Home » تلخ و ترش

تلخ و ترش

by زبان خلق
0 comment

اسانغنی مشتاق رفیقی۔ وانم باڑی

٭ وقف ترمیمی بل 2024 پر غور کرنے کے لیے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی 31 رکنی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کی تشکیل کا اعلان کیا گیا ہے۔  پارلیمانی اور اقلیتی امور کے وزیر کرن رجیجو نے اس کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا، اس کمیٹی میں لوک سبھا سے 21 اور راجیہ سبھا کے دس اراکین ہوں گے۔۔۔ یو این آئی اردو

در حقیقیت بی جے پی نے مسلم دشمنی نامی نفرتی سانپ  کو دم سے پکڑ لیا ہے، اب نہ وہ اسے چھوڑ سکتی ہے نہ بہت دیر تک پکڑے رکھ سکتی ہے، دیکھتے ہیں ایسے مسئلے اٹھا کر وہ کب تک راج نیتی کا کھیل کھیلتی ہے!!

 

٭ سپریم کورٹ نے دہلی کے مبینہ ایکسائز پالیسی گھپلے میں بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے الگ الگ معاملات میں ملزم ، عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کو مشروط ضمانت دے دی ہے ۔ سابق نائب وزیر اعلیٰ سسودیا کو ضمانت دیتے ہوئے، جو 17 ماہ سے دہلی کی تہاڑ جیل میں بند ہیں، جسٹس بی آر گوائی اور کے وی وشواناتھن کی بنچ نے کہا،’سسودیا کو مقدمے کی سماعت کےبغیر غیر معینہ مدت تک جیل میں نہیں رکھا جاسکتا’۔۔۔ یو این آئی اردو

اچھا فیصلہ ہے، امید ہے ان عزت مآب جج صاحبان کی عدالت میں جب ایسے ہی کچھ اور معاملات آئیں گے تو اس پر بھی وہ اسی طرح کا فیصلہ دیں گے!!

 

٭ ہفتوں سے بنگلہ دیش میں جاری پُرتشدد مظاہروں کے بعد شیخ حسینہ نے پانچ اگست کو بطور ملک کی وزیراعظم استعفیٰ دے دیا اور وہ اس کے فوراً بعد انڈیا روانہ ہو گئی، مگر بھارت کے وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر پہلے ہی دو ٹوک انداز میں واضح کر چکے ہیں کہ انڈیا شیخ حسینہ کی آخری منزل نہیں۔ انھوں نے کہا تھا کہ بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم نے استعفیٰ دینے کے بعد مختصر دورانیے کے لیے بھارت کا دورہ کرنے کی اجازت مانگی ہے۔۔۔ بی بی سی اردو

وقت وقت کی بات ہے، کل تک جس کے لئے لال قالین بچھتے تھے آج اس کو کہا جارہا ہے کہ جلدی اپنا دوسرا ٹھکانہ ڈھونڈ لیں، ہم آپ کو ہمیشہ کے لئے ڈھو نہیں سکتے۔ سچ ہے سیاست میں دوستی اور دشمنی بس اقتدار کے گرد ہی گھومتی ہے۔

 

٭ شیروں کے عالمی دن پر، میں شیر کے تحفظ پر کام کرنے والے تمام لوگوں کی تعریف کرتا ہوں اور ان شاندار بڑی بلیوں کی حفاظت کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہوں۔ ہندوستان، جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں، گُر، گجرات میں شیروں کی ایک بڑی آبادی کا گھر ہے۔ گزشتہ برسوں کے دوران ان کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جو کہ بڑی خبر ہے۔۔۔ وزیر اعظم نریندر مودی

صاحب! کبھی انسانوں کی حفاظت کا عزم بھی کر لیا کریں، ہمیں پتہ ہے کہ آپ اگر پچھلی سیٹ پر ہوں اور گاڑی کے نیچے کوئی کتا آکر مرجائے تو بھی آپ کو تکلیف ہوتی ہے۔ لیکن صاحب! اس عالمی یومِ شیر کے مناسبت سے کسی شیر کے ساتھ ایک سیلفی ہوجاتی تو خوب رہتا۔

 

٭ انہیں (بی جے پی) اپنے ماضی میں جھانکنے کی ضرورت ہے۔ جب وہ حکومت میں تھے تو ان کی کیا ساکھ تھی؟ بی جے پی کرناٹک ریاست میں 2008 سے 2013 تک حکومت میں تھی وہ سب سے بدعنوان حکومتوں میں سے ایک تھی۔ اور یہاں تک کہ بی جے پی کے آخری دور میں جو 2019 سے 2023 تک تھا، اس نے پورے کرناٹک کی ساکھ کو خراب کیا تھا، انہیں 40 فیصد کی حکومت قرار دیا گیا تھا۔۔۔ کرناٹک کے وزیر شرن پرکاش پاٹل

شیشے کے گھروں میں رہنے والوں کو ایک دوسرے پر پتھر نہیں پھینکنا چاہئے نہیں تو ایسے ہی ہر چیز چوراہے پر آجائے گی! سمجھا کرو!!

 

٭ ایران کے پاسداران انقلا ب ( ریوولوشنری گارڈز ) نے کہا ہے کہ اس کی بحریہ کے پاس نئے کروز میزائل ہیں جو انتہائی دھماکہ خیز وار ہیڈز سے لیس ہیں اور ریڈار پر نظر نہیں آتے ،یہ خبر ایران کے سرکاری میڈیا نے دی ہے ۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

یعنی اس بار اگر جنگ چھڑی تو وہ بہت تباہ کن ہوگی، نقصان دونوں کو ہوگا۔ اللہ رحم کرے۔

 

٭ گزشتہ 10 سالوں میں، 4 کروڑ گھر بانٹے گئے ہیں، پردھان منتری آواس یوجنا سے ایک بڑی سماجی تبدیلی آئی ہے۔ مزید 3 کروڑ نئے مکانات کے نفاذ پر تفصیلی بات چیت ہوئی، یہ پی ایم مودی کے ابتدائی وعدوں میں سے ایک تھا۔ اس کے لیے بجٹ کا انتظام 3,60,000 کروڑ روپے ہوگا۔ 2 کروڑ گھر دیہی علاقوں میں اور 1 کروڑ گھر شہری علاقوں میں ہوں گے۔۔۔ مرکزی وزیر اشونی ویشنو

یہ سب کہاں ہورہا ہے منتری جی! ہمیں تو زمین پر کروڑوں کی تعداد  میں گھر بنتے کہیں نظر نہیں آئے، ہاں بلڈوزروں کو ضرور عوام کے مکان ڈھاتے ہوئے ان دس سالوں میں بہت دیکھا ہے۔

 

٭یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم دنیا کے سامنے اپنے ملک کی جمہوریت کا وقار بلند کریں، واقعہ کچھ بھی ہو اس میں کچھ چیزیں ایسی ہیں جن کا آپ (ارکان پارلیمنٹ) کو خیال رکھنا چاہیے، آپ ایوان میں بیٹھ کر  یا چلتے ہوئے تبصرے نہ کریں، پارلیمنٹ کے وقار کو برقرار رکھیں، آپ کا نام پکارا جائے تو کھڑے ہو جائیں،اسپیکر کبھی پارٹی اور نظریے میں فرق نہیں کرتا، ایک اسپیکر کے لیے سب ایک ہیں اور تمام نظریات ایک ہیں۔۔۔ نومنتخب ممبران پارلیمنٹ کے اورینٹیشن پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا

کبھی  انہیں پارلیمنٹ سے باہر بھی ممبر آف پارلیمنٹ ہونے کے وقار برقرار رکھنے کو کہیں برلا جی! یہ لوگ اپنی بھاشنوں میں جو کچھ بولتے ہیں کیا دنیا بھر میں اس سے ہماری جمہوریت کا وقار بلند ہوتا ہے؟!

 

٭ امریکہ کے صدارتی انتخابات میں اب صرف نوے دن باقی بچے ہیں اور ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کملا ہیرس اور ٹم والز نے انتخابی مہم شروع کر دی ہے۔ ٹم والز نے پہلی ہی ریلی میں ٹرمپ پر شدید نکتہ چینی کی۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

جس طرح کی سیاست امریکہ میں ان دنوں ہورہی ہے  اور سڑک چھاپ لہجے استعمال ہورہے ہیں اس سے یہ یقین ہونے لگا ہے کہ یہ نظامِ سیاست وہاں ابھی چند دنوں کا ہی مہمان ہے۔ تبدیلی ناگزیر ہے!

 

٭ پوسٹ پول کے نتائج سب کو چونکا دینے والے تھے اور شکوک و شبہات پیدا ہوئے کہ اڈیشہ میں بی جے پی نے اتنا ووٹ کیسے حاصل کیا؟ لیکن ہم نے عوامی رائے کا احترام کیا اور اسے قبول کیا۔ تاہم اے ڈئ آر اور وی ڈی ایف رپورٹس پولنگ کے دن اور گنتی کے دن کے درمیان 5 کروڑ ووٹوں کا فرق ظاہر کرتی ہے، یہ براہ راست 79 پارلیمانی حلقوں کو متاثر کرتا ہے جن میں اڈیشہ کے 18 پارلیمانی حلقے بھی موجود ہیں ۔۔۔  بی جے ڈی لیڈر لیکاسری سمنت سنگھار

اب پچھتائے کیا ہوت جب چڑیاں چک گئیں کھیت

 

٭ لیڈروں کو جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے۔ دنیا بھر میں دہشت گردوں اور ڈرگ مافیا کے لیے استعمال ہونے والے قوانین کا اطلاق سیاست دانوں، تاجروں اور عام لوگوں پر طویل عرصے تک جیل میں رکھنے اور ان کی درخواست ضمانت کو روکنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ یہ آمریت ہے اور یہ ملک کے عام شہریوں کے خلاف چلائی جا رہی ہے۔۔۔ عآپ لیڈر منیش سسودیا

اور اس آمریت کو ملک پر مسلط کرنے میں عآپ کے کردار کو تاریخ کبھی فراموش نہیں کرے گی! آج عآپ پہ آئی تو عآپ کو اس کا احساس ہورہا ہے ، گزشتہ دس سالوں سے دوسروں پر جو گزر رہا ہے کبھی اس کا احساس کیا عآپ نے؟!

 

٭سعودی عرب  کا کہنا ہے کہ حماس کے سربراہ  اسماعيل هنية کا قتل ایران کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی تھا۔۔۔ ترکیہ اردو

کی مرے قتل کے بعد اس نے جفا سے توبہ

ہائے اس زود پشیماں کا پشیماں ہونا

 

٭ وائناڈ لینڈ سلائیڈنگ میں تقریباً 300 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ ہمارا مطالبہ تھا کہ اس واقعے کو قومی آفت قرار دیا جائے۔ اچھا ہوگا اگر وہ (وزیر اعظم مودی) منی پور بھی چلے جائیں۔۔۔ وزیر اعظم مودی کے ویاناڈ کے دورے پر کانگریس کے ایم پی جے رام رمیش

صاحب کا وائناڈ جانا ایک الگ سیاست ہے، منی پور نہیں  جانا یہ بھی ایک الگ سیاست ہے، سمجھا کرو نیتا جی! یہ کیا کہ ہر وقت کچھ بھی بولتے رہتے ہو!!

 

٭ یہ کس نے کہا؟ انہوں نے کہا ہے کہ وہ 200-225 سیٹوں پر الیکشن لڑیں گے۔ تو اس کا کیا مطلب ہے؟ وہ اپنی سیٹوں پر الیکشن لڑنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بس اتنا کہا ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے دوران انہوں نے پی ایم مودی کی حمایت کی تھی۔۔۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے مہایوتی میں شامل ہوں گے، ڈپٹی سی ایم اور این سی پی کے سربراہ اجیت پوار

سوال ہی بے کار ہے، کیونکہ اس کھیل کا اصل کھلاڑی کوئی اور ہے جو جانتا ہے کسے مہا یوتی سے لڑانا ہے کسے باہر سے لڑانا ہے، جو اتنا شاطر ہے کہ ہار میں بھی جیت کشید کرنا جانتا ہے! کیا سمجھے!!

 

٭ حماس کے زیر کنٹرول شہری دفاع کے ادارے کا کہنا ہے کہ غزہ میں ایک اسکول پر اسرائیلی فضائی حملے میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اسرائیلی افواج کا دعویٰ ہے کہ اس نے ایک اسکول کے اندر بنائے گئے حماس کے کمانڈ سینٹر پر حملہ کیا۔۔۔ بی بی سی اردو

اور پورا ترقی یافتہ معاشرہ بشمول عرب دنیا اس قتل عام کو خاموش تماشائی کی طرح مسلسل دیکھے جارہا ہے۔ اس بھیانک ظلم پر پتہ نہیں کیوں ابھی تک قدرت کا کوئی عذاب ان پر مسلط نہیں ہوا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

You may also like

Leave a Comment