Home » تلخ و تُرش

تلخ و تُرش

by زبان خلق
0 comment

اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی

٭ وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ان کی حکومت کی پالیسیوں اور پروگرام کی و جہ سے اپوزیشن پارٹیاں گھبرائی ہوئی ہیں اور طرح  طرح کے پیروپیگنڈے کررہی ہیں مودی اعظم گڑھ کی لال گنج لوک سبھا حلقے کے گندھوئی میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا آشیرواد بی جےپی اور ہمارے سبھی اتحادیوں کے ساتھ ہے ۔۔۔۔ یو این آئی اردو

آج کل جس طرح کی بیان بازیاں آپ کی طرف سے آرہی ہیں اس سے تو آپ گھبرائے ہوئے لگ رہے ہیں صاحب! ذرا سنبھل کر بولئے !! یہ جو پبلک ہے نا، یہ سب جانتی ہے!!!

 

٭وہ (نریندر مودی) 2024 اور 2029 میں بھی ملک کے وزیر اعظم ہوں گے ۔۔۔  وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کے اس تبصرہ پر،کہ وزیر اعظم مودی کے 75 سال کے ہونے کے بعد،وزیر داخلہ امیت شاہ ملک کے وزیر اعظم بنیں گے۔

اس کا مطلب ہے صاحب کسی حال میں کرسی نہیں چھوڑیں گے جب تک کہ وہ خود انہیں نہ چھوڑ دے ۔ کرسی کا نشہ ہوتا ہی ایسا ہے سمجھا کریں!

چھٹتی نہیں ہے منہ سے یہ کافر لگی ہوئی

 

٭جنوبی افریقہ نے اقوام متحدہ کی اعلیٰ عدالت میں اسرائیل پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے غزہ میں "قتل عام” کو تیز کر دیا ہے اور اس نے ججوں پر زور دیا ہے کہ وہ رفح پر اسرائیلی حملے کو روکنے کا حکم دیں۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

اس سے پہلے کونسا اسرائیل نے اقوام متحدہ کی عدالتِ عالیہ کے حکم کا پالن کیا ہے جو وہ اب کرے گا !؟ در حقیقت یہ تماشا اس وقت تک چلتا رہے گا جب تک معاملہ آر یا پار نہیں ہوجاتا۔

 

٭سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ لوک سبھا الیکشن میں بی جےپی کی بڑی شکست ہونے جارہی ہے اور ہار چکے بی جے پی کے لیڈر جھوٹ کے اسکول کالج اور یونیورسٹیاں کھولیں گے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے ساتھ جوائنٹ پریس کانفرنس میں یادو نے کہا کہ چار جون کو الیکشن نتائج غیر متوقع ہونگے۔۔۔ یو این آئی اردو

یعنی ڈرامے کے کلائمکس کا وقت آچکا ہے، پردہ اٹھنے کی منتظر ہے نگاہ،اور پھر سب کو وہ نظر آئے گا جس کی کسی کو بالکل توقع نہیں ہے۔

 

٭وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کی پالیسیوں کے نتیجے میں گزشتہ 10 سالوں میں ملک میں سڑکوں، بجلی، ریلوے، بندرگاہوں اور ہوابازی کے شعبوں میں "تیز اور بے مثال” بنیادی ڈھانچے کی تخلیق ہوئی ہے۔۔۔ آئی اے این ایس

فارسی کی ایک مشہور کہاوت ہے کہ ’’پیراں نمی پرند مریداں می پرانند‘‘ یعنی پیر خود نہیں اُڑتے، اُن کے مرید انھیں اُڑاتے ہیں۔ خدا سبھوں کو صاحب کے مریدوں جیسے مرید عطا کرے!! اپنے پیر کو اتنا اونچا اڑاتے ہیں کہ بس!!! حد ہی ختم ہوجاتی ہے!

 

٭امریکہ نے ایران کے ساتھ کاروباری معاہدے پر ہندوستان کو ممکنہ تجارتی پابندیوں کی دھمکی دی ہے۔ یہ انتباہ ایک ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب ہندوستان نے تہران کے ساتھ ساحلی شہر چابہار میں واقع ایک بندرگاہ کو 10 سال تک چلانے کا معاہدہ کیا ہے۔۔۔ بی بی سی اردو

انکل سام! ابھی تو معاہدہ ہوا ہے، یہ کیا کہ ابھی سے دھمکی!

وصل کی رات تو راحت سے بسر ہونے دو

شام ہی سے نہ دو دھمکی کہ سحر ہونے دو

 

٭مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی دگ وجئے سنگھ نے بی جے پی پر نفرت کی سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ لوگوں کے درمیان نفرت پیدا کر کے اپنی سیاست کی روٹی سینکتی ہے۔۔۔ یو این آئی اردو

نیتا جی!  لوگوں کے درمیان نفرت پیدا کر کے اپنی سیاست کی روٹی سینکنا کس نے شروع کیا اور بی جے پی نے یہ گر کہاں سے سیکھا ذرا یہ بھی تو بتائیے!!

 

٭ میں نے کہا ہے کہ مغربی بنگال میں کوئی اتحاد (انڈیا الائنس کی سیٹوں کی تقسیم کا حوالہ دیتے ہوئے) نہیں ہے، لیکن میں ہی تھی جس نے قومی سطح پر ہندوستانی اتحاد بنانے میں مدد کی۔ اور ہم اس اتحاد کے حصہ کے طور پر مرکز میں حکومت بنائیں گے۔ ہم (ٹی ایم سی) اتحاد کا حصہ ہیں، اور ہم مستقبل میں بھی اس کا حصہ رہیں گے۔۔۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی

یعنی اس کا مطلب ہے ٹی ایم سی انڈیا الا ئنس کے ساتھ دہلی میں ہاتھی کے دکھانے والے دانت کی طرح اور بنگال میں کھانے والے دانت کی طرح رہے گی۔ سمجھے!!

 

٭روس کے ساتھ چین کی تجارت حالیہ برسوں میں ریکارڈ بلندیوں پر پہنچ چکی ہے۔ بیجنگ حکومت پر الزام لگایا جاتا ہے کہ وہ نہ صرف ماسکو کی معیشت کو فروغ دینے میں مدد کر رہی ہے بلکہ بالواسطہ طور پر یوکرین میں روس کی جنگی کوششوں کو تقویت پہنچا رہی ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

ڈراگن اور سائبیریا کے سفید ریچھ کی یہ تھوڑی کھلی تھوڑی چھپی  گاڑھی دوستی دیکھنا آگے چل کر اور بھی بہت گل کھلائے گی اور بہت سوں کی نیند حرام کرے گی! سمجھنے والوں کے لئے اس میں مستقبل کی بہت ساری نشانیاں ہیں!!

 

٭ رجحانات سے پتہ چلتا ہے کہ بی جے پی کو 220 سے کم سیٹیں مل رہی ہیں۔ ہریانہ، دہلی، پنجاب، کرناٹک، مہاراشٹر، مغربی بنگال، یوپی، بہار، جھارکھنڈ اور راجستھان میں ان کی سیٹیں کم ہونے والی ہیں۔ انڈیا اتحاد اپنی حکومت بنانے جا رہا ہے ۔۔۔ د ہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال

سنتے تھے کہ جب تک سیاست دان جیل کی ہوا کھا کر نہیں آتا مکمل سیاست دان نہیں بنتا ۔ لگتا ہے مفلر انکل پر یہ قول صادق آگیا ہے۔

 

٭میں نے پیش گوئی کی تھی کہ راہل گاندھی امیٹھی سے الیکشن لڑنے کی ہمت نہیں کریں گے، اس کی تصدیق ہوگئی:۔۔۔ یوپی کے فتح پور میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندرمودی

صاحب بڑےگیانی ہیں، انتر یامی ہیں،ان کی بھوش وانی کبھی غلط نہیں نکلی اور نہ نکل سکتی ہے، سمجھے! اگر نہیں سمجھے تو اب سمجھ لو!!

 

٭ماہرین فلکیات کو ہماری کہکشاں میں اب تک دریافت ہونے والا سب سے بڑا اسٹیلر یا ستاروی بلیک ہول ملا ہے۔  سائنسدانوں کے مطابق اس بلیک ہول کا نام جی اے آئی اے بی  ہیچ 3 ہے اور یہ ہمارے سورج سے 33 گنا بڑا ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

فبِأَيِّ آلَاء رَبِّكُمَا تُكَذِّبَانِ

 

٭وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو ان کی سرکاری رہائش گاہ پر عآپ کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سواتی مالیوال پر ہونے والے "حیران کن حملہ” کے لئے ذمہ دار ٹھہرایا۔۔۔ آئی اے این ایس

بیچارے مفلر انکل! بڑی مشکل سے ضمانت ملی اور چھوٹتے ہی ایک اور مسئلہ کھڑا ہوگیا ، گویا آسمان سے گرا کھجور میں اٹکا والی بات ہوگئی۔

 

٭کانگریس نے پچھلے کئی  سالوں تک ملک کو لوٹا ہے۔۔۔ وزیر داخلہ امت شاہ

اور اب ہماری باری ہے تو اس کے پیٹ میں اتنا مروڑ کیوں اٹھ رہا ہے!!

 

٭امریکا میں ہونے والے ایک احتجاج کے دوران  امریکی محکمہ داخلہ میں تعینات چیف آف اسٹاف کی معاون خصوصی للی گرینبرگ نےغزہ کے معاملے پر امریکی پالیسیوں پر احتجاجاً استعفیٰ دیدیا۔ للی گرینبرگ نے اپنے استعفیٰ میں لکھا کہ ان کا ضمیر انہیں مزید کام جاری رکھنے کی اجازت نہیں دیتا۔۔۔ ترکیہ اردو

اس کا مطلب مغربی  دنیا  میں انسانیت ابھی زندہ ہے اور لوگوں میں ضمیر کو سننے کا چلن بھی باقی ہے۔ کاش اسلامی دنیا میں بھی ایسا ہوتا!!

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

You may also like

Leave a Comment