اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی
٭ وزیر اعظم نریندر مودی نے متفقہ طور پر قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کا لیڈر منتخب ہونے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈروں ایل کے اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی سے ملاقات کرکے ان کا آشیرواد لیا۔۔۔ یو این آئی اردو
صاحب کی ستم ظریفی دیکھئیے کہ رسمِ دنیا بھی ایسے نبھائی کہ لوگوں کو ان کی ستم گری میں بھی وفا شعاری کی جھلک نظر آئی ہے۔
کہاں ملے گی بھلا اس ستم گری کی مثال
ترس بھی کھاتا ہے مجھ پر تباہ کر کے مجھے
٭ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ انتخابی نتائج سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کے اسٹاک مارکیٹ کے بارے میں کئے گئے تبصروں کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ میں 30 لاکھ کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے اور یہ اسٹاک مارکیٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا گھپلہ ہے، اس لیے اس کی تحقیقات مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) سے کرائی جائے۔۔۔ یو این آئی اردو
راہل بابا! ابھی محفل جمی ہی نہیں! ابھی سے آپ نے چلانا شروع کردیا! اب کی بار ذرا سنبھل کر کھیلئیے! ورنہ پہلے ہی روانڈ میں مات کھاجاؤ گے۔
٭ ہماری توجہ تنازع کے پائیدار خاتمے پر مرکوز ہے جس سے تمام یرغمالی واپس آئیں، اسرائیل کی سلامتی کی ضمانت ملے، غزہ میں حماس کے اقتدار کے بغیر نیا دور شروع ہو اور ایسے سیاسی تصفیے کی راہ ہموار ہو جس سے اسرائیلیوں اور فلسطینیوں دونوں کو بہتر مستقبل میسر آئے۔۔۔ امریکی وزارت خارجہ
انکل سام کا یہ بیانیہ کھلی منافقت پر مبنی ہے۔ اگر وہ اس پر سنجیدہ ہوتے تو یہ مسئلہ کبھی کا حل ہوگیا ہوتا۔ دیکھتے ہیں وہ اپنی ان چکنی چپڑی باتوں سے دنیا کو کب تک الو بنائے رکھتے ہیں!
٭مسلم کمیونٹی جو ہماری بہوجن سماج پارٹی خاندان کا ایک اہم حصہ ہے، گزشتہ انتخابات اور اس بار پارلیمانی انتخابات میں مناسب نمائندگی دینے کے باوجود پارٹی کو صحیح طریقے سے نہیں سمجھ پا رہی ہے۔ لہذا، ایسی صورت حال میں، پارٹی انہیں بہت سوچ بچار کے بعد ہی مستقبل کے انتخابات میں موقع دے گی تاکہ ہماری پارٹی کو اس بار کی طرح مستقبل میں بہت بڑا نقصان نہ پہنچے۔۔۔ بی ایس پی رہنما مایاوتی لوک سبھا الیکشن میں شکست کے بعد
بہن جی! سچ پوچھیں تو مسلمانوں نے اس بار ہی آپ کے اصل کھیل کو سمجھا ہے! اپنی ہار کا ٹھیکرا مسلمانوں کے سر پر پھوڑنے کے بجائے اصل سبب ڈھونڈئیے! ورنہ آپ کی پارٹی کو تاریخ کا حصہ بننے میں دیر نہیں لگے گی!!
٭مہاراشٹر میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) (اجیت گروپ) کے کم از کم دس سے پندرہ ایم ایل ایز این سی پی (شرد گروپ ) کے سربراہ شرد پوار کے رابطے میں ہیں اور کبھی بھی نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کا ساتھ چھوڑ سکتے ہیں۔۔۔ یو این آئی اردو
یعنی ہار کی ایک ہی تھپڑ سے گھبرا کر صبح کے بھولے شام کو گھر واپس آنا چاہ رہے ہیں
ابھی ہیں گھونسلے باقی
پرندے لوٹ آئیں گے
ذرا آندھی کو تھمنے دو
چمن سرسبز ہونے دو
٭ دولت سے متعلق عالمی ادارہ ‘ورلڈ ویلتھ’ کی تازہ رپورٹ کے مطابق فی الوقت دنیا میں جتنے امیر لوگ ہیں، اس سے پہلے کبھی نہیں تھے۔ یہ لوگ پہلے سے کہیں زیادہ امیر ہیں اور ایسا شیئر بازار میں سرمایہ کاری کے سبب ہوا ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو
سرمایہ دارانہ نظام کا یہ وہ چہرا ہے جو بظاہر خوشنما لگ رہا ہے لیکن جب اس کا اصل روپ اجاگر ہوگا تو اس وقت رونے کے لئے انسانوں کو آنسو بھی خریدنے پڑیں گے۔ کاش دنیا ابھی سے سنبھل جائے!!
٭ بہار کے تمام زیر التواء کام کئے جائیں گے۔ یہ بہت اچھی بات ہے کہ ہم سب ایک ساتھ آئے ہیں اور ہم سب آپ کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ (پی ایم مودی) آپ اتوار کو وزیر اعظم کے طور پر حلف لیں گے، لیکن میں چاہتا تھا کہ آپ آج ہی حلف لیں، ہم آپ کے ساتھ ہوں گے، آپ کی قیادت میں ہم سب مل کر کام کریں گے۔۔۔ این ڈی اے پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ میں، بہار کے وزیر اعلی – جے ڈی (یو) کے سربراہ نتیش کمار
آج کی تاریخ کا سب سے بڑا لطیفہ! دیکھا گیا کہ نتیش جی کے اس لطیفے پر صاحب کے ساتھ وہاں موجود سب سیانے بھی قہقہے لگا نے لگے تھے!لیکن نتیش جی کے دل کا حال کون جانے کچھ یوں ہو
قہقہہ کس نے لگایا میرے حال زار پر
کس کو زیر دام میری بے بسی اچھی لگی
٭اگر میں این ڈی اے اور ہندوستان کے لوگوں کی خواہشات اور عزم کو ایک طرف رکھتا ہوں، تو میں کہوں گا، این ڈی اے کا مطلب : نیا ہندوستان ، ڈیولپڈ ہندوستان، ایسپیریشنل ہندوستان ہے۔۔۔ وزیر اعظم نریندر مودی
لیکن صاحب! کانگریسی نیتا پون کھیڑا تو کہہ رہے ہیں این ڈی اے کا مطلب نائیڈو ڈیپنڈنٹ الائنس یا نتیش ڈیپنڈنٹ الائنس ہے، کیا سچ میں ایسا ہی ہے!!
٭امریکی میڈیا ٹائیکون روپرٹ مرڈوک نے 93 سال کی عمر میں روسی نژاد 67 سالہ مائیکروبائیولوجسٹ ایلینا زوکووا سے کیلفورنیا میں شادی کرلی۔ ایلینا سے مرڈوک کی ملاقات ان کی ایک سابق بیوی کی طرف سے منعقدہ پارٹی میں ہوئی تھی۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو
مغرب میں عشق اندھا نہیں ہوتا وہ جانتا ہے کہ اسے کب کہاں کس پر آنا ہے!
بیویاں مرتی گئیں میں شادیاں کرتا رہا
مشکلیں مجھ پر پڑیں اتنی کہ آساں ہو گئیں
٭ نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو ویسے تو لوک سبھا کی کئی اہم نشستوں پر شکست ہوئی ہےلیکن سب سے چونکا دینے والی شکست ایودھیا میں ہوئی ہے جہاں انہوں نے بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کا اپنا وعدہ پورا کیا تھا ،انہیں امید تھی کہ وہ یہاں سے بھاری اکثریت سے جیتیں گے۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
نشہ چاہے کسی کا بھی ہو آخر اتر کر ہی رہتا ہے! اور اس کے بعد آدمی کو بھوک اور سایے کی ضرورت ستاتی، اس شکست کے پیچھے بس یہی کہانی ہے اور کچھ نہیں! کیا سمجھے!!
٭ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا ہے کہ میڈیکل کے داخلہ امتحان کا پرچہ لیک ہوا ہے اور امتحان کے نتائج میں بڑی دھاندلی ہوئی ہے جس کی وجہ سے لاتعداد بچوں کا مستقبل خطرے میں پڑگیا ہے اس لیے اس معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیے مسٹرکھڑگے نے کہا، ‘ پیپر لیک، دھاندلی اور بدعنوانی نیٹ سمیت کئی امتحانات کا لازمی حصہ بن چکے ہیں۔۔۔ یو این آئی اردو
اگلے پانچ سالوں میں ایسے بہت سارے لیک ہوتے رہیں گے، عوام کو الجھائے رکھنے کے لئے ایسا کرنا پڑتا ہے، سمھجھا کریں کھڑگے جی! یہ کیا کہ ذرا ذرا سی بات پر تحقیقات تحقیقات کا شور!!
٭ پاکستان میں ہر سال لگ بھگ پانچ لاکھ سے زائد افراد ٹی بی کا شکار ہوتے ہیں جن میں سے 33 ہزار سے زیاد کا تعلق بلوچستان سے ہوتا ہے۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
جس ملک کا مقتدر طبقہ ہمیشہ کرسی اور عہدے کے چکروں میں پڑا رہے، وہاں پانچ لاکھ سے ذیادہ افراد بھی اگر اس موذی مرض کا شکار ہوں تو اس میں حیرت کی کوئی بات نہیں! خدا رحم کرے!!
٭پرانی پارلیمنٹ میں این ڈی اے پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی نے آئین کو خراج عقیدت پیش کیا۔۔۔ آئی اے این ایس
لگتا ہے راہل بابا کا تیر نشانے پہ لگا ہے۔ صاحب کو اب بظاہر ہی سہی اٹھتے بیٹھتے آئین کو خراج عقیدت پیش کرتے رہنا پڑیگا ۔ راہل بابا ہار کر بھی جیت گئے اور صاحب جیت کر بھی ہار گئے، افسوس!!
٭وزیر اعظم نریندر مودی نے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی پارلیمانی پارٹی کا لیڈر منتخب ہونے پر اتحاد کے قائدین سے اظہار تشکر کیا اور یقین دلایا کہ وہ نئی ذمہ داری کو پورا کریں گے اور نئی حکومت کی انہیں جو ذمہ داری سونپی گئی ہے، پہلے سے زیادہ تیزی سے ملک کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔۔۔ یو این آئی اردو
ترے وعدے پر جیے ہم تو یہ جان جھوٹ جانا
کہ خوشی سے مر نہ جاتے اگر اعتبار ہوتا
٭ افغانستان کے ایک سینئر طالبان رہنما اور طالبان حکومت کے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے، جو دہشت گردی کے لیے امریکہ کو مطلوب ہیں،متحدہ عرب امارات کا اپنا دورہ مکمل کر لیا ہے، جہاں انہوں نے میزبان ملک کی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
کہاں دہشت گردی کے لئے مطلوب، کہاں سرکاری مہمان کا درجہ، سب زمانے کی نیرنگی ہے
زمینِ چمن گل کھلاتی ہے کیا کیا
بدلتا ہے رنگ آسماں کیسے کیسے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔