Home » تلخ و تُرش

تلخ و تُرش

by زبان خلق
0 comment
اسانغنی مشتاق رفیقی ، وانمباڑی
٭مہم بہت اچھی چل رہی ہے،  پہلے دو مرحلے بھی ہماری توقعات کے مطابق گزرے ہیں۔ ہم بالکل ٹھیک کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے بی جے پی کے لئے  370 پلس اور این ڈی اے کے لئے ‘400 پار’ کا جو ہدف مقرر کیا ہے اسے پورا کیا جائے گا اور یہی بار بار وزیر داخلہ بھی کہتے رہے ہیں۔۔۔ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن
خوش فہمی میں مبتلا انسان کو ہر چیز الٹا پلٹا ہی نظر آتا ہے ، اس کے ساتھ ہارنے کا خوف اور وحشت بھی اگر جمع ہوجائےتو بقول ظریف لکھنوی
وحشت میں ہر اک نقشہ الٹا نظر آتا ہے
مجنوں نظر آتی ہے لیلیٰ نظر آتا ہے
٭کانگریس نے گاندھی خاندان کے روایتی لوک سبھا پارلیمانی حلقہ اتر پردیش کے رائے بریلی اور امیٹھی کو لے کراٹھ رہے سوالات کو ختم کرتے ہوئے آج پارٹی لیڈر راہل گاندھی کو رائے بریلی سے بھی انتخابی میدان میں اتاردیا۔۔۔ یو این آئی اردو
لاجواب سیاسی چال، صاحب کو بہکی بہلکی باتیں کرنے پر مجبور کرنے کے لئے یہ چال کافی ہے، دیکھنا اس کا اثر ہندی بیلٹ پر ضرور پڑے گا!!
٭ امریکی صدر جو بائیڈن نے آزادیٔ صحافت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزاد پریس جمہوریت کا ناگزیر ستون ہے۔ دنیا بھر میں صحافی کرپشن سامنے لانے، جنگوں کی معلومات محفوظ کرنے سمیت اہم واقعات کو رپورٹ کر رہے ہیں۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
اسے کہتے ہیں منہ میں رام بغل میں چھری! آزادیء صحافت کو ختم کرنے اور اسے پریشان کرنے میں سب سے بڑا کردار تو انکل سام ہی ادا کررہے ہیں صدر محترم!!
٭ ہم نے اپنے منشور میں واضح طور پر لکھا ہے – جب ہماری حکومت برسراقتدار آئے گی، ہم ذات پات کی مردم شماری، اقتصادی سروے اور تمام تنظیموں کا سروے کریں گے۔ ہمیں پتہ چل جائے گا کہ پریس میڈیا، کارپوریٹ دنیا، نجی اسپتالوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں کتنے لوگ پسماندہ طبقات، ایس سی اور ایس ٹی سے ہیں۔ اس سے حقیقت سامنے آئے گی۔ عوام کو ان کی شرکت کا پتہ چل جائے گا۔ یہ ایک انقلابی قدم ہے، جس دن ذات پات کی مردم شماری ہوگی، ملک کے لوگوں کو ہندوستان کی حقیقت کا پتہ چل جائے گا۔۔۔۔  کانگریس رہنما راہل گاندھی مہاراشٹر، پونے میں ایک انتخابی سبھا میں تقریر کرتے ہوئے
کس کام کی ایسی سچائی جو توڑ دے امیدیں دل کی
تھوڑی سی تسلی ہو تو گئی مانا کہ وہ بول کے جھوٹ گیا
٭ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے کہا ہے کہ لوک سبھا انتخابات جیتنے پر بی جے پی کی حکومت آئین کے دیباچے سے لفظ سیکولرہٹا دے گی ۔۔۔ یو این آئی اردو
دیکھنا بھاجپا لفظ سیکولر ہٹانے کے چکر میں رہے اور ادھر عوام اسے ہی ہٹا دیں! یہ بھی تو ممکن ہے!!
٭ ایشیا میں شدید گرمی کی لہر، لاکھوں زندگیاں خطرے میں، ایشیا کے متعدد ممالک میں ریکارڈ گرم موسم نے لاکھوں بچوں کی اسکولوں تک رسائی ناممکن بنا دی ہے۔ شدید گرمی کی لہر کی وجہ سے بچوں اور بزرگوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو
درحقیقت یہ فطرت کا اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں پر انسانوں سے گن گن کر بدلہ لینے کا ایک طریقہ ہے! اور یہ تو ٹریلر ہے!! پکچر تو ابھی باقی ہے مرے دوست!!!
٭راجستھان کے ضلع جودھ پور میں ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں، ایک خاتون کے والدین نے مبینہ طور پر ان کی بیٹی کے ساتھ اس کی محبت کی شادی پر اعتراض کرتے ہوئے ایک شخص کی ناک کاٹ دی۔۔۔ آئی اے این ایس
بیچارا عاشق! پیار تو ملا نہیں الٹا سچ مچ کی ناک سے بھی گیا!!
عشق نے غالب جی نکٹا کر دیا
ورنہ ہم بھی آدمی تھے ناک کے
٭کانگریس کے سینئر لیڈر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ مودی جی کو ملک کے لوگوں سے، خاص طور پر خواتین سے معافی مانگنی چاہیے، کیونکہ وہ سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کے پوتے پرجول ریونا جیسے ‘اجتماعی عصمت دری کرنے والے’ کے لیے ووٹ مانگتے رہے ہیں ۔۔۔ آئی اے این ایس
صاحب اور معافی!! راہل بابا آپ کے اس مطالبے پر آپ کا وارنٹ بھی نکل سکتا ہے! سنبھل کر بولا کریں!!
٭ ترکیہ نے، فلسطینی علاقوں میں بدتر ہوتے ہوئے انسانی المیےکا حوالہ دیتے ہوئے ،اسرائیل کے ساتھ اپنی تمام برآمدات اور درآمدات روک دی ہیں۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
لگتا ہے یورپ کے مرد بیمار کی غیرت آج کل جاگنے لگی ہے! اچھا ہے! افسوس عرب اب بھی سو رہے ہیں!!
٭ گورنر پر ایک خاتون کے ذریعہ جنسی زیادتی کے الزامات لگنے کے بعد ممتا بنرجی نے بنگال کے دورے پر آئے وزیر اعظم نریندر مودی سے سوال کیا کہ آپ سندیش کھالی کی بات کرتے ہیں مگر گورنر پر لگنے والے الزامات پر خاموش کیوں ہیں ۔۔۔ یو این آئی اردو
یعنی
الجھا ہے پاؤں یار کا زلف دراز میں
لو آپ اپنے دام میں صیاد آگیا
٭ جب تک میں زندہ ہوں، مسلمانوں کی ریزرویشن کے واسطے آئین میں تبدیلی کے لیے کانگریس کے کسی بھی منصوبے کو کامیاب نہیں ہونے دوں گا:۔۔۔ وزیر اعظم مودی جھارکھنڈ میں ایک الیکشن سبھا سے خطاب کرتے ہوئے
پتہ نہیں صاحب کو مسلمانوں سے اتنی محبت کیوں ہے۔ آج کل تو وہ ہر روز کہیں نہ کہیں کوئی نہ کوئی بات اٹھا کر مسلمانوں کو یاد کئے بغیر نہیں رہ پا رہے ہیں۔ خدا خیر کرے!
٭ امریکا کی مختلف ریاستوں کی پولیس نے اسرائیلی بربریت کے خلاف احتجاج کرنےوالے یونیورسٹی طلبا کے خلاف ملک گیر آپریشن شروع کردیا۔ سان فرانسسکو پولیس نے یونیورسٹی آف کیلیفورنیا لاس اینجلس میں فلسطین کی حمایت میں لگے احتجاجی کیمپوں پر دھاوا بول کر درجنوں مظاہرین طلبا کو حراست میں لے لیا۔۔۔ ترکیہ اردو
دل کے پھپھولے جل اٹھے سینے کے داغ سے
اس گھر کو آگ لگ گئی گھر کے چراغ سے
٭نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں ایک منصوبہ بند سازش کے تحت تناﺅ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ لوگوں میں دشمنیاں پیدا کرنے کے حربے اپنائے جارہے ہیں اور آج وہی لوگ الگ الگ لبادہ اوڑھ کر عوام سے ووٹ مانگتے پھر رہے ہیں جنہوں نے 2014میں بھاجپا کیخلاف ووٹ مانگے اور پھر اُن کے ساتھ ہی ہاتھ ملایا اور جموں وکشمیر کو موجودہ بحران اور اندھیروں میں دھکیل دیا۔۔۔ یو این آئی اردو
سیاست میں دوستی دشمنی اصولوں پر نہیں مفاد پر برتی جاتی ہے۔ اتنی سی بات بھی اب سمجھانی پڑے گی کیا!!
٭ شیوسینا چھوڑنے کے 20 سال بعد، سابق ایم پی اور ممبئی کانگریس کے سابق سربراہ سنجے نروپم نے مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے کی موجودگی میں شیوسینا میں شمولیت اختیار کی۔۔۔ آئی اے این ایس
یعنی بیس سال بعد لوٹ کے بدھو گھر کو آئے!
٭ امریکہ نے 280 سے زیادہ لوگوں اور اداروں پر پابندیاں عائد کی ہیں جو روس کو یوکرین کے خلاف اس کی ناجائز جنگ میں مدد دیتے ہیں۔ ہم اپنے وطن کا دفاع کرنے والے یوکرین کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔۔۔ یو ایس اے اردو
دوغلے پن کی واضح مثال۔ اسرائیل چونکہ اپنا بچہ ہےسو اس پر سات خون معاف اور دوسروں پر پابندیاں! انکل سام کی منصفی واقعی بے مثال ہے!
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

You may also like

Leave a Comment