Home » تلخ و تُرش

تلخ و تُرش

by زبان خلق
0 comment

اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی

٭بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر جے پی نڈا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو تیسری میعاد ملنی چاہئے کیونکہ وہ بدعنوانی کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں جبکہ ہندوستان بلاک کے لیڈران بدعنوانوں کو بچانے کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں۔۔۔ آئی اے این ایس

کچھ اور کام اسے یاد ہی نہیں شاید
مگر وہ جھوٹ بہت شاندار بولتا ہے

 

٭ جیسے جیسے مغربی بنگال میں لوک سبھا انتخابات کی مہم تیز ہو رہی ہے، بی جے پی حکمران ترنمول کانگریس کے کم از کم تین ‘ٹرن کوٹ’ امیدواروں کو میدان میں اتارنے کے لیے نشانہ بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے جو کاغذ پر بی جے پی کے قانون ساز بنے ہوئے ہیں۔۔۔ آئی اے این ایس
دراصل بی جے پی کو غصہ اس بات کا ہے کہ ترنمول کانگریس اس کے بال کو اس کی پچ پر اسی کے انداز میں کھیل رہی ہے، ورنہ ایسی باتیں تو الیکشن سے پہلے ہر جگہ ہوتی رہتی ہیں۔

 

٭ویتنام کے سب سے بڑے بینک فراڈ میں سزائے موت پانے والی ارب پتی پراپرٹی ٹائیکون67 سالہ ٹرونگ مائی لان جن پر سائیگون کمرشل بینک سے 44 ارب ڈالر کے قرضے لینے کا الزام ہے۔ استغاثہ کا دعوی ہے کہ ان میں سے 27 ارب ڈالر کی واپسی کا امکان بہت کم ہے۔ ٹرونگ مائی لان نے ویتنام کے سب سے بڑے بینک کو 11 سال کے دورانیے میں لوٹا اور اس جرم میں اب ان کو سزائے موت سنائی گئی ہے۔۔۔ بی بی سی اردو
بیچاری! اگر وہ بر صغیر میں پیدا ہوئی ہوتیں اور یہ کارنامہ یہاں انجام دیا ہوتا تو ضرور مرکزی حکومت میں وزیر ہوتیں یا اپنے صوبے کی وزیر اعلیٰ! افسوس صد افسوس!!

 

٭ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے اپنا منشور جاری کیا ہے، جس میں اس نے ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے اور خواتین کو سالانہ ایک لاکھ روپے دینے سمیت 24 وعدے کیے ہیں۔۔۔ یو این آئی اردو

میں بھی حیران ہوں اے داغؔ کہ یہ بات ہے کیا
وعدہ وہ کرتے ہیں آتا ہے تبسم مجھ کو

 

٭ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے مہاراشٹر کے لیے 40 اسٹار پرچارکوں کی ایک نظرثانی شدہ فہرست جاری کی ہے جس میں اس نے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار کے نام خارج کردیئے ہیں۔۔۔ آئی اے این ایس
آنے والے کل میں انہیں ان کی حیثیت سمجھانے کی ایک کامیاب کوشش ہے، افسوس! بیچارے! ابھی سے گھر کے نہ گھاٹ کے ہونے لگے ہیں!!

 

٭اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے کہا وہ ان رپورٹس سے سخت پریشان ہیں کہ اسرائیلی فوج کی بمباری کی مہم میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کو اہداف کی شناخت میں ایک آلے کے طور پر شامل کیا گیا ہے، خاص طور پر گنجان آباد رہائشی علاقوں میں۔۔۔ ڈی ڈبلیو ارد

تو بھی سادہ ہے کبھی چال بدلتا ہی نہیں
ہم بھی سادہ ہیں اسی چال میں آ جاتے ہیں

 

٭تمل ناڈو نے ہمیں پیریار، انادورائی، کامراج اور کلینجر جیسے عظیم دماغ عطا کیے ہیں۔ اس نے ہندوستان اور دنیا بھر میں سماجی انصاف کی لڑائی کو متاثر کیا ہے۔ اور یہ ہماری جمہوریت کو بچانے کی اس جنگ میں سب سے آگے ہے۔ جب بھی میں یہاں آتا ہوں، محبت اور عاجزی کے ساتھ، مجھے اس کی بھرپور تاریخ، ثقافت اور زبان پر حیرت ہوتی ہے۔ نریندر مودی کو بھول جائیں، اس کرہ ارض کی کوئی طاقت تمل ناڈو کے لوگوں کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔۔۔ کانگریس رہنما راہل گاندھی
ایک سیاست دان سے اتنی سچ بیانی! حیرت ہے!!

موذن مرحبا بر وقت بولا
تری آواز مکے اور مدینے

 

٭ تجارت اور صنعت کی وزارت نے ای کامرس کمپنیوں کو ایک ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے پورٹل اور پلیٹ فارمز پر ‘ہیلتھ ڈرنکس’ کے زمرے سے بورن ویٹا سمیت تمام مشروبات کو ہٹا دیں۔۔۔ آئی اے این ایس
لگتا ہے ان مشروبات والوں نے طاقت کے فارمولے میں توازن قائم نہیں رکھا، اگر توازن قائم رکھتے تو یہ نوبت نہ آتی، سمجھا کریں!!

 

٭ایران جلد ہی اسرائیل پر حملہ کرنے والا ہے، یہ بات صدر بائیڈن نے نامہ نگاروں سے گفتگو میں کہی ہے۔ ایران نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ دمشق میں اپنے قونصل خانے پر اسرائیلی حملے کے جواب میں کارروائی کرے گا۔ امریکہ نے اسرائیل کے لیے اپنی مضبوط حمایت کا اظہار کیا ہے اور ایران کو کہا ہے کہ وہ خطے میں تنازعہ بڑھانے کے لیے دمشق حملے کو عذر نہ بنائے۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
انکل سام اور اس کے حواریوں کی مکاری پر عش عش کرنے کو دل چاہتا ہے۔ در حقیقت یہ سب آپس میں ملے ہوئے ہیں اور دنیا کو الو بنا رہے ہیں۔ یاد رکھیں اگر ایران اور اسرائیل میں جنگ چھڑ گئی تو فلسطین کا مسئلہ پیچھے چلا جائے گا اور انہیں بس کسی بھی طرح ایران اسرئیل جنگ بندی کی پڑی ہوئی ہوگی۔

 

٭ کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر مرکزی ایجنسیوں پر قبضہ کر کے مالی اجارہ داری قائم کرنے کا الزام لگاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) آئندہ لوک سبھا انتخابات میں 180 سیٹوں کے اعداد و شمار کو عبور نہیں کر سکے گی مسٹر گاندھی نے پارٹی کا منشور جاری کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے کہا”جس طرح بندرگاہوں، انفراسٹرکچر اور دفاعی شعبے میں اڈانی کی اجارہ داری ہے، اسی طرح مسٹر مودی سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی)، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور انکم ٹیکس (آئی ٹی) محکمہ کا استعمال کرکے مالیاتی اجارہ داری قائم کرنا چاہتے ہیں۔۔۔ یو این آئی اردو
لگتا ہے راہل بابا نے تہیہ کر ہی لیا ہے کہ جیت گئے تو تخت نہیں تو جیل، جب ہے ہی تو ڈر کا ہے کا!!

 

٭ گزشتہ انتخابات کی طرح تریپورہ میں حکمراں بی جے پی آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لیے انتخابی مہم کے دوران سوشل میڈیا کے استعمال کو ترجیح دے رہی ہے۔۔۔ آئی اے این ایس
کہیں ایسا تو نہیں کہ اس بار بھی عوام سے راست سامنا کرنے کی ہمت نہ جٹا پا رہی ہو!!

 

٭بھارت:لوک سبھا کی 543 نشستوں میں سے 65 ایسی ہیں جہاں مسلمانوں کی آبادی 30 سے 80 فی صد تک ہے۔ یہ حلقے اترپردیش، آسام، بہار، کیرالہ، جموں و کشمیر، مغربی بنگال اور تیلنگانہ وغیرہ میں ہیں۔ جب کہ 35-40 سیٹیں ایسی ہیں جن پر مسلمانوں کی قابلِ لحاظ آبادی ہے، اب کے لوک سبھا انتخابات میں مسلمان ووٹرز اپنا وزن کس پلڑے میں ڈالیں گے؟۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
مسلمان بہت سیدھے ہوتے ہیں، وہ بانٹ کر دینے میں یقین رکھتے ہیں،اس بار بھی وہ ووٹ تمام پارٹیوں کو بانٹ کر دیں گے اور کسی کا دل نہیں توڑیں گے، سمجھے!!

 

٭دو خبر: آسام کے ڈبرو گڑھ ضلع میں ایک 55 سالہ خاتون نے اپنے 35 سالہ بیٹے سے مبینہ طور پر بار بار بدسلوکی کا سامنا کرنے کے بعد اس کو قتل کر دیا اور پولیس کے آگے خودسپردگی کردی۔ حیدرآباد کے مضافات میں نشے کے عادی شخص نے اپنے والد کو آگ لگا کر ہلاک کر دیا۔۔۔ آئی اے این ایس
آخرت کی جوابدہی کا احساس اور حالات پر صبر سے عاری زندگی میں رشتوں کا تقدس کیسے ختم ہوجاتا ہے یہ خبریں اس کی مثال ہیں، اللہ ہمیں سمجھ دے!

 

٭کانگریس نے 2024 کے انتخابات کے لیے ’ہاتھ بدلے گا حالت‘ کے نعرے کے ساتھ اپنا منشور جاری کیا اور کہا کہ یہ ’نیائے پتر‘ ہے جو ملک کے لوگوں کو پانچ نیائے (انصاف) کے ساتھ 25 گارنٹیاں دیتا ہے اور غریبوں کی خوشحالی کا وعدہ کرتا ہے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی، پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی، منشور کمیٹی کے چیئرمین پی چدمبرم اور پارٹی کے جنرل سکریٹری تنظیم کے سی وینوگوپال نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں مشترکہ طور پر کانگریس کا منشور جاری کرتے ہوئے کہا کہ منشور انصاف کی گارنٹی دیتا ہے، اس لیے اسے ’نیائے پتر‘ کہا گیا ہے۔۔۔ یو این آئی اردو

میں اس کے وعدے کا اب بھی یقین کرتا ہوں
ہزار بار جسے آزما لیا میں نے

 

٭مکڈونلڈز نے اسرائیل میں موجود اپنے تمام ریسٹورینٹ ایک مقامی کمپنی سے واپس خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسرائیل میں مکڈونلڈز کی فرنچائز چلانے والی کمپنی الونیال لمیٹڈ نے اسرائیلی فوجیوں میں مفت کھانا تقسیم کیا تھا جس کے بعد کئی ملکوں میں مکڈونلڈز کے بائیکاٹ کی مہم شروع ہو گئی تھی۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
یعنی جب پیٹ پر لات پڑی تو ساری سیاست دھری کی دھری رہ گئی اور عوام کی مرضی کے آگے سر جھکانا پڑا۔ یہ ہے عوامی طاقت کی جیت، خوب۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

You may also like

Leave a Comment