Home » تلخ و ترش

تلخ و ترش

by زبان خلق
0 comment

اسانغنی مشتاق رفیقی، وانم باڑی

 

٭ وزیر اعظم نریندر مودی 75 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر کرتویہ پتھ پر منعقدہ پروگرام کے دوران ناظرین کے درمیان پہنچے اور ہاتھ ہلاکر ان کی مبارکبادی قبول کی۔۔۔ یو این آئی اردو

تم تکلف کو بھی اخلاص سمجھتے ہو فرازؔ

دوست ہوتا نہیں ہر "ہاتھ ہلانے” والا

 

٭ ہمارے آنجہانی وزیر اعظم راجیو گاندھی نے کہا تھا کہ ہمیں ملک میں ’رام راجیہ‘ لانا چاہیے۔ رام راجیہ کے لیے، یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم مختلف برادریوں، ذاتوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے اپنے تمام ووٹروں کو یکساں طور پر ترقی فراہم کریں۔ ہماری حکومت اور وزیر اعلی (سکھویندر سنگھ سکھو) اس کے لیے کام کر رہے ہیں۔۔۔ ہماچل پردیش کے وزیر وکرم آدتیہ سنگھ

کچھ الگ بولئے منتری جی!! صاحب کی نقالی کر کے آپ کا کچھ بھی بھلا نہیں ہونے والا، الٹا بچی کچی ساکھ سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے، سمجھا کریں!!

 

٭اہلیان غزہ کو پہلی قانونی فتح حاصل ہوگئی۔ عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کو قصور وار قرار دیا ۔ عالمی عدالت انصاف کے 17 ججز پر مشتمل بنچ نے درخواست پر 11 جنوری سے سماعت شروع کی۔فیصلہ سناتے وقت 16 ججز کمرہ عدالت میں موجود تھے۔۔۔ ترکیہ اردو

لیکن اس فیصلے کو نافذ کرنے کے لئے کیا عالمی عدالت انصاف کے پاس کوئی طاقت ہے؟ یا یہ دنیا بھر میں اسرائیل کے خلاف جو عوامی غصے کی لہر اٹھ رہی ہے اس کو شانت کرنے کی بس ایک عیارانہ چال ہے؟

 

٭ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے پارٹی کی کرناٹک قیادت سے کہا ہے کہ وہ پارٹی میں شامل ہونےکے لئے لائے جانے والے لیڈروں کے نظریے اور پس منظر کا  پہلے مناسب جائزہ لیں۔۔۔ آئی اے این ایس

اگر کانگریس یہ کام پہلے سے کرتی تو آج اس کی یہ درگت نہ ہوئی ہوتی۔ اچھا ہے اگر ابھی بھی عقل ٹھکانے پہ آجائے تو جو ساکھ بچی ہے وہ بچی رہ جائے گی ورنہ کانگریس بس ایک تاریخ بن کر رہ جائے گی۔

 

٭ تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے یوم جمہوریہ کی تقریبات کے دوران آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کو کوٹائی امیر فرقہ وارانہ ہم آہنگی ایوارڈ 2024 سے نوازا۔۔۔ آئی اے این ایس

ڈراوڑین ماڈل کبھی سمجھوتے کی سیاست نہیں کرتا، یہ اس کی ایک مثال ہے! لگے رہو منا بھائی!!

 

٭امریکی حکومت نے ترکیہ کو 40 نئے ایف سولہ لڑاکا طیاروں کی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔ امریکہ کا یہ فیصلہ رواں ہفتے ترکی کی جانب سے سویڈن کی مغربی عسکری اتحاد نیٹو میں رکنیت کی توثیق کے بعد سامنے آیا ہے۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

اس خبر کو اس پس منظر میں رکھ کر سوچئے! جس کی معیشیت کا دارو مدار جنگی ہتھیاروں کے فروخت پر ہو، کیا وہ دنیا سے جنگ کا خاتمہ کر کے امن بحال کرنے کی کوشش کرے گا۔

 

٭ لوگوں کو احساس ہونے لگا ہے کہ کانگریس کی حکمرانی کتنی خراب ہے۔ لہذا، ہم (بی آر ایس) کانگریس سے سوال کرتے رہیں گے اور ہم انہیں تلنگانہ کے عوام کے سامنے بے نقاب کرتے رہیں گے۔۔۔ بی آر ایس ایم ایل سی کویتا کلوا کنٹلا

 

یہی بات کل تک کانگریس، بی ارایس کے بارے میں کہتی تھی،یعنی  سیاست دانوں کی بھاشا کرسی پر اور، کرسی سے اترتے ہی اور، سمجھنے والوں کے لئے ایک نئی ضرب المثال!!

 

٭ امکان ہے کہ  بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اگلے ہفتے بی جے پی کی حمایت سے ریاست میں نئی حکومت تشکیل دے کر اپنے موجودہ اتحادیوں آر جے ڈی اور مہاگٹھ بندھن کے دیگر اراکین کو ایک بار پھر چھوڑ دیںگے۔۔۔ آئی اے این ایس

کرسی کے لئے کوئی کس حد تک جاسکتا ہے وہ سیکھنا ہے تو نتیش جی سے سیکھئے! اور ادھر بی جے پی خوش ہے کہ اس نے پالا مار لیا بقول شاعر

وہ کہیں بھی گیا لوٹا تو مرے پاس آیا

بس یہی بات ہے اچھی مرے ہرجائی کی

 

٭امریکہ کی قومی سلامتی کے مشیر جان کربی نے کہا ہے کہ آئی سی جے کا فیصلہ امریکہ کی اسی موقف سے مطابقت رکھتا ہے جس میں وہ بار بار کہتا رہا ہے کہ عام شہریوں کی ہلاکتیں محدود کرنے کے لیے اقدامات کیے جانے چاہیئیں۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو

انکل سام! یوں انگلی کٹا کے شہیدوں میں شامل ہونے کی کوشش مت کیجئے! دنیا جانتی ہے آپکا اصلی موقف کیا ہے اور آپ کتنے پانی میں ہیں!!

 

٭ کوئی بھی کانگریس کو غیر مستحکم نہیں کر سکتا۔ انڈیا بلاک این ڈی اے کو شکست دینے کے لیے پیدا ہواہے۔۔۔ کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ  ڈی کے شیوکمار

کانگریس کو غیر مستحکم کرنے کے لئے جب اندر والے ہیں کافی ہیں تو کسی اور کی ضرورت کیا ہے شیو کمار جی! اور جہاں تک انڈیا بلاک کی بات ہے تو وہ ہے کدھر؟

 

٭وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ ہندوستان ملک کے نوجوانوں کے خوابوں کو پورا کرے گا۔۔۔ یو این آئی اردو

صاحب! آپ کی بات سر آنکھوں پر لیکن کب؟!

میں نے دیکھا ہے بہاروں میں چمن کو جلتے

ہے کوئی خواب کی تعبیر بتانے والا

 

٭ امریکی انٹیلیجنس رپورٹ کے مطابق غزہ میں فضائی اور زمینی آپریشن اور بڑے پیمانے پر تباہی کے باوجود اسرائیل حماس کو تباہ کرنےکا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے ۔ وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق امریکی خفیہ اداروں نے تصدیق کی ہےکہ حماس کے پاس اب بھی مہینوں تک لڑائی جاری رکھنےکے لیے گولہ بارود موجود ہے اور وہ اب بھی غزہ میں لڑائی کے ساتھ اسرائیل میں راکٹ برسا سکتے ہیں۔۔۔ ترکیہ اردو

جسے اللہ رَکّھے اسے کَون چَکّھے

 

٭ ہم ہریانہ کی تمام 90 اسمبلی سیٹوں پر اکیلے الیکشن لڑیں گے۔ لوک سبھا کے بارے میں، ہم نے اپنی پارٹی کی قومی قیادت کو اپنا موقف بتا دیا ہے کہ ہم مضبوط ہیں اور ہم آزادانہ طور پر بھی اور اتحاد میں بھی الیکشن لڑ سکتے ہیں، حتمی فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔۔۔ عآپ لیڈر سشیل گپتا کا کہنا ہے

لگتا ہےووٹ کٹوا بننے پر سمجھوتا ہوگیا ہے یا ہونے کا امکان ہے۔ سیاست میں جب ایسے بے یقینی کے بیان آتے ہیں تو سمجھ لینا چاہئے کہ بند کمروں میں بات شروع ہوچکی ہے۔

 

٭سعودی حکام کا کہنا ہے کہ وہ ریاض میں شراب کی ایک دوکان کھولنے کی تیاری کررہے ہیں، جہاں غیر مسلموں کے لیے شراب فروخت کی جائے گی۔ مملکت میں گزشتہ 70 سے بھی زائد برسوں میں یہ پہلی بار ہو رہا ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو

پہلے سنیما، پھر ناچ گانا اور اب شراب خانہ، یعنی

تمام انجمن وعظ ہو گئی برہم

لئے ہوئے کوئی یوں ساغر شراب آیا

You may also like

Leave a Comment