Home » تلخ و ترش

تلخ و ترش

by زبان خلق
0 comment

اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی

٭ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے پارلیمنٹ میں ڈھائی گھنٹے تک تقریر کی لیکن مہنگائی کا ایک بار بھی ذکر نہیں کیا جب کہ آسمان چھوتی مہنگائی لوگوں کی مشکلات کا باعث بن رہی ہے مسٹر کھڑگے نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ مہنگائی آسمان چھو رہی ہے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں لیکن حکومت عوام کے اس مسئلہ پر توجہ نہیں دے رہی ہے اور مسٹر مودی صرف تقریریں کر رہے ہیں۔۔۔ یو این آئی اردو

مہنگائی بھلے سے آسمان چھوجائے پر ہے وہ بہت چھوٹی چیز! اس کا ذکر اور وہ بھی صاحب کی زبان پر!!؟ یہ کیسے ہوسکتا ہے؟ ان کے پاس تو بولنے کے اور بھی بہت سے مسئلے ہیں جیسے لباسوں سے پہچان، زیادہ بچے پیدا کرنے والے، گھس پیٹیے وغیرہ وغیرہ

 

٭3 جولائی سے، تین نجی سیل فون کمپنیوں، یعنی ریلائنس جیو، بھارتی ایئرٹیل، اور ووڈافون آئیڈیا نے اپنے ٹیرف میں اوسطاً 15 فیصد اضافہ کیا ہے۔ ان کمپنیوں کا 31.12.2023 تک کل 119 کروڑ صارفین میں سے 91.6%، یا 109 کروڑ سیل فون صارفین کا مارکیٹ شیئر ہے ₹34,824 کروڑ۔۔۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری، ایم پی، رندیپ سرجے والا

پتہ نہیں یہ کانگریسی آج کل اتنے نادان کیسے ہوتے جارہے ہیں، اتنی سی بات بھی نہیں سمجھتے کہ صاحب کے پاس آنے والے سمے میں گھوڑوں کا کاروبار (ہارس ٹریڈنگ) کرنے کے لئے رقم کہاں سے آئے گی!! کبھی تو بین سطور بھی بات سمجھا کرو!

 

٭برطانیہ میں لیبر پارٹی نے پارلیمانی انتخابات میں قطعی اکثریت حاصل کر لی ہے اور پارٹی کے رہنما اسٹارمر برطانیہ کے نئے وزیر اعظم ہوں گے۔ رشی سونک کی کنزرویٹیو پارٹی کو تاریخی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

ایسا کیوں ہوتا ہے کہ  دوسرے ملک کا جو بھی لیڈر ہمارے صاحب کے ساتھ بڑی گرم جوشی دکھاتا ہے وہ انتخابات ہار جاتا ہے؟؟! پتہ نہیں آگے اور کس کس کا نمبر آنے والا ہے!!

 

٭بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) پارٹی کو ایک بڑا دھچکا لگا، اس کے قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) کے چھ ارکان نصف شب کانگریس میں شامل ہوگئے۔۔۔ یو این آئی اردو

ان عقل مندوں نے ڈوبتی کشتی سے بھاگنے کے لئے کیوں نصف شب کا وقت چنا قابل غور نکتہ ہے!  سوچئیے! سنجیدگی سے سوچئیے! اگر  یہ معمہ حل کر لیا تو گویا ہندوستان کی پوری سیاست سمجھ لی آپ نے ، کیا سمجھے!

 

٭کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی ہاتھرس بھگدڑ کے متاثرین کے اہل خانہ سے ملنے علی گڑھ کے پلکھانہ گاؤں پہنچے۔۔۔ پی ٹی آئی

پارلیمنٹ میں رگڑنے کے بعد راہول گاندھی لگتا ہے صاحب کو اب کہیں بھی بخشنے کے موڈ میں نہیں ہیں! صاحب جی! ذرا سنبھل کر، ورنہ وہ ہر بال پہ چھکے لگا ئیں گے اور آپ بس نو بال کی اپیل کرتے رہ جائیں گے!!

 

٭اٹلی کے علاقے سسلی میں آتش فشاں سے چار برس خاموش رہنے کے بعد ایک بار پھر دھماکوں کے ساتھ لاوا اگلنا شروع ہو گیا ہے۔ ماؤنٹ اٹنا پر سوا تین ہزار میٹر کی بلندی پر آتش فشاں کو یورپ کا سب سے فعال آتش فشاں قرار دیا جاتا ہے۔ آتش فشاں سے دھماکوں کی آوازیں دور دور تک سنائی دے رہی ہیں۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

مغرب میں ایک آتش فشاں بھی چار برس سے زیادہ خاموش نہیں رہ سکتا اور ادھر مشرق میں  ایک قوم پورے چارسو سے زیادہ  برسوں سے خاموش ہے۔ افسوس صد افسوس!!

ٹھٹھر گیا ہے بدن سب کا برف باری سے

دہکتا کھولتا آتش فشاں تلاش کرو

 

٭نو سالہ ریسنگ سنسنیشن عتیقہ میر – فور وہیل موٹر اسپورٹس میں تیز ترین ہندوستانی لڑکی – آئرن ڈیمز نیو ینگ ٹیلنٹ انیشیٹو کے لیے شارٹ لسٹ ہونے والی واحد ایشیائی بن گئی۔۔۔ آئی اے این ایس

نہیں ہے ناامید اقبالؔ اپنی کشت ویراں سے

ذرا نم ہو تو یہ مٹی بہت زرخیز ہے ساقی

 

٭کانگریس نے کہا ہے کہ فوج میں امتیازی سلوک ہے اور مستقل فوجیوں کے مقابلے میں کم عزت اور سہولیات حاصل کرنے کے علاوہ اگنی ویروں کو بھی شہادت کی صورت میں شہید کا درجہ نہیں مل رہا ہے اور ان کے خاندان کے افراد کو نسبتاً کم رقم دی جا رہی ہے۔۔۔ یو این آئی اردو

حزب اختلاف ہونے کے ناطے حکومت کے ہر معاملے پر نکتہ چینی کرنا کانگریس کا حق ہے لیکن صاحب کی حکومت نہ ان کی نکتہ چینیوں پر پگھلے گی نہ اپنی کوئی پالیسی تبدیل کرے گی بس  یہ ڈرامہ یوں ہی چلتا رہے گا، اور اچھا منورنجن دیکھنے کو ملے گا، دیکھتے رہئیے!!

 

٭امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک انٹرویو میں صدارتی الیکشن مہم کے پہلے مباحثے میں اپنی خراب کارکردگی کا اعتراف کیا ہے۔ البتہ وائٹ ہاؤس میں یومِ آزادی کی تقریب کے دوران انہوں نے کہا کہ وہ کہیں نہیں جا رہے ۔۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

یعنی انہوں نے تہیہ کرلیا ہے کہ بھلے سے ان کی پارٹی ہار جائے اور وہ خود بھی صدر نہ بن پائیں کرسی نہیں چھوڑیں گے۔ کرسی کا نشہ ایسا ہی ہوتا ہے!!

دُشمنِ قریں ہم پر کس لیے توجہ دے

منہمِک ہیں جب ہم خود اپنی ہی تباہی میں

 

٭جب لوگ سوچتے ہیں کہ سی ایم نتیش کمار کا سیاسی کیریئر ختم ہو رہا ہے، وہ ایک نئے اوتار میں دوبارہ نمودار ہوتے ہیں ۔۔۔  جے ڈی یو کے ایگزیکٹیو قومی صدر سنجے جھا

بے شک بے شک!! اوراب کی بار تو انہوں نے  صاحب کے ایک اندھ بھگت کے اوتار میں نمودار ہو کر حد ہی کردی ہے۔

 

٭ ہاتھرس بھگدڑ کے ایک متاثرہ شخص کا کہنا ہےکہ ایمبولینس بہت دیر سے پہنچی، اور اس وقت کوئی انتظامات نہیں تھے۔ حکومت نے دو لاکھ روپے کا چیک دیا ہے۔ اگر بابا کے پاس طاقت ہوتی تو یہ واقعہ پیش نہ آتا اور اب وہ اس واقعے کے بعد غائب ہو گئے ۔۔۔ آئی اے این ایس

اس حادثے کا اصلی کارن اپنے مطلب کے لئے ضعیف العتقادی کو بڑھاوا دینے کی سیاست اور مذہب کے نام پر اندھ بھگتی کو عام کرنا ہے۔ کاش عوام یہ بات جان لیتی تو ایسے حادثات کبھی نہ ہوتے۔

 

٭ غزہ کے بحران میں امریکہ بھی ملوث ،امریکہ کے ایک درجن کے قریب سابق اعلیٰ حکومتی اہلکاروں نے واشنگٹن میں جو بائیڈن انتظامیہ پر الزام لگایا ہے کہ غزہ پٹی کے بحران اور وہاں فلسطینی شہریوں کی ہلاکتوں میں امریکہ بھی ’’ناقابل تردید طور پر ملوث‘‘ ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

یعنی انکل سام کے اندرون خانہ میں اب ضمیر جاگنے لگا ہے، اور ایسا لگ رہا ہے جیسے’جن پہ تکیہ تھا وہی پتے ہوا دینے لگے’ ، والا معاملہ  ہوگیا ہے۔

 

٭ عام آدمی پارٹی نے کہا ہے کہ اگرچہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) آلودگی کے معاملے پر شدید سیاست کرتی ہے، لیکن اس نے چھتر پور علاقے میں 1100 درختوں کی غیر قانونی کٹائی کے معاملے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔۔۔ عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر جیسمین شاہ

کیونکہ وہ جانتی ہے کہ خاموشی ہزار بلاؤں کو ٹالتی ہے خاص کر اس وقت جب ستارے گردش میں ہوں اور ہر ایرا غیرا نتھو خیرا سوال کرنے لگ جائے!

 

٭جب سے نتیش کمار بہار کے وزیر اعلیٰ بنے ہیں، تب سے دیہی ترقی کی وزارت زیادہ تر وقت جے ڈی (یو) کے پاس رہی ہے۔ گرنے والے زیادہ تر پل اسی کے دور حکومت میں بنائے گئے تھے۔ پل ٹوٹ رہے ہیں، پیپرز لیک ہو رہے ہیں، کرپشن اور جرائم ہو رہے ہیں۔ یہ آپ کے لیے ڈبل انجن والی حکومت ہے۔۔۔ آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو

ڈبل انجن کامطلب ہے تیز رفتاری، تیز رفتاری میں ایسے چھوٹے موٹے حادثات تو ہوتے رہتے ہیں، اس پر اتنا زیادہ شور مچانے کی ضرورت کیا ہے یادو جی!

 

٭ جاپان میں دہائیوں بعد نئے کرنسی نوٹوں کا اجراء۔ جاپان نے نئے نوٹوں میں جعل سازی کو روکنے کے لیے دنیا میں پہلی مرتبہ تھری ڈی ہولوگرافک ٹیکنالوجی کا استعمال کیا ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

ہمارے یہاں تو ایک دہائی میں پرانے بند کر کے جعل سازی کو روکنے کے نام پر دو دو بار نئے کرنسی جاری بھی کئے جاچکے ہیں۔ جاپان والوں کو چاہئے تھا کہ وہ اس سلسلے میں صاحب سے صلح لے لیتے تو انہیں تھری ڈی ہولوگرافک ٹیکنالوجی کی ضرورت ہی نہیں پڑتی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

You may also like

Leave a Comment