Home » تلخ و تُرش

تلخ و تُرش

by زبان خلق
0 comment

اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی

٭وزیر اعظم نریندر مودی نے عالمی یومِ خواتین کے موقع پر ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں 100 روپے کی کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک بھر کے لاکھوں خاندانوں پر مالی بوجھ کافی کم ہوجائے گا، ، خاص طور پر خواتین کو اس سے فائدہ ہو گا مسٹر مودی نے سوشل میڈیا ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا”آج یومِ خواتین کے موقع پر ہماری حکومت نے ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں 100 روپے کی کمی کا فیصلہ کیا ہے”۔۔۔ یو این آئی اردو

پہلے تلوارسےگھاؤ لگانا اور پھرچھوٹا سا فرسٹ ایڈ بینڈیڈ دے کر احسان جتانا، آپ کے اس  ہنر  پر قربان صاحب! آپ نے تو ستم ظریفی کی حد ہی کر دی!!

 

٭بھارت جوڑو نیائے یاترا: "بی جے پی اور آر ایس ایس نفرت پھیلا رہے ہیں، اور ایک بھائی کو دوسرے بھائی سے لڑا رہے ہیں۔ اس لیے، یہ نظریات کی جنگ ہے،” کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی نے گجرات کے بھروچ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔۔۔ پی ٹی آئی

بھائی کو بھائی سے لڑانے میں کبھی آپ کی پارٹی بھی بڑی ماہر ہوا کرتی تھی راہل بابا! رہی نظریات کی جنگ کی بات؟ ابھی آپ نے جنگ شروع کی ہی کہاں ہے؟ ابھی تو مبارزہ چل رہا ہے، جب گھمسان کا رن پڑے گا تب دیکھیں گے کہ جنگ کس بات پر ہے!!

 

٭ جرمن شہر فرینکفرٹ میں مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان میں پہلی بار ایک مرکزی سڑک پر تہنیتی چراغاں کیا جائے گا۔ مقامی مسلمانوں نے اس اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

اسلامو فوبیا کے گھٹا توپ اندھیرے میں امید کی ایک کرن۔

مرے جنوں کا نتیجہ ضرور نکلے گا

اسی سیاہ سمندر سے نور نکلے گا

 

٭انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی-ایس پی ایم ایل اے روہت آر پوار کی 50 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کی زمینیں اور جائیدادیں ضبط کیں۔۔۔ آئی اے این ایس

یعنی کہیں یہ مہاشے، لوک سبھا انتخابات میں زیادہ نہ پھیلیں، اس لئے ان کے نٹ بولٹ کسنے کا کام شروع ہو چکا ہے۔ صاحب اور ان کی چانکیہ نیتی کا سچ میں کوئی جواب نہیں!!

 

٭ وزیر اعظم نریندر مودی کے دو روزہ دورے پر آسام پہنچنے کے فوراً بعد، مختلف طلبہ تنظیموں اور سیاسی جماعتوں نے 2019 کے شہریت (ترمیمی) ایکٹ (سی اے اے) کے خلاف اپنے احتجاج کو تیز کر دیا۔16 جماعتوں پر مشتمل متحدہ اپوزیشن فورم، آسام (یو او ایف اے) کے اراکین نے کوہورا سے تقریباً 50 کلومیٹر دور کالیا بورتینیالی میں دھرنا مظاہرہ کیا، جہاں پی ایم رات گزار رہے ہیں۔آل آسام اسٹوڈنٹس یونین اور 30 دیگر تنظیموں نے 2019 میں ریاست میں سی اے اے مخالف تحریک کے دوران اپنی جانیں گنوانے والے پانچ افراد کی یاد میں چراغ جلائے۔۔۔ پی ٹی آئی

لیکن گودی میڈیا تو بھگتوں کو کچھ اور ہی کہانی پروس رہا ہے۔ جنگل سفاری ہورہی ہے، ہاتھیوں کو گنا کھلایا جارہاہے۔ نئے ڈیولپمنٹ پراجکٹ لانچ ہورہےہیں۔ نیشنل میڈیا میں سی اے اے کے خلاف احتجاج تو کہیں نظر ہی نہیں آرہا ہے۔ پی ٹی آئی والوں کو چاہئے کہ اچھی طرح تحقیق کر کے خبریں لگائیں، یہ کیا ؟ صاحب کے خلاف کچھ بھی!!!

 

٭ امریکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پرامن تعلقات کا خواہاں۔ امریکہ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور بھارت دونوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان پرامن اور تعمیری تعلقات دیکھنا چاہتا ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

بخشو بی بلی چوہا لنڈورا ہی بھلا! انکل سام امن کا خواہاں؟ ہو ہی نہیں سکتا۔ اس بات میں ضرور اس کا کچھ اور ہی مطلب ہے جسے بین السطور پڑھنے والے خوب سمجھتے ہیں۔

 

٭کسی ایک شخص کو بھی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے نہیں دیں گے۔۔۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ

یعنی پھر سے غریبی ہٹاؤ کانعرہ! ہائے یہ نیتا!

وہ تازہ دم ہیں نئے شعبدے دکھاتے ہوئے

عوام تھکنے لگے تالیاں بجاتے ہوئے

 

٭سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کے سینئر لیڈر سریش پچوری  بھوپال میں سری رام مندر پران پرتسٹھا تقریب کے سلسلے میں کانگریس کے موقف سے اختلاف کا دعویٰ کرتے ہوئے آج اپنے کئی سینئر حامیوں کے ساتھ کانگریس چھوڑ کر بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہوگئے۔۔۔ یو این آئی اردو

اسے کہتے ہیں لوٹ کے بدھو گھر کو آئے، رام مندر تو بس بہانا ہے، مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو ہرانے کے بعد در حقیقت ان کا مشن مکمل ہوگیا تھا۔ اب انعام کا وقت ہے، کیا سمجھے!!

 

٭ بھارتی وفد کی وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات اور اقتصادی اور راہداری جیسے امور پر بات چیت ہوئی۔ کابل حکومت کے ساتھ براہ راست اور سرکاری سطح پر نئی دہلی کے رابطے کی یہ تازہ ترین کڑی ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

سمجھنے ہی نہیں دیتی سیاست ہم کو سچائی

کبھی چہرہ نہیں ملتا کبھی درپن نہیں ملتا

 

٭ روہنی سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایم ایل اے، وجیندر گپتا نے دہلی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ جاری بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن کو ایک بھی سوال اٹھانے کا موقع نہیں دے رہی ہے۔۔۔ آئی اے این ایس

اس میں غصہ اور تعجب کی کیا بات ہے نیتا جی! پارلیمنٹ میں آپ کی پارٹی جو کرتی ہے عآپ والوں نے بس اس کی کامیاب تقلید ہی تو کی ہے!!

 

٭ پاکستان کی جانب سے اقوامِ متحدہ میں افغان طالبان پر تنقید کا معاملہ سیاسی اور سفارتی حلقوں میں زیرِ بحث ہے۔ بعض ماہرین کہتے ہیں کہ کالعدم تحریکِ طالبان کے خلاف کارروائی نہ ہونے پر پاکستان افغان طالبان سے نالاں ہے جس کا اظہار عالمی فورم پر کیا گیا ہے۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

یہ تلخیاں یوں ہی نہیں بڑھی ہیں، دونوں  طرف کے کچھ حلقے اسے بڑھاوا دے رہے ہیں، لیکن یہ مستقبل کے لئے خطرناک ہے۔ ہماری  اس پر بس اتنی صلاح ہے بقول بشیر بدر

دشمنی جم کر کرو لیکن یہ گنجائش رہے

جب کبھی ہم دوست ہو جائیں تو شرمندہ نہ ہوں

 

٭کانگریس کو شمال مشرق میں جو کام کرنے میں 20 سال لگتے، وہ ہم نے پچھلے پانچ سالوں میں کیا:۔۔۔ وزیر اعظم نریندر مودی

بے شک! بے شک!! اس کے لئے تو منی پور کی مثال ہی کافی ہے!!

 

٭تلگو دیشم پارٹی کے صدر این چندرابابو نائیڈو اور جنا سینا پارٹی کے لیڈر پون کلیان نے قومی دارالحکومت میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی صدر جے پی نڈا سے ملاقات کی اور پارٹی اتحاد پر بات چیت کی ۔۔۔ آئی اے این ایس

جیل کی ہوا کھانے کے بعد اچھے اچھوں کے سر سے سیکولرازم کا بھوت اتر گیا۔ یہ بیچارے نائیڈو کیا چیز ہیں!! الیکشن تک دیکھنا اور بھی بہت سارے چہروں سے نقاب اتریں گے!

 

٭ امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب میں کہا ہے کہ غزہ میں 30 ہزار سے زائد لوگ مارے جا چکے ہیں۔ لوگ خوراک، پانی اور ادویات سے محروم ہیں۔ اسرائیل کو غزہ میں مزید امداد کی اجازت دینی چاہیے۔ انسانی بنیادوں پر امداد دوسری ترجیح نہیں ہو سکتی۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

ایک اچھے خاصے آباد شہر کو اجاڑ کر، اسے اجڑے شہر کا نام دے کر وہاں کے مظلوموں کو امداد کے نام پر بھیک!

پہلے رگ رگ سے مری خون نچوڑا اس نے

اب یہ کہتا ہے کہ رنگت ہی مری پیلی ہے

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

You may also like

Leave a Comment