Home » تلخ و تُرش

تلخ و تُرش

by زبان خلق
0 comment

اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی

٭ شہزادے کو بتانا چاہیے کہ اس الیکشن میں انہوں نے امبانی اور اڈانی سے کتنا پیسہ لیا ہے۔ انہوں نے کالے دھن کی کتنی بوریاں وصول کی ہیں؟ کیا پیسہ کانگریس تک پہنچ گیا ہے؟ کیا معاہدہ ہوا ہے؟ راتوں رات آپ نے امبانی اڈانی کو گالی دینا چھوڑ دیا ہے۔ یہاں یقینی طور پر کچھ گڑبڑ ہے۔ آپ کو قوم کو بتانا پڑے گا،”۔۔۔ کانگریس رہنما راہول گاندھی پر سخت حملہ کرتے ہوئے، وزیر اعظم نریندر مودی

کہیں ایسا تو نہیں کہ بوریاں راستہ بدل گئیں اور بوریوں والوں نے صاحب کا فون اٹھانا بند کردیا ہو جو صاحب یوں بوکھلا کر اپنے ہی دوستوں کو کالے دھن کی بوریاں بانٹنے والے بول گئے!!

بک رہا ہوں جنوں میں کیا کیا کچھ

کچھ نہ سمجھے خدا کرے کوئی

 

٭سچائی کو شکست نہیں دی جا سکتی، سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم ستیہ میو جیتے:۔۔۔ سپریم کورٹ کی جانب سے دہلی کے وزیر اعلیٰ کیجریوال کو عبوری ضمانت ملنے کے بعد عآپ

اب عآپ کی اس  بات پر کیا کہیں بقول  پنڈت دیا شنکر نسیم لکھنوی

سمجھا ہے حق کو اپنے ہی جانب ہر ایک شخص

یہ چاند اس کے ساتھ چلا جو جدھر گیا

 

٭اسرائیل نے حال ہی میں غزہ کے جنوبی حصے رفح میں آپریشن کا آغاز کیا ہے جہاں لگ بھگ 13 لاکھ فلسطینی پناہ لیے ہوئے ہیں۔ امریکی انتباہ کے باوجود رفح میں کارروائی کے بعد واشنگٹن نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی منتقلی روک دی ہے۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

اور جو پہلے سے ہی ظالم کو ہزاروں ٹن ہتھیار دے رکھے ہیں اس کا کیا انکل سام !؟ پتہ نہیں یہ دونوں دنیا کو کب تک الو بناتےرہیں گے اور دنیا سب کچھ جانتے ہوئے بھی بنتی رہے گی! افسوس!!

 

٭ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ موجودہ لوک سبھا الیکشن میں کانگریس اور سماج وادی پارٹی(ایس پی) جیسے پریوار وادی پارٹیوں کا عوام صفایا کریں گے اور ملک کو ترقی کے راستے پر لے جانے والے نریندر مودی کو تیسری بار وزیر اعظم کے عہدے پر فائز کریں گے۔۔۔ یو این آئی اردو

لیکن زمینی حالات تو کچھ اور کہانی بیان کر رہی ہے شاہ جی! سچ ہے ” ساون کے اَندھے کو ہَرا ہی ہَرا سوجْھتا ہے”۔

 

٭پارٹی میں اپنی ذمہ داریوں سے ہٹائے جانے کے دو دن بعد، بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے رہنما آکاش آنند نے کہا ہے کہ مایاوتی ‘ہماری عالمگیر لیڈر’ ہیں۔۔۔ آئی اے این ایس

اگر آکاش بابو!خود کو بہت سلجھا ہوا سیاستدان ثابت کرنے کے بجائے ایسے بیانات ہٹائے جانے سے قبل دیتے تو فائدے میں رہتے،ا ب مایا کے مایا کو بانس پر چڑھانے کا کیا فائدہ!!

 

٭ چین اب یورپ میں بھی قدم جمانے کے لیے متحرک، چینی صدر شی جن پنگ پانچ سال میں یورپ کا پہلا دورہ کر رہے ہیں۔ چین نے یورپ کے دو نسبتاً چھوٹے ممالک سربیا اور ہنگری میں متعدد ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

یعنی الپس اور پائرینیس پہاڑی سلسلوں پر ڈریگن کی پرچھائیاں پڑنی شروع ہوگئی ہیں۔ انکل سام کو چوکنا رہنے کی ضرورت ہے، دیکھنا! ڈریگن اس کے بغل بچوں کو کہیں جھپٹ کر اڑا نہ لے جائے۔

 

٭وزیر اعظم نریندر مودی نے آندھرا پردیش اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات کے لیے نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے امیدواروں کی حمایت میں چندرابابو نائیڈو، پون کلیان کے ساتھ وجئے واڑہ میں ایک زبردست روڈ شو کیا۔۔۔ آئی اے این ایس

سیاست میں کون کب کس کا دوست بن جائے اور کب کس کے ساتھ روڈ شو شروع کردے کہا نہیں جاسکتا! ندا فاضلی نے سچ کہا ہے

ہر آدمی میں ہوتے ہیں دس بیس آدمی

جس کو بھی دیکھنا ہو کئی بار دیکھنا

 

٭بی جے پی کا ایک بھی لیڈر اہم ایشوز پر بات نہیں کرتا ہے،انہیں یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ وزیر اعظم مودی نے کتنی نوکریاں فراہم کیں؟ امیر مزید امیر، غریب غریب تر، کیوں ہے؟ کیا ملک کی معیشت تباہ ہو رہی ہے؟۔۔۔ بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو

یادو جی! صاحب کو سب پتہ ہے، وہ سیاست کے بازار میں وہی بیچ رہے ہیں جو ان کی دانست میں خوب نفع دے گی۔ آپ بس اپنی دیکھئے!!

رند خراب حال کو زاہد نہ چھیڑ تو

تجھ کو پرائی کیا پڑی اپنی نبیڑ تو

 

٭اس سال سعودی عرب نے عازمینِ حج کے لیے ایسی تسبیح متعارف کروائی ہے جوجراثیم سے پاک ہوگی۔ اس پر ایک خاص تیل کی تہہ ہوگی جس سے ہاتھ کے جراثیم اس پراثر انداز نہیں ہوں گے۔ یہ تسبیح حج پرجانے والوں کو سعودی پرواز میں اور مکہ پہنچنے پر دی جائے گی۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

اسی طرح گناہوں سے بچنے کا بھی کوئی ریڈی میڈ  انتظام ہوجائے تو کیا ہی اچھا ہوگا۔ ولی عہد کو چاہئے کہ وہ اس طرف بھی توجہ دیں۔

 

٭ کانگریس میں مایوسی اور نا امیدی ہے۔ وہ انگریزوں کی تقسیم کرو اور حکومت کرو کی پالیسی کو ہندوستان کے لوگوں کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔۔۔  مرکزی وزیر اور ہمیر پور لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی کے امیدوار انوراگ ٹھاکر

اسے کہتےہیں "الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے” ۔

 

٭جے جے پی لیڈر اور ہریانہ کے سابق نائب وزیر اعلیٰ دشینت چوٹالہ نے گورنر بنڈارو دتاتریہ سے کہا ہے کہ وہ بی جے پی حکومت سے تین آزاد ایم ایل اے کی حمایت واپس لینے کے بعد فلور ٹیسٹ کا حکم دیں، جب کہ کانگریس نے مطالبہ کیا کہ اسے اخلاقی بنیادوں پر استعفیٰ دے دینا چاہیے کیونکہ وہ اب اقلیت میں آگئی ہے۔۔۔ آئی اے این ایس

لگتا ہے صاحب کا جادو ٹوٹنے لگا ہے ورنہ ڈبل انجن  سرکار کی ایک انجن  یوں راستے میں نہ بیٹھتی!

 

٭اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں پانچ سے 16 سال تک کی عمر کے تقریباً 26 ملین (تقریباً 40 فیصد) بچے کسی بھی باقاعدہ تعلیمی ادارے میں رجسٹرڈ نہیں ہیں۔ اسکول نہ جانے والے بچوں کی یہ تعداد دنیا میں کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ ان کی حکومت اس مسئلے کے حل کے لیے تعلیمی ایمرجنسی نافذ کر رہی ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

جس قوم کی داستان ہی اقراء سے شروع ہوتی ہے اسکے نام پر بننے والی نام نہاد سلطنت خداداد کا یہ حال! افسوس صد افسوس!! سمجھنے والوں  کے لئے اس میں بڑی عبرتیں ہیں۔

 

٭ بی جے پی پر مذہب اور ذات کے نام پر رائے دہندگان کو گمراہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا کہ ان کی پارٹی بغیر ڈرے یا جھکے عوام کو ان کے حقوق کے تئیں بیدار کرنے اور انہیں خود کفیل بنانے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔۔۔ یو این آئی اردو

محترمہ! آپ کی پارٹی  بھی اس معاملے میں کون سی دودھ کی دھلی ہوئی ہے

اتنی نہ بڑھا پاکیٔ داماں کی حکایت

دامن کو ذرا دیکھ ذرا بند قبا دیکھ

 

٭ ہندو ہو، مسلمان ہو یا عیسائی ہر کوئی وزیر اعظم مودی کی عزت کرتا ہے۔ پانچ  عرب مسلم ممالک نے دنیا کے کسی بھی سربراہ مملکت کو اپنے ملک کے سب سے بڑے سویلین ایوارڈ سے نوازا ہے تو وہ وزیر اعظم مودی ہیں۔۔۔ جھارکھنڈ کے دمکا میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ

اگر راج ناتھ جی! صاحب کا اتنا بھی دفاع نہ کریں تو ان کا وزیر دفاع ہونا ہی عبث ہے۔ سمجھا کریں!!

 

٭ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے ایک مشیر کے مطابق اگر ایران کی ریاستی بقا کو کوئی خطرہ لاحق ہوا تو تہران کا جوہری عسکری نظریہ بھی بدل جائے گا۔ اس تازہ بیان سے ایران کے پرامن جوہری پروگرام پر ایک سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

یہ بیانیہ در اصل انکل سام اور ایران کے درمیان جاری ٹام اینڈ جیری سیریل کے ایک ایپی سیوڈ کا ڈایئلاگ ہے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان سب کچھ کُشل منگل ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

You may also like

Leave a Comment