Home » تلخ و ترش

تلخ و ترش

by زبان خلق
0 comment

اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی

٭ جب صحافی نفرت اور جھوٹ پھیلانے والا، ماب لنچنگ پر اکسانے والا، حکومت کی خوشامد کرنے والا بن جائے تو وہ جمہوریت کو مارنے کا آلہ بن جاتا ہے۔ جب سیکڑوں نیوز چینل وہی بات دہراتے ہیں تو وہ جمہوریت کو مارنے کا ہتھیار بن جاتے ہیں۔ زیادہ تر ہندوستانی مین اسٹریم میڈیا جمہوریت اور انسانیت کی توہین ہیں۔ جب بھی موقع ملے حقیقی صحافت کا ساتھ دیں، اچھی جمہوریت ملے گی۔۔۔ رویش کمار لاس اینجلس میں ‘جب ہم نے دیکھا’ کے پیباڈی ایوارڈ قبول کرتے ہوئے

موذن مرحبا بر وقت بولا

تری آواز مکے اور مدینے

 

٭ دہلی کی آبی وزیر آتشی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ہریانوی حکومت کی دہلی والوں کے پانی کے حقوق چھیننے کے معاملے پر غیر معینہ مدت کا ‘پانی ستیہ گرہ’ شروع کیا۔۔۔ یو این آئی اردو

شرم سے پانی پانی ہوجانے کامقام ہے۔ دو سیاسی پارٹیوں کی انا کی لڑائی میں عوام پس رہی ہے۔ افسوس صد افسوس

 

٭امریکی اراکین کانگریس کے ایک گروپ نے بھارت میں تبتیوں کے روحانی پیشوا دلائی لامہ سے ملاقات کی۔ چین نے اس ملاقات پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے واشنگٹن کو متنبہ کیا کہ وہ دنیا کو غلط اشارے بھیجنا بند کرے ۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

انکل سام نے اپنے اس عمل کے ذریعے دیوار پر جو لکھنا تھا وہ لکھ دیا اور ڈراگن نے اسے پڑھ بھی لیا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ڈراگن اس کے جواب میں کب کہاں اور کیسے پھنکارتا ہے!!

 

٭سری نگر کشمیر میں وزیر اعظم نریندر مودی نے 10ویں بین الاقوامی یوگا دن کے موقع پر منعقدہ اہم یوگا پروگرام کی قیادت کی اور یوگا مشق کے فوائد کا ذکر کیا اور لوگوں سے یوگا کو روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنانے کی اپیل کی، شیر کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس ہال میں منعقدہ اس پروگرام میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔۔۔ یو این آئی اردو

صاحب بے شک یوگا کا شمار حفظان صحت کے عوامل میں ہوتا ہے اور یہ ہندوستانی تہذیب و ثقافت کابھی اہم حصہ ہے لیکن آپ کی حکومت کے زیر سایہ تو  بقول شاعر

اس آئے روز کی یوگا کا فائدہ بیدلؔ؟

یہ عمر جتنی بڑھے گی، عذاب ٹھہرے گی

 

٭ الیکشن کمیشن نے ہریانہ، جھارکھنڈ، مہاراشٹر اور مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کی تیاریوں کا عمل 25 جون سے شروع کرنے کا اعلان کیا، جس کے تحت ووٹر لسٹوں کو اپ ڈیٹ کرنے کا کام یکم جولائی سے شروع کیا جائے گا ۔۔۔ یو این آئی اردو

یعنی پھر سے غریب عوام کو مستقبل کے خواب دکھا کر ٹھگنے کا عمل شروع ہوا چاہتا ہے۔ بقول منور رانا

جس میں صدیوں سے غریبوں کا لہو جلتا ہو

وہ دیا روشنی کیا دے گا سیاہی دے گا

 

٭ حج کے دوران شدید گرمی، بدانتظامی کی شکایات، غیر رجسٹرڈ حجاج اور دیگر وجوہات کے باعث رواں سال میں حج کے دوران سینکڑوں کی تعداد میں اموات ہوئیں، سات کلومیٹر طویل راستے پر پانی تھا نہ کوئی سایہ۔۔۔ بی بی سی اردو

اب دیکھنا کچھ بھگت قسم کے لوگ  اسے تقدیر کہہ کر صبر کی تلقین کرتے نظر آئیں گے حالانکے یہ سراسر  بد انتظامی کی وجہ سے وقوع پذیر ہوئے حالات ہیں۔ سچ ہے مسلمانوں کا اب اللہ ہی حافظ ہے! بس!!

 

٭ انڈیا اتحاد نے بہوجن سماج پارٹی کی وجہ سے (یوپی میں) 16 سیٹیں گنوا دیں۔ بی جے پی کی بی ٹیم کے طور پر کام کرنے کے نتیجے میں بی ایس پی نے اپنی بنیاد ہی کھو دی۔ میں حیران ہوں کہ کس طرح بہن جی نے  اس تحریک کو ہی ختم کر دیا جس کے لیے پارٹی (بی ایس پی) بنائی گئی تھی ۔۔۔۔ ممبر آف پارلیمنٹ، کانگریس لیڈر عمران مسعود

دولت اور ڈر دو ایسی چیزیں ہیں جو اچھے اچھوں کا خمار اتار کر انہیں کٹھ پتلی بناسکتی ہیں اس بات کو سمجھنے کے لئے یہ منظر نامہ کافی ہے۔ سمجھنے والوں کے لئے اس میں بہت ساری نشانیاں ہیں!!

 

٭بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے پٹنہ میں آم کا تہوار (مینگو فیسٹیول) 2024 کا افتتاح کیا۔۔۔ آئی اے این ایس

بیچارے نتیش جی! جو کبھی خاص ہوا کرتے تھے اور خاص خاص موسموں میں نظر آتے تھے  وہ اب  آم تہواروں کی افتتاح کی جانب دکھیل دئے گئے ہیں، ہائے افسوس! بلندی سے پستی کا سفر مبارک ہو نیتا جی!!

 

٭امریکہ میں نیوز ویب سائٹس پر نظر رکھنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ ملک میں جعلی نیوز ویب سائٹس کی تعداد اصل مقامی نیوز ویب سائٹس سے بڑھ گئیں ہیں اور اس کے پیچھے روس کا ہاتھ ہے۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

سائبیریا کا ریچھ سچ میں طاقتور ہی نہیں عقلمند بھی نکلا جو دشمن کے کچھار میں گھس کر کب سے شب خون مارتا آرہا ہے اور انکل سام کو اب اس کی خبر مل رہی  ہے۔

 

٭امراوتی، آندھرا پردیش: کسی بھی قانونی طریقہ کار پر عمل کیے بغیر، بلڈوزر نے وائی ایس آر سی پی کے دفتر کو اکھاڑ پھینکا، یہ ٹی ڈی پی کی خالص انتقامی سیاست ہے۔۔۔ وائی ایس آر سی پی لیڈر روی چندر ریڈی

جو بویا ہے اسے تو کاٹنا ہی پڑے گا نا ریڈی جی!! ابھی تو شروعات ہے یہ انتقامی سیاست اتنی جلدی ختم ہونے والی نہیں ! بس دیکھتے رہئیے!!

 

٭ "ہمیں زراعت کو آگے لے جانا ہے اور کسانوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔ وزیر اعظم کا ویژن ہمارا مشن ہے۔ جس دن سے میں وزیر زراعت بنا ہوں، میں دن رات سوچتا رہتا ہوں کہ اسے کیسے بہتر کیا جائے ۔۔۔ زراعت اور کسانوں کی بہبود کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان

ماماجی! ذرا سنبھل کر عوام خوب جانتی ہے کہ آپ کتنے کسان دوست ہیں!

اتنی بڑھا پاکی ء داماں کی حکایت

دامن کو ذرا دیکھ ذرا بند قبا دیکھ

 

٭صدر جو بائیڈن نے امریکہ میں غیر قانونی طور پر مقیم لگ بھگ ان پانچ لاکھ تارکین وطن کے لیے شہریت کا ایک راستہ کھولنے کا اعلان کیا ہے جو کسی امریکی شہری کےشریک حیات ہوں۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

ایک طرف انکل سام ہیں جو شریک حیات کے نام پر شہریت دینے کو تیار ہیں اور ایک طرف ہمارے  شیخ جی ہیں جو شہریت تو دور شریک حیات ساتھ رکھنے پر الٹا ٹیکس لگا دیتے ہیں۔ بقول شاعر مشرق، کیا زمانے میں پَنپنے کی یہی باتیں ہیں

 

٭ دہلی پانی کا بحران، بی جے پی لیڈر رمیش بدھوری نے جل بورڈ فلنگ پمپ، اوکھلا پر احتجاج کی قیادت کی، پولیس نے مظاہرین پر واٹر کینن کا استعمال کیا۔۔۔ پی ٹی آئی

ستم ضریفی کی حد ہوگئی، پانی کے لئےاحتجاج کرنے والوں کو پانی پھینک کر منتشر کرنا !!!

وہ دھوپ تھی کہ زمیں جل کے راکھ ہو جاتی

برس کے اب کے بڑا کام کر گیا پانی

٭ وہ (بی جے پی) کہتے ہیں کہ 70 سال (کانگریس کے دور حکومت میں) کچھ نہیں ہوا۔ کم از کم پیپرز کبھی لیک نہیں ہوئے۔ جب سے وہ اقتدار میں آئے ہیں کوئی بھی امتحان محفوظ نہیں ہے ۔۔۔ نیٹ  اور یو جی سی-نٹ امتحانات کے سوالنامے لیک ہونے پر آر جے ڈی رہنما منوج جھا

جب انسان ہی محفوظ نہیں ہیں تو امتحانات کہاں محفوظ رہتے نیتا جی! پیپر لیک در حقیقیت نوجوانوں میں مایوسی پھیلا کر ان سے لابھ اٹھانے کی ایک چال ہے، سمجھا کریں!!

 

٭پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے سوات علاقے میں قرآن کی توہین کے الزام میں مشتعل ہجوم نے ایک شخص کو تھانے سے نکال کر زندہ جلا دیا۔ پاکستان میں توہین اسلام اور اہانت قرآن کے نام پر پرتشدد واقعات کے سلسلے کی یہ تازہ کڑی ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

چند نا عاقبت اندیش سیاستدانوں نے اقتدار کی ہوس میں جس مذہبی شدت پسندی کو ہوا دی ہے یہ اسی کا نتیجہ ہے۔ اگر اس کو ایسے ہی چھوڑ دیا گیا تو  ایک دن یہ پورے علاقے پر بدترین تباہی لاسکتا ہے۔ اللہ رحم کرے!

You may also like

Leave a Comment