Home » تلخ و تُرش

تلخ و تُرش

by زبان خلق
0 comment

اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی

٭راجستھان میں پانی کے بحران کی وجہ سے لوگ مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں۔ خواتین 125 فٹ گہرے کنوؤں سے پانی بھر رہی ہیں۔ 32 سال بعد تالاب خشک ہونے سے گاؤں کے لوگ پانی کے لیے کنوؤں کا رخ کر رہے ہیں۔ دیگرائی، اوران،  کے علاقے میں 35 میں سے تقریباً 32 تالاب سوکھ چکے ہیں۔ نتیجتاً گاؤں والوں نے گہرے کنوؤں سے پانی لانے کا سہارا لیا ہے ۔۔۔ آئی اے این ایس

ڈبل انجن سرکار ہونے کے باوجود اتنا بڑا  بحران! لیکن حیرت ہے، کہیں کوئی واویلا نہیں!! شاید عوام کی بھگتی انتہا پر ہےاور وہ جان گئے ہیں کہ وشوا گرو بننے کے راستے میں یہ اور اس جیسی پریشانیاں کوئی معنی نہیں رکھتیں۔

 

٭لوک سبھا انتخابات کے آخری مرحلے کے مہم ختم ہونے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی تمل ناڈو کے کنیا کماری پہنچے اور سمندر کے ساحل پر دیوی کنیا کماری کے لیے وقف "108 شکتی پیٹھوں” میں سے ایک تاریخی سری بھگوتی امن مندر میں پوجا کی اورویکانند راک میموریل میں مراقبہ شروع  کیا ، جہاں سوامی وویکانند نے مراقبہ کیا تھا۔ وہ یکم جون تک یہاں مراقبہ کریں گے۔۔۔۔ یو این آئی اردو

سوامی وویکانند جی نے مراقبہ گیان اور بھگوان کا قرب حاصل کرنے کے لئے کیا تھا پر صاحب! آپ  کا یہ مراقبہ تو کچھ اور داستان سنا رہا ہے

آپ ہی اپنی اداؤں پہ ذرا غور کریں

ہم اگر عرض کریں گے تو شکایت ہوگی

 

٭سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نیویارک میں 12 رکنی جیوری نے ’ہش منی‘ کیس میں قصوروار قرار دے دیا۔ ٹرمپ  پرالزام تھا کہ انہوں نے ایک وقت میں اپنے سیاسی فکس، مائیکل کوہن کو 2016 کے انتخابات سے پہلے، پورن اسٹار اسٹورمی ڈینیئلز کو ایک  لاکھ تیس ہزار ڈالر ادا کرنے کے لیے کہا تھا تاکہ ڈینیئلز کو انکے اس دعویٰ  پر خاموش کیا جاسکے کہ ان کا ٹرمپ کے ساتھ ایک رات کا جنسی تعلق قائم ہوا تھا۔ ٹرمپ امریکہ میں 250 سالہ تاریخ کے پہلے ایسے سابق امریکی صدر بن گئے جو جرم کے مرتکب پائے گئے ہیں ۔۔۔  وائس آف امریکہ اردو

ہائے ہائے!! بیچارے ٹرمپ! بالآخر عدلیہ  نے زور کا جھٹکا دھیرے سے دے ہی دیا!!

وہ تو جاں لے کے بھی ویسا ہی سبک نام رہا

عشق کے باب میں سب جرم ہمارے نکلے

 

٭کرناٹک پولیس کی خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) نے ہاسن کے رکن پارلیمنٹ پرجول ریوانا کو میونخ سے بنگلور کے کیمپے گوڑا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچنے کے فوراً بعد حراست میں لے لیا تینتیس سالہ پرجوال ریوانا پر جنسی استحصال کے متعدد الزامات عائد ہیں۔۔۔ یو این آئی اردو

کچھ نہیں ہوگا، کچھ بھی نہیں ہوگا، حکومت چاہے کسی کی بھی بنے چند دنوں میں ضمانت ہوجائے گی اور کچھ ہی مہینوں میں سب ٹائیں ٹائیں فش ہوجائےگا۔

 

٭ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے ووٹنگ کے آخری مرحلے سے دو دن قبل پنجاب کے ووٹروں کو خط لکھ کر بی جے پی کو ووٹ نہ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت نے پنجاب، پنجابیت اور اس کے لوگوں کی توہین کی ہے۔۔۔ یو این آئی اردو

شکر خدا، من موہن سنگھ جی کچھ بولے تو! ایک طرف یہ ہیں اور ایک طرف صاحب! جو من کی بات کے نام پر بھی اتنا بول جاتے ہیں کہ بس اب کیا بتائیں! بھگوان کو یاد کرنا پڑتا ہے۔

 

٭ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر کریش میں موت کو 10 سے زیادہ دن ہوچکے ہیں۔ لیکن حکام اب تک ایسے کتنے ہی اہم سوالوں کے جواب نہیں دے پائے ہیں کہ گہری دھند میں اڑنے والے تین ہیلی کاپٹرز میں سے ایک ہی کیوں کریش ہوا؟۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

دیکھنا یہ جواب کبھی بھی نہیں دے پائیں گے! کیونکہ یہاں معاملہ کچھ یوں ہے کہ

دیکھا جو کھا کے تیر کمیں گاہ کی طرف

اپنے ہی دوستوں سے ملاقات ہو گئی

 

٭کیا ہمیں اس ملک میں یہ بحث نہیں کرنی چاہیے کہ ہم ایسی زبان اور ایسی رسم الخط استعمال کرتے ہیں جو ملک کو متحد کر دے۔ لیکن یہاں زبان کی بنیاد پر ریاستوں کی تنظیم نو کی گئی اور یہی سب سے بڑی غلطی تھی۔ زبان کی بنیاد پر ریاستوں کی تشکیل نے مشرق، مغرب، شمال اور جنوب میں تقسیم پیدا کر دی ہے۔۔۔ ہماچل پردیش کے گورنر شیو پرتاپ شکلا

بے شک بے شک!! بحث بھی ہونی چاہئیے اور غلطی کو سدھارنا بھی چاہئیے!! لیکن اس بلی کے گلے میں گھنٹی باندھنے کی ہمت کرے گا کون؟

 

٭ پانی کے بحران کی وجہ سے دہلی کے کئی علاقوں میں لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ عوام کو ٹینکروں کے ذریعے پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔۔۔ اےاین آئی

جہاں کا وزیر اعلٰی جیل سے حکومت چلائے اور وزیر اعظم مراقبہ میں چلا جائے وہاں پانی کا بحران ہی نہیں ہوا کا بحران بھی شروع ہوسکتا ہے! سمجھے!

 

٭ اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ ‘اکنا’ کا سالانہ کنونشن ، 30ہزار سے زائد مسلمانوں کی شرکت ۔۔۔ نامور مسلم مبلغین ، اسکالرز اور نومسلمز کے خطابات، کنونشن اسلام اور اہلِ فلسطین کی توانا آواز بن گیا ۔۔۔ ترکیہ اردو

ہے عیاں یورشِ تاتار کے افسانے سے

پاسباں مِل گئے کعبے کو صنَم خانے سے

 

٭ گزشتہ 77 دنوں میں ہم نے الیکشن کمیشن میں 117 شکایات جمع کرائیں۔ یہ 117 شکایات ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ، عوامی نمائندگی ایکٹ اور سپریم کورٹ کے متعدد فیصلوں کی خلاف ورزی ہیں۔ ان میں سے 14 شکایات موجودہ وزیر اعظم کے خلاف، 8 یوپی کے وزیر اعلیٰ کے خلاف، 3 موجودہ وزیر داخلہ کے خلاف، اور بی جے پی صدر جے پی نڈا کے خلاف بھی شکایات درج کرائی گئی ہیں۔ ان میں سے بہت سی شکایتوں پر ابھی تک سنوائی نہیں ہوئی ہے ۔۔۔ کانگریس لیڈر جے رام رمیش

حزب اختلاف کی شکایتوں کو نظر انداز کرنے کا سبق الیکشن کمیشن کو آپ کی پارٹی ہی نے دیا تھا نیتا جی!! آپ نے جو بویا وہ آج کاٹ رہے ہیں تو دکھ کاہے کا!

 

٭ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کانگریس پر الزام لگایا کہ وہ ہندوستان کی ترقی اور نمو کے لئے ترقی پسند قدم اٹھانے سے ہمیشہ کتراتی ہے اور صرف رجعت پسند پالیسیوں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے اور کہا کہ سال 2016 میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے ملک میں ترقی کی راہ ہموار کی ہے۔۔۔ یو این آئی اردو

اگر بنے بنائے کو اچھے داموں میں بیچنے کا نام ترقی ہے تو بے شک یہ 2016 کے بعد ہی ممکن ہو پایا ہے۔ محترمہ سچ کہتی ہیں سمجھا کریں!

 

٭دنیا کے وہ دو ملک جہاں مسلسل کوششوں کے باوجود پولیو کی بیماری کا مکمل خاتمہ نہیں ہو سکا، پاکستان اور افغانستان ہیں۔ یہاں پولیو ایک مرتبہ پھر ایک بڑے خطرے کے طور پر سر اٹھا رہا ہے جس سے عالمی تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

جہاں سے تیرہ، چودہ سو سالوں کی مسلسل کوشش کے باوجود جہالت، جاہلیت اور ضعیف العتقادی کا مکمل خاتمہ نہیں ہوسکا وہاں پولیو کی بیماری ختم نہ ہونے کی شکایت تو بہت معمولی بات ہے، سمجھا کریں!

 

٭پرسوں، میں تہاڑ جیل واپس چلا جاؤں گا۔ مجھے نہیں معلوم کہ اس بار یہ لوگ مجھے کب تک اندر رکھیں گے،آج میں آپ سے اپنے گھر والوں کے لیے کچھ مانگنا چاہتا ہوں۔ میرے والدین بہت بوڑھے ہیں۔ میری والدہ بہت بیمار ہیں۔ مجھے جیل میں ان کی بہت فکر رہے گی۔ میرے بعد میرے والدین کا خیال رکھئے گا۔۔۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال

مفلر انکل آج جب آپ پر افتاد آئی  ہےتو یہ سب ڈرامہ بازی ہورہی ہے۔ ان کا کیا جو کئی سالوں سے جیلوں میں بند ہیں اور آپ نے کبھی ان کی حمایت میں ایک لفظ نہیں کہا۔ کبھی سوچا ان کے والدین پر کیا گذررہی ہوگی۔ سچ کہا تھا راحت اندوری نے

لگے گی آگ تو آئیں گے گھر کئی زد میں

یہاں پہ صرف ہمارا مکان تھوڑی ہے

 

٭ ہمیں ہر جگہ سے جو خبریں مل رہی ہیں، اس سے صاف ہے کہ بی جے پی جیسا دعویٰ کر رہی تھی کہ وہ چار سو پار ہوگی ایسا نہیں ہوگا۔ کانگریس پارٹی اور انڈیا کا اتحاد اس بار بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا ۔۔۔  کانگریس لیڈر ڈگ وجئے سنگھ

شکست و فتح میاں اتفاق ہے لیکن

مقابلہ تو دل ناتواں نے خوب کیا

 

٭پاکستان مسلم لیگ نون کی صدارت دوبارہ میاں محمد نواز شریف کو سونپ دی گئی ہے۔ ان کے چھوٹے بھائی شہباز شریف پاکستان کے وزیراعظم، سمدھی اسحاق ڈار ڈپٹی وزیر اعظم اور بیٹی مریم نواز  سب سے بڑے صوبہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ ہیں۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

یعنی نام نہاد سلطنت خداداد کی حکومت سمٹ کر شریف خانداں کی حویلی میں جمع ہوگئی ہے۔ اچھا ہے! اس بہانے کم از کم نام سے ہی سہی وہاں کے حکمران، شریف تو کہلائیں گے!!

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

You may also like

Leave a Comment