اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی
٭ کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ذریعہ ان کے خلاف چھاپے مارنے کی تیاری کی جارہی ہے۔۔۔ یو این آئی اردو
راہل بابا! آپ بات ہی ایسی کرتے ہیں کہ آپ پر کاروائی ضروری ہوجاتا ہے بقول شاعر
تیری زبان کترنا بہت ضروری ہے
تجھے مرض ہے کہ تو بار بار بولتا ہے
٭ سپریم کورٹ نے گریجویٹ سطح کے میڈیکل اور دیگر متعلقہ کورسز میں داخلے کے لیے منعقد کیے جانے والے قومی اہلیت کم داخلہ ٹیسٹ (این ای ای ٹی-یوجی) کے سوالیہ پرچوں کو مرکز پر امتحان میں محفوظ طریقے سے پہنچانے، محفوظ رکھنے کے لیے مرکزی حکومت اور نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) کو متعلقہ امیدواروں کو امتحانات کی بروقت فراہمی اور سخت جانچ پڑتال کو یقینی بنانے کے لیے ایک معیاری آپریٹنگ طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت دی ہے چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس جے بی پارڈی والا اور منوج مشرا کی بنچ نے 5 مئی 2024 کو منعقدہ این ای ای ٹی یوجی میں بے ضابطگیوں سمیت بے قاعدگیوں کے خلاف دائر درخواستوں پر تفصیلی فیصلہ سناتے ہوئے یہ ہدایت دی۔۔۔ یو این آئی اردو
عدالت عالیہ نے فرمان تو جاری کردیا مگر کیا حکومت اسے سنجیدگی سے لے کر اس پر عمل بھی کرے گی!؟ کیونکہ اس سے پہلے عدالت عالیہ کے بہت سے فرمانوں کے ساتھ کیا ہوا،اور وہ کیسے ٹھنڈے بکسوں کی نذر ہوگئے سب جانتے ہیں!!
٭اسرائیل پر ممکنہ ایرانی حملے کا خطرہ: امریکی محکمہ دفاع نے کہا ہے کہ اسرائیل کی حفاظت کے لیے امریکہ مشرقِ وسطیٰ میں اضافی بحری جہاز اور لڑاکا طیارے تعینات کرے گا۔۔۔ بی بی سی اردو
انکل سام اپنی ناجائز اولاد کی ناجائز کرتوتوں کے دفاع میں جس طرح باؤلے ہورہے ہیں، دیکھنا ایک دن وہ انہیں سڑک پر لا کر چھوڑے گی۔
٭ وزیر اعظم مودی کی ڈیجیٹل حکومت کی پالیسیوں کی بدولت 80 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا گیا ہے، اور 25 کروڑ لوگوں کو کثیر جہتی غربت سے باہر نکالا گیا ہے۔۔۔ بی جے پی لیڈر راجیو چندر شیکھر
مگر کہاں؟ ملک کی آبادی 141 کروڑ ہے اس میں بقول آپ کے 105 کروڑ کو غریبی سے نکال لیا گیا ہے یعنی ملک کی 75 فیصدی آبادی امیر ہوگئی ہے مگر زمین پر تو ایسا کچھ نظر نہیں آرہا ہے نیتا جی!!
٭لوک سبھا میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر گورو گوگوئی نے پارلیمنٹ کی نئی عمارت کی چھت کے ٹپکنے کو ایک سنگین معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پر تمام جماعتوں سے مشاورت کی جانی چاہئے اورنئی عمارت کی تعمیر کا جامع جائزہ لینا چاہئے۔۔۔ یو این آئی اردو
پہلے رام مندر اور اب پارلیمنٹ میں چھت ٹپکنے کا مسئلہ، اگر پہلی ہی بارش میں یہ حال ہے تو آگے کیا ہوگا؟! دیکھنا کچھ دنوں بعد صاحب یوں شکوہ کرتے نظر آئیں گے
چھت ٹپکتی بھی نہیں تھی نیند بھی آ جاتی تھی
میں نئے گھر میں بہت رویا پرانے کے لیے
٭امریکہ اور روس کے درمیان 24 قیدیوں کا تبادلہ جمعرات کو مکمل ہو گیا ہے۔ سویت یونین کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان قیدیوں کا یہ سب سے بڑا تبادلہ ہےاور دیگر مغربی ممالک سے تعلق رکھنے والے قیدی بھی رہا ہوئے ہیں۔ جواب میں مغربی ممالک میں سنگین جرائم میں سزا پانے والے کچھ روسی شہریوں کو بھی رہائی ملی ہے۔صدر جو بائیڈن نے روسی قید سے رہائی میں کردار ادا کرنے پر ترک صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا ہے اور ایکس پر ایک پیغام میں تصویر جاری کی ہے جس میں رہائی پانے والے چاروں امریکی اپنے وطن واپسی کے لیے جہاز میں سوار ہیں۔ قیدیوں کا تبادلہ ترکی میں انجام پایا تھا۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
یعنی حقیقت میں اور اندر سے یورپ کا مرد بیمار اپنے آقاؤں کا حق نمک ادا کرنے میں برابر جٹا ہوا ہے پر امت مرحوم کو بے وقوف بنانے کے لئے بظاہر ان سے اختلاف بھی ظاہر کرتے رہتا ہے! واہ رے تیری منافقت!!
٭ روہنی میں آشا کرن شیلٹر میں صرف 250 بچوں کی گنجائش تھی، لیکن وہاں 450 کو رکھا گیا تھا۔ رپورٹس بتاتی ہیں کہ بچوں کو آلودہ کھانا اور پانی دیا جاتا تھا، جسے موت کی وجہ سمجھا جاتا ہے۔۔۔ کانگریس لیڈر الکا لامبا، روہنی میں آشا کرن شیلٹر ہوم جہاں گزشتہ 20 دنوں میں 14 سے زیادہ بچے ہلاک ہو چکے ہیں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے
اگر دارالحکومت کے پبلک شیلٹر کا یہ حال ہے تو دور دراز میں کیا کچھ نہیں ہورہا ہوگا؟ شاید امرت کال میں آشا کی کرن ایسی ہی ہوتی ہے! افسوس!!
٭نوجوانوں کو ہر شعبے میں حصہ لینا چاہیے۔ ان کی شمولیت ضروری ہے ۔۔۔ عآپ کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ راگھو چڈھا کے اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات لڑنے کے لیے کم از کم عمر 25 سے کم کر کے 21 کرنے کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے رہنما راماشنکر راج بھر
لگتا ہے ان نیتاؤں نے اپنی اگلی نسل کو جلد از جلد اپنی کرسیوں تک لانے کے لئے لائحہء عمل مرتب کرلیا ہے۔ اچھا جذبہ ہے! جمے رہئے!!
٭بنگلہ دیش میں جاری احتجاجی مظاہرے اور نئی ابھرتی قیادت، کوٹہ سسٹم کے خلاف مظاہروں کے دوران بنگلہ دیش شدید بد امنی سے دوچار رہا۔ حالیہ تحریک نے نہ صرف وزیراعظم شیخ حسینہ کی حکومت کو جنجھوڑ کر رکھ دیا ہے بلکہ ملک میں نئی اور نوجوان قیادت ابھرنے کے امکانات روشن کر دیے ہیں ماہرین سیاسیات کے مطابق اس تحریک نے کسی مرکزی قیادت کے بغیر لوگوں کو مؤثر طریقے سے متحرک کرنے کی بے مثال صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔ایک ہی جماعت کے مسلسل 16 سال سے اقتدار میں رہنے کی وجہ سے ملک کا نظام ایک شخصی آمریت میں تبدیل ہو چکا ہے، جہاں ہر مسئلے کے حل کے لیے وزیر اعظم سے ہی رجوع کیا جاتا ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو
جب جمہوریت کا فائدہ اٹھا کر کوئی عیارسیاست دان آمریت کا تاج پہن لیتا ہے تو جمہور اپنے اندر سے نئی قیادت تراش لاتی ہےاور یہی قدرت کا قانون بھی ہے
جمہور کی فطرت میں قدرت نے لچک دی ہے
اتنا ہی یہ ابھریں گے جتنا کہ دباؤ گے
٭ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ زراعت کے شعبے میں ہندوستان کا تنوع ملک کو دنیا کی غذائی تحفظ کے لئے امید کی کرن بناتا ہے۔۔۔ یو این آئی اردو
دنیا کی غذائی تحفظ کے لئے آشا کی کرن بننے سے پہلے اپنے گھر کی آشا کی کرن کی خبر لیں صاحب! جہاں 14 ذہنی معذور مکینوں کی جن میں بچے بھی شامل ہیں ناقص غذا اور آلودہ پانی کی وجہ سے موت ہوگئی ہے!
٭ مغربی بنگال اسمبلی میں حزب اختلاف اور بی جے پی لیڈر سویندو ادھیکاری کے ساتھ بی جے پی ایم ایل ایز نے سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف مغربی بنگال اسمبلی کے باہر احتجاج کیا ۔۔۔ اے این آئی
ایسے جیسے بی جے پی کی زیر حکومت ریاستوں میں سبزیوں کی قیمتیں بے حد ارزاں ہیں اور عوام چین کی بانسری بجا رہیں ہیں! لاجواب سیاست!!
٭عالمی صحت تنظیم (ڈبلیو ایچ او) کی یورپی شاخ نے کہا ہے کہ یورپ میں شدید گرمی سے سالانہ ایک لاکھ پچہتر ہزار افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔ جہاں باقی دنیا کے مقابلے میں درجہ حرارت تیزی سے بڑھ رہا ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو
تمل میں ایک کہاوت ہے، اگر نمک کھایا ہے تو پانی پینا ہی پڑے گا، جو کچھ ہو رہا ہے صنعتی ترقی کے نام پر ماحولیات میں بگاڑ پیدا کرنے کا انجام ہے اور کچھ نہیں!
٭ بہت سے لوگ بڑے پیمانے پر اندھے پن کا شکار ہیں، اس کے باوجود آنکھوں کا عطیہ کرنے والوں کی تعداد بہت کم ہے۔ جب موت کے بعد جسم کام کرنا چھوڑ دے تو معاشرے کے لیے کچھ فائدہ ضرور مہیا کرانا چاہیے۔ جیسا کہ میں چاہتا ہوں، معاشرے نے جو کچھ مجھے دیا ہے اسے واپس دینے کے لیے میں نے اپنی آنکھیں عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ دوسرے لوگ میری نظر سے فائدہ اٹھا سکیں ۔۔۔ بہار اسمبلی اسپیکر نند کشور یادو
جو نابینا ہیں آپ ان کے لئے بعد از مرگ آنکھیں عطیہ کرنے کا سجھاؤ دے رہے ہیں اور جو عقل کے اندھے ہیں ان کو کیا عطیہ کریں یہ بھی بتادیں اسپیکر جی! کیونکہ آج کل ہمارے ملک میں عقل کے اندھوں کی تعداد میں بہت تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
٭ہماری ‘پد یاترا’ صبح 8:30 بجے شروع ہوگی۔ جے ڈی (ایس) کے ریاستی صدر اور مرکزی وزیر ایچ ڈی کمارسوامی اس موقع پر موجود ہوں گے۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر بی ایس یدی یورپا، ہمارے ایم پی، ایم ایل اے، اور کیڈرز کل اس تقریب کا حصہ ہوں گے، پد یاترا کو میسور پہنچنے میں 8 دن لگیں گے، ہم میسور میں احتجاج کا اہتمام کریں گے۔۔۔ کرناٹک بی جے پی صدر بی وائی وجےندرا مودا اور ور والمیکی کارپوریشن کے مبینہ گھوٹالوں پر بی جے پی کی ‘پد یاترا’ پر
جب حزب اختلاف میں ہوں تو پدیا یاترا، رتھ یاترا اور جب سرکار میں آجائیں تو ودیشی یاترا، پتہ نہیں ان نیتاؤں کو اپنی انتم یاترا کا کبھی دھیان آتا ہے کہ نہیں؟!
٭امریکہ میں جولائی 2024 کے دوران بے روزگاری کی شرح 4.3 فی صد رہی جو گزشتہ تین برسوں کی بلند ترین سطح ہے۔ امریکہ کے لیبر ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بے روزگاری کی شرح میں اضافے کا یہ مسلسل چوتھا مہینہ ہے۔ جون میں یہ شرح 4.1 فی صد تھی۔ اس سے قبل اپریل 2023 میں گزشتہ پانچ دہائیوں کے دوران بے روزگاری کی کم ترین شرح 3.4 فی صد ریکارڈ کی گئی تھی۔ لیبر ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ بےروزگاری میں اضافے کی وجہ شرحِ سود میں اضافہ ہے جس کی وجہ سے اشیا کی طلب میں کمی آئی ہے اور نتیجتاً ملازمتوں کے کم مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
یعنی انکل سام اپنی ناجائز اولا پر دولت لٹانے کا نتیجہ بھگت رہے ہیں!
ابتدائے عشق ہے روتا ہے کیا
آگے آگے دیکھیے ہو تا ہے کیا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔