Home » تلخ و تُرش

تلخ و تُرش

by زبان خلق
0 comment

اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی

٭کانگریس انڈیا اتحاد  میں خود غرضی اور موقع پرستی کے طور پر، تین چیزیں مشترک ہیں، وہ انتہائی فرقہ پرستی، ذات پرستی، اور اقربا پروری ہیں۔۔۔وزیرا عظم نریندرمودی

اب صاحب کی اس بات پر کیا کہیں!! بقول شاعر

خرد کانام جنوں پڑ گیا جنوں کا خرد

جو چاہے آپ کا حسنِ کرشمہ ساز کرے

 

٭ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے 10 سالہ دور میں روزگار ختم کیا ہے حالانکہ وہ ہر سال 2 کروڑ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے وعدے کے ساتھ اقتدار میں آئے تھے مسٹر گاندھی نے ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے دس سالوں میں نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔۔۔ یو این آئی اردو

راہل بابا!! صاحب کا ایک دوست ایک کروڑ نوجوانوں کی مثال ہوتا ہے اور صاحب نے اپنے دو دوستوں کو روزگار سے لگا کر اپنا وعدہ پورا کردیا، بات سمجھا کرو!

 

٭ جب میری ماں زندہ تھیں تو میں مانتا تھا کہ میں حیاتیاتی طور پر پیدا ہوا ہوں۔ ان کے موت کے بعد، اپنے تمام تجربات پر غور کرنے پر، مجھے یقین ہو گیا کہ پرماتما نے مجھے بھیجا ہے۔ یہ توانائی میرے حیاتیاتی جسم سے نہیں ہو سکتی تھی، بلکہ مجھے پرماتما نے عطا کی ہے۔ جب بھی میں کچھ کرتا ہوں، مجھے یقین ہے کہ وہی میری رہنمائی کر رہا ہے۔۔۔ وزیر اعظم نریندر مودی

لگتا ہے کرسی کا جنون سر چڑھ کر بول رہا ہے! ممکن ہے آگے کے دنوں میں انا ربکم الاعلیٰ کا دعویٰ بھی ٹھوک دیں صاحب!!

بک رہا ہوں جنوں میں کیا کیا کچھ

کچھ نہ سمجھے خدا کرے کوئی

 

٭ ناروے، آئرلینڈ اور اسپین کی طرف سے فلسطینی ریاست کو جلد ہی تسلیم کرنے کے اعلان کے بعد اسرائیل نے ان ممالک سے اپنے سفیروں کو واپس بلا لیا۔ یورپی ممالک میں یہ رائے پختہ ہو رہی ہے کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے دو ریاستی حل اسرائیل کے بہترین مفاد میں ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

تخریب کے پہلو سے تعمیر کا سورج ضرور طلوع ہوتا ہے، یہی قدرت کا قانون ہے!

قتل حسین اصل میں مرگ یزید ہے

اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد

 

٭آر ایس ایس میں خواتین شامل نہیں ہیں۔ یہ ان کی سوچ میں پیوست ہے کہ خواتین کو دوسرے درجے کے شہری کے طور پر رکھا جانا چاہیے۔۔۔ کانگریس لیڈر راہول گاندھی

شاید ایسا ہی ہے بلکہ یقیناً ایسا ہی ہے، کاش بھارتی ناریوں کو اس کا گیان ہوجائے اور وہ اندھ بھگتی کے حصار سے نکل کر اپنے آپ کو پہچان لیں!!

 

٭بی جے پی کے سینئر لیڈر و مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ ملک کا آئین مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن کی حمایت نہیں کرتا ہے اور اس لئے بی جےپی بھی اس کی حامی نہیں ہے، ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ سماج وادی پارٹی(ایس پی) اور کانگریس پارٹی اپنے کنبے کے لئے سیاست کرتی ہیں جبکہ نریندر مودی کا پریوار بھارت کے 130 کروڑ لوگ ہیں۔۔۔ یو این آئی اردو

شاہ جی ملک کا آئین اور بھی بہت سی چیزوں کی اجازت نہیں دیتا جو آپ اور آپ کی پارٹی دھڑلے سے کررہی ہے۔ اور رہی پریوار واد کی سیاست تو یہ کون زیادہ کررہا ہے اور فائدہ اٹھا رہا ہے عوام خوب جانتی ہے۔

 

٭اروند کیجریوال پر وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا کہنا ہے کہ اگر انہوں نے (اروند کیجریوال) اپنے سرپرست انا ہزارے کو دھوکہ دیا ہے تو وہ دہلی کے لوگوں کا اعتماد کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟۔۔۔ آئی اے این ایس

جب صاحب اپنے گرو کو مارگ درشک منڈل کے راستے بن باس بھیج کر لوگوں کا اعتماد حاصل کر سکتے ہیں تو مفلر انکل کیوں نہیں؟! منتری جی!!

 

٭ متحدہ عرب امارات میں شراب سے متعلق قوانین میں بتدریج نرمی پیدا کی گئی ہے۔ گزشتہ برس دبئی نے شراب پر عائد 30 فیصد ٹیکس ختم کر دیا تھا جبکہ غیرمسلموں کے لیے شراب فروخت کرنے کے اجازت نامے پر عائد فیس بھی ختم کر دی گئی تھی۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

ہیہات ! ہیہات!! اب اس پہ کیا کہیں، بقول شاعر

کچھ بھی بچا نہ کہنے کو ہر بات ہو گئی

آؤ کہیں شراب پئیں رات ہو گئی

 

٭ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی نے اس الیکشن کو جمہوریت اور آئین کو بچانے کا الیکشن قرار دیتے ہوئے  راجدھانی کے رائے دہندگان سے  تمام ساتوں سیٹوں پر انڈیا اتحاد کے امیدواروں کو جتانے کی اپیل کی ہے. محترمہ گاندھی نے کہا  ہے کہ آئینی اداروں پر حملہ کیا جا رہا ہے اور آئین اور جمہوریت کو تباہ کیا جا رہا ہے، اس لیے انڈیا اتحاد کو ووٹ دے کر جتاکر جمہوری اداروں کو بچانا ہو گا۔۔۔ یو این آئی اردو

جن کی آندولن کی وجہ سے کانگریس نے دہلی کی کرسی گنوائی آج انہیں کے ساتھ مل کر اس کرسی کے لئے انڈیا اتحاد کے نام سے جگاڑ لگا رہی ہے۔ وائے حیرت!!

 

٭ اپنے اس  تبصرے پر لوگوں میں ابل پڑے غصے کے بعد کہ "بھگوان جگن ناتھ مودی کے بھگت ہیں”، جسے بعد میں انہوں نے واضح کیا کہ "زبان کی پھسلن” تھی، بی جے پی کے پوری لوک سبھا کے امیدوار سمبت پاترا نے معافی مانگی ہے اور کہا ہے کہ وہ تین دن تک روزہ رکھیں گے۔۔۔ دی انڈین ایکسپریس

نیتا جی! زباں پھسلی یا جو بات دل میں تھی وہ منہ سے نکل گئی، دیکھنا کہیں چار جون کو پتہ چلے کہ اس پھسلن میں بہت سارے ووٹ بھی پھسل گئے۔ ذرا سنبھل کر!!

 

٭ سنگاپور میں بھارتی نژاد خاتون کو الزامات سے بچنے کے لیے موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹ میں ہیرا پھیری کرنے پر جیل بھیج دیا گیا۔۔۔ پی ٹی آئی

شاید اس نے خود کو بھارت میں سمجھ لیا ہوگا! اگر وہ یہاں ایسا کرتی تو کم از کم کونسلر یا پنچائیت ممبر تو ضرور بن جاتی! بیچاری!!

 

٭ ایران میں ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہونے والے صدر ابراہیم رئیسی کو مشہد  میں اہل تشیع کے لیے مقدس ترین مقام روضہ امام رضا کے احاطے میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ ایرانی صدر، اور وزیر خارجہ کی تدفین کے موقع لاکھوں افراد موجود تھے۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

ہوئے نامور بے نشاں کیسے کیسے

زمیں کھا گئی آسماں کیسے کیسے

 

٭ استعفیٰ نہیں دوں گا کیونکہ یہ نظیر قائم کرے گا، بی جے پی کو مخالف وزیر اعلیٰ کو نشانہ بنانے کے لیے کھلا میدان مل جائے گا۔۔۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ  اروند کیجریوال

سچ میں مفلر انکل آج کل بھاجپا کے نہلے پر دہلا مار رہے ہیں۔ عوام کو بیٹھے بٹھائے مفت میں ایک اچھا تماشا دیکھنے کو مل رہا ہے۔

 

٭ وزیر اعظم نریندرمودی کے پوسٹر ہر جگہ ہیں لیکن الیکشن کمیشن اس کا نوٹس نہیں لیتا، وہ صرف ہمارے خلاف کارروائی کرتا ہے۔ وہ ہمیں اجازت دینے میں بھی تاخیر کرتا ہے ۔۔۔ بہار کی سابق وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی لیڈر رابڑی دیوی

کوئی اپنے مالک کے خلاف کیسے کاروائی کرسکتا ہے آپ ہی بتائیے! ابھی  ملک میں شرافت باقی ہے دیوی جی! سمجھا کریں!!

 

٭ امریکی صدر بائیڈن نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کی طرف سے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو، وزیر دفاع یوو گیلنٹ اور غزہ میں حماس کے تین اعلیٰ عہدیداروں کے خلاف جنگی جرائم کے الزام میں گرفتاری کے وارنٹ جاری کرنے کے مطالبات  کو مسترد کر دیا۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

اگر مسترد نہ کرتے تو اور کیا کرتے! کیا حمایت کرکے اپنی کرسی گنوا لیتے!! یہ عالمی عدالت بھی کبھی کبھی حد کر دیتی ہے!! انکل سام کی مجبوریاں سمجھتی ہی نہیں!!!

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

You may also like

Leave a Comment