Home » تلخ و تُرش

تلخ و تُرش

by زبان خلق
0 comment

اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی

٭سماج وادی پارٹی پی ڈی اے خاندان کے ساتھ ہندوستان اتحاد کو وسعت دینے کی مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ آنے والے دنوں میں اتر پردیش سے بی جے پی کا صفایا ہو جائے گا۔ تنظیم کے ارکان "80 ہراؤ، لوک تنتر بچاؤ” کے نعرے کے ساتھ گاؤں گاؤں جائیں گے۔۔۔ صدر سماج وادی پارٹی اکھلیش یادو

نیتاجی! حکمت عملی اور نعرہ تو ٹھیک ہے، لیکن جب تک صف بندی مکمل نہیں ہوجاتی کچھ بھی کہنا مشکل ہے۔ اس لئے زیادہ شیخی مت بگھارئیے ، کہیں لینے کے دینے نہ پڑجائیں۔

 

٭پچھلے 10 سالوں میں ملک کے 25 کروڑ لوگ غربت سے باہر آئے ہیں۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ہماری حکومت کی سمت، پالیسیاں اور فیصلے درست ہیں، اور اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ارادہ درست ہے۔۔۔ مغربی بنگال کے آرام باغ میں وزیر اعظم مودی

اس پر اب کیا کہیں ، سب جانتے ہیں کہ

میں سچ کہوں گا مگر پھر بھی ہار جاؤں گا

وہ جھوٹ بولے گا اور لاجواب کر دے گا

 

٭آر جے ڈی لیڈر اور بہار کی سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی نے مہاگٹھ بندھن کے باغی ایم ایل اے پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ انہوں نے اپنی عزت 10 سے 20 کروڑ روپے میں بیچ دی ہے۔۔۔ آئی اے این ایس

یہ امرت کال ہے اور اس  میں قدر عزت کی نہیں پیسوں کی ہوتی ہے، مہاگٹھ بندھن کے باغی ایم ایل اے گیانی ہیں جو انہوں نے اپنی قدر پہچان لی اوراس کی قیمت وصول بھی کر لی۔امرت کال زندہ باد!

 

٭ایک اہم پیشرفت میں، کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے متنازعہ سماجی-اقتصادی اور تعلیمی سروے رپورٹ کو قبول کر لیا ہے، جسے ذات مردم شماری رپورٹ بھی کہا جاتا ہے۔۔۔ آئی اے این ایس

آنے والے لوک سبھا الیکشن کے لئے مکھیا منتری جی کا ایک ماسٹر اسٹروک! حزب اختلاف کی ابھی سے کراہیں نکلنی شروع ہوگئی ہیں!!

 

٭امریکی تفتیشی ادارے (ایف بی آئی) نے خبر دار کیا ہے کہ امریکہ کے متعدد حریف ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے اس سال نومبر کے الیکشن کے عمل میں تیزرفتار کارروائیوں سے مداخلت کرنے کی کوشش کریں گے۔ ڈائریکٹر ایف بی آئی کرسٹوفر رے نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ نومبر میں جب ووٹرز یہ سوچ رہے ہوں گے کہ وہ کسے ووٹ دیں تو ایسے میں الیکشن عمل میں مداخلت کی کوشش کی جائے گی۔ کیوں کہ آرٹیفیشل انٹیلی جینس جیسی ٹیکنالوجیز خطرات کے منظرنامے کو تبدیل کر رہی ہیں۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

یعنی بہت جلد انکل سام کا اونٹ بھی پہاڑ کے نیچے آنے والا ہے، ہائے افسوس! جس کی پوری زندگی دوسروں کے معاملات میں ٹانگ اڑاتے گزری اب حقیقی نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت اس کے معاملات میں شب خون مارنے کی تیاری کر رہی ہے!!

 

٭کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی ’ڈبل انجن‘ حکومت کے نعرے پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ اتر پردیش میں ہر روز جس طرح کے واقعات ہو رہے ہیں اس سے ثابت ہوتا ہے کہ بی جے پی کی ’ڈبل انجن‘ حکومت ’جنگل راج‘ کی گارنٹی ہے۔۔۔ یو این آئی اردو

راہل جی! ڈبل انجن کا نعرہ بس ایک جملہ ہے، دس سال ہوگئے آپ ابھی تک جملے اور حقیقت کے فرق کو نہیں سمجھ سکے، تعجب ہے!!

 

٭تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے وزیر اعظم نریندر مودی کے اس بیان پر سوال اٹھایا ہے کہ ان کی حکومت ریاست میں مرکزی حکومت کی اسکیموں میں رکاوٹ ڈال رہی ہے، اور ان سے مثالیں درج کرنے کو کہا۔۔۔ آئی اے این ایس

صاحب سے مثال؟! ارے وہ اپنی مثال آپ ہیں!اس امرت کال میں نہ ان کی کوئی مثال ہے نہ ان کی کسی بات کی کوئی مثال! سمجھےاسٹالین جی!

 

٭سماج وادی پارٹی (ایس پی) نے الیکشن کمیشن (ای سی) سے کہا ہے کہ لوگوں کا الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) سے اعتماد اٹھ گیا ہے اور پولنگ میں بیلٹ پیپر کا استعمال کیا جانا چاہئے۔۔۔ آئی اے این ایس

جس طرح کچھ دنوں سے نیتاؤں میں چولا بدلنے کی سیاست زوروں پر ہے اس سے ان پر بھی لوگوں کا اعتماد اٹھ گیا ہے، تو کیا انہیں بھی اب گھر کی راہ دکھادیں؟

 

٭غزہ پٹی کے فلسطینی علاقے میں گزشتہ تقریباﹰ پانچ ماہ سے عسکریت پسند  تنظیم حماس کے خلاف جاری اسرائیلی زمینی اور فضائی کارروائیوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد اب تیس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

ہائے افسوس! ظلم کی یہ طویل رات کب اختتام کو پہنچے گی؟!

جب ظلم گزرتا ہے حد سے قدرت کو جلال آجاتا ہے

فرعون کا جب سر اٹھتا ہے موسیٰ کوٸی پیدا ہوتا ہے

 

٭ہماچل پردیش میں سیاسی بحران تقریباً ٹل جانے کے ایک دن بعد، وزیر اعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو نے کہا ہے کہ کانگریس کے کچھ ایم ایل ایز نے اپنی روح بیچ دی اور راجیہ سبھا انتخابات میں کراس ووٹ کرنے کے لیے پارٹی اخلاقیات کے خلاف چلے گئے۔۔۔ آئی اے این ایس

جنگ اور سیاست میں سب جائز ہے مکھیا منتری جی! اخلاقیات اور روح عوامی چونچلے ہیں، نیتالوگ اس سے ماورا ہوتے ہیں سمجھا کریں!

 

٭اپیکس ہسپتالوں کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ایک منفرد کیس میں، ایک نیورو سرجن کے ذریعے دماغ کا ایک حصہ نکالنے کے بعد ممبئی کی ایک نوجوان خاتون 12 سالہ مرگی سے ٹھیک ہو گئی ہے۔۔۔ آئی اے این ایس

اس کا مطلب زندہ رہنے کے لئے کچھ خاص حالات میں دماغ کا نکالنا بھی بے حد ضروری ہوجاتا ہے بقول اقبال

اچھا ہے دل کے ساتھ رہے پاسبان عقل

لیکن کبھی کبھی اسے تنہا بھی چھوڑ دے

 

٭کانگریس-سماج وادی پارٹی کے اتحاد کو ایک جھٹکا دیتے ہوئے اسد الدین اویسی کی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) نے اتر پردیش میں لوک سبھا کی سات سیٹوں پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔۔۔ آئی اے این ایس

یعنی سات کے بہانے صاحب کو ستر(70) کا تحفہ دینے کا فیصلہ، سچ میں صاحب بہت خوش قسمت ہیں وہ دشمن سے بھی اپنا فائدہ کشید کر لیتےہیں۔

 

٭روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ اگر مغربی ممالک یوکرینی جنگ کو وسعت دیتے ہیں، تو جوہری جنگ کے "حقیقی” خطرات موجود ہیں۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

نری دھمکی ہے۔ ایسا کچھ نہیں ہوگا۔ سائبیریا کا ریچھ صرف دھمکانا اور ڈرانا جانتا ہے، یورپ کے برفانی لومڑیوں کے جھنڈ پر حملہ کرنے کی جراءت اس میں نہیں ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

You may also like

Leave a Comment