اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی
٭ دیہی ترقی کے لیے 900 کروڑ، شہری ترقی کے لیے 900 کروڑ، اور مختلف کمیونٹی مراکز کے لیے 113 کروڑ کی رقم مختص کی گئی ہے۔ ریاستی مالیاتی کمیشن نے 429 کروڑ جاری کیے ہیں۔ اس کے علاوہ، تقریباً 24 کروڑ روپے۔ ترقیاتی کاموں کے لیے آج جاری کیا گیا ہے، ہمارا وژن یہ ہے کہ ہمارے سرپنچ کے ذریعے مقامی لوگوں کے مسائل اور مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، آج ترقیاتی منصوبوں کے لیے کافی رقم مختص کی گئی ہے۔۔۔ ہریانہ کے وزیر اعلیٰ، نایاب سنگھ سینی
یوں اچانک ترقی کی باتیں !؟
کچھ پتہ تو کرو چناؤ ہے کیا
٭ کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے منی پور میں جاری تشدد کے حوالے سے وزیر اعظم نریندر مودی سے پوچھا ہے کہ جب پوری ریاست تشدد کی آگ میں جل رہی ہے تو آخر مسٹرمودی خاموش کیوں ہیں اور وہ منی پور میں امن کی بحالی کے لیے عوام سے کوئی اپیل کیوں نہیں کر رہے ہیں۔۔۔ یو این آئی اردو
کیونکہ انہیں یوکرین اور روس سے امن کی اپیل جو کرنی ہے اور اسرائیل سے بھی تو امن کی اپیل کرنی ہے ! اب بیچارا ایک اکیلا بندہ کہاں کہاں کی فکر اٹھا کر اپیلیں کرتا پھرےگا! کچھ تو سمجھا کریں!!
٭ صدارتی انتخابات سے دستبردار ہونے کے بڑھتے دباؤ کے باوجود بائیڈن پرعزم،صرف خدا ہی مجھے صدارتی دوڑ سے دستبردار ہونے کے لیے راضی کر سکتا ہے،اگر خدا خود نیچے (زمین پر) آئے اور کہے کہ اس دوڑ سے باہر ہو جاؤ تو ہی میں دوڑ سے باہر ہوں گا۔ اور خدا یہ کہنے نیچے نہیں آیا۔‘انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’مجھے نہیں لگتا کہ کوئی بھی شخص مجھ سے زیادہ صدر بننے یا جیتنے کا اہل ہے۔‘۔۔۔ بی بی سی اردو
تیرے لہجے میں ترا جہلِ دروں بولتا ہے
بات کرنا نہیں آتی ہے تو کیوں بولتا ہے
تیرا اندازِ تخاطب، ترا لہجہ، ترے لفظ
وہ جسے خوفِ خدا ہوتا ہے، یوں بولتا ہے !؟
٭ہم اس پر سرگرمی سے کام کر رہے ہیں اور آنے والے دنوں میں خصوصی ریاست کا درجہ ضرور دیا جائے گا۔ ہر کوئی خصوصی ریاست کا درجہ حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ ہم سب بہار کے چیف منسٹر اور این ڈی اے کے تمام ممبران کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، مجھے پورا یقین ہے کہ آنے والے دنوں میں ہمارے لیڈر خصوصی ریاست کا درجہ حاصل کر لیں گے۔۔۔ جے ڈی (یو) لیڈر محمد زمان خان
اتنی زیادہ خوش فہمی سیاست میں اچھی نہیں ہوتی نیتا جی! اور ویسے بھی صاحب آپ کی بات مان کر آپ کو ہیرو بننے کا موقع فراہم کر کے اپنے پیروں میں خود کلھاڑی نہیں مار لیں گے، سمجھا کریں!!
٭عدالت عظمیٰ نے مشاہدہ کیا ہے کہ (دہلی کے سی ایم) اروند کیجریوال پہلے ہی کافی حد تک قید کاٹ چکے ہیں اور اس لیے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کیس میں ان کی فوری رہائی کی ہدایت کی ہے۔ تاہم، ٹرائل کورٹ کی جانب سے انہیں ضمانت دینے کے بعد، انہیں پھر سے سی بی آئی نے ایک متعلقہ لیکن الگ کیس میں گرفتار کیا تھا۔ عدالت نے اس معاملے میں بھی کارروائی شروع کی ہے جو زیر التوا ہے اور 17 ویں ہائی کورٹ کے سامنے آرہا ہے۔ جیل سے ان کی اصل رہائی کا انحصار سی بی آئی کیس کے نتائج پر ہوگا۔۔۔ منی لانڈرنگ کیس میں دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی ضمانت پر سپریم کورٹ کے وکیل شادان فراست
یعنی مفلر انکل اب آسمان سے گرے کھجور میں اٹکے جیسی حالت میں ہیں! افسوس!!
٭ افغانستان میں طالبان حکومت نے بھارت کو پیاز کی پہلی کھیپ روانہ کر دی ہے افغانستان کی طالبان حکومت کا کہنا ہے کہ صوبہ کنڑ سے پاکستان کے راستے بھارت کو آٹھ ہزار ٹن پیاز کی برآمدات کے تحت اس کی پہلی کھیپ روانہ کردی گئی ہے۔ جو جلد ہی اپنے منزل تک پہنچ جائے گی۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو
کیا ہی اچھا ہوتا اگر پیاز کی جگہ پیار ان تینوں پڑوسیوں کو جوڑتا!!
٭دہلی بی جے پی کے سربراہ وریندرا سچدیوا کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ قومی راجدھانی میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو لے کر بی جے پی لیڈر اور کارکن دہلی حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔۔۔ اے این آئی
ایک ایسی حکومت کے خلاف احتجاج جس کے وزیر اعلیٰ کو خود انہوں نے الزام لگا کر جیل میں بند کر دیا ہو گھٹیا سیاست ہے اور ویسے بھی بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا صرف دہلی کا مسئلہ ہے؟
٭زندگی میں جیت اور ہار ہوتی رہتی ہے میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ مسز ایرانی کے ساتھ توہین آمیز زبان استعمال کرنے اور برا سلوک کرنے سے گریز کریں یہ صرف اسمرتی ایرانی کا معاملہ نہیں ہے بلکہ کسی دوسرے لیڈر کے بارے میں بھی غلط تبصرے نہیں کیے جانے چاہئے۔۔۔ کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے اپنے حامیوں پر زور دیتے ہوئے
یہ ہوتی ہے اعلیٰ ظرفی جس کی ہوا بھی صاحب اور ان کی پارٹی کے لوگوں کو چھو کر نہیں گزری ہے
جو اعلی ظرف ہوتے ہیں ہمیشہ جھک کے ملتے ہیں
صراحی سرنگوں ہو کر بھرا کرتی ہے پیمانہ
٭ افغان طالبان کی جانب سے سرحد پار پاکستان میں حملوں کے لیے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی حمایت میں اضافہ ہوا ہے، یہ دعویٰ اقوام متحدہ کی ایک نئی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
یعنی اپنے مطلب کے خاطر بندر! بلیوں کو لڑانے کے لئے پھر سے سر گرم ہوگیا ہے۔ خدا رحم کرے!!
٭بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد یادو اپنے خاندان کے ساتھ اننت امبانی-رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں شرکت کے لیے ممبئی پہنچے۔۔۔ اے این آئی
کرسی کی چاہ نے مجھے کیا کیا کیا ذلیل
میں کوچۂ رقیب میں بھی سر کے بل گیا
٭ بی جے پی کی زیرقیادت مرکزی حکومت اتنی متشدد ہو گئی ہے کہ وہ اب ‘سمودھان ہتھیا دیوس’ منائے گی۔ کیا کوئی آئین کا قتل کر سکتا ہے؟ اندرا گاندھی نے 1975 میں ایمرجنسی نافذ کی تھی اور انہیں لوگوں نے مسترد کر دیا تھا۔ تاہم، لوگوں نے بعد میں انہیں معاف کر دیا اورتین سال بعد مکمل اکثریت والی حکومت بنانے میں ان کی مدد کی۔ صرف اہم مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے بی جے پی نے یہ مسئلہ دوبارہ اٹھایا ہے۔۔۔ شیو سینا (یو بی ٹی) کے رہنما آنند دوبے
جن کے گھر شیشے کے ہوں وہ دوسروں کے گھروں پر پتھر نہیں پھینکتے صاحب! جسس دن گدی آپ کے ہاتھ سے نکلے گی اس دن آپ کا یہ کرم آپ پر بہت بھاری پڑ سکتا ہے!! سمجھا کریں!!!
٭ اسرائیل کو روک دیا جائے ورنہ جنگ پورے خطے تک پھیلے گی، صدر ایردوان کا امریکہ میں نیٹو اجلاس سے خطاب میں مغربی ممالک کو پیغام۔۔۔ ترکیہ اردو
غزہ جنگ شروع ہوئے نو ماہ ہوگئےاور یورپ کا مرد بیمار ابھی تک صرف مغربی ممالک کو پیغام ہی دے رہا ہے۔ ہائے رے نیٹو ممبر شپ کی مجبوری!!
٭ آپ کو اس میں تاریخ کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ شمال میں بی جے پی کے بڑے پیمانے پر مسترد ہونے کے بعد، انہوں نے ایک جائزہ میٹنگ کی۔ ایک اندرونی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ‘سمودھان بچاؤ’ مہم ان کے ہارنے کی سب سے بڑی وجہ تھی۔ میں پی ایم اور ان کے ساتھیوں سے گزارش کروں گا کہ وہ اپنی پارٹی کی تاریخ کے اوراق پلٹیں اور دیکھیں کہ جب بی آر امبیڈکر دستور ساز اسمبلی میں آئین کے بارے میں بات کر رہے تھے تو آر ایس ایس نے اس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘منوسمرتی’ کو آئین ہونا چاہیے۔۔۔ کرناٹک کے وزیر پرینک کھرگے
سیاست میں کچھ ماضی گندے جوہڑ کی طرح ہوتےہیں، اگر ان کو دوسروں پر کیچڑاچھالنے کے لئے کھنگالو گے تو آپ بھی گندے ہوجاؤ گے!سمجھا کرو!!
٭بات چیت مکمل طور پر خاندان اور دوستوں پر مبنی تھی، اور کچھ نہیں۔ دیدی (ممتا بنرجی) شرد پوار کو کافی عرصے سے جانتی ہیں۔ ان کے بہت اچھے خاندانی تعلقات ہیں۔ یہ ایک خاندانی دورہ تھا۔۔۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی این سی پی-ایس سی پی لیڈر شرد پوار سے ملاقات پر، پارٹی لیڈر روہت پوار
سیاست میں کوئی خاندانی تعلقات اور دوستی نہیں ہوتی، مہارشٹرا اور آندھرا کی موجودہ سیاسی صورتحال اس کی شاہد ہے۔ کوئی لاکھ کچھ کہے
یہ ملاقات بے سبب نہیں غالبؔ
کچھ تو ہے جس کی پردہ داری ہے
٭ صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ اسرائیل کو پانچ سو پاؤنڈ وزنی بموں کی ترسیل دوبارہ شروع کر رہی ہے، تاہم انتظامیہ نے دو ہزار پاؤنڈ وزنی بموں کی فراہمی اب بھی روکی ہوئی ہے۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
انکل سام جانتے ہیں آنے والے صدارتی انتخابات تک اس جنگ کو اور طول دینے کے لئے کیا کیا حکمت عملی اختیار کرنی ہے اور وہ وہیں کر رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔