Home » تلخ و ترش

تلخ و ترش

by زبان خلق
0 comment

اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی

 

٭ بھارتیہ جنتا پارٹی کے بزرگ رہنما اور سابق نائب وزیر اعظم لال کرشن اڈوانی کو ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز بھارت رتن سے نوازا جائے گا۔۔۔ یو این آئی اردو

ہائے ہائے! شاگرد نے کمال ہوشیاری سے استاد کے سر پر ملک کے بڑےاعزاز کا تاج رکھ کر اپنی ساکھ بچا لی لیکن یہ سوال بھی کھڑا کردیا کہ کیا وہ اس اعزاز کے قابل بھی ہیں !؟

اب تو دروازے سے اپنے نام کی تختی اتار

لفظ ننگے ہو گئے شہرت بھی گالی ہو گئی

 

٭اگرچہ بی جے پی نے میگھالیہ میں کونراڈ سنگما کی زیرقیادت نیشنل پیپلز پارٹی (این پی پی) حکومت کے ساتھ دوسری بار اتحاد کر لیا ہے، لیکن پارٹی کی اعلیٰ قیادت سمیت کئی لیڈروں نے پچھلے سال فروری میں ریاستی انتخابات  کے موقع پرسنگما کو ملک کا سب سے کرپٹ وزیر اعلیٰ قرار دیا تھا۔۔۔ آئی اے این ا یس

تو کیا ہوا ! ہاتھی کے دانت دکھانے کے اور ہوتے ہیں کھانے کے اور!! سیاست میں دوستی اور دشمنی اصولوں پر نہیں کرسی کی خاطر ہوتی ہے اور کرسی کے لئے یہ نیتا کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔

 

٭ مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے چھندواڑہ لوک سبھا حلقہ سے الیکشن لڑنے کی قیاس آرائیوں پر کہا ہے کہ پارٹی فیصلہ کرے گی کہ لوک سبھا الیکشن کون لڑے گا۔۔۔ یواین آئی اردو

یہ بیان در حقیقت ہائی کمان کو آگاہ کرنے کے لئے ہے کہ وہ چھندواڑہ سے ہی الیکشن لڑنا چاہتے ہیں، واہ کیا ماہرانہ سیاسی چال ہے، کہیں پہ نگاہیں کہیں پہ نشانہ!!

 

٭اردن میں اپنے فوجی اڈے پر حملے کے جواب میں امریکہ نے شام اور عراق میں 85 اہداف پر فضائی کارروائیاں کی ہیں۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’ہمارا جواب شروع ہوگا۔ یہ جواب ہمارے چُنے ہوئے وقت اور مقامات پر دیا جائے گا۔۔۔بی بی سی اردو

پچھلے کچھ دہائیوں سے ہر امریکی  صدارتی الیکشن سے پہلے انکل سام کا مشرق وسطیٰ پر کسی نہ کسی بہانے ایسی کاروائیاں معمول بن گئی ہیں۔ پتہ نہیں یہ سلسلہ کب رکے گا اور اس کھیل کا انجام کس کے حق میں بہتر ہوگا۔

 

٭ تمل مانیلا کانگریس (ٹی ایم سی) کے رہنما اور سابق مرکزی وزیر جی کے واسن نے ایک ذرائع  کے مطابق اے آئی اے ڈی ایم کے اور بی جے پی کے درمیان پھر سے گٹھ جوڑ کا بیڑا اٹھایا ہے۔۔۔ آئی اے این ایس

اپنی کرسی بچانے کے چکر میں واسن جی! دیکھنا کہیں آخر میں "کھایا پیا کچھ نہیں گلاس توڑا بارہ آنے،” والی کیفیت نہ ہوجائے۔

 

٭ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بیروزگاری پر وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ الیکشن آتے ہی گارنٹی کی بات کرنے لگتے ہیں لیکن حقیقت تو یہ ہے کہ مودی روزگار کی نہیں ، بے روزگاری کی گارنٹی ہیں۔۔۔ یو این آئی اردو

پرینکا میڈم! صاحب جی بھلے سے غلط ہی سہی کچھ تو گارنٹی دے رہے ہیں، آپ تو ابھی تک اپنی الائنس کی گارنٹی بھی نہیں دے سکیں، آپ پر کیسے بھروسہ کریں؟!

 

٭اس ملک میں کیا ہو رہا ہے؟ بھانو پرتاپ (ای ڈی کے ذریعہ گرفتار محکمہ ٹیکس اہلکار) اور ہیمنت سورین کے درمیان کوئی لین دین، رابطہ، ٹیلی فون پر بات چیت یا ملاقاتیں نہیں ہیں۔ انہوں (ای ڈی) نے کس بنیاد پر ہیمنت سورین کو گرفتار کیا ہے؟” ۔۔۔ راجیہ سبھا رکن کپل سبل جھارکھنڈ کے سابق سی ایم ہیمنت سورین کی گرفتاری پر

گرفتاری کے لئے صاحب کی مخالفت اور ان کی بات نہ ماننے سے بھی بڑی کوئی وجہ ہو سکتی ہے کیا سبل جی؟!

 

٭اقوام متحدہ کے سیٹلائٹ سینٹر کے مطابق سیٹلائٹس سے حاصل شدہ نئی تصاویر کے تجزیے سے ظاہر ہوا ہے کہ غزہ پٹی کے فلسطینی علاقے میں اسرائیلی عسکری کارروائیوں کے نتیجے میں اس بہت گنجان آباد خطے کا تیس فیصد حصہ تباہ ہو چکا ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

افسوس صد افسوس! اس کے باوجود دنیا کے نام نہاد انصاف پسندوں کے منہ پر تالے لگے ہوئے ہیں۔ لیکن انہیں یاد رکھنا چاہئے کہ ایک عدالت ایسی بھی ہے جہاں دیر ہے اندھیر نہیں

قریب ہے یارو روز محشر، چھُپے گا کُشتوں کا قتل کیونکر؟

جو چپ رہے گی زبانِ خنجر، لہو پکارے گا آستیں کا

 

٭وجے مالیا اور نیرو مودی جیسے ہائی پروفائل معاشی مجرموں کو ہندوستانی بینکوں سے ہزاروں کروڑ روپے کے غیر ادا شدہ قرض چھوڑ کر ملک سے فرار ہوکر  سرخیوں میں آئے کئی سال ہو چکے ہیں۔۔۔ آئی اے این ایس

تو کیا ہوا؟ بڑے لوگوں کی ایسی چھوٹی حرکتوں کو نظر انداز کرنے کے لئے بڑی اخلاقی جراءت کی ضرورت ہوتی ہے جو موجودہ سرکار کے پاس بہت ہے، سمجھا کریں! آدرش وادی سرکار اپنے چہیتوں کے لئے کیا اتنا بھی نہیں کرسکتی!

 

٭وزیر اعظم نریندر مودی نے عدالتی عمل میں ملک کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات ایک ملک میں انصاف کو یقینی بنانے کے لئے دوسرے ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔۔۔۔ یو این آئی اردو

بے شک بے شک! اورایسا کرنے سے کسی کے اندرونی معاملات میں مداخلت بھی نہیں ہوتی! (صاحب کے اس جملے کو نوٹ کر کے رکھا جائے-)

 

٭ وائی ایس جگن موہن ریڈی کو 2012 میں سی بی آئی نے ایک مبینہ غیر متناسب اثاثہ جات کے معاملے میں گرفتار کیا تھا جو اس وقت قومی سرخیوں میں آیا تھا اور آج تقریباً 12 سال گزرنے کے بعد بھی مرکزی ایجنسی کے ذریعہ درج کئے گئے 11 مقدمات میں سے کسی میں بھی ٹرائل شروع ہونا باقی ہے۔۔۔ آئی اے این ایس

جس کے سر پر صاحب کا ہاتھ ہو اس کا کوئی ایجنسی کیا بڑی سے بڑی عدالت بھی کچھ نہیں بگاڑ سکتی! سمجھا کریں!

 

٭چینی صدر شی جن پنگ نے افغانستان کے چین میں تعینات سفیر بلال کریمی سے ملاقات کی، بلال کریمی نے چینی صدر کو اپنے سفارتی دستاویزات پیش کئے ۔۔۔ ترکیہ اردو

یہ افغانستان اور چین کے بیچ چل کیا رہا ہے، اتنی گہری دوستی کا اظہار! ایک وہ جو مذہب کے خلاف عوام  کو کچلے ہوئے ہے اوردوسرا وہ جو مذہب کے نام پر عوام پر شکنجہ کسے ہوئے ہے پر دونوں کا ہدف ایک یعنی کرسی!

 

٭وہ ہمارے خلاف کوئی بھی سازش کر سکتے ہیں۔ میں بھی پختہ ہوں۔ میں جھکنے والا نہیں ہوں۔ وہ مجھے بی جے پی میں شامل ہونے کے لیے کہہ رہے ہیں یا پھر وہ مجھے اکیلا کر کے چھوڑ دیں گے۔ لیکن میں نے کہا کہ میں کبھی بی جے پی میں نہیں جاؤں گا، میں کبھی بھی بی جے پی میں شامل نہیں ہوں گا، بالکل بھی نہیں۔۔۔ عآپ سپریمو  اروند کیجروال

اس کا مطلب مستقبل قریب میں مفلر انکل کے تعلق سے نتیش جی جیسی ہی کوئی خبر ملنے والی ہے، انتظار کریں!!

 

٭آ ر جے ڈی کے رہنما اور بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو اپنی ریاست میں بھلے ہی بے حد مقبول ہوں، لیکن وہ بدعنوانی کے انمٹ داغ کو اپنے ساتھ لیے پھر رہے ہیں جو ان کے لئے سب سے بڑا سیاسی مسئلہ بنا ہوا ہے۔۔۔ آئی اے این ایس

یاد رہے یہ انمٹ داغ بدعنوانی کا نہیں ایک بھارت رتن کی یاترا میں روڑے اٹکانے کا خمیازہ ہے۔ ورنہ سیاست میں چارہ کون نہیں کھاتا! بیچارے لالو جی!!

 

٭ برطانیہ کے سرکاری تخمینوں کے مطابق ملک میں سن دو ہزار چھتیس تک امیگریشن کے ذریعے آبادی میں 6 ملین سے زائد کے اضافے کی امید کی جا رہی ہے۔ اس سے وزیر اعظم رشی سوناک کی آئندہ انتخابی مہم پر شدید دباؤ پڑ سکتا ہے۔۔۔ بی بی سی اردو

جیسی کرنی ویسی بھرنی۔ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ وہ دوسروں کے گھروں کو جلا کر سکون سے رہ سکتا ہے تو اسے یاد رکھنا چاہئے، اس کی وجہ سے بے خانماں ہوئےلوگ اس کے گھر پر قابض ہوسکتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

You may also like

Leave a Comment