اسانغنی مشتاق رفیقی
٭ وزیر داخلہ دہلی پولیس اور ملک کی سلامتی کے ذمہ دار ہیں۔ وہ باہر میڈیا چینلز سے بات کر رہے ہیں، میڈیا کو بیان دے رہے ہیں۔ پارلیمانی نظام میں، ان کی اصولی جوابدہی، جب پارلیمنٹ کا اجلاس ہورہا ہو، پارلیمنٹ کے اسی ایوان میں ہوتی ہے جس کے وہ رکن ہیں۔ انہیں یہاں آنا چاہئے اور ارکان پارلیمنٹ سے بات کرنی چاہئے۔۔۔ کانگریس لیڈر ششی تھرور، لوک سبھا سیکورٹی کی ناکامی کو لے کر اپوزیشن کے احتجاج پر
تھرور جی! آپ بہت سیانے ہیں!! شاہ جی کو آپ اصولی جوابدہی کے لئے نہیں کچھ اور بات کے لئے پارلیمنٹ میں لانا چاہ رہے ہیں،بقول شاعر
بہت سی باتیں زباں سے کہی نہیں جاتیں
سوال کر کے اسے دیکھنا ضروری ہے
٭ سال 2014 کے بعد، وزیر اعظم مودی کی متحرک قیادت میں، خلائی شعبہ ایک سنگ میل عبور کر رہا ہے اور یہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ خلائی ٹیکنالوجی کو ‘آتمنر بھر بھارت’ کے تحت مقامی طور پر تیار کیا جا رہا ہے۔۔۔ یونین منسٹر آف اسٹیٹ ڈاکٹر ایل مرگن
اور 2014 سے ملک کے ہر شعبے میں سچائی ، حق گوئی اور خلوص کا جو خلا پیدا ہورہا ہے، کہیں وہی اس نام نہاد ترقی کی قیمت تو نہیں منتری جی!!؟
٭ أمريكا کے صدر جو بائیڈن کے اسٹاف نے وہائٹ ہاؤس کے باہر غزة میں جنگ بندی کے لئے احتجاجی مظاہرہ کیا اور امریکی صدر سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو جنگ بندی پر مجبور کریں اور غزہ کے معصوم عوام پر بمباری بند کرائیں ، فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ روکا جائے، انسانی امداد کو غزہ کے متاثرین تک پہنچایا جائے۔۔۔ ترکیہ اردو
اس سے ایک بات ثابت ہوتی ہے کہ عوام کہیں کی بھی، دنیا کےغریب ترین ملک برونڈی کی ہوں یا دنیا کے سب سے طاقتور ملک امریکہ کی وہ اپنے حکمرانوں کے خلاف سوائے احتجاجی مظاہرہ کے کچھ اور کر ہی نہیں سکتی!
٭ کرشنا جنم بھومی کیس میں مسلم فریق نے الہ آباد ہائی کورٹ کے اس حکم کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں متھرا میں کرشنا جنم بھومی مندر سے متصل شاہی عیدگاہ کے احاطے کے سروے کی اجازت دی گئی ہے۔۔۔ آئی اے این ایس
تین طلاق اور بابری مسجد کا انجام دیکھنے کے باوجود مسلم فریق کا عدالت عالیہ کا دروازہ کھٹکھٹانے کا فیصلہ قابل ستائش ہے، اور ویسے بھی ایک مجبور اقلیت اور کر بھی کیاسکتی ہے
وحشتیں، عشق اور مجبوری
کیا کسی خاص امتحان میں ہوں
٭ سابق مرکزی وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر مختار عباس نقوی نے کہا ہے کہ جاگیردارانہ انارکی کا جنون آئینی جمہوریت کے عزم کو یرغمال نہیں بنا سکتا۔۔۔ یو این آئی اردو
ممکن ہے ایسا ہی ہو! لیکن ہمیں کیوں ایسا لگتا ہے کہ سرمایہ دارانہ انارکی کا جنون آئینی جمہوریت کے عزم کو یرغمال بنا چکا ہے!!
٭ پوتن کو ناکامی ہوئی ہے، وہ یوکرین کو محکوم بنانے کی اپنی کوشش میں ناکام رہے ہیں۔ یوکرین کے بہادر لوگ ہر مرحلے پر پوتن کے ارادوں کے خلاف مزاحم ہوئے، امریکہ یوکرین اور اس کے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ یوکرین اس جنگ سے فخریہ، آزاد اورمغرب میں مضبوطی سے قائم ملک کی حیثیت سے ابھرے گا۔۔۔ امریکی صدر بائیڈن
اسے یوں بھی پڑھا جا سکتا ہے:
نتن یاہو کو ناکامی ہوئی ہے، وہ فلسطین کو محکوم بنانے کی اپنی کوشش میں ناکام رہے ہیں۔ فلسطین کے بہادر لوگ ہر مرحلے پر نتن یاہو کے ارادوں کے خلاف مزاحم ہوئے، خدا فلسطین اور اس کے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ فلسطین اس جنگ سے فخریہ، آزاد اورمشرق وسطیٰ میں مضبوطی سے قائم ملک کی حیثیت سے ابھرے گا۔
٭سابق وزیر اعلیٰ اور مدھیہ پردیش یونٹ کانگریس کے صدر کمل ناتھ کے دفترسے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کا فیس بک اکاؤنٹ کچھ نامعلوم افراد نے ہیک کر لیا ہے۔۔۔ آئی اے این ایس
بیچارے کمل ناتھ! پہلے صاحب نے ان کے ‘ہاتھ’ سے ‘کمل’ کھلا کر ان کا سیاسی کیریئیر اچک لیا اور اب کسی نے ان کے ‘کتاب چہرہ’ کا کھاتہ ہیک کرلیا۔ مرے کو مارنااسی کو کہتے ہیں شاید۔
٭اُ ترپردیش کے بداون ضلع میں دو صوبائی طبی خدمات سے وابسطہ ڈاکٹروں کو ایک خاتون کی لاش کی آنکھیں غائب ہونے کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے۔۔۔ آئی اے این ایس
جہاں زندہ انسان سالم غائب کردئے جاتے ہیں اور کسی کو پتہ بھی نہیں چلتا، وہاں کسی لاش کی آنکھیں غائب کرنا کیسے خبر بن گیا۔ کہیں دال میں کچھ کالا تو نہیں!!
٭ امریکی صدر جو بائیڈن نے بھارت کا اہم ترین دورہ منسوخ کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن اگلے ماہ بھارت کے دورے پر نہیں آرہے ہیں۔ وہ 26 جنوری کو یوم جمہوریہ تقریبات میں مہمان خصوصی کے طورپر شرکت کرنے والے تھے۔۔۔ اردو ڈی ڈبلیو
افسوس! جو بائیڈن نے ایک اچھا موقع ہاتھ سے گنوا دیا۔ اگر وہ دورہ منسوخ نہ کرتے تو صاحب انہیں ” اگلی بار بائیڈن سرکار” کا انتخابی نعرہ دے کر بھیجتے جس کے بل پر انہیں اگلا انتخاب جیتنا آسان ہوجاتاَ۔
٭کانگریس کے یوم تاسیس پر 28 دسمبر کو ناگپور میں ایک زبردست ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔ پارٹی صدر ملکارجن کھرگے، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی، پارٹی کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی، جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا اور دیگر رہنما۔ اس میں شرکت کریں گے۔ اس ریلی میں 10 لاکھ لوگ شرکت کریں گے۔۔۔ کانگریس ایم پی کے سی وینوگوپال
مہاراشٹرا جیتنے کی کانگریس کی جانب سے پہلی عقلمندانہ پہل اور اس کے لئے ناگپور کا انتخاب، ایک شاطرانہ چال! اگر کانگریس سمجھ بوجھ کے ساتھ یہ چال چل گئی تو اس کی جیت یقینی ہے۔
٭ اتر پردیش کے باندہ ضلع میں ایک خاتون جج نے اپنے کیریئر میں "بدسلوکی” اور "ہراساں کیے جانے” کے بعد چیف جسٹس آف انڈیا سے اپنی زندگی ختم کرنے کی اجازت طلب کی ہے۔۔۔ آئی اے این ایس
جس عہد میں منصف بھی انصاف کو ترسے
اس عہد کے سلطان سے کچھ بھول ہوئی ہے
٭ ترکی نہ صرف روس کا دوست ہے بلکہ یہ یوکرین کی حمایت بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ ترکی کئی معاملات میں ان دونوں ملکوں کے مابین ثالثی کا کردار بھی ادا کر رہا ہے اور اسے ترکی کی سفارتی کامیابی قرار دیا جاتا ہے۔۔۔ اردو ڈی ڈبلیو
ممکن ہے یورپ کا مرد بیمار سیاسی طور پر تندرست ہوگیا ہو۔ لیکن عالمی سطح پر اس کی دو کشتیوں پر بیک وقت سفرکرنے کی کوشش کا انجام کیا ہوگا اس پر ابھی کچھ کہنا مشکل ہے۔