اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی
٭دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو جمعرات کی رات انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے شراب پالیسی معاملے میں گرفتار کر لیا اور انہیں، ان کی سرکاری رہائش گاہ پر دو گھنٹے سے زیادہ پوچھ گچھ کے بعد ایجنسی کے دفتر لے جایا گیا۔۔۔ آئی اے این ایس
ہیہات! ہیہات!! اونٹ کو پہاڑ کے نیچے لانے کی دھن میں لگے لوگ تو یہ دیکھنا بھول ہی گئے کہ اونٹ کا قد تو پہاڑ سے بھی اونچا ہے!
٭ایک نئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ ڈیپ فیکس، متعدد عناصر کی توثیق (ایم ایف اے) کے تھکا دینے والے حملے اور پیچیدہ رینسم ویئر کے واقعات کو بھارت میں 2024 کے لیے آنے والے خطرات کے طور پر شناخت کیا گیا ہے جس پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔۔۔ آئی اے این ایس
کوئی بات نہیں، بھارت واسی گزشتہ دس سال میں اتنے خطرات جھیل چکے ہیں کہ انہیں اب نئے خطرات سے ڈرانا عبث ہے۔
اب نہیں کوئی بات خطرے کی
اب سبھی کو سبھی سے خطرہ ہے
٭ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل غزہ میں اسرائیل اور حماس کے مابین جنگ میں فوری فائر بندی سے متعلق ایک قرارداد منظور کرنے میں پھر ناکام ہو گئی ہے۔ یہ قرارداد امریکہ کی طرف سے پیش کی گئی تھی، جسے روس اور چین نے ویٹو کر دیا۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو
عجب ناٹک چل رہا ہے، کبھی یہ ویٹو کردیتا تو کبھی وہ ویٹو کر دیتے ہیں! اس ویٹو کی چکر میں انسانی زندگیاں مذاق بن کر رہ گئیں ہیں، خدا رحم کرے!!!
٭ انتخابی بانڈز نے بی جے پی کو بے نقاب کر دیا ہے۔ اب جب کہ تفصیلات کا انکشاف ہوا ہے، وہ اپوزیشن لیڈروں کو نشانہ بنا کر میڈیا اور لوگوں کا رخ موڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔۔۔ سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو
اکھلیش جی! کھسیانی بلی کھمبا بھی نہیں نوچے تو بتائیے اور کیا کرے؟
٭بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران، ہم نے سماجی انصاف کے بارے میں بات کی۔ اگلے انقلابی قدم میں ذات پات کی مردم شماری، معاشی سروے، اداروں کا سروے اور ملک کے نظام اور اداروں میں ہندوستان کی %90 آبادی کی شرکت کی سطح کا پتہ لگانا شامل ہے۔ ہم نے یہ انقلابی کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا وعدہ ہم نے انتخابی منشور میں کیا ہے۔۔۔ کانگریس لیڈر راہول گاندھی
راہل جی ذرا سنبھل کر، مفلر انکل کے بعد آپ کا نمبر بھی نکل سکتا ہے کیونکہ
تیری زبان کترنا بہت ضروری ہے
تجھے مرض ہے کہ تو بار بار بولتا ہے
٭ روس کی سکیورٹی سروسز کے مطابق دارالحکومت ماسکو کے ایک کانسرٹ ہال میں حملے سے کم از کم 93 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں ادھر امریکہ نے کہا ہے کہ اس ماہ کے اوائل میں روس کو ممکنہ حملے کے بارے میں خبردار کیا گیا تھا۔۔۔ بی بی سی اردو
کہیں یہ کسی بڑے مسئلے پر سے دنیا کا دھیان بھٹکانے کی سازش تو نہیں! انکل سام سے کچھ بھی ممکن ہے۔
٭نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار گروپ) کے سربراہ شرد پوار نے کہا ہے کہ عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی گرفتاری سے پتہ چلتا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اقتدار کے لئے کس حد تک جا سکتی ہے۔۔۔ یو این آئی اردو
ابھی تو شروعات ہے پوار جی! ابھی آپ نے حد دیکھی کہاں ہے؟ ابھی سے گھبرا گئے!!
ابتدائے عشق ہے روتا ہے کیا
آگے آگے دیکھیے ہو تا ہے کیا
٭ سپریم کورٹ کی جانب سے تروکوئلور کے ایم ایل اے کے پونموڈی کو وزراء کی کونسل میں دوبارہ شامل کرنے کے لیے 24 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دینے کے ایک دن بعد، تمل ناڈو کے گورنر آر این روی نے جمعہ کی سہ پہر راج بھون میں ایک تقریب میں انہیں حلف دلایا۔۔۔ ٹائمز آف انڈیا
عدالت عالیہ نے کان اینٹھے تو عقل ٹھکانے لگی، خوب!
دل میں امید کی کرن ہے ابھی
ابھی آئین باقی ہے صاحب
٭ مسلم فلانتھراپی انیشیٹو کے مطابق ہر سال امریکی مسلمان اندازاً ایک ارب 80 کروڑ ڈالر کی زکواۃ دیتے ہیں جس میں زیادہ تر رمضان میں دیتے ہیں یا اس کا وعدہ کرتے ہیں۔ امریکہ میں تقریباً 35 لاکھ مسلمان ہیں جو ملک کی آبادی کا تقریباً ایک اعشاریہ ایک فی صد حصہ ہیں۔۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
صنم خانوں میں کعبہ کے پاسبانوں کی موجودگی کا احساس یقیناً فرحت بخش ہے۔ ماشاء اللہ!
٭ میں کانگریس کے چھ سابق ایم ایل ایز(ہما چل پردیش کے) کا دنیا کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بی جے پی میں خیرمقدم کرنا چاہوں گا۔ بی جے پی نہ صرف دنیا کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے بلکہ دنیا کے سب سے مقبول لیڈر وزیر اعظم مودی کی بھی پارٹی ہے، اور ہم سب خوش قسمت ہیں کہ ہمیں ان کے ماتحت کام کرنے کا موقع ملا۔۔۔ مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر
منتری جی! ذرا سنبھل کر، بانس پر چڑھانے کی بھی حد ہوتی ہے۔ اتنا بھی اوپر نہیں کہ بانس ہی ٹوٹ جائے
اتنی نہ بڑھا پاکیء داماں کی حکایت
دامن کو ذرا دیکھ ذرا بند قبا دیکھ
٭بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات کے لئے اپنے اتحادی میگھالیہ کی دو پارلیمانی سیٹوں پر نیشنل پیپلز پارٹی (این پی پی) کے امیدواروں، بیرونی منی پور لوک سبھا سیٹ پر ناگا پیپلز فرنٹ (این پی ایف) کے امیدوار اور نیشنلسٹ ڈیموکریٹک پروگریسو پارٹی (این ڈی پی پی) ناگالینڈ کی واحد لوک سبھا سیٹ کے امیدوار کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا۔۔۔ آئی اے این ایس
کیا کریں مجبوری ہے، ورنہ دنیا کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی کی ان ریاستوں میں حقیقت طشت از بام ہوجاتی۔
٭ جرمنی میں شرح پیدائش 2009ء کے بعد اپنی کم ترین سطح پرپہنچ چکی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق کورونا کی عالمی وبا کے اثرات، جغرافیائی و سیاسی غیر یقینی صورتحال اورموسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے لوگ والدین بننے سے کترا رہے ہیں۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو
افسوس والدین بننے سے کترانا انسانیت کے لئے باعث ننگ حرکت ہے۔ نام نہاد ترقی یافتہ بننے اورکہلوانے کی چکر میں خدا اور اس پر یقین کو اپنی زندگی سے نکالنے کے بعد یہی المیہ ہر سماج کا مقدر ہے۔ بقول اقبال
تمھاری تہذیب اپنے خنجر سے آپ ہی خود کُشی کرے گی
جو شاخِ نازک پہ آشیانہ بنے گا، ناپائدار ہو گا
٭مرکزی تفتیشی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے چنگل میں پھنسے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے سماعت سے قبل ہی اپنی گرفتاری کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر رٹ پٹیشن واپس لے لی جسٹس سنجیو کھنہ، جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس بیلا ایم ترویدی پر مشتمل خصوصی بنچ کے سامنے مسٹر کیجریوال کا فریق پیش کرتے ہوئے سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے ٹرائل کورٹ میں ای ڈی کی حراست سے متعلق سماعت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ رٹ پٹیشن واپس لینا چاہتے ہیں۔۔۔ یو این آئی اردو
یعنی مفلر انکل نے اب آنے والے انتخابات میں وکٹم کارڈ کھیلنے کا تہیہ کر لیا ہے، دیکھتے ہیں ان کو کرپٹ ثابت کرنے کی چانکیہ نیتی پر ان کی یہ سیاسی چال کس حد تک بھاری پڑتی ہے، انتظار کیجئے جون چار تک!!
٭اڈیسہ کی حکمراں جماعت بی جے ڈی کے ساتھ اتحاد کی تمام قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے، بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر منموہن سمل نے اعلان کیا کہ ان کی پارٹی ریاست میں آنے والے لوک سبھا اور اسمبلی کے انتخابات اکیلے ہی لڑے گی۔۔۔ آئی اے این ایس
لگتا ہے انگور کھٹے ہیں والا معاملہ ہے یا کوئی چانکیہ نیتی! ورنہ صاحب کی پارٹی اور اتنی جلدی ہتھیار ڈال دے، ہو ہی نہیں سکتا!اور ویسے بھی اڈیسہ میں بی جے ڈی جیتے یا بی جے پی کیا فرق پڑتا ہے، سمجھا کرو!!
٭ پانی کے عالمی دن کے موقع پر اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں جمعے کو خبردار کیا گیا کہ دنیا کو اپنے میٹھے پانی کے وسائل کو بہتر طریقے سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے، تاہم ان مسائل کو حل کرنے کے لیے نئی ٹیکنالوجیز،کا استعمال سنگین مسائل پیدا کر سکتا ہے۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
فطرت کو فطری ذرائعے سے فطری طور پر استعمال کریں، کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوگا، مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب آپ فطرت سے کھلواڑ کی کوشش کرتے ہیں سمجھے!!
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔