ۔۔۔  یو این آئی اردو

ترے وعدے پر جیے ہم تو یہ جان جھوٹ جانا

کہ خوشی سے مر نہ جاتے اگر اعتبار ہوتا

 

٭دس ماہ کی خونریزی کے بعد غزہ میں جنگ بندی کا ایک معاہدہ طے پانے والا ہے، یہ بات امریکی صدر بائیڈن نے کہی۔ انہوں نے تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ بندی کی کوششوں کو سبو تاژ نہ کریں۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

سبو تاژ کا خطرہ فریقوں سے زیادہ خود آپ سے ہے عزت مآب صدر!! خود کو سنبھالے رکھئے ایک غزہ کیا پوری دنیا میں امن قائم ہوجائے گا!

 

٭میں اعلان کر رہا ہوں کہ اگر کوئی وقف بورڈ یا کسی مندر یا مذہبی املاک کو چھونے کی کوشش کرتا ہے تو میں ایسا نہیں ہونے دوں گا۔ یہ میرا وعدہ ہے۔۔۔ مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ اور شیو سینا (یو بی ٹی) کے لیڈر ادھو ٹھاکرے

اس پر کوئی تبصرہ نہیں بس علامہ کا ایک شعر

ہے عیاں یورشِ تاتارکے افسانے سے

پاسباں مل گئے کعبے کو صنم خانے سے

 

٭ بی جے پی کافی عرصے سے انتخابات کے لیے تیار ہے۔ ہم اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ بی جے پی ایک قومی سطح کی،کارکنان پر مبنی پارٹی ہے اور یہ ہمیشہ انتخابات کے لیے تیار رہتی ہے۔ ہم اسمبلی انتخابات میں 50 سیٹیں عبور کرنے کے اپنے نعرے پر کام کریں گے۔ ہم ریاست میں اکیلے ہی حکومت بنانے کی امید کرتے ہیں۔۔۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی طرف سے جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان پر بی جے پی کے رہنما الطاف ٹھاکر

اسے کہتے ہیں بلّی کے خواب میں چِھیچھڑے

 

٭ایک طویل عرصے تک سائنسدان سمجھتے تھے کہ انسانوں کو سب سے زیادہ ان بیماریوں سے خطرہ ہے جو بندروں کی مختلف اقسام میں پائی جاتی ہیں۔ لیکن اب ہمیں اندازہ ہو رہا ہے کہ چوہوں اور چمگادڑوں سے پھیلنے والی بیماریوں پر ہمیں زیادہ توجہ دینی چاہیے۔۔۔ بی بی سی اردو

انسانوں کو خطرہ نہ بندروں کی اور نہ چوہوں اور چمگادڑوں سے پھیلنے والی بیماریوں سے ہے بلکہ انسانوں کو اصل خطرہ خود انساںوں سے ہے، اس پر بھر پور توجہ کی ضرورت ہے! کیا سمجھے!!

 

٭مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کولکتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج اور اسپتال میں ایک خاتون ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے واقعہ کے خلاف ایک ریلی نکالی، وہ متاثرہ کے لیے انصاف اور ملزمان کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کر رہی ہے۔۔۔ اے این آئی

کون کس کے خلاف احتجاج کر رہا ہے سمجھ میں نہیں آرہا ہے! افسوس یہ سایسی بازیگر ایک ننگ انسانیت واقعے پر بھی اپنی سیاسی روٹی سینکنے سے باز نہیں آتے!!

 

٭ عام آدمی ہارٹی ہریانہ اسمبلی انتخابات کے لیے بالکل تیار ہے۔ پولنگ یکم اکتوبر کو ہوگی اور نتائج 4 اکتوبر کو آئیں گے۔ آج اروند کیجریوال کی سالگرہ ہے، اور بارش بھی ہو رہی ہے۔ یہ ایک اچھی علامت ہے۔۔۔ الیکشن کمیشن کے ہریانہ اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان پر عآپ لیڈر سندیپ پاٹھک

واہ کیا وچار ہیں نیتا جی! سالگرہ کے موقع پر بارش کا ہونا اگر اچھی علامت ہے تو عآپ کے لیڈر اس دن رہا کیوں نہیں ہوگئے؟!

 

٭امریکہ نے بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی معزولی میں کسی بھی قسم کے ملوث ہونے کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ اس طرح کے دعوے قطعی طور پر غلط ہیں۔ البتہ واشنگٹن کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کی صورتحال پر وہ قریبی نظر رکھے ہوئے ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیواردو

اس کا صریح مطلب ہے کے اس پورے معاملے میں انکل سام پوری طرح ملوث ہیں۔ ان کے انکار کامطلب مکمل اقرار ہوتا ہے!!

 

٭ حزب اختلاف کے رہنما ‘سیکولر سول کوڈ’ کے لیے وزیر اعظم کے موقف کو فرقہ وارانہ زاویہ دے رہے ہیں:۔۔۔ بی جے پی لیڈر مختار عباس نقوی

چھاج بولے تو بولے چھلنی بھی بولی جس میں سَتَّر چھید

 

٭مرکز نے قائد حزب اختلاف کے عہدے کا احترام نہیں کیا:۔۔۔ یوم آزادی کے تقریب میں راہول گاندھی کو اگلی قطار کی سیٹ الاٹ نہیں کئے جانے پر این سی پی (ایس پی) کے سربراہ شرد پوار

راہل بابا کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا! بقول شاعر

چل تو سکتا تھا میں بھی پانی پر

میں نے دریا کا احترام کیا

 

٭آج کی دنیا تیزی سے ڈیجیٹل تبدیلی کو قبول کر رہی ہے۔ کیا مستقبل میں نوٹوں کا استعمال بالکل ہی ختم ہو جائے گا؟۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

جس طرح سے حالات کروٹ لے رہے ہیں ایسا ہی لگتا ہے، لیکن کاغذی نوٹوں کی سوندھی مہک اتنی آسانی سے انسانوں کا پیچھا چھوڑ دے گی، مشکل ہے!!

……………………………………………………

You may also like

Leave a Comment