Home » تلخ و تُرش

تلخ و تُرش

by زبان خلق
0 comment

اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی

٭ وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے ، رکن پارلیمنٹ اور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ شروع ہونے پر رائے دہندگان خاص طور پر پہلی بار ووٹ دینے والے نوجوانوں اور خواتین سےبڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔۔۔ یو این آئی اردو
ہائے! ہائے!! دیکھنا اس اپیل میں تو اردو شاعری کے ناکام عاشق کی بازگشت سنائی دے رہی ہے!!!

مانی ہیں میں نے سیکڑوں باتیں تمام عمر
آج آپ ایک بات مری مان جائیے

٭بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جے پی نڈا نے آج کانگریس کے ذریعہ ووٹروں کو خوش کرنے والی سیاست پر سخت تنقید کی اور کہا کہ وہ درج فہرست ذات/قبائلی (ایس سی/ ایس ٹی) اور دیگر پسماندہ طبقہ (او بی سی) کے لوگوں کے حقوق چھین کر مسلمانوں کو دینا چاہتی ہے۔۔۔ یو این آئی اردو
اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ بھاچپا کی اعلیٰ قیادت مسلمانوں کا نام لئے بغیر کوئی بھی الیکشن جیت نہیں سکتی، اس حساب سے تو مسلمانوں کو اپنی الیکشن جتوانے کا حق اس نے دے رکھا ہے، سمجھا کرو!!

٭ نیو یارک سٹی سے لے کر میامی تک، سطح سمندر میں اضافے کی وجہ سے امریکہ حقیقی طور پر ڈوبتا جا رہا ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو
فطرت سے چھیڑ چھاڑ کرنے کا انجام اور ویسے بھی انکل سام اپنی ظالم پالیسیوں کی وجہ سے اور بھی کئی محاذوں پر ڈوبتے نظر آرہے ہیں۔

٭ کرناٹکا کے سابق وزیر اعلیٰ اور جے ڈی ایس کے ریاستی صدر ایچ ڈی کمار سوامی نے الزام لگایا ہے کہ الیکشن کمیشن بنگلورو دیہی پارلیمانی حلقہ میں منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے میں ناکام رہا ہے۔۔۔ آئی اے این ایس
سیاست میں اپنی موجودگی ثابت کرنے کے لئے کبھی کچھ بے تکےالزامات بھی لگانے پڑتے ہیں، ہمارے نیتا تو اس ہنر میں بہت ماہر ہیں، سمجھے!!

٭ کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کے 10 سال کے دور اقتدار میں روپیہ گرا ہے اور پریس کی آزادی جیسے کئی شعبوں میں گراوٹ آئی ہے، لیکن سب سے تکلیف دہ صورتحال یہ ہے کہ اس دوران عہدہءِ وزیراعظم کے وقار میں سب سے زیادہ گراوٹ آئی ہے، کانگریس کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیڑا نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مسٹر مودی نے وزیر اعظم کے عہدے کے وقار کو اس قدر نچلی سطح تک پہنچا دیا ہے کہ اس کو دوبارہ حاصل کرنے میں برسوں لگ جائیں گے۔۔۔ یو این آئی اردو
لیکن صاحب کے بھگت تو کہتے ہیں کہ ان کی وجہ سے پردھان منتری پد کی مریادھا بڑھی ہے، پتہ نہیں دونوں میں سے سچ کون بول رہا ہے

واقعہ کچھ بھی ہو سچ کہنے میں رسوائی ہے
کیوں نہ خاموش رہوں اہل نظر کہلاؤں

٭ بلنکن نے اپنے تین روزہ دورۂ چین کا آغاز شنگھائی سے کیا جہاں بعض آن لائن تبصرہ نگاروں اور تجزیہ کاروں نے نوٹ کیا کہ چین نے ایک معزز مہمان کے لیے سرخ قالین بچھانے کے معمول کو نظر انداز کیا ہے۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
جب بات اپنے مطلب کی ہو تو آدمی کوچہء رقیب میں سر کے بل بھی جاسکتا ہے اور ویسے بھی وہاں سرخ قالین کی تمنا عبث ہے!
٭مجھے پورا یقین ہے، اپوزیشن (کانگریس) دوڑ سے باہر ہے، ووٹنگ اچھی ہوگی اور بی جے پی پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دے گی۔ ہم ہریانہ کی تمام 10 سیٹیں جیتیں گے۔۔۔ ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر
بلّی کو خواب میں چِھیچھڑے نہیں تو اور کیا نظر آئیں گے!

٭کراچی، پاکستان سے تعلق رکھنے والی ایک 19 سالہ لڑکی عائشہ راشد کا چنئی میں دل کا کامیاب ٹرانسپلانٹ ہوا۔۔۔ اے این آئی
انسانوں کی کھینچی ہوئی سرحدوں پر انسانیت کی جیت، پاکستان کے سینے میں ہندوستان کا دل، قدرت خود جب جوڑنے پر آتی ہے تو ایسا ہی ہوتا ہے!

٭چرچ جانے والوں کی تعداد جرمنی میں کم ہو رہی ہے تو دوسری طرف اسلام اس ملک میں پھیل رہا ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

اسلام کی فطرت میں قدرت نے لچک دی ہے
اتنا ہی یہ ابھرے گا جتنا کہ دباؤ گے

٭’ای وی ایم کے خلاف لڑائی نہیں رکے گی’:۔۔۔ عدالت عالیہ کے وی وی پی اے ٹی درخواستوں کو مسترد کرنے کے بعد سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو
اب کریں تو کریں کیا! اگر ہار مان لیں تو شرمندگی اٹھانی پڑے گی اور چپ سادھ لی تو طعنے سننے کو ملیں گے! سمجھا کرو بابا!!

٭ بی جے پی کے زیر اقتدار مرکزی حکومت اور ان کے ‘سیاسی ہتھیار’ ای ڈی نے انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے فوراً بعد اروند کیجریوال کو گرفتار کرلیا۔ وہ چاہتے تھے کہ کیجریوال انتخابی مہم میں حصہ نہ لیں۔ تاہم، میں بی جے پی کو بتانا چاہتا ہوں کہ ان کی چال کا رد عمل ہوا ہے کیونکہ دہلی، پنجاب اور پورے ملک کے لوگ اروند کیجریوال کی گرفتاری پر ناراض ہیں۔ اروند کیجریوال کی اہلیہ سنیتا کیجریوال کل سے انتخابی مہم چلائیں گی۔۔۔ دہلی کے وزیر اور عآپ لیڈر آتشی
اسے کہتے ہیں سیاست کے ساتھ سیاست کی سیاست!

نئے کردار آتے جا رہے ہیں
مگر ناٹک پرانا چل رہا ہے

٭ امریکہ کے بعد فرانس کی ایک یونیورسٹی میں بھی فلسطینیوں کے حق میں مظاہرہ ہوا ہے۔ پیرس کی معروف ’سائنسز پو‘ یونیورسٹی میں جمعے کو طلبہ کے ایک گروپ نے غزہ میں جاری جنگ کے خلاف احتجاج کیا۔ طلبہ اپنی یونیورسٹی سے اسرائیل کے اقدامات کی مذمت کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

ہے عیاں یورش تاتار کے افسانے سے
پاسباں مل گئے کعبے کو صنم خانے سے

٭ مایاوتی اتحاد کا فیصلہ انتخابات کے نتائج کے بعد کریں گی:۔۔۔ بی ایس پی لیڈر آکاش آنند
صفر نتائج کے ساتھ پتہ نہیں بہن جی کس کے ساتھ اتحاد کریں گی، دیکھتے رہئیے جون 4 تک!

٭دہلی، سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد نجف گڑھ سے موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت ایک خاتون سمیت دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ، اس ویڈیو میں ایک شخص بغیر ہیلمٹ، نمبر پلیٹ، آئینہ یا لائسنس کے موٹر سائیکل چلا رہا تھا اور اسپائیڈرمین کے لباس میں اسٹنٹ کر رہا تھا۔۔۔ اے این آئی
شہرت کی خاطر کچھ بھی کرنے والوں کے لئے ایک انتباہ! سیاست دان اس سے سبق لیں! انتخابی جلسوں میں اسٹنٹ نہ دکھائیں ورنہ انجام یہی ہوگا۔

٭اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف نسلی کشی کا مرتکب ہے۔اقوام متحدہ کی عہدیدار فرانسسکا البانی نے قاہرہ میں ایک تقریب سے خطاب میں اسرائیل کو ہتھیاروں اور تیل کی فروخت پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا۔۔۔ العربیہ اردو
ایسے مطالبات لاکھوں بار دہرائے جا چکے ہیں لیکن حکمرانوں کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگی۔ وہ صُمٌّۢ بُكْمٌ عُمْىٌ کے مصداق ہوچکے ہیں، اللہ رحم کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

You may also like

Leave a Comment